انسانی زندگی اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت بھی اور امانت بھی ہے۔ انسان کی صحت اور جسمانی و ذہنی صلاحیتیں نہ صرف اس کی ذاتی ضرورت ہیں بلکہ خاندان، معاشرے اور ملک کی ترقی کے لیے بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔ کوئی قوم اس وقت تک حقیقی ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس کے شہری صحت مند نہ ہوں۔ تعلیم، صنعت، تجارت اور معیشت کی ترقی کا انحصار بھی بڑی حد تک عوام کی صحت پر ہوتا ہے۔
اسی لیے ترقی یافتہ ممالک صحت کے شعبے کو محض تجارتی سرگرمی نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کا بنیادی شعبہ سمجھتے ہیں۔ اس کے برعکس بھارت جیسے بڑی آبادی والے ملک میں صحت کا شعبہ کئی سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ ایک طرف سرکاری ہسپتالوں میں بنیادی سہولتوں کی کمی ہے تو دوسری طرف نجی ہسپتالوں میں علاج کے بڑھتے ہوئے اخراجات عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔
اس صورت حال کا سب سے زیادہ نقصان غریب اور متوسط طبقے کو پہنچتا ہے۔ بیماری انسان کو جسمانی اور ذہنی تکلیف میں مبتلا کرنے کے ساتھ ساتھ پورے خاندان کو معاشی بحران میں دھکیل سکتی ہے۔ بعض اوقات ایک فرد کی بیماری خاندان کی برسوں کی جمع پونجی ختم کر دیتی ہے۔ لہٰذا یہ مسئلہ صرف طبی سہولتوں کی کمی کا نہیں بلکہ معاشرتی انصاف، انسانی ہمدردی اور اخلاقی ذمہ داری کا بھی ہے۔ اسلام ان تمام پہلوؤں کے بارے میں واضح رہنمائی کرتا ہے۔
-1 بھارت میں صحت کے شعبے کی موجودہ صورتِ حال
وزارتِ صحت کے نیشنل ہیلتھ اکاؤنٹس کی 23-2022 کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق عوام کی اپنی جیب سے ہونے والے طبی اخراجات مجموعی اخراجات کا 43.4 فیصد تھے۔ اس کا مطلب ہے کہ صحت پر خرچ ہونے والے ہر سو روپے میں سے تقریباً 43 روپے براہِ راست عوام کو اپنی جیب سے ادا کرنے پڑتے ہیں۔
اسی رپورٹ کے مطابق صحت کے شعبے پر سرکاری اخراجات GDP کا صرف 1.43 فیصد تھے، جبکہ نیشنل ہیلتھ پالیسی 2017 میں اسے بتدریج 2.5 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے مقابلے میں کئی ترقی یافتہ ممالک صحت کے شعبے پر GDP کا 6 سے 10 فیصد تک خرچ کرتے ہیں۔
اگر بھارت میں صحت کے لیے سرکاری بجٹ میں اضافہ کیا جائے تو نئے ہسپتال قائم کرنے، موجودہ ہسپتالوں کو بہتر بنانے، ضروری ادویات اور جدید مشینیں فراہم کرنے، طبی عملے کی تربیت اور تحقیق کو فروغ دینے کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس سے عوام کا نجی ہسپتالوں پر انحصار بھی کم ہو سکتا ہے۔
نیشنل سیمپل سروے (NSS) 2017-18 کے مطابق ہسپتال میں داخل ہوکر علاج کروانے والے مریضوں میں تقریباً 55 فیصد نے نجی ہسپتالوں سے رجوع کیا، جبکہ آؤٹ پیشنٹ مریضوں کے علاج میں نجی ہسپتالوں اور کلینکس کا حصہ تقریباً 66 فیصد تھا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت کا صحت کا نظام بڑی حد تک نجی شعبے پر انحصار کرتا ہے۔
نجی شعبے کا وجود بذاتِ خود کوئی مسئلہ نہیں۔ نجی ہسپتال جدید مشینوں، ماہر ڈاکٹروں اور بہتر انتظام کے ذریعے قابلِ قدر خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب صحت جیسی بنیادی انسانی ضرورت کو صرف نفع خوری کا ذریعہ بنا دیا جائے اور مریض کی مجبوری سے تجارتی فائدہ اٹھایا جائے۔
-2 دیہی علاقوں میں طبی سہولتوں کا فقدان
بھارت کی ایک بڑی آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے، جہاں بنیادی طبی سہولتوں کی عدم دستیابی ایک سنگین مسئلہ ہے۔ شہروں میں بڑے سرکاری اور نجی ہسپتال موجود ہیں لیکن دور دراز دیہات اور قبائلی علاقوں کے لوگوں کو معمولی بیماری کے علاج کے لیے بھی کئی کلومیٹر سفر کرنا پڑتا ہے۔
