اے پی سی آر اور ساؤتھ ایشیا جسٹس کمپین کی تازہ رپورٹوں کے چشم کشا انکشافات
ریاستی سرپرستی میں نفرت؟ شہری حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر قانونی و جمہوری جدوجہد ناگزیر
نومبر کے دوسرے ہفتے مین اسٹریم میڈیا، سوشل میڈیا اور قومی اخبارات، ہر جگہ سونیا گاندھی کی کتاب Belonging: A Journey of Love موضوعِ بحث بنی رہی۔ ٹی وی چینلوں سے لے کر اخبارات اور ویب سائٹس تک اس کتاب کے حق میں اور مخالفت میں تبصروں کا سلسلہ جاری رہا۔ ان میں کئی سنجیدہ تبصرے بھی آئے۔ مگر ان تبصروں میں سینئر صحافی اور نصف درجن کتابوں کے مصنف نلنجن مکھوپادھیائے کا انگریزی میگزین ’’دی فرنٹ لائن‘‘ کے ڈیجیٹل فارم پر تبصرہ اس اعتبار سے خاصا معنی خیز ہے۔ انہوں نے کتاب کے مشمولات پر تبصرہ کرنے کے بجائے کتاب کے ذریعے شناخت، تعلق اور شہریت جیسے بنیادی سوالات کو زیرِ بحث لایا۔ انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ تقریباً چھ دہائیوں تک اس ملک میں رہنے، یہاں خاندان بسانے اور زندگی کے نشیب و فراز، حتیٰ کہ اپنے عزیزوں کو کھونے کے باوجود، سونیا گاندھی کو اپنی بھارتی شناخت اور وطن سے وابستگی کے احساس کو لفظوں میں بیان کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ کتاب کے عنوان کا پہلا لفظ ’’Belonging‘‘ یعنی تعلق اور وابستگی، اسی احساس کی ترجمانی کرتا ہے۔
مکھوپادھیائے لکھتے ہیں کہ ’’شاید غیر ارادی طور پر ہی سہی، سونیا گاندھی نے اپنی خود نوشت کے لیے ’بیلانگنگ‘ (Belonging) کا عنوان منتخب کرکے ایک ایسے لفظ کو اپنی زندگی سے جوڑ دیا ہے، جو بھارت میں ان کے وجود کے تناظر میں ایک زخمی اور افسردہ کیفیت کا بوجھ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔‘‘ یہ اسی طرح ہے جیسے بھارت کے مسلمانوں کو قومی وفاداری کے امتحانات سے مسلسل گزرنا پڑ رہا ہے۔ اس میں چند اکا دکا واقعات، خواہ وہ من گھڑت ہوں یا شاذ و نادر ہی حقیقت پر مبنی، پوری مسلم برادری پر تھوپ دیے جاتے ہیں اور سب کو غدار، پاکستان نواز یا ملک کے اندر دشمن کے آلہ کار قرار دے دیا جاتا ہے۔
مکھوپادھیائے اپنے اس تبصرے کا اختتام اس طرح کرتے ہیں کہ ’’یہ ایک المیہ ہے کہ سونیا گاندھی کی کتاب ’بیلانگنگ‘ ایک ایسی جمہوریہ کی عکاسی کرتی ہے جو اپنی ہی روح کے ساتھ کشمکش میں مبتلا ہے۔ بھارت ایک طرف دنیا بھر میں پھیلے اپنے تارکینِ وطن کی دوہری وفاداریوں کا جشن مناتا ہے لیکن دوسری طرف اپنے ہی ملک میں شہریت اختیار کرنے والے شہریوں اور اقلیتوں کی وفاداری پر مسلسل سوال اٹھاتا ہے۔ یہ طرزِ عمل بھارت کے آئینی وعدے سے انحراف اور حکومت کی منافقت کو ظاہر کرتا ہے‘‘
اگر اس تبصرے کو انسانی حقوق کی دو تنظیموں، اے پی سی آر اور ساؤتھ ایشیا جسٹس کمپین، کی تازہ رپورٹوں کے تناظر میں دیکھا جائے تو شناخت اور تعلق کے یہ سوالات مزید سنگین صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ ان رپورٹوں میں درج واقعات اور اعداد و شمار کئی اہم سوالات ہمارے سامنے رکھتے ہیں۔ معاملہ اب صرف تشدد اور نفرت انگیزی تک محدود نہیں ہے، بلکہ مسلمانوں کو تحفظ، مساوی شہری حقوق، حقِ رائے دہی اور انصاف تک رسائی سے محروم کرنے کی باضابطہ کوشش کا حصہ بن گیا ہے۔ ساؤتھ ایشیا جسٹس کمپین کی رپورٹ میں واضح طور پر نشاندہی کی گئی ہے کہ ’’2026 کا سال مسلمانوں کے لیے مہلک سال رہا ہے۔‘‘
