کائنات کا مشاہدہ کرکے اپنے رب کو پہچانے۔قرآن مجید پڑھ کر اپنے رب کو پہچان لے
ڈائریکڑ: انسٹی ٹیوٹ آف ٹریننگ فار قرآنک ایپلکیشنز (اتقان)۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو عقل و شعور، فکر و تدبر اور علم و تحقیق کی صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ اسے دیکھنے کے لیے آنکھیں، سننے کے لیے کان، سوچنے کے لیے دل اور حقائق تک پہنچنے کی قابلیت عطا کی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا انسان اپنی ان صلاحیتوں کے ذریعہ اپنے خالق کو پہچاننے اور اپنی زندگی کے مقصد کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے یا ان کو محض دنیوی ضروریات پوری کرنے کے لئےاستعمال کرتا ہے؟
قرآن مجید انسان کو بار بار غور و فکر، مشاہدے اور تدبر کی دعوت دیتا ہے۔ وہ اسے کبھی اپنے وجود پر غور کرنے کی طرف متوجہ کرتا ہے، کبھی کائنات کی وسعتوں میں پھیلی نشانیوں کی طرف اور کبھی خود قرآن مجید کی آیات پر تدبر کی دعوت دیتا ہے۔ درحقیقت اللہ تعالیٰ کی معرفت حاصل کرنے کے تین بڑے ذرائع ہمارے سامنے ہیں یعنی انسان کا اپنا وجود، یہ کائنات اور قرآن مجید۔ ان تینوں میں اللہ تعالیٰ کی نشانیاں موجود ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انسان انہیں محض دیکھنے اور پڑھنے کی بجائے سمجھنے، ان کے پیچھے کار فرما حقیقت تک پہنچنے اور ان سے رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کرے۔ اس مضمون میں ہم انشاء اللہ تدبر کی انہیں تین جہتوں کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔
آیت کیا ہے؟
سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ آیت کا مفہوم کیا ہے؟ عربی زبان میں آیت کے معنی نشانی، علامت اور دلیل کے ہیں۔ مثال کے طور پر کسی راستے پر نصب ایک نشان مسافر کو اس کی منزل کا پتا دیتا ہے۔ وہ نشان خود منزل نہیں ہوتا لیکن منزل تک پہنچنے میں اس کی رہنمائی کرتا ہے۔ اسی طرح آیت بھی انسان کو اپنے پیچھے موجود کسی حقیقت کی طرف متوجہ کرتی ہے۔ قرآن مجید کی آیات ہوں یا کائنات میں پھیلی ہوئی نشانیاں، ان کا بنیادی مقصد انسان کو اللہ تعالیٰ کی معرفت عطا کرنا ہے۔ جس طرح راستے کا نشان مسافر کو منزل کی طرف متوجہ کرتا ہے، اسی طرح اللہ تعالیٰ کی نشانیاں انسان کو اپنے خالق کی طرف متوجہ کرتی ہیں۔اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
سَنُرِيهِمْ آيَاتِنَا فِي الْآفَاقِ وَفِي أَنْفُسِهِمْ حَتَّىٰ يَتَبَيَّنَ لَهُمْ أَنَّهُ الْحَقُّ "عن قریب ہم ان کو اپنی نشانیاں آفاق میں بھی دکھائیں گے اور ان کے اپنے نفس میں بھی، یہاں تک کہ ان پر یہ بات کھل جائے گی کہ واقعی وہی حق ہے" (فصلت: ۵۳)
اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے اپنی نشانیوں کے دو بڑے دائرے بیان کئے ہیں۔ ایک آفاق اور دوسرا انفس۔
آفاق سے مراد انسان کے باہر کی دنیا ہے، جس میں اس کے اردگرد کا ماحول، زمین و آسمان، پہاڑ، سمندر، نباتات، حیوانات، سورج، چاند، ستارے اور پوری کائنات شامل ہیں۔ گویا ہماری نگاہ جہاں تک پہنچتی ہے اور انسانی علم و تحقیق جہاں تک رسائی حاصل کر سکتی ہے، وہاں تک اللہ تعالیٰ کی نشانیاں پھیلی ہوئی ہیں۔
دوسرا دائرہ انسان کا اپنا وجود ہے۔ اس کا جسم، اس کے اعضاء، اس کا دل، اس کی عقل، اس کے احساسات، اس کی نفسیات، اس کے جذبات اور اس کی زندگی کے مختلف مراحل، سب اللہ تعالیٰ کی نشانیوں کا مظہر ہیں۔ اس طرح انسان جس طرف بھی دیکھے، جس چیز کا بھی مشاہدہ کرے اور جس حقیقت پر بھی غور کرے، اس کو اپنے رب کی کسی نہ کسی نشانی کا سامنا ہوگا۔ یہ کائنات اللہ تعالیٰ کی قدرت، حکمت اور ربوبیت کی گواہی دے رہی ہے۔ قرآن مجید اسی حقیقت کو ایک دوسرے انداز میں بیان کرتا ہے:
وَلَهُ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَلَهُ الدِّينُ وَاصِبًا "اور آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے، سب اسی کا ہے اور اسی کی عبادت و اطاعت ہمیشہ اسی کے لیے ہے۔ (النحل: ۵۳)
غور کیجیے! پوری کائنات اللہ تعالیٰ کے حکم کے تابع ہے۔ سورج اپنے مقررہ نظام کے مطابق طلوع ہوتا ہے۔ چاند اپنے مراحل طے کرتا ہے۔ زمین اپنے مدار میں گردش کرتی ہے اور سورج کے اطراف چکر لگاتی ہے۔ موسم اپنے نظام کے تحت بدلتے ہیں۔ اور کائنات کا ہر ذرہ اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ قوانین کے مطابق اپنا کام کر رہا ہے۔جب پوری کائنات اپنے رب کے حکم کے تابع ہے تو انسان، جو اسی کائنات کا ایک حصہ ہے، اسے بھی اپنے رب کی ہدایت کے مطابق زندگی گزارنی چاہیے۔ یہیں سے تدبر کا اصل مقصد واضح ہوتا ہے یعنی اللہ تعالیٰ کی نشانیوں کو پہچاننا، ان کے ذریعہ اس کی معرفت حاصل کرنا اور اس کے مطابق اپنی زندگی سنوارنا۔
تدبر کی پہلی جہت:انسان، نفس میں غور کر کے اپنے رب کو پہچانے
انسان کے لیے سب سے زیادہ قریب اور بظاہر سب سے زیادہ مانوس چیز اس کا اپنا وجود ہے۔ اس کے باوجود حیرت ہے کہ انسان دوسروں کو جاننے، دنیا کو سمجھنے اور نئی نئی چیزیں دریافت کرنے میں تو دلچسپی لیتا ہے لیکن اپنے وجود پر غور کرنے کے لئے کم ہی متوجہ رہتا ہے۔ کیا کبھی ہم نے سوچا ہے کہ ہمارے جسم میں کتنے حیرت انگیز
نظام کام کرطرہے ہیں؟ دل مسلسل دھڑک رہا ہے۔ پھیپھڑے سانس لینے کا عمل انجام دے رہے ہیں۔ دماغ جسم کے مختلف حصوں کو ہدایات دے رہا ہے۔ آنکھیں دیکھ رہی ہیں۔ کان سن رہے ہیں ۔ اعصابی نظام جسم کے مختلف حصوں کے درمیان رابطہ قائم کیے ہوئے ہے۔ بظاہر معمولی دکھائی دینے والے یہ تمام افعال ایک نہایت پیچیدہ اور منظم حیاتیاتی نظام کے تحت انجام پاتے ہیں۔
لیکن انسانی وجود میں تدبر کا دائرہ صرف جسمانی ساخت اور اس کے حیرت انگیز نظام پر غوروفکر تک محدود نہیں ہے۔ انسان کا وجود ایک ہمہ جہت حقیقت ہے جس کے جسمانی، ذہنی، نفسیاتی، اخلاقی اور روحانی پہلو ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ انسانی جسم کے مختلف اعضاء اور ان کے درمیان قائم پیچیدہ نظام یقیناً غور و فکر کی دعوت دیتے ہیں۔ لیکن اس سے بھی زیادہ قابل توجہ انسان کی عقل، شعور، قوت ارادی اور اس کے جذبات و احساسات ہیں۔ انسان سوچتا ہے، سوال کرتا ہے، ماضی کے تجربات سے سیکھتا ہے، مستقبل کے امکانات کا تصور کرتا ہے اور مختلف راستوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرتا ہے۔ وہ اچھائی اور برائی میں فرق کرسکتا ہے۔ دوسروں کے دکھ درد کو محسوس کرتا ہے۔ عدل و انصاف اور اپنے حقوق کی پاسداری کی خواہش رکھتا ہے اور اپنے اعمال کا محاسبہ بھی کر سکتا ہے۔
