مئی 2023 میں منی پور میں شروع ہونے والے نسلی تشدد کو تین برس گزر چکے ہیں مگر حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس پورے تنازع کی وجوہات، اس کے ذمہ داروں کی نشان دہی اور تشدد کے دوران پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی اب تک اپنی تحقیقات مکمل نہیں کرسکی ہے۔ مرکزی وزارتِ داخلہ نے ساتویں مرتبہ کمیٹی کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے اسے مئی 2027 تک بڑھا دیا ہے اور جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ تین برس گزرنے کے باوجود تحقیقاتی کمیٹی اپنی جانچ مکمل کیوں نہیں کرسکی اور بار بار اس کی مدت میں توسیع کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟ یہ محض ایک انتظامی سوال نہیں بلکہ حکومت کی ترجیحات، جواب دہی اور منی پور میں امن کی بحالی کے لیے اس کے عزم سے بھی جڑا ہوا ہے۔
دوسری طرف کوکی اور ناگا برادریوں کے درمیان جھڑپوں میں اضافے اور میتئی و ناگا برادریوں کے درمیان بڑھتی قربت نے نسلی خلیج کم کرنے کے بجائے نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ میتی اور ناگا برادریوں کے درمیان بڑھتے ہوئے اشتراک اور کوکی-زو برادری کے خلاف مشترکہ سیاسی صف بندی نے ریاست کے مستقبل اور اس کے سماجی تانے بانے کے حوالے سے نئے خدشات پیدا کر دیے ہیں۔ یوں منی پور کا بحران اب محض دو برادریوں کے درمیان تصادم تک محدود نہیں رہا بلکہ اس نے ریاست کو ایک پیچیدہ سیاسی اور سماجی تقسیم کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ منی پور ایک ایسی ریاست ہے جہاں متعدد نسلی، لسانی، مذہبی اور ثقافتی شناختیں موجود ہیں۔ ان شناختوں کے درمیان تعلقات ہمیشہ یکساں اور ہموار نہیں رہے بلکہ تاریخ کے مختلف ادوار میں پیچیدگی، باہمی بداعتمادی اور کشیدگی کا شکار ہوتے رہے ہیں۔ اگرچہ میتی اور کوکی-زو ریاست کی دو بڑی برادریاں ہیں اور ان کے سیاسی مطالبات، خواہشات اور مستقبل کے تصورات ایک دوسرے سے متصادم ہیں، تاہم ناگا برادری اور پنگل مسلمانوں کی موجودگی منی پور کے سماجی و سیاسی منظر نامے کو مزید پیچیدہ بناتی ہے۔
تقریباً تین دہائی قبل 1993 میں میتئی اور پنگل مسلمانوں کے درمیان ہونے والے تشدد نے ریاست کے سماجی تانے بانے کو شدید نقصان پہنچایا تھا جس میں بڑی تعداد میں مسلمان ہلاک ہوئے تھے۔ دوسری طرف وادی میں آباد میتی برادری ایک عرصے سے درج فہرست قبائل (شیڈول ٹرائب) کا درجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں آباد ناگا اور کوکی-زو برادریاں اپنی جداگانہ نسلی شناخت، سیاسی خود مختاری اور بعض صورتوں میں علیحدہ انتظامی یا ریاستی حیثیت کے مطالبات کرتی رہی ہیں۔ ان برادریوں سے وابستہ مختلف مسلح تنظیمیں بھی طویل عرصے تک ایک دوسرے کے خلاف سرگرم رہی ہیں۔