وزارتِ صحت کی رپورٹ Health Dynamics of India 2022-23 کے مطابق 31 مارچ 2023 تک ملک میں 31,882 پرائمری ہیلتھ سنٹرز (PHCs) اور 6,359 کمیونٹی ہیلتھ سنٹرز (CHCs) موجود تھے۔ تاہم ان مراکز میں ڈاکٹروں اور ماہرین کی دستیابی میں نمایاں کمی ہے۔
دیہی علاقوں کے کمیونٹی ہیلتھ سنٹرز میں سرجن، گائناکالوجسٹ، فزیشن اور بچوں کے ماہر ڈاکٹروں کی مجموعی ضرورت 21,964 تھی، جبکہ صرف 4,413 ماہر ڈاکٹر دستیاب تھے۔ یعنی ضرورت کے مقابلے میں تقریباً 80 فیصد کمی تھی۔
اس کا نتیجہ یہ ہے کہ کسی دیہی علاقے میں خاتون کو زچگی کے دوران پیچیدگی پیش آجائے، کسی بچے کو ماہرِ اطفال کی ضرورت ہو یا کسی مریض کو سرجری درکار ہو تو اسے بروقت علاج ملنا مشکل ہوجاتا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں بستروں، ادویات، تشخیصی مشینوں اور تربیت یافتہ عملے کی کمی بھی مشکلات میں اضافہ کرتی ہے۔ اس صورتِ حال میں غریب مریض نجی ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، جہاں علاج کے اخراجات ان کی مالی استطاعت سے کہیں زیادہ ہوتے ہیں۔
نجی ہسپتالوں میں نفع خوری کا بڑھتا ہوا رجحان
نجی شعبے نے بھارت میں طبی سہولتوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے، لیکن صحت کے شعبے کی بڑھتی ہوئی تجارتی نوعیت نے کئی اخلاقی سوالات پیدا کیے ہیں۔ جب کسی ہسپتال کی کامیابی کا معیار مریضوں کی صحت یابی کے بجائے اس کی آمدنی اور منافع بن جائے تو علاج کے فیصلوں پر تجارتی مفادات اثر انداز ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔
اس کی چند نمایاں صورتیں یہ ہیں:
غیر ضروری طبی ٹیسٹ: بعض مریضوں کو بیماری کی نوعیت اور علامات کے مقابلے میں ضرورت سے زیادہ MRI، CT Scan، خون کے ٹیسٹ اور دیگر مہنگے تشخیصی ٹیسٹ تجویز کیے جاتے ہیں۔ بعض اوقات ایک ہی نوعیت کے ٹیسٹ بار بار کروائے جاتے ہیں، حالانکہ ان کے نتائج سے علاج کے طریقے میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں ہوتی۔ واضح رہے کہ یہ تمام ٹیسٹ اپنی جگہ اہم طبی سہولتیں ہیں؛ اعتراض صرف ان کے بلا ضرورت یا مالی فائدے کے لیے استعمال پر ہے۔ نیشنل میڈیکل کمیشن کے طبی اخلاقیات سے متعلق ضابطوں میں بھی غیر ضروری ٹیسٹوں سے گریز اور مریض کے مفاد کو مقدم رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سیزیرین آپریشن کا بڑھتا ہوا رجحان: بعض حالات میں ماں اور بچے کی جان بچانے کے لیے سیزیرین آپریشن ضروری ہوتا ہے۔ لیکن اگر نارمل ڈلیوری ممکن ہو اور محض مالی فائدے یا دیگر غیر طبی وجوہات کی بنا پر آپریشن کیا جائے تو یہ قابلِ تشویش ہے۔ نیشنل فیملی ہیلتھ سروے (NFHS-5) 2019-21 کے اعداد و شمار کے مطابق نجی طبی اداروں میں سیزیرین کی شرح 47.4 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو اس رجحان کا جائزہ لینے کی ضرورت کو ظاہر کرتی ہے۔
غیر ضروری سرجریز: دل کے اسٹنٹ ڈالنے، گھٹنے تبدیل کرنے، ریڑھ کی ہڈی کے آپریشن اور دیگر مہنگے علاج کے بارے میں یہ سوال اٹھتا رہا ہے کہ کیا ہر مریض کو واقعی ان کی ضرورت ہوتی ہے؟ بعض حالات میں ادویات، فزیوتھراپی اور دیگر کم خرچ طریقوں سے بھی فائدہ حاصل ہوسکتا ہے۔ اس لیے مہنگے آپریشن کا مشورہ دینے سے پہلے طبی ضرورت، متبادل علاج اور ممکنہ فوائد و نقصانات سے مریض کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔
زندگی کے آخری مرحلے میں علاج: بعض مریضوں کی صحت یابی کے امکانات انتہائی کم ہوتے ہیں، اