فلسطینیوں کی سرزمین پر قبضے کی توسیع اور ان کی آبادی کو محدود کرنے کی اسرائیلی پالیسی کوئی وقتی جنگی حکمت عملی نہیں بلکہ ایک منظم منصوبے کا حصہ ہے۔ غزہ میں نسل کشی کے جرائم، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور زندگی کے بنیادی وسائل کی تباہی کے بعد اب مغربی کنارہ میں بھی اسی طرز کی کارروائیاں دہرائی جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مقرر کردہ آزاد بین الاقوامی کمیشن برائے تحقیقِ حقائق برائے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے سربراہ جسٹس ایس مرلی دھر نے اپنی تحقیقات کی روشنی میں اسرائیل کی اس دوہری حکمت عملی کو بے نقاب کیا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے: فلسطینی آبادی گھٹاؤ اور ان کی زمین پر قبضہ بڑھاؤ۔
روزنامہ ’دی ہندو‘ کی پوڈکاسٹ سیریز ’دی ویو فرام انڈیا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے جسٹس مرلی دھر نے کہا کہ کمیشن کو غزہ میں نسل کشی کے جرائم کے شواہد ملے ہیں۔ ان کے مطابق فلسطینیوں کو بحیثیت قوم برقرار رہنے سے روکنے کا ارادہ حملوں کے مسلسل اور مخصوص انداز سے عیاں ہے۔ دانستہ قتل، زندگی کے لیے ناگزیر حالات کی تباہی، بچوں کو نشانہ بنانا، جبری نقل مکانی اور شرح پیدائش روکنے کے اقدامات اسی منصوبے کے مختلف پہلو ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غزہ میں حملوں کا جو انداز دیکھا گیا تھا، اب مغربی کنارہ میں بھی اسی کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔
جسٹس مرلی دھر کے مطابق مغربی کنارہ میں 1967ء کے بعد فلسطینیوں کی سب سے بڑی جبری نقل مکانی ہو رہی ہے۔ اس کے پیچھے بنیادی طور پر اسرائیلی ریاست کا کردار ہے جبکہ یہودی آبادکاروں کو فلسطینیوں پر حملوں کے لیے اکسایا جاتا ہے اور اسرائیلی سیکیورٹی فورسز انہیں حوصلہ افزائی کے ساتھ مکمل سرپرستی بھی فراہم کرتی ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کی بے بسی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ مغربی کنارہ میں کسی فلسطینی پر حملہ کرنے والے اسرائیلی شہری کے خلاف کارروائی نہیں کرسکتی۔ اسے تحقیقات کے لیے اسرائیلی حکام پر انحصار کرنا پڑتا ہے، جہاں ایسے معاملات شاذ و نادر ہی انجام تک پہنچتے ہیں۔
اسرائیل کی اس توسیع پسندانہ پالیسی کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں۔ جسٹس مرلی دھر نے یاد دلایا کہ 1947ء سے 1949ء کے درمیان بھی زیادہ سے زیادہ زمین پر قبضہ کرنے اور فلسطینی آبادی کو کم سے کم رکھنے کی پالیسی اختیار کی گئی تھی۔ اس وقت مجوزہ دو ریاستی منصوبے میں عربوں کے لیے 53 فیصد اور اسرائیلیوں کے لیے 47 فیصد زمین مختص تھی، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ تناسب پوری طرح الٹ گیا۔ آج اسرائیل غزہ کے تقریباً 70 فیصد علاقے پر کنٹرول رکھتا ہے اور فلسطینی آبادی عملاً باقی ماندہ حصے تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔
غزہ کی تقریباً 23 لاکھ آبادی بے دخلی کے کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ عمارتیں، ہسپتال، طبی مراکز اور بنیادی ڈھانچے پوری طرح تباہ ہوچکے ہیں۔ رفح تک میں اب صرف بے دخلی کے کیمپ باقی رہ گئے ہیں، جہاں زندگی کی بنیادی سہولتیں ناپید ہیں۔ پینے کا صاف پانی، صفائی، رہائش، صحت اور تعلیم جیسی ضروریات تک رسائی مشکل ہوچکی ہے۔ جسٹس مرلی دھر کے الفاظ میں، ’’باوقار زندگی گزارنے کے تمام بنیادی حالات مکمل طور پر ختم ہوچکے ہیں۔‘‘ غزہ کے باشندوں کو نہ صرف رفح سرحدی گزرگاہ سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے بلکہ وہ غزہ سے مغربی کنارہ بھی نہیں جاسکتے۔
کمیشن نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل کے متعدد واقعات کی تحقیقات کی ہیں۔ ان میں گاڑیوں میں سفر کرنے والے خاندانوں اور نام نہاد ’یلو لائن‘ کے قریب جانے والے افراد کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔ ایک واقعے میں آٹھ ماہ کی حاملہ خاتون کو مشتبہ سرگرمیوں کے الزام میں کئی گولیاں ماری گئیں۔ کمیشن نے زمینی سطح سے موصول ہونے والی ویڈیوز کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ان کی صحت اور عدم تحریف کی تصدیق بھی کی۔ جسٹس مرلی دھر کے مطابق سر اور گردن کو نشانہ بنانا، ہاتھ اٹھا کر خودسپردگی کا اشارہ کرنے والوں پر فائرنگ اور زخمیوں کو ایمبولینس کی سہولت سے محروم رکھنا، ان حملوں کے پس پردہ ارادے کو واضح کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض حملے یا زخمی کرنے کی کارروائیاں نہیں ہیں بلکہ فلسطینیوں کو دانستہ طور پر قتل کرنے کے لیے یہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اسرائیل نے کمیشن کی رپورٹ کو ’’تاریخی افسانہ‘‘ قرار دے کر مسترد کیا ہے لیکن جسٹس مرلی دھر نے کہا کہ اسرائیل کا معمول رہا ہے کہ وہ تحقیقاتی نتائج کا جواب دینے کے بجائے ان کی نشاندہی کرنے والوں کی ساکھ کو نشانہ بناتا ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل نے کمیشن کے ساتھ تعاون سے بھی انکار کیا ہے اور اقوام متحدہ کے کام کو بدنام کرنے کے لیے خطیر رقوم صرف کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن کے شریک رکن کرس سڈوٹی کو بھی اسرائیلی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
جسٹس مرلی دھر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے مرتکبین کو جواب دہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ ان کے مطابق عالمگیر دائرہ اختیار کے اصول کے تحت مختلف ممالک کی عدالتیں ایسے جرائم کے مرتکبین کے خلاف تحقیقات اور قانونی کارروائی کرسکتی ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کے ساتھ فوجی اور تکنیکی تعاون، بالخصوص اسلحے کی فراہمی کی حوصلہ شکنی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس ضمن میں انہوں نے نشاندہی کی کہ ہندوستان بھی اسرائیل کو چھوٹے ہتھیار فراہم کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے نیدرلینڈز کی حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جس کے تحت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم اسرائیلی آبادکار بستیوں سے آنے والی اشیا کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران عالمی سطح پر رویوں میں تبدیلی محسوس کی جا سکتی ہے۔ تاہم فلسطین کے سیاسی حل کے لیے دو ریاستی فارمولے کو ترک نہیں کیا جانا چاہیے، کیونکہ یہی اس مذاکراتی عمل کی بنیاد ہے جو 1947ء اور 1948ء میں شروع ہوا تھا۔ عالمی برادری کی اکثریت اب بھی اس حل کی حمایت کرتی ہے۔
کمیشن مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے ساتھ اسرائیل کے جغرافیائی علاقوں کا بھی جائزہ لینے اور تنازع کی بنیادی وجوہات تک پہنچنے کا ارادہ رکھتا ہے جن کا سلسلہ 1947ء اور 1948ء ہی نہیں بلکہ اس سے پہلے بالفور اعلامیہ کے دَور تک جاتا ہے۔ جسٹس مرلی دھر نے یہ بھی بتایا کہ بچوں سے متعلق کمیشن کی سابقہ رپورٹ اور تازہ ترین نتائج پر ہندوستان کی جانب سے تاحال کوئی سرکاری ردعمل موصول نہیں ہوا ہے۔
غزہ اور مغربی کنارہ میں پیش آنے والے واقعات کو الگ الگ جنگی کارروائیوں یا مقامی تصادم کے طور پر دیکھنے کے بجائے ان کے باہمی ربط اور تاریخی پس منظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ جسٹس مرلی دھر کی تحقیقات اسی جانب توجہ دلاتی ہیں کہ فلسطینیوں کی جان، ان کی سرزمین اور ان کے اجتماعی وجود کو بیک وقت نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ محض زمین پر قبضے کی کشمکش نہیں بلکہ ایک پوری آبادی کو اپنی سرزمین پر زندہ رہنے کے حق سے محروم کرنے کا معاملہ ہے۔
غزہ میں نسل کشی، مغربی کنارہ میں جبری بے دخلی

فلسطینی آبادی گھٹاؤ، قبضہ بڑھاؤ، اسرائیل کا دوہرا منصوبہ