اس کے باوجود ماضی میں مرکزی اور ریاستی حکومتیں مختلف معاہدوں، مذاکرات اور جنگ بندی کے انتظامات کے ذریعے مسلح تصادم روکنے اور امن قائم کرنے کی کوششیں کرتی رہی ہیں۔ لیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ مذاکرات اور جنگ بندی کے متعدد تجربات کے باوجود مئی 2023 کے بعد منی پور میں امن بحال کیوں نہیں ہوسکا؟ مختلف برادریوں کے درمیان سیاسی اختلافات کو پُر امن طریقے سے حل کرنے کے لیے ماضی میں جو راستے اختیار کیے گئے تھے وہ آج مؤثر کیوں ثابت نہیں ہو رہے ہیں؟ کیا اس کی وجہ تنازع کی نوعیت میں آنے والی تبدیلی ہے، برادریوں کے درمیان بڑھتی ہوئی بد اعتمادی ہے یا مرکزی حکومت کی پالیسی اور عملی اقدامات میں کوئی بنیادی کمزوری ہے؟ سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کیا مرکزی حکومت واقعی تمام برادریوں کے تحفظات کو یکساں اہمیت دیتے ہوئے ایک جامع اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے؟
31 اکتوبر کو امپھال وادی میں منی پور کی اکثریتی برادری میتی اور ایک اہم قبائلی برادری ناگا کی نمائندگی کرنے والی دو تنظیموں نے مشترکہ طور پر ایک مارچ کا اہتمام کیا۔ منی پور کی حالیہ تاریخ میں اسے ایک غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا سکتا ہے، کیونکہ ماضی میں میتئی اور ناگا برادریوں کے درمیان تعلقات کشیدہ رہے ہیں اور ان کے سیاسی مطالبات بھی ایک دوسرے سے متصادم رہے ہیں۔ ناگا برادری بھی میتی کو درج فہرست قبائل (شیڈول ٹرائب) کا درجہ دیے جانے کے مطالبے کی مخالفت کرتی رہی ہے۔ تاہم، ماضی کی تلخیوں اور اختلافات کے باوجود دونوں برادریوں کی تنظیموں نے اس مرتبہ مشترکہ مارچ کیا اور کوکی عسکریت پسند گروپوں کے ساتھ کیے گئے جنگ بندی معاہدے کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس طرح دونوں برادریوں کے درمیان ایک نئی سیاسی اور سماجی صف بندی کا منظرنامہ سامنے آیا ہے۔
تاریخی طور پر میتی اور ناگا برادریوں کے درمیان سیاسی مطالبات، علاقائی خود مختاری اور ناگا وطن کے تصور کو لے کر گہرے اختلافات رہے ہیں۔ اس پس منظر میں یونائیٹڈ ناگا کونسل کے سربراہ این جی لورہو کا یہ بیان خاص اہمیت رکھتا ہے: ’’اس حمایت کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارے درمیان موجود تمام دیگر مسائل حل ہوگئے ہیں لیکن اس وقت ہم ایک ساتھ اس لیے آئے ہیں کہ ہمارے مفادات اور ایجنڈا مشترک ہیں۔‘‘ دوسری طرف کوکی برادری کے بعض حلقے اور تنظیمیں اس نئی صف بندی کو اپنے لیے تشویش ناک قرار دے رہی ہیں اور اسے کوکی برادری کے لیے ایک ’’ڈراؤنے خواب‘‘ سے تعبیر کر رہی ہیں۔
بلاشبہ، گزشتہ برسوں کے مقابلے میں منی پور کے حالات میں کسی حد تک بہتری آئی ہے، لیکن اسے امن کی بحالی قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ اب بھی تقریباً ۶۰ ہزار افراد راحت کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران امپھال وادی اور پہاڑی علاقوں کے درمیان معمول کی آمد و رفت مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے۔ مزید یہ کہ ناگا اور کوکی برادریوں کے درمیان تشدد اور جھڑپوں کے واقعات نے پہاڑی علاقوں میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کی فضا پیدا کردی ہے۔