ذرا سوچیے! جب انسان کسی ضرورت مند کو دیکھتا ہے تو اس کے اندر ہمدردی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ کسی کے ساتھ نا انصافی ہوتی دیکھتا ہے تو اس کا دل بے چین ہو اٹھتا ہے۔ وہ کسی غلط کام کا ارتکاب کرتا ہے تو تنہائی میں بھی احساس ندامت محسوس کرتا ہے۔ جب کہ کسی اچھے کام کے نتیجے میں اسے اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ یہ احساسات کہاں سے پیدا ہوتے ہیں؟ انسان کے اندر حق و باطل، خیر و شر اور درست و غلط میں تمیز پیدا کرنے والی یہ صلاحیتیں کس قدر اہم ہیں؟ اس کی عقل اسے محض چیزوں کے استعمال کا طریقہ ہی نہیں بتاتی بلکہ یہ سوال کرنے کا محرک بھی بنتی ہے کہ کس چیز کا استعمال درست ہے یا غلط؟ کسی عمل سے صرف مجھے فائدہ پہنچ رہا ہے یا دوسروں کو بھی؟ اور میرے اختیارات اور تمام تر صلاحیتوں کا صحیح مقصد کیا ہے؟
قرآن مجید انسان کو اس کے باطن اور اخلاقی وجود پر بھی غور کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے نفس کو نیکی اور بدی کا شعور عطا کرنے کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: فَأَلْهَمَهَا فُجُورَهَا وَتَقْوَاهَا "پھر اس کے اندر اس کی بدی اور اس کی پرہیزگاری کا شعور الہام کردیا" (سورہ الشمس: ۸)
اسی طرح سورۂ قیامہ میں انسان کے اندر موجود خود احتسابی کے احساس کو نمایاں کرتے ہوئے فرمایا:
بَلِ الْإِنْسَانُ عَلَىٰ نَفْسِهِ بَصِيرَةٌ "بلکہ انسان خود اپنے آپ کو خوب جانتا ہے" (سورہ القیامۃ: ۱۴)
ان آیات کی روشنی میں انسان کو اپنے ضمیر، اخلاقی احساسات، خواہشات اور ارادوں کا جائزہ لینا چاہئے۔ اسے سوچنا چاہیے کہ اس کی عقل، شعور اور قوت ارادی کس مقصد کے لئے عطا کی گئی ہیں؟ کیا وہ ان صلاحیتوں کو محض اپنی ذاتی ترقی اور مفادات کے لیے استعمال کررہا ہے یا ان کے ذریعہ حق کو پہچاننے، نیکی اختیار کرنے اور دوسروں کے لیے نفع بخش بننے کی کوشش بھی کر رہا ہے؟ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنے وجود کی طرف متوجہ کرتے ہوئے فرمایا: وَفِي أَنْفُسِكُمْ أَفَلَا تُبْصِرُونَ "اور خود تمہارے اپنے وجود میں بھی نشانیاں ہیں، کیا تم دیکھتے نہیں؟" (سورہ الذاریات: ۲۱)
یہاں دیکھنے سے مراد صرف آنکھوں سے مشاہدہ کرنا نہیں بلکہ غور و فکر کے ساتھ ان حقائق کو سمجھنا ہے جو انسان کے اپنے وجود میں پوشیدہ ہیں۔ اپنے جسم،دل و دماغ، صلاحیتوں، جذبات، نفسیات، احساسات اور زندگی کے آغاز و انجام پر غور کیجئے۔ انسان کی تخلیق کے مراحل پر بھی تدبر کیجیے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنْسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ "ہم نے انسان کو بہترین ساخت پر پیدا کیا ہے" (سورہ التین: ۴)
اس طرح اپنے نفس میں تدبر انسان کو محض جسمانی ساخت پر غور و فکر تک محدود نہیں رکھتا بلکہ اسے خود شناسی و بیداری اور مقصد زندگی کی صحیح پہچان کرادیتا ہے۔ انسان اپنے آپ کو جتنا بہتر پہچانے گا اتنا ہی اپنے خالق کی قدرت و حکمت اور اس کے سامنے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھ سکے گا۔ یہی خود شناسی، خدا شناسی کی طرف لے جانے والا ایک اہم راستہ ہے۔
