بچوں کی صحت، ذہنی نشوونما اور قوتِ تولید بھی خطرے میں۔غریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر، ملک میں معاشی عدم مساوات بڑھنے کا خدشہ
موسمِ سرما آتے ہی شمالی ہند میں ہوا کا مزاج بگڑنے لگتا ہے۔ درجہ حرارت میں کمی کے باعث ہوائیں ساکن ہو جاتی ہیں اور زہریلا دھواں زمین کے قریب جمع ہونے لگتا ہے جس سے دہلی اور اس کے اطراف کے میدانی علاقوں میں دم گھونٹنے والی دھند چھا جاتی ہے اور لوگوں کو سانس لینے میں دشواری پیش آتی ہے۔ آج آلودگی ایک بھیانک مصیبت کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ اسے قابو میں کرنے کے تمام تر اقدامات کے باوجود صورتِ حال میں خاطر خواہ بہتری نہیں آ سکی، جس کے باعث شہری زہریلی ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔
دارالحکومت دہلی میں آلودگی کی صورتِ حال اس قدر تشویش ناک ہو چکی ہے کہ چند سال قبل ایک امریکی صحافی نے بھارت کو خیرباد کہتے ہوئے اپنے الوداعی پیغام میں لکھا تھا کہ وہ دہلی اس لیے چھوڑ کر جا رہا ہے کہ امریکی سفارت خانے میں آلودگی کی پیمائش کرنے والی مشین بتا رہی ہے کہ یہاں اس کے بچے کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔ ابتدا میں حکومت نے اس اطلاع کو غلط قرار دیا لیکن بعد میں تسلیم کیا کہ آلودگی کا مسئلہ واقعی تشویش ناک ہے۔
دیوالی پر پٹاخے جلانا پہلے سے موجود آلودگی میں مزید اضافہ کر دیتا ہے، جس سے صورتِ حال اور بھی سنگین ہو جاتی ہے۔ دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح مقررہ معیار سے کہیں زیادہ ہو جاتی ہے اور ہوا میں پی ایم 2.5 (PM2.5) کے باریک ذرات کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ اس سے نہ صرف بچوں میں کم عمری ہی میں دمے کا خطرہ بڑھتا ہے بلکہ حاملہ خواتین کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔ آلودگی کے باعث قبل از وقت پیدائش اور کم وزن بچوں کی پیدائش کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ پی ایم 2.5 کے انتہائی باریک ذرات بزرگوں کی صحت کے لیے بھی سنگین مسائل پیدا کرتے ہیں۔ ان کے اثرات سے پھیپھڑوں میں جکڑن، سانس لینے میں دشواری اور دماغ میں سوزش جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
کلین ایئر فنڈ (Clean Air Fund) کی 2026ء کی رپورٹ میں 2024ء کے تازہ ترین اعداد و شمار کی بنیاد پر فضائی آلودگی سے ہونے والے معاشی نقصانات اور صاف ہوا کے ممکنہ معاشی فوائد کا تخمینہ پیش کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 2024ء میں فضائی آلودگی کی وجہ سے بھارتی معیشت کو 260 ارب ڈالر کا نقصان ہوا جو ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا تقریباً 6 فیصد ہے۔ اگر فضائی آلودگی میں صرف 20 فیصد کمی کر لی جائے تو ملک سالانہ 85 ارب ڈالر بچا سکتا ہے، جو بھارت کے دفاعی اخراجات کے برابر ہے۔
شمالی ہند میں جان لیوا فضائی آلودگی کی صورتِ حال انتہائی تشویش ناک ہو چکی ہے۔ تمام احتیاطی تدابیر اور قواعد و ضوابط نافذ کرنے کے باوجود سردیوں میں اس پورے خطے میں سانس لینا دشوار ہو جاتا ہے۔ اس کی بڑی وجوہات میں گنجان آبادی، سڑکوں پر گاڑیوں کی غیر معمولی تعداد، ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں سے ہونے والا زائد اخراج اور تعمیراتی سرگرمیوں کے نتیجے میں سڑکوں پر اڑنے والی دھول شامل ہیں۔ رہی سہی کسر فصلوں کی باقیات، خصوصاً پرالی جلانے سے پوری ہو جاتی ہے۔ دیوالی کے موقع پر آتش بازی بھی فضائی آلودگی میں اضافہ کرتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ملک کی معیشت کو فضائی آلودگی سے پہنچنے والے نقصانات سے بچانے کے لیے سنجیدگی سے غور و فکر کرے۔