بار بار کی ہڑتالوں، قومی شاہراہوں کی ناکہ بندی، انٹرنیٹ کی بندش اور پہاڑی علاقوں و وادی کے درمیان قائم فوجی بفر زونز نے مقامی تجارت، زراعت، ہتھ کرگھا و دستکاری کی صنعتوں اور چھوٹے کاروباروں کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ قومی شاہراہوں پر آمد و رفت معطل ہونے سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا، جب کہ کسان اور کاریگر منڈیوں سے کٹ کر رہ گئے۔ ۳۰۰ سے زائد اموات اور دسیوں ہزار شہریوں کی طویل عرصے تک راحت کیمپوں میں پناہ گزینی نے عوامی صحت کے نظام پر بوجھ بڑھایا، دیہی معیشت کو کھوکھلا کردیا اور نوجوانوں کی ایک پوری نسل کی اسکولی اور اعلیٰ تعلیم کو شدید متاثر کیا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ توجہ ہے کہ مئی ۲۰۲۳ میں جب میتئی اور کوکی-زو برادریوں کے درمیان تشدد شروع ہوا تھا، اس وقت ناگا برادری، جو ریاست کی آبادی کا تقریباً بیس فیصد ہے، بڑی حد تک خود کو اس تصادم سے الگ رکھے ہوئے تھی۔ تاہم، رواں سال کے آغاز میں دونوں برادریوں کے درمیان تصادم اور ہلاکتوں کے واقعات کے بعد ایک دوسرے کے خلاف شدید ناراضگی پیدا ہوئی۔ اس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں کوکی اور ناگا برادریوں کے افراد کے لیے ایک دوسرے کے علاقوں میں آمد و رفت مشکل ہوگئی ہے۔
منی پور میں مقیم صحافی امر یمنام نے انگریزی ویب سائٹ ’’امپھال ٹائمز‘‘ میں شائع ہونے والے اپنے تازہ مضمون October 31 in Manipur’s History: Globally Significant میں معاشی اور ترقیاتی امور کے ماہر جیفری سیکس کے یورپی پارلیمنٹ میں دیے گئے خطابات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ کسی بھی ایسے ملک کا تکبر جو خود کو طاقت ور سمجھتا ہو نہ صرف اس کی اپنی تہذیب کے زوال کا سبب بن سکتا ہے بلکہ اس کے نتیجے میں پوری دنیا میں افراتفری بھی پھیل سکتی ہے۔ تاریخ میں ایتھنز سے لے کر برطانیہ تک اس کی مثالیں موجود ہیں۔ برطانیہ نے خود کو ایک عظیم سلطنت تصور کیا اور اسی غرور کے ساتھ دنیا کے ساتھ برتاؤ کیا۔ بالآخر برطانوی سلطنت خود بھی زوال پذیر ہوگئی اور بدقسمتی سے اس کے ساتھ پوری دنیا کو عالمی جنگوں کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
یمنام نے سرحدی تنازع سے نمٹنے کے لیے نئی دہلی کی حکمتِ عملی پر سخت تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سیاسی ہمدردی کے بغیر محض طاقت کے بل پر بالادستی قائم کرنے کی کوشش پورے نظام کی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔ ان کے مطابق، دہلی مختلف گروہوں اور نسلی و قبائلی برادریوں کے ساتھ ہمدردی سے پیش آنے کے بجائے طاقت کے بل پر امن قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ تین برس گزر جانے کے باوجود ریاست میں امن بحال نہیں ہوسکا ہے۔
اسی طرح ایک اور دانشور اور ممتاز ماہرِ معاشیات دیرون عجم اوغلو کی کتاب What Happened to Liberal Democracy: Remaking a Politics of Shared Prosperity کا حوالہ دیتے ہوئے یمنام کہتے ہیں کہ امن کو محض ’’تکنیکی ٹوٹکوں‘‘ یا سماجی انجینئرنگ کے ذریعے مسلط نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے برعکس، تمام مقامی برادریوں کے درمیان مشترکہ خوشحالی، محنت کش طبقے کی یکجہتی اور حقیقی عوامی مشاورت پر مبنی ایک جامع تحریک ہی ۲۰۲۷ کے انتخابات سے قبل جمہوری احیا کی اصل بنیاد فراہم کر سکتی ہے۔