انڈیا پرسی کیوشن ٹریکر نے اپنی رپورٹ میں ’’شہریت اور آبادیاتی شناخت کی بنیاد پر نگرانی اور امتیاز‘‘ کی کوششوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر، تشدد اور ادارہ جاتی تعصب کے ساتھ ساتھ 2026 میں اقلیتوں کی شہریت کو مشکوک بنانے کے عمل میں بھی تیزی آئی ہے۔
ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) جس کا آغاز 2025 میں بہار سے ہوا تھا اکتوبر کے وسط تک اپنے تیسرے مرحلے میں پہنچ چکی تھی۔ اس مرحلے میں 18 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی مسودہ ووٹر فہرستوں سے 6 کروڑ 10 لاکھ سے زائد نام حذف کیے جا چکے تھے۔ اس طرح اب تک حذف کیے گئے ناموں کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ اسی دوران مرکزی وزیر داخلہ نے ملک گیر قومی رجسٹر برائے شہری (National Register of Citizens – NRC) تیار کرنے کی بات کی۔ واضح رہے کہ اب تک شہریوں کا یہ رجسٹر صرف آسام میں مرتب کیا گیا ہے۔ دوسری جانب، وزارتِ داخلہ کی جانب سے ’’آبادیاتی تبدیلی‘‘ کے موضوع پر تشکیل دی گئی ایک کمیٹی نے ریاستی حکومتوں سے مذہب کی بنیاد پر آبادی کے اعداد و شمار طلب کیے۔ مزید یہ کہ 2027 کی مردم شماری کے سوال نامے میں بھی جواب دہندگان سے ان کے والدین کے بارے میں تفصیلات پوچھی جائیں گی۔ 2007 کے بعد پہلی مرتبہ بھارت کا جائزہ لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے انسدادِ نسلی امتیاز نے بھی بھارت سے بنگالی زبان بولنے والے مسلمانوں کے خلاف نسلی اور مذہبی امتیاز ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایس آئی آر، حد بندی اور مسلمانوں کے خلاف دراندازی کے بیانیے کو عموماً بی جے پی کی سیاسی حکمتِ عملی اور ہندو ووٹروں کو پولرائز کرنے کی کوششوں کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔ لیکن یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے: کیا یہ محض انتخابی سیاست اور سیاسی حکمتِ عملی ہے، یا اس کے پیچھے کوئی گہرا نظریاتی پس منظر بھی موجود ہے؟
دراصل، مسلمانوں اور عیسائیوں کو ’’درانداز‘‘ یا ’’غیر ملکی‘‘ قرار دینے کا بیانیہ کوئی نئی سیاسی حکمتِ عملی نہیں بلکہ سنگھ پریوار کے تقریباً آٹھ دہائیوں پرانے نظریے کا تسلسل ہے۔ تقسیمِ ہند کے بعد ہندوؤں اور سکھوں کو پناہ گزین جبکہ پاکستان سے واپس آنے والے مسلمانوں کو مشکوک اور درانداز قرار دینے کی سوچ نے اس نظریے کو تقویت دی ہے۔ اسی تاریخی اور نظریاتی پس منظر میں آج مسلمانوں کو بیرونی عناصر کے طور پر پیش کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اسی نظریاتی سوچ کے تحت ایس آئی آر کے ذریعے مسلمانوں کے حقِ رائے دہی کو متاثر کرنے کا خدشہ پیدا ہوا ہے۔ دراندازی کا بیانیہ بھی اسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ اس تناظر میں ایس آئی آر کو محض انتخابی فہرستوں کی انتظامی نظرثانی تک محدود کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ بنگالی مسلمانوں کے خلاف پش بیک (Pushback) کی کارروائیاں بھی اسی وسیع تر رجحان کا حصہ ہیں، جس کے ذریعے انہیں مشتبہ شہری اور بیرونی عناصر کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
29 اکتوبر کو جاری ہونے والی ساؤتھ ایشیا جسٹس کیمپین (South Asia Justice Campaign) کی رپورٹ میں ایس آئی آر، بنگالی مسلمانوں کو حقِ رائے دہی سے محروم کرنے کی مبینہ کوششوں، شک کی بنیاد پر نسلوں سے آباد بنگالی مسلمانوں کی دستاویزات اور ثبوتوں کو نظرانداز کرنے اور انہیں سرحد پار دھکیلنے (Pushback) کی کارروائیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ رپورٹ میں ملک کی پانچ ریاستوں میں الیکشن کمیشن کے فارم-7 کے بڑے پیمانے پر مبینہ غلط استعمال کے ذریعے اجتماعی طور پر مسلمانوں کو انتخابی فہرستوں سے باہر کرنے کی کوششوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں ظاہر کیے گئے خدشات کی اہمیت اس وقت مزید بڑھ جاتی ہے جب مغربی بنگال سے ایسی خبریں سامنے آتی ہیں کہ ایس آئی آر کی فہرست میں نام شامل نہ ہونے والے بعض افراد کو سرکاری فلاحی اسکیموں سے محروم کیا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں ایسی رپورٹیں بھی سامنے آئی ہیں کہ ایس آئی آر کی فہرست سے باہر رہ جانے والے بعض خاندانوں کے بچوں کے برتھ سرٹیفکیٹ بنوانے میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی، ادارہ جاتی تعصب اور انصاف تک رسائی میں رکاوٹوں کا سلسلہ اب ایک نئے مرحلے میں داخل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ خدشہ یہ ہے کہ مسلمانوں کو بتدریج ایک ایسے گروہ میں تبدیل کیا جا رہا ہے جو ملک میں تو رہے گا، لیکن اسے وہ تمام شہری حقوق اور قانونی تحفظ حاصل نہیں ہوں گے جو ایک جائز اور تسلیم شدہ شہری کا بنیادی حق ہوتے ہیں۔
اے پی سی آر کی رپورٹ کے چشم کشا اشارے: نفرت انگیزی، ریاستی سرپرستی اور انصاف کا بحران
مودی دور میں جب انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی بیشتر تنظیمیں یا تو خاموشی اختیار کرنے پر مجبور دکھائی دیتی ہیں یا اپنے طریقہ کار اور ترجیحات میں تبدیلی کر رہی ہیں، ایسے میں اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) ایک اہم حقوقِ انسانی تنظیم کے طور پر سامنے آئی ہے۔ حالیہ برسوں میں اس تنظیم نے اقلیتوں کے خلاف پیش آنے والے واقعات کو دستاویزی شکل دینے اور ان کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے، اس نے کئی اہم سوالات کو اجاگر کیا ہے۔ اس کی رپورٹیں نہ صرف اقلیتوں کے خلاف پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے اور نفرت انگیز مہمات کا جائزہ لیتی ہیں بلکہ انتہا پسند عناصر کے خلاف انتظامیہ کی مبینہ غفلت، ریاستی اداروں کے کردار اور صاحبِ اقتدار افراد کی نفرت انگیز تقاریر کو بھی دستاویزی شکل دیتی ہیں۔
اے پی سی آر نے 10 نومبر کو دو الگ الگ رپورٹیں جاری کی ہیں۔ پہلی رپورٹ مذہبی اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم اور تشدد سے متعلق ہے، جبکہ دوسری میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کا جائزہ لیا گیا ہے۔ دونوں رپورٹوں میں مجموعی طور پر 405 واقعات درج کیے گئے ہیں، جن میں 322 نفرت انگیز جرائم اور 83 نفرت انگیز تقاریر شامل ہیں۔
اے پی سی آر کے ہیٹ کرائم ٹریکر کے مطابق 2026 کے پہلے نو ماہ میں ملک کی 24 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف 322 نفرت انگیز جرائم ریکارڈ کیے گئے۔ ان واقعات میں کم از کم 54 افراد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق، 307 واقعات مسلمانوں کے خلاف، 14 عیسائیوں کے خلاف، جبکہ ایک واقعے میں دونوں برادریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ میں حملوں، ہراسانی، گرفتاریوں، گھروں سے بے دخلی اور قتل جیسے مختلف نوعیت کے واقعات شامل ہیں۔ ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2026 کے پہلے نو ماہ کے دوران اوسطاً ہر روز ایک سے زیادہ مرتبہ کسی مسلمان یا عیسائی کو اس کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر تشدد، ہراسانی یا کسی دوسری کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔
ریاستی اداروں کا کردار اور جواب دہی کا سوال
رپورٹ کا سب سے اہم پہلو ریاستی اداروں اور انتظامیہ کے کردار سے متعلق ہے۔ اے پی سی آر کے مطابق 322 میں سے 119 واقعات میں ریاستی ادارے کسی نہ کسی طور پر ملوث تھے۔ یہ مجموعی واقعات کا تقریباً 37 فیصد بنتا ہے۔ ان 119 واقعات میں پولیس کا کردار 81 معاملات میں سامنے آیا۔
یہاں ریاستی اداروں کی شمولیت سے مراد صرف براہِ راست تشدد میں حصہ لینا نہیں ہے، بلکہ بعض معاملات میں کارروائی میں براہِ راست ملوث ہونا اور بعض میں تشدد روکنے یا متاثرین کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق 54 اموات میں سے 21 ایسے واقعات سے متعلق تھیں جن میں پولیس یا دیگر ریاستی اداروں کا کردار سامنے آیا۔ ان میں 12 افراد پولیس یا سکیورٹی فورسز کے مبینہ انکاؤنٹرز میں ہلاک ہوئے، جبکہ 9 افراد پولیس حراست یا جیل میں موت کا شکار ہوئے۔ رپورٹ میں غازی آباد کے بھائیوں ذیشان اور گلفام کی الگ الگ مبینہ پولیس انکاؤنٹرز میں ہلاکت اور احمد آباد میں 70 سالہ ظہیر شیخ کی پولیس حراست میں موت کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔
حراستی اموات: انصاف اور احتساب کا بحران
اے پی سی آر کے مطابق پولیس یا سکیورٹی فورسز سے متعلق 21 اموات کے معاملات میں کسی پولیس اہلکار یا فوجی کے خلاف چارج شیٹ داخل کیے جانے کی اطلاع نہیں تھی۔ ان 21 میں سے صرف چار معاملات میں انکوائری یا ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا۔ احمد آباد کے ظہیر شیخ کی موت کے معاملے میں سپریم کورٹ کے حکم کے بعد پولیس کیس درج کیا گیا، لیکن رپورٹ کے مطابق، ایف آئی آر میں کسی ملزم کا نام درج نہیں تھا۔
رپورٹ میں دہلی کے 34 سالہ سبزی فروش انیس کی پولیس حراست میں موت کا بھی ذکر ہے۔ ان کی والدہ نے الزام لگایا کہ ان کا بیٹا گھر سے بالکل ٹھیک حالت میں گیا تھا لیکن پولیس کی پٹائی کے نتیجے میں اس کی موت ہوئی۔
یہ واقعات اس بنیادی سوال کو نمایاں کرتے ہیں کہ جب قانون نافذ کرنے والے اداروں ہی پر تشدد اور حراستی اموات کے الزامات ہوں تو متاثرین کے لیے انصاف اور جواب دہی کا نظام کس حد تک مؤثر رہ جاتا ہے۔
متاثرین ہی کے خلاف مقدمات
رپورٹ کا ایک اور اہم انکشاف یہ ہے کہ جن 108 واقعات میں ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق ہوئی، ان میں سے 40 معاملات میں حملے کا نشانہ بننے والے افراد ہی کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ یہ ان واقعات کا تقریباً 37 فیصد ہے جن میں ایف آئی آر کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
رپورٹ میں گجرات کے شہر سورت میں گائے کے گوشت سے متعلق ایک کارروائی کا ذکر کیا گیا ہے، جہاں پولیس نے عام شہریوں کے ساتھ مل کر کارروائی کی اور 22 مسلم مردوں کو گرفتار کیا۔
اسام کے تین نوجوانوں کا معاملہ بھی رپورٹ میں شامل ہے۔ ان نوجوانوں نے احتجاج منظم کرنے کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ بنایا تھا اور اس مقصد کے لیے پولیس سے اجازت بھی طلب کی تھی، لیکن اس کے باوجود انہیں جیل جانا پڑا۔
اسی سال جولائی میں مغربی بنگال کے ضلع جنوبی 24 پرگنہ کے برئی پور میں ایک 11 سالہ مسلم لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا واقعہ پیش آیا۔ اس واقعے سے مشتعل ہجوم نے ایک مشتبہ ملزم کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔ واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ اچانک سرگرم ہوئے، پولیس نے گرفتاریاں شروع کیں اور ایک ملزم کو پولیس حراست میں نصف شب کے وقت جائے وقوع کی نشاندہی کے لیے لے جایا گیا، جہاں وہ مبینہ پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہو گیا۔
تاہم، اس پورے معاملے میں ایک اور تشویش ناک پہلو سامنے آیا۔ موب لنچنگ کے واقعے کی سزا مبینہ طور پر پورے علاقے کی مسلم آبادی کو بھگتنی پڑی۔ کئی ماہ تک گاؤں کے متعدد مرد گرفتاری کے خوف سے اپنے گھروں سے دور رہے۔ ان میں ایسے افراد بھی شامل تھے جو نہ تو جائے وقوع پر موجود تھے اور نہ ہی اس واقعے میں ان کے ملوث ہونے کا کوئی براہِ راست ثبوت سامنے آیا تھا۔ اس طرح ایک سنگین جرم کے بعد انفرادی ذمہ داری طے کرنے کے بجائے پورے علاقے کے لوگوں میں خوف اور عدم تحفظ کی فضا پیدا ہونے کا تاثر سامنے آیا۔
بلڈوزر کارروائیاں اور مسلمانوں کی بے دخلی
رپورٹ میں مسلمانوں کے مکانات اور مذہبی مقامات کے انہدام اور بے دخلی کے واقعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں دو مثالیں خاص طور پر درج کی گئی ہیں۔ سہارنپور کے کلکٹریٹ احاطے میں واقع ایک صدی پرانی مسجد کو منہدم کیا گیا، جبکہ آسام کے گوالپارہ میں 73 مسلم خاندانوں کو صرف 24 گھنٹوں کی نوٹس پر بے دخل کر دیا گیا۔
اے پی سی آر نے ان کارروائیوں کو سپریم کورٹ کی جانب سے 2024 میں بلڈوزر انہدام سے متعلق جاری کردہ رہنما ہدایات کے تناظر میں بھی دیکھا ہے۔ رپورٹ کا بنیادی سوال یہ ہے کہ عدالتی ہدایات کے باوجود اقلیتوں کے مکانات اور مذہبی مقامات کے خلاف ایسی کارروائیوں کو کس طرح روکا جائے اور متاثرین کو انصاف کیسے فراہم کیا جائے۔
مذہبی تہوار، سیاسی سرگرمیاں اور تشدد
رپورٹ میں تشدد کے واقعات اور مذہبی و سیاسی کیلنڈر کے درمیان تعلق کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ اے پی سی آر کے مطابق، تین مخصوص ادوار میں مجموعی طور پر 322 میں سے 187 واقعات پیش آئے، یعنی تقریباً 58 فیصد۔ یہ ادوار سال کے کل دنوں کے تقریباً 37 فیصد پر مشتمل تھے۔
رپورٹ کے مطابق، گوشت اور مویشیوں سے متعلق معاملات تقریباً ہر چار واقعات میں سے ایک کے پیچھے محرک تھے اور ان واقعات میں 11 افراد کی موت ہوئی۔
رپورٹ میں مسلمانوں کے تہواروں سے متعلق 40 واقعات درج کیے گئے، جن میں زیادہ تر پابندیوں، دھمکیوں اور ہراسانی کے معاملات تھے۔ ان میں کوئی واقعہ مہلک ثابت نہیں ہوا۔ اس کے برعکس، ہندو تہواروں اور جلوسوں سے متعلق 21 واقعات میں دو افراد کی موت ہوئی۔
مجموعی طور پر 54 اموات میں سے 33 افراد ہجوم، خود ساختہ محافظوں، انفرادی حملہ آوروں یا چھوٹے گروہوں کے ہاتھوں ہلاک ہوئے، جبکہ باقی 21 اموات ایسے واقعات سے متعلق تھیں جن میں ریاستی اداروں کا کردار سامنے آیا۔
نفرت انگیز تقاریر میں اقتدار کی شمولیت
اے پی سی آر کی دوسری رپورٹ میں نفرت انگیز تقاریر کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور چار وزرائے اعلیٰ سمیت کئی سرکاری عہدوں پر فائز افراد کے بیانات کا ذکر کیا گیا ہے۔
ان میں مغربی بنگال میں 14 مارچ کو مودی کی وہ تقریر بھی شامل ہے جس میں انہوں نے دراندازوں کے ذریعے بنگال کی آبادیاتی ساخت تبدیل کرنے کی بات کی تھی۔ امت شاہ کے مارچ میں بنگال اور آسام سے دراندازوں کو ملک سے نکالنے کے وعدوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، 83 نفرت انگیز تقاریر میں سے 37 میں تشدد کی اپیل کی گئی یا ہندوؤں کو ہتھیار اٹھانے کی ترغیب دی گئی۔ تقریباً 12 افراد کی جانب سے لگ بھگ 50 تقاریر اور ویڈیو کلپس سامنے آئے، جن میں سے سات افراد سرکاری عہدوں پر فائز تھے۔
رپورٹ میں نفرت انگیز تقاریر کے رجحان میں ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ اس کے مطابق، اب محض مسلمانوں کے خلاف نفرت کا اظہار نہیں کیا جا رہا، بلکہ بعض تقاریر میں پولیس اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ مسلمانوں کو ماورائے عدالت قتل کریں۔ یہ رجحان نفرت انگیز بیانیے کے مزید خطرناک رخ کی طرف اشارہ کرتا ہے
اے پی سی آر نے اپنی رپورٹوں کی تیاری میں میڈیا رپورٹس، سول سوسائٹی کے ٹریکرز، فیکٹ فائنڈنگ تحقیقات اور متاثرین سے متعلق دستیاب معلومات سے استفادہ کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق، اس کے اعداد و شمار ان واقعات پر مبنی ہیں جن کی اطلاع ملی اور جنہیں دستاویزی شکل دی جا سکی۔ رپورٹ میں یہ بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ 322 واقعات میں سے تقریباً 60 کی مزید جانچ باقی تھی، اس لیےاعداد و شمار میں معمولی تبدیلی ممکن ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ رپورٹ میں درج واقعات کو ملک بھر میں پیش آنے والے تمام نفرت انگیز جرائم کی مکمل تعداد نہیں سمجھنا چاہیے۔ بہت سے واقعات رپورٹ نہیں ہو پاتے، جبکہ بعض واقعات کی اطلاع ملنے کے باوجود ان پر مؤثر کارروائی نہیں ہوتی۔
اے پی سی آر کی دونوں رپورٹوں کے اعداد و شمار کو مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ایک ایسا سلسلہ سامنے آتا ہے جس میں نفرت انگیز تقاریر، مذہبی شناخت کی بنیاد پر تشدد، پولیس اور انتظامیہ کا کردار، متاثرین کے خلاف مقدمات اور انصاف تک رسائی میں رکاوٹیں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔ ان رپورٹوں کی اہمیت صرف اس بات میں نہیں ہے کہ انہوں نے مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف پیش آنے والے واقعات کی تعداد درج کی ہے، بلکہ اس میں بھی ہے کہ انہوں نے ان واقعات کے دوران ریاستی اداروں کے کردار اور جواب دہی کے فقدان سے متعلق سوالات اٹھائے ہیں۔