مزید مطالعہ اور تدبر کے لیے درج ذیل قرآنی مقامات سے استفادہ کیجیے:
سورہ البقرہ: ۳۰ تا ۳۳ - سورہ آل عمران: ۱۹۰ - سورہ النساء: ۱ - سورہ المؤمنون: ۱۲ تا ۱۴ - سورہ الروم: ۲۰ تا ۲۱ - سورہ السجدۃ: ۷تا ۹ - سورہ یٰسین:۷۷ تا ۷۹- سورہ فصلت: ۵۳ تا ۵۴ - سورہ الذاریات:۲۰ تا ۲۱ - سورہ التین: ۴ تا ۸۔
تدبر کی دوسری جہت: انسان، کائنات کا مشاہدہ کرکے اپنے رب کو پہچانے
انسان کے گرد پھیلی ہوئی یہ وسیع کائنات غور و فکر کی ایک غیر معمولی کتاب ہے۔ آسمان، زمین، سورج، چاند، ستارے، پہاڑ، دریا، سمندر، بارش، نباتات اور حیوانات غرض قدرت کی ہر تخلیق اپنے اندر بے شمار نشانیاں اور عبرت کے پہلو رکھتی ہے۔ قدرت کے ان مظاہر کا محض مشاہدہ کافی نہیں بلکہ ان کے پیچھے کار فرما قوانین، اصولوں اور باہمی ربط وتعلق کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔
بارش کے نظام کو دیکھیے۔ سمندر اور دیگر آبی ذخائر سے پانی بخارات بن کر فضا میں بلند ہوتا ہے۔ بادل تشکیل پاتے ہیں۔ ہوائیں انہیں ایک مقام سے دوسرے مقام تک لے جاتی ہیں اور پھر بارش زمین کو سیراب کرتی ہے۔ یہی پانی دریاؤں، جھیلوں اور زیر زمین ذخائر کا حصہ بنتا ہے۔ اس پورے نظام کا انسانی زندگی، زراعت، نباتات اور حیوانات سے بڑا گہرا تعلق ہے۔ پھر سورج کی روشنی، زمین کا درجہ حرارت، فضائی نظام، سمندری نباتات وحیوانات اور ماحولیاتی توازن ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ اللہ تعالیٰ اسی طرف متوجہ کرتے ہوئے فرماتا ہے: إِنَّ فِي خَلْقِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَاخْتِلَافِ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ لَآيَاتٍ لِأُولِي الْأَلْبَابِ "بے شک آسمانوں اور زمین کی تخلیق میں اور رات اور دن کے باری باری آنے میں عقل رکھنے والوں کے لیے بہت سی نشانیاں ہیں" (آل عمران: ۱۹۰)
اس کے بعد کی آیت میں ان اہل عقل کی کیفیت بیان کی گئی ہے جو اٹھتے، بیٹھتے اور لیٹتے ہر حال میں اللہ تعالیٰ کو یاد کرتے ہیں اور آسمانوں اور زمین کی تخلیق میں غور و فکر کرتے ہیں۔ ان کا غور و فکر انہیں اس نتیجے تک پہنچاتا ہے کہ وہ صمیم قلب سے اعتراف کرتے ہیں: رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ هَٰذَا بَاطِلًا سُبْحَانَكَ اے ہمارے رب! تو نے یہ سب کچھ بے مقصد اورفضول پیدا نہیں کیا، تو پاک ہے۔ (آل عمران: ۱۹۱)
کائنات میں تدبر کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ انسان قدرت کے مظاہر کو محض دیکھے نہیں بلکہ ان کے اندر پوشیدہ رازوں کو جاننے کی کوشش کرے۔ انسانی تاریخ پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ انسان نے اپنی علمی اور سائنسی ترقی کے سفر میں فطرت کا بڑی گہرا ئی سے مشاہدہ کیا ہے۔ کائنات کے مظاہر کے پیش نظر سوالات وضع کیے ہیں۔ تجربات اور ان کے پیچھے کار فرما اصولوں کو دریافت کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس طرح قدرت کی بہت سی نشانیوں سے اس نے علم، تحقیق اور نئی ٹیکنالوجی کے راستے دریافت کر لیے ہیں، مثلاً انسان نے سورج کی روشنی اور حرارت کا مطالعہ کیا۔ روشنی کو برقی توانائی میں تبدیل کرنے کے اصول دریافت کئے۔ شمسی توانائی کے ذریعہ بجلی پیدا کرنے کی ٹیکنالوجی تیار کی۔ اس نے پرندوں کو فضا میں پرواز کرتے دیکھا۔ ان کے پروں کی ساخت و کیفیات اور پرواز کے اصولوں کا مطالعہ کیا۔ ہوا کے دباؤ اور قوت مزاحمت کو سمجھنے کی کوشش کی اور بالآخر ہوائی جہاز کی صورت میں فضائی سفر کے نئے امکانات پیدا کر لیے۔ چمگادڑ اندھیرے میں آواز کی لہروں اور ان کے انعکاس سے اپنے راستے اور اطراف کی اشیا کا اندازہ لگاتی ہے۔ اس قدرتی نظام کے مشاہدے سے انسان کو صوتی انعکاس اور سونار جیسی ٹیکنالوجی کے اصول سمجھنے میں مدد ملی۔ اسی طرح شہد کی مکھیوں کے اجتماعی نظم، باہمی تعاون اور رابطہ کے نظام کا مشاہدہ انسان کو اجتماعی تنظیم اور مواصلات کے بارے میں غور و فکر کے نئے زاویے فراہم کرتا ہے۔
یہ چند مثالیں ہیں۔ انسانی تاریخ میں ایسی بے شمار مثالیں موجود ہیں جہاں فطرت کے مشاہدے اور اس کے اصولوں کی تحقیق نے نئے علوم، ایجادات اور ٹیکنالوجی کی راہیں ہموار کی ہیں۔ اس سے بخوبی معلوم ہوتا ہے کہ کائنات محض انسانی ضروریات پوری کرنے کے لیے ستاروں ،سیاروں وغیرہ کی صرف آماج گاہ نہیں، بلکہ غور و فکر، تحقیق اور دریافت کا ایک وسیع ترین بلکہ لا متناہی میدان ہے۔
کائنات کی بازیافت سے متعلق انسانی کی حیرت انگیز ترقی کو دیکھ کر اس سوال کا پیدا ہونا بالکل بجا ہے کہ کیا قدرت کی نشانیوں سے فائدہ اٹھانا اور ان کے راز دریافت کرلینا ہی کافی ہے؟ کیا اس میں کوئی قباحت نہیں کہ انسان سورج کی روشنی سے بجلی پیدا کرنے کا طریقہ تو سیکھ لے ، پرندوں کی پرواز سے متاثر ہوکر ہوائی جہاز تو بنا لے، سمندر اور ہواؤں سے توانائی حاصل کرنے کے طریقے تو دریافت کر لے لیکن ان تمام نشانیوں کے خالق کو پہچاننے، اس کا شکر ادا کرنے اور اس کے احکام کے مطابق زندگی گزارنے کی فکر ہی نہ کرے؟
حقیقت یہ ہے کہ قدرت کی نشانیوں سے حقیقی استفادہ صرف مادی ترقی کا نام نہیں بلکہ ان کے ذریعہ اپنے خالق کی قدرت و حکمت کو پہچاننا، اس کی نعمتوں کا شکر ادا کرنا اور ان وسائل کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرنا بھی اس کا لازمی تقاضا ہے۔ اگر انسان سورج کی روشنی سے بجلی تو پیدا کرلے لیکن اس سورج اور اس پورے نظام کو وجود بخشنے والے رب کو فراموش کردے، پرندوں کی پرواز سے ہوائی جہاز تو بنا لے لیکن اس قدرت کے خالق کے سامنے سر تسلیم خم نہ کرے تو اس نے قدرت کی نشانیوں سے فائدہ تو اٹھایا مگر ان کے حقیقی پیغام سے غفلت برتی۔ لہٰذا سائنس کا مطالعہ محض مادی ترفی کے لیے نہیں بلکہ اسے کائنات کو سمجھنے، مسائل کی حقیقت تک پہنچنے اور اللہ تعالیٰ کی نشانیوں کی معرفت حاصل کرنے کا ذریعہ بنانے کے لیے ہونا چاہیے۔
قرآن مجید انسان کو کائنات کے مظاہر پر غور، مشاہدہ اور تحقیق کی طرف متوجہ کرتا ہے تاکہ وہ اس کے نظم، توازن اور حکمت کو سمجھ سکے اور ان نشانیوں کے ذریعہ اپنے خالق کی معرفت حاصل کرے۔
اَفَلَمۡ یَنۡظُرُوۡۤا اِلَی السَّمَآءِ فَوۡقَہُمۡ کَیۡفَ بَنَیۡنٰہَا وَ زَیَّنّٰہَا وَ مَا لَہَا مِنۡ فُرُوۡجٍ ﴿۶﴾