امر یمنام منی پور کی موجودہ صورتِ حال پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’’پراکسی وار‘‘ (Proxy War) کی منصوبہ بندی اور اس کے مقاصد کا تجربہ لوگ گزشتہ چار برسوں سے کررہے ہیں۔ میں اسے ’’اندرونِ ملک کھیلی جانے والی ہندوستانی جغرافیائی سیاست‘‘ (Indian Geopolitics) قرار دیتا رہا ہوں، یعنی ایسی جغرافیائی سیاست جو مختلف ممالک کے درمیان نہیں بلکہ خود ایک ملک کے اندر کھیلی جارہی ہے۔ وہ مزید لکھتے ہیں کہ میرے ایک پرانے دوست اور سینئر صحافی یمبیم لابا نے اپنی فیس بک پوسٹ میں
ہمیں یاد دلایا کہ کس طرح ہماری ماؤں نے اپنے کپڑے اتار کر اور سکیورٹی اہلکاروں کو یہ چیلنج دے کر کہ اگر ہمت ہے تو ان کے ساتھ زیادتی کرکے دکھائیں، آسام رائفلز کو وہاں سے ہٹانے پر مجبور کردیا تھا۔ ان کا اشارہ اس تاریخی احتجاج کی طرف تھا، جب خواتین نے امپھال میں آسام رائفلز کے خلاف برہنہ ہوکر احتجاج کیا تھا۔ وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے حکم کی سیاہی ابھی خشک بھی نہیں ہوئی تھی کہ آسام رائفلز کو کانگلا سے ہٹا دیا گیا تھا۔ لیکن ڈاکٹر منموہن سنگھ جیسی حساسیت اور فہم و فراست، جو ان کی تعلیم یافتہ شخصیت کا حصہ تھی، موجودہ وزیر اعظم سے توقع نہیں کی جاسکتی۔ امر یمنام 31 اکتوبر کی ریلی کو منی پور کے جاری خلفشار میں ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ امن اور تمام مقامی برادریوں کی مشترکہ خوشحالی کے لیے نکالی گئی یہ غیر معمولی اور ہمہ گیر ریلی قابلِ احترام ہے اور مرکزی اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو اسے قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔
تاہم، بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا میتی اور ناگا برادریوں کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت اور منی پور میں این آر سی (نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس) کے ممکنہ نفاذ سے واقعی امن قائم ہوسکتا ہے؟ کیا ناگا برادری نے منی پور کے علاوہ آسام، ہماچل پردیش، میگھالیہ اور دیگر علاقوں میں آباد ناگا قبائل کو یکجا کرکے ایک علیحدہ ناگا ریاست کے قیام کے اپنے دیرینہ مطالبے سے دست برداری اختیار کرلی ہے؟ یہ سوال اس لیے اہم ہے کہ سیاسی حکمتِ عملی کے تحت میتی تنظیموں نے ناگا برادری کے ساتھ اشتراکِ عمل تو قائم کرلیا ہے لیکن ناگا برادری کے اندر بھی اس مسئلے پر مکمل اتفاقِ رائے نہیں ہے۔ اگرچہ ناگا تنظیموں کا ایک حلقہ یہ تاثر دے رہا ہے کہ وہ اپنے سابقہ مطالبے سے دست بردار ہوچکا ہے، تاہم ناگا برادری کا ایک بڑا طبقہ اب بھی اپنے دیرینہ سیاسی مطالبات پر قائم ہے۔ ایسے میں میتی اور ناگا تنظیموں کی موجودہ قربت کو مستقل سیاسی مفاہمت سمجھ لینا قبل از وقت ہوگا۔
اسی طرح کوکی-زو برادری کو منی پور کا مقامی باشندہ تسلیم نہ کرنے یا اس کی تاریخی وابستگی پر سوال اٹھانے کی کوششیں بھی حالات کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہیں۔ میانمار سے آنے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقیناً ضروری ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ جب بنگلہ دیش سے متصل سرحد پر دراندازی کے معاملے کو سیاسی بحث کا موضوع بنایا جاتا ہے تو میانمار سے آنے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کی روک تھام کے لیے بھی اسی سنجیدگی اور مؤثر حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیوں نہیں کیا جاتا؟ کسی مخصوص نسلی برادری کو اجتماعی طور پر غیر ملکی یا درانداز قرار دینا نہ صرف اس کے شہری حقوق اور شناخت سے متعلق سنگین سوالات پیدا کرتا ہے بلکہ پہلے سے کشیدہ صورتِ حال کو مزید خراب بھی کرسکتا ہے۔