کلین ایئر فنڈ اور سی آئی آئی (CII) کی رپورٹ کے مطابق، فضائی آلودگی کمپنیوں کی بیلنس شیٹ کو چار بنیادی طریقوں سے متاثر کرتی ہے۔
 اول: قبل از وقت اموات اور کام کے دنوں کا نقصان
فضائی آلودگی کے باعث قبل از وقت اموات سے سالانہ تقریباً 45 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ہر سال تقریباً 3.8 ارب کام کے دن ضائع ہوتے ہیں۔
دوم: ملازمین کی کام کرنے کی صلاحیت میں کمی
کام کے دوران آلودگی کے اثرات سے ملازمین کی جسمانی اور ذہنی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے۔ اس کے نتیجے میں تقریباً 24 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔ زیادہ آلودگی والے دنوں میں ملازمین کی کام کرنے کی صلاحیت 8 سے 10 فیصد تک کم ہو جاتی ہے۔
سوم: صارفین کے اخراجات میں کمی
زہریلی ہوا کے باعث صارفین گھروں سے کم نکلتے ہیں جس کے نتیجے میں تقریباً 22 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے اور مجموعی صارف خرچ میں 1.3 فیصد کمی آتی ہے۔ اس نقصان کا تقریباً 50 فیصد حصہ کپڑا سازی کی صنعت اور ہوٹلنگ کے شعبے کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔
چہارم: بیماریوں اور غیر حاضری کے باعث معاشی نقصان
لوگ آلودگی سے بچنے کے لیے چھٹیاں لے کر گھروں میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں تقریباً 16 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔ خود بیمار پڑنے یا بیمار بچوں اور بزرگوں کی دیکھ بھال کے لیے بھی ملازمین کو چھٹیاں لینی پڑتی ہیں، جس سے تقریباً 1.3 ارب کام کے دن ضائع ہوتے ہیں۔
خاص طور پر آئی ٹی اور کارپوریٹ شعبوں کو سالانہ تقریباً 13 ارب ڈالر، یعنی اس شعبے کی جی ڈی پی کے 0.7 فیصد کے برابر نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ شدید آلودگی والے دنوں میں دفاتر میں ملازمین کی حاضری میں 10 فیصد تک کمی آ جاتی ہے۔ آلودہ شہروں میں واقع 28 فیصد کمپنیوں کو نئے ملازمین بھرتی کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جب کہ 12 فیصد کمپنیوں میں ملازمین کے ملازمت چھوڑنے کی شرح بڑھ جاتی ہے۔
دہلی میں واقع ایک آئی ٹی کمپنی، منیلا جیسے شہروں میں کام کرنے والی کمپنیوں کے مقابلے میں اپنی 33 فیصد مسابقتی برتری کھو دیتی ہے۔ ملازمین کی غیر حاضری سے ہونے والے مجموعی نقصان کا 98 فیصد حصہ شمالی اور شمال مشرقی ہند سے متعلق بتایا گیا ہے۔ یہ نقصان متعلقہ شہر کی جی ڈی پی کے 5.8 فیصد کے برابر ہے۔
سیاحت کا شعبہ بھی فضائی آلودگی سے بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں کمی کے باعث سیاحتی صنعت کو تقریباً 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔ حدِ نگاہ متاثر ہونے کی وجہ سے تقریباً 13 فیصد پروازیں منسوخ کرنی پڑتی ہیں یا ان میں تاخیر ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ مال برداری اور سامان کی ترسیل کا نظام بھی متاثر ہوتا ہے۔
تمام معتبر تحقیقی اداروں نے انسانی صحت پر فضائی آلودگی کے مضر اثرات کی نشان دہی کی ہے۔ ان اداروں میں عالمی ادارہ صحت (WHO) آئی آئی ٹی دہلی، یونیورسٹی آف لندن، امپیریل کالج لندن، کنگز کالج لندن اور سعودی عرب کے کنگ خالد ہاسپٹل و تحقیقی ادارے شامل ہیں۔ ان کے علاوہ درجنوں تحقیقی اداروں نے بھی وقتاً فوقتاً اپنی تحقیقات میں آلودگی کے انسانی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کا جائزہ پیش کیا ہے، جن کا ذکر مذکورہ اقتباس میں بھی کیا گیا ہے۔
بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث بچوں میں سانس کی بیماریوں میں گزشتہ ایک دہائی کے مقابلے میں 47 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ہوا میں موجود باریک ذرات کم عمری ہی میں آنکھوں میں موتیا بند اور گلوکوما جیسی بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں۔ یہ آلودگی ہماری ذہنی صلاحیتوں کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ لوگوں کے پھیپھڑے آلودگی کے باعث متاثر ہو رہے ہیں، خون کی روانی میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے اور دل کے امراض زیادہ خطرناک ثابت ہو رہے ہیں۔ آلودہ فضا میں رہنے سے بچوں کے آئی کیو (IQ) اسکور میں کمی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی بچوں کی تعلیمی کارکردگی، غور و فکر کی صلاحیت اور طرزِ عمل پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔
فضائی آلودگی کے باعث ہر سال تقریباً 20 لاکھ افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق، دنیا بھر میں 93 فیصد بچے ایسی ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہیں جو ان کی صحت کے لیے مضر ہے۔ فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والی بیشتر صحت کی خرابیاں ایروسول (Aerosol) سے وابستہ ہوتی ہیں، جس میں ایسے باریک ذرات اور قطرے شامل ہوتے ہیں جو انسانی آنکھ سے مشکل ہی سے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ ذرات آب و ہوا، موسم اور انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔ طویل عرصے تک ان کے اثرات میں رہنے سے پھیپھڑوں، گلے اور دیگر اعضا کے کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ فالج سے ہونے والی تقریباً 40 فیصد اموات کا تعلق بھی فضائی آلودگی سے جوڑا جاتا ہے۔
سپریم کورٹ نے فضائی آلودگی کو ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے اس کا مستقل حل تلاش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ ہماری جی ڈی پی کی پیمائش کا موجودہ طریقہ کار بھی بعض اہم پہلوؤں کو نظر انداز کرتا ہے۔ اس میں فیکٹریوں اور گاڑیوں کی پیداوار کو معاشی ترقی کا حصہ تو شمار کیا جاتا ہے، لیکن آلودگی کے باعث صحت کو پہنچنے والے نقصانات اور بیماریوں کے علاج پر ہونے والے اخراجات کی مکمل عکاسی نہیں ہوتی۔ اس لیے صاف ہوا کوئی غیر ضروری سہولت نہیں بلکہ اسے ملک کے بنیادی معاشی ڈھانچے کا ایک اہم حصہ تسلیم کیا جانا چاہیے۔
عام ملازمین کے لیے بڑھتے ہوئے طبی اخراجات کے بل اور کم ہوتی توانائی کسی پوشیدہ تنخواہی کٹوتی کی طرح ہیں۔ آلودہ اور زہریلی ہوا نوجوان آبادی کے فوائد کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے۔ نوجوان تبھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں جب وہ صحت مند ہوں۔ اس کے علاوہ آلودگی غربا و امرا پر مختلف طریقوں سے اثر انداز ہو رہی ہے، جس سے ملک میں عدم مساوات بڑھ رہی ہے۔ بڑے شہروں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز لوگ ایئر پیوریفائر والے دفاتر اور بند کاروں میں خود کو محفوظ کر لیتے ہیں، لیکن تعمیراتی مزدوروں، ٹریفک پولیس اہلکاروں، ڈیلیوری بوائز یا گِگ ورکرز کے پاس ایسا کوئی متبادل نہیں ہوتا۔