وَ الۡاَرۡضَ مَدَدۡنٰہَا وَ اَلۡقَیۡنَا فِیۡہَا رَوَاسِیَ وَ اَنۡۢبَتۡنَا فِیۡہَا مِنۡ کُلِّ زَوۡجٍۭ بَہِیۡجٍ ۙ﴿۷﴾ تَبۡصِرَۃً وَّ ذِکۡرٰی لِکُلِّ عَبۡدٍ مُّنِیۡبٍ ﴿۸﴾ "تو کیا پھرانہوں نے کبھی اپنے اوپر آسمان کی طرف نہیں دیکھا کہ کس طرح ہم نے اسے بنایا اور آراستہ کیا اور اس میں کہیں کوئی رخنہ نہیں ہے؟ اور زمین کو ہم نے بچھایا اور اس میں پہاڑ جمائےاور اس کے اندر ہر طرح کی خوش منظر نباتات اگا دیں؟ یہ ساری چیزیں آنکھیں کھولنے والی اور سبق دینے والی ہیں ہر اس بندے کے لیے جو حق کی طرف رجوع کرنے والا ہو" (سورہ ق:۶ تا ۸)
مزید مطالعہ اور تدبر کے لیے درج ذیل قرآنی مقامات سے استفادہ کیجیے۔
البقرہ:۱۶۴ - آل عمران: ۱۹۰ تا ۱۹۱ - الانعام:۹۵ تا ۹۹ - یونس: ۵ تا ۶ - الرعد: ۲ تا ۴ - النحل: ۱۰ تا ۱۸ - الانبیاء: ۳۰ تا ۳۳ - المؤمنون: ۱۸ تا ۲۲ -النور:۴۳ تا ۴۵ - الغاشیہ: ۱۷ تا ۲۰۔
تدبر کی تیسری جہت: انسان، قرآن مجید پڑھ کر اپنے رب کو پہچانے ل
تدبر کی تیسری اور نہایت اہم جہت قرآن مجید میں غور و فکر کرنا ہے۔ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام اور انسان کے لیے سرچشمہ ہدایت ہے۔ اس میں انسانوں کو واضح انداز سے بتاتا گیا ہے کہ ان کا خالق کون ہے اور وہ ان سے کیا چاہتا ہے؟ ان کی زندگی کا مقصد کیا ہے؟ دنیا میں ان کی ذمہ داریاں کیا ہیں اور انہیں اپنی انفرادی واجتماعی زندگی کس طرح گزارنی چاہیے؟ انسانوں کو ان تمام حقیقتوں سے واقف کرانے کا قرآنی انداز نہایت ہی منفرد اور انوکھا ہے۔ یوں سمجھ لیجیے کہ اگر کائنات اللہ تعالیٰ کی قدرت اور حکمت کی نشانیاں پیش کرتی ہے تو قرآن مجید ان نشانیوں کو سمجھنے، ان کے خالق کو پہچاننے اور اس کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی رہنمائی کرتا ہے۔ گویا قرآن مجید اللہ کا کلام ہے اور یہ ساری کائنات اس کے لیے سیاق و سباق کی حیثیت رکھتی ہے۔یہ قرآن مجید محض تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ تفکر، تدبر، عمل اور ہدایت ورہنمائی حاصل کرنے کی کتاب ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: كِتَابٌ أَنْزَلْنَاهُ إِلَيْكَ مُبَارَكٌ لِيَدَّبَّرُوا آيَاتِهِ وَلِيَتَذَكَّرَ أُولُو الْأَلْبَابِ"یہ ایک بڑی برکت والی کتاب ہے جو ہم نے تمہاری طرف نازل کی ہے تاکہ لوگ اس کی آیات میں غور و فکر کریں
اور عقل رکھنے والے اس سے نصیحت حاصل کریں۔ (ص: ۲۹)
اس آیت میں قرآن مجید کے نزول کا ایک اہم مقصد اس کی آیات میں غور و فکر کرنا اور ان سے نصیحت حاصل کرنا بیان کیا گیا ہے۔ قرآن مجید میں تدبر سے مراد یہ ہے کہ ہم اس کی آیات کو محض پڑھ کر آگے نہ بڑھ جائیں بلکہ ان کے مفہوم کو سمجھیں۔ ان میں بیان کردہ حقائق پر غور کریں۔ ان کے باہمی ربط اور سیاق و سباق کو سمجھنے کی کوشش کریں اور ان سے حاصل ہونے والی رہنمائی کو اپنی زندگی میں نافذ کریں۔
قرآن مجید میں توحید، رسالت، آخرت،تقوی و احسان، توبہ و انابت، عدل و انصاف، امانت ویانت، صبر و شکر، انفاق اور انسانی حقوق جیسے موضوعات بہ تکرار بیان ہوئے ہیں۔ ان موضوعات کا مطالعہ کرتے ہوئے ہمیں اپنے آپ سے سوال کرنا چاہیے کہ عقیدہ توحید کے ہماری زندگی پر کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں؟ آخرت پر یقین ہمارے فیصلوں کو کس طرح متاثر کربرہا ہے؟ عدل و انصاف کے قرآنی احکام کا ہمارے معاشرتی رویوں سے کیا تعلق ظاہر ہو رہاہے؟ والدین، رشتہ دار، پڑوسیوں اور دیگربانسانی حقوق کے بارے میں قرآن مجید ہم سے کیا مطالبات کرتا ہے؟