منی پور میں امن کے قیام کے لیے سابق مرکزی داخلہ سکریٹری جی کے پلئی کی رائے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ ان کے مطابق، ’’اگر آپ کسی معاشرے میں امن چاہتے ہیں تو وہاں عام شہریوں کے پاس ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔‘‘ پلئی نے ریاست میں غیر قانونی ہتھیاروں کی آمد روکنے اور عام شہریوں سے ہتھیار واپس لینے میں ناکامی پر مرکزی اور ریاستی بی جے پی حکومتوں کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی پولیس اور مسلح فورسز کو گھر گھر جاکر یہ یقینی بنانا چاہیے کہ عام شہریوں کے پاس ہتھیار موجود نہ ہوں، کیونکہ امن و امان کی بحالی کے لیے یہ بنیادی شرط ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایسا کرنے میں ناکام رہ کر بی جے پی حکومتوں نے ریاست کے تئیں اپنی بنیادی ذمہ داری ادا نہیں کی۔ پلئی کے الفاظ میں، ’’اگر آپ ایک ریاست کی حیثیت سے امن و امان برقرار نہیں رکھ سکتے تو آپ کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔‘‘ ان کے مطابق، حکومتیں نہ تو قانون نافذ کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں اور نہ ہی کسی سیاسی حل کی جانب پیش رفت کرسکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ تو سیاسی حل تلاش کررہی ہے اور نہ ہی تشدد پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے بقول، تمام غیر قانونی مسلح گروہوں اور ملیشیاؤں کو حالات پر قابو پانے کے بجائے کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ مرکزی حکومت کا رویہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اسے اس بات کی کوئی پروا نہیں کہ کوکی، ناگا اور میتئی برادریوں کے لوگ ایک دوسرے کو قتل کرتے رہیں۔
جی کے پلئی کے یہ تبصرے منی پور کے بحران کے ایک بنیادی پہلو کی طرف توجہ دلاتے ہیں: کسی بھی ریاست میں امن محض فوجی تعیناتی، سکیورٹی آپریشن یا سیاسی اتحاد کے ذریعے قائم نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے لیے غیر قانونی ہتھیاروں کا خاتمہ، قانون کی یکساں عمل داری، تمام برادریوں کے تحفظات کو سنجیدگی سے سننا اور ایک قابلِ اعتماد سیاسی حل تلاش کرنا ضروری ہے۔
منی پور کا بحران اب صرف میتئی اور کوکی-زو برادریوں کے درمیان تصادم کا معاملہ نہیں رہا۔ ناگا برادری کی نئی سیاسی صف بندی، پنگل مسلمانوں کی تاریخی حیثیت، مسلح گروہوں کی سرگرمیوں اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں نے اسے کہیں زیادہ پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ایسے میں اصل ضرورت کسی ایک برادری کی سیاسی بالادستی قائم کرنے یا دوسری برادری کو کمزور کرنے کی نہیں بلکہ ایک ایسے سیاسی اور سماجی معاہدے کی ہے جس میں منی پور کی تمام مقامی برادریوں کو مساوی تحفظ، شناخت، وقار اور ترقی کے مواقع حاصل ہوں۔ سوال یہ ہے کہ کیا مرکزی حکومت اس سمت میں سنجیدہ سیاسی پہل کرنے کے لیے تیار ہے یا منی پور ایک نئی نسلی صف بندی اور طویل عدم استحکام کی طرف بڑھتا رہے گا؟