یہ اعداد و شمار اس بحث کو آگے بڑھاتے ہیں کہ اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیزی کو محض چند افراد کے انفرادی رویوں یا الگ تھلگ واقعات تک محدود کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ جب نفرت انگیز تقاریر میں صاحبِ اقتدار افراد کے بیانات شامل ہوں، تشدد کے واقعات میں انتظامیہ کا کردار سامنے آئے اور متاثرین کو انصاف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہو تو یہ صورتِ حال ملک میں مساوی شہریت، آئینی تحفظ اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے سنجیدہ سوالات پیدا کرتی ہے۔
اے پی سی آر اور ساؤتھ ایشیا جسٹس کمپین کی دونوں رپورٹوں کے اعداد و شمار اور واقعات واضح کرتے ہیں کہ ایک طرف نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے مسلمانوں کو ملک کی سلامتی اور سماجی ہم آہنگی کے لیے خطرہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، تو دوسری طرف انتخابی فہرستوں سے ناموں کے اخراج، دستاویزات کی جانچ اور شہریت پر سوالات اٹھا کر ان کی شہری شناخت کو بھی مسلسل دباؤ میں رکھا جا رہا ہے۔ ان رپورٹوں میں پولیس اور انتظامی اداروں کے کردار، متاثرین کو انصاف نہ ملنے اور بعض معاملات میں ریاستی اداروں کی مبینہ شمولیت سے متعلق جو سوالات اٹھائے گئے ہیں، وہ محض اقلیتی حقوق کا مسئلہ نہیں، بلکہ ہندوستان کے آئینی نظام، قانون کی حکم رانی اور جمہوری اقدار کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج ہیں۔ تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ نفرت انگیز بیانات دینے والوں میں وہ افراد بھی شامل ہیں جن پر آئین اور قانون کے تحفظ کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ جب ملک کے وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور مختلف ریاستوں کے سربراہان، یعنی وزرائے اعلیٰ، نفرت انگیزی کریں اور ایک خاص کمیونٹی کو نشانہ بنایا جائے تو کیا انصاف کی امید کی جا سکتی ہے؟
اے پی سی آر کی رپورٹ کی محقق سیدہ عقاصہ کا یہ تجزیہ قابلِ توجہ ہے کہ اقتدار اور انتخابی کامیابی کے لیے شروع ہونے والی نفرت انگیزی اب مقامی سطح اور عام شہریوں تک پہنچ چکی ہے؛ یہاں تک کہ پڑوسی بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہے۔ یوں سیاسی سطح پر شروع ہونے والی نفرت سماجی تعلقات اور روزمرہ زندگی کو بھی متاثر کر رہی ہے۔
اس پورے منظرنامے میں بنیادی سوال صرف یہ نہیں کہ کتنے افراد تشدد کا شکار ہوئے یا کتنے نام ووٹر لسٹ سے خارج کیے گئے، بلکہ یہ بھی ہے کہ کیا ہندوستان میں مسلمانوں کو بلاخوف اپنے حقوق استعمال کرنے، اپنی شناخت ثابت کرنے اور قانون سے یکساں تحفظ حاصل کرنے کا موقع مل رہا ہے؟ ووٹر لسٹ سے نام خارج ہونا بظاہر انتخابی عمل کا ایک معاملہ ہو سکتا ہے، لیکن جب اس کے ساتھ شہری کی شناخت، اس کے حقوق اور اپنے ہی ملک میں اس کے جائز وجود پر سوالیہ نشان لگنے لگے تو یہ مسئلہ محض انتخابی نظرثانی تک محدود نہیں رہتا۔ یہ ہندوستان کے آئینی وعدے اور اس کی جمہوری روح سے جڑا ایک بنیادی سوال بن چکا ہے۔
تشدد سے شہری حقوق تک: مسلمانوں کے خلاف دباؤ کا بڑھتا دائرہ

پولیس انکاؤنٹرز، نفرت انگیز تقاریر، ووٹر فہرستوں سے ناموں کا اخراج، مساجد و مدارس پر کارروائیاں اور انصاف تک رسائی کا بحران