اس سلسلے میں قرآن مجید کے نظم اور آیات کے باہمی ربط کا مطالعہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔ نظم قرآن سے مراد یہ ہے کہ قرآن کی آیات اور سورتوں کے درمیان جو معنوی تعلق، موضوعاتی ربط اور حکیمانہ ترتیب پائی جاتی ہے، اسے سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ اس مطالعہ سے قاری کو یہ احساس ہوتا ہے کہ قرآن مجید مختلف موضوعات پر منتشر ہدایات کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک مربوط اور بامقصد کلام ہے۔
عدسۂ تدبر
قرآن مجید میں تدبر کا ایک مؤثر طریقہ یہ ہے کہ اس کی آیات کا مطالعہ سرسری طور پر کرنے کی بجائے نہایت باریک بینی اور گہرائی کے ساتھ کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے ہم ایک تکنیک عدسہ تدبر (Lens of Reflection) کا استعمال کریں گے۔ جس طرح کسی عدسے (Lens) یا خورد بین (Microscope) کے ذریعہ کسی چیز کو بڑا کرکے دیکھا جاتا ہے تاکہ اس کی باریک سے باریک تفصیلات بھی معلوم کی جا سکیں، اسی طرح قرآن مجید کی کسی آیت کو بھی اس کے مختلف اجزاء میں تقسیم کرکے الگ الگ مطالعہ کیا جاسکتا ہے۔ اس طریقے سے آیت کے ہر لفظ، اس کے
مفہوم، اس میں پوشیدہ اشاروں، حکمتوں اور مختلف حصوں کے باہمی ربط کو بڑی گہرائی سے سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ مثال کے طور پر سورۃ الحشر کی آیت ۱۸ کو لیتے ہیں: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللہَ وَلْتَنْظُرْ نَفْسٌ مَا قَدَّمَتْ لِغَدٍ ۖ وَاتَّقُوا اللہَ ۚ إِنَّ اللہَ خَبِيرٌ بِمَا تَعْمَلُونَ "اے لوگو جو ایمان لائے ہو! اللہ سے ڈرو، اور ہر شخص یہ دیکھے کہ اس نے کل کے لیے کیا سامان کیا ہے۔ اللہ سے ڈرتے رہو، اللہ یقیناً تمہارے ان سب اعمال سے با خبر ہے جو تم کرتے ہو"
اگر ہم اس آیت پر عدس تدبر کا استعمال کریں تو اس کے پانچ نمایاں حصے سامنے آتے ہیں:
۱) يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا: خطاب کن لوگوں سے ہے؟ ایمان والوں کو ہی کیوں مخاطب کیا گیا ہے؟
۲) اتَّقُوا اللہَ: تقویٰ کا مفہوم کیا ہے؟ اللہ سے ڈرنے اور اس کے تقاضوں کو پورا کرنے کا مطلب کیا ہے؟
۳) وَلْتَنْظُرْ نَفْسٌ مَا قَدَّمَتْ لِغَدٍ: ہر انسان کو اپنے کل کی تیاری کا حکم کیوں دیا گیا ہے؟ یہاں کل سے کیا مراد ہے؟ مستقبل کی تیاری کس طرح کرنی چاہیے؟
۴) وَاتَّقُوا اللہَ: تقویٰ کی تاکید دوبارہ کیوں کی گئی ہے؟ پہلے حکم اور اس دوسرے حکم کے درمیان کیا فرق اور حکمت ہے؟
۵) إِنَّ اللہَ خَبِيرٌ بِمَا تَعْمَلُونَ: اللہ تعالیٰ کے خبیر ہونے کا کیا مفہوم ہے؟ انسانوں کے باخبر ہونے اور اللہ تعالی کے باخبر ہونے میں کیا فرق ہے؟
اب ان پانچوں حصوں کا الگ الگ مطالعہ کیا جائے۔ اس کے بعد ان کے باہمی ربط اور پوری آیت کے مرکزی پیغام کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ یوں ایک مختصر سی آیت بھی غور و فکر کے کئی دروازے کھول دیتی ہے۔ اس طریقے سے قرآن مجید کا مطالعہ محض تلاوت اور ترجمہ پڑھنے تک محدود نہیں رہتا بلکہ آیت کے ایک ایک حصے پر ٹھیر کر سوچنا، سوالات اٹھانا، حکمتیں دریافت کرنا اور پھر یہ سمجھنے کی کوشش کرنا کہ اس آیت کا زندگی سے کیا تعلق ہے اور اللہ تعالیٰ کیا چاہتا ہے، سارے پہلو بخوبی واضح ہوجاتے ہیں۔ یہی عدسہ تدبر کا بنیادی مقصد ہے۔