ہمارے ملک میں سرمایہ کاری سے لوگ خوف کھاتے ہیں، کیوں کہ بڑی کمپنیاں ملک میں اپنے دفاتر یا ریسرچ سنٹر کھولنے سے قبل ماحولیاتی حالات پر بھی غور کرتی ہیں۔ اگر سال کے کئی ماہ ہوا اتنی زہریلی ہو کہ سانس لینا مشکل ہو جائے تو وائٹ کالر ملازمتیں موجود ہونے کے باوجود ہنرمند پیشہ ور افراد یہاں آنے سے کتراتے ہیں۔ جب تک ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو گی ملک ہرگز ترقی نہیں کرے گا۔ آج ہمارے ملک سے لاکھوں پتی دوسرے ممالک میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے اپنا ملک تک چھوڑ دیتے ہیں اور ایسے ممالک کی طرف نکل جاتے ہیں جہاں آلودگی کم ہوتی ہے۔
ملک کے ضابطہ سازوں کو تیز تر معاشی نمو کو فروغ دیتے ہوئے اس بات پر بھی غور کرنا ہو گا کہ فضائی آلودگی کس طرح ہماری معیشت کی رفتار سست کر رہی ہے۔ خطرناک آلودگی پر قابو پائے بغیر ہمہ جہت ترقی کو عملی شکل دینا ممکن نہیں ہے۔
کئی مطالعات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ آلودگی کی وجہ سے غریب طبقے کی زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ یہ لوگ آلودگی کے باعث اپنے کام پر نہیں جا پاتے، جن میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ کام پر نہ جانے کی وجہ سے وہ مزدوری سے محروم رہ جاتے ہیں اور اگر بیمار پڑ جائیں تو علاج و معالجے کے اخراجات کا بوجھ بھی اٹھانا پڑتا ہے۔ اس طرح یہ لوگ مزید غربت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ، جن شہروں میں آلودگی زیادہ ہوتی ہے، وہاں جائیداد کی قیمتیں بھی کم ہو جاتی ہیں۔
ایک دوسرے مطالعے سے واضح ہوا ہے کہ بڑھتی ہوئی آلودگی سے قوتِ تولید بھی متاثر ہو رہی ہے۔ جولائی 2024ء میں انوائرمنٹ انٹرنیشنل (Environment International) میں شائع ہونے والے ایک مطالعے میں بھارت کے شہر دہلی سمیت کم اور متوسط آمدنی والے ممالک کی 164,593 خواتین کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا۔ ٹونگ اور ان کے معاونین نے اندازہ لگایا کہ 118 ممالک میں پی ایم 2.5 کی مقررہ حد سے زیادہ آلودگی کا مسلسل سامنا کرنے کے نتیجے میں تقریباً 6.6 لاکھ جوڑوں کو بانجھ پن کے خطرے کا سامنا ہو سکتا ہے۔
آئی سی ایم آر اور قومی ماحولیاتی صحت تحقیقی ادارے، بھوپال سے وابستہ روشنی کماری، پرسن کورو اور دیگر محققین کے 2024ء کے تجزیے میں بھی باریک ذرات کے باعث آکسیڈیٹیو تناؤ، ڈی این اے کو نقصان اور ہارمونز سے متعلق تبدیلیوں کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، این سی آر کے 657 مردوں پر 2020ء میں کیے گئے ایک مطالعے میں محققین شویتا گپتا اور ان کے ساتھیوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس موضوع پر طویل مدتی اور ذاتی سطح پر آلودگی کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے۔ ان کے مطابق، عمر، طرزِ زندگی، سگریٹ نوشی، موٹاپا اور دیگر طبی مسائل بھی قوتِ تولید کو متاثر کرتے ہیں۔ (دینک جاگرن، 12 نومبر)
ایک کہاوت ہے کہ عام لوگوں کی صحت درست رہے گی تو روزگار بھی برقرار رہے گا اور معیشت بھی ترقی کرے گی۔
ملک کی معاشی ترقی کے لیے شہریوں کا تندرست اور صحت مند ہونا انتہائی ضروری ہے۔ بیمار قوم کبھی بھی ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتی۔ حکومت اور ضابطہ سازوں کو ماحولیاتی آلودگی پر قابو پا کر شہریوں کی صحت کا تحفظ یقینی بنانا ہو گا۔