یہ واضح رہے کہ قرآن مجید میں تدبر کا مطلب یہ نہیں کہ انسان اپنے پہلے سے قائم خیالات یا جدید سائنسی نظریات کو آیات پر مسلط کردے اور اپنی پسند کے مطابق ان کے مفاہیم متعین کرنے لگے۔ سائنسی نظریات اور انسانی معلومات میں تبدیلی آتی رہتی ہے۔ اس لیے قرآن مجید کی کسی آیت کی تشریح کرتے ہوئے اس کی زبان، سیاق و سباق اور مستند تفسیری روایات کو بنیادی اہمیت دینی چاہیے۔ قرآن مجید کو کسی مخصوص سائنسی نظریے کی تائید یا تردید کے لیے استعمال کرنے کی بجائے اس کے اصل مقصد، یعنی انسان کی ہدایت اور زندگی کی اصلاح، کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔
مزید مطالعہ اور تدبر کے لیے درج ذیل قرآنی مقامات سے استفادہ کیجیے۔
البقرہ: ۱۸۵ - آل عمران: ۷ اور ۱۳۸ -النساء: ۸۲ اور ۱۰۵ -المائدہ: ۱۵ تا ۱۶ -الانعام: ۱۵۵ -النحل: ۹۸ -ص: ۲۹ -محمد: ۲۴ -الزمر: ۲۷ تا ۲۸ -الفرقان: ۳۰۔
قرآنی تدبر کی تین جہتیں مگر منزل ایک
اب تک ہم نے تدبر کی تین جہتوں کا جائزہ لیا:
(الف) نفس میں تدبر یعنی اپنے وجود، صلاحیتوں، جسمانی نظام، نفسیات اور زندگی کے مقصد پر غور کرکے اللہ تعالیٰ کو پہچاننا۔
(ب) آفاق میں تدبر یعنی کائنات، قدرتی مظاہر اور ان کےوسیع اور منظم نظام کا مشاہدہ و مطالعہ کرکے اللہ تعالیٰ کی قدرت اور حکمت کو پہچاننا۔
(ج) قرآن میں تدبر یعنی اللہ تعالیٰ کے کلام کو سمجھ کر اس کی ہدایت، احکامات اور مقصدزندگی اور اس کے تقاضوں سے واقف ہونا۔
یہ تینوں جہتیں ایک دوسرے سے الگ نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں۔ اپنے وجود کا مطالعہ انسان کو اپنے خالق کی قدرت اور حکمت کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ کائنات کا مطالعہ اس معرفت کو مزید وسعت عطا کرتاہے۔ قرآن مجید ان دونوں کے مطالعہ کو صحیح سمت عطا کرتا ہے اور انسان کو بتاتا ہے کہ اس معرفت کے بعد اس کی ذمہ داریاں کیا ہیں؟ انسان اپنے وجود اور کائنات کے مطالعہ سے بہت سے حقائق دریافت کر سکتا ہے، لیکن ان حقائق کی روشنی میں اپنی زندگی کا مقصد اور اپنے رب کی مرضی جاننے کے لئے اسے وحی کی رہنمائی درکار ہے۔اسی لیے ان تینوں جہتوں کو ایک ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔
نشانیاں ہر طرف ہیں، کیا ہم انہیں دیکھ رہے ہیں؟
ہم روزانہ اللہ کی نشانیوں کے درمیان زندگی گزارتے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ کچھ لوگ انہیں دیکھ کر گزر جاتے ہیں اور کچھ ان پر غور کرکے حقیقت تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ قرآن مجید ہمیں دوسرے گروہ کے لوگوں میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہے۔ آگے بڑھیے! اپنے آپ کو پڑھیے۔ کائنات کو پڑھیے اور قرآن مجید کا پوری توجہ اور انہماک کے ساتھ مطالعہ کیجیے۔ معرفت رب، شعور مقصدحیات اور آپ کے حقیقی کردار کی بازیافت، یہی اس سہ جہتی مطالعہ کے ثمرات ہیں۔ اور یہی قرآنی تدبر کی وہ تین بنیادیں ہیں جن پر ایک با مقصد شخصیت کی تعمیر ممکن ہے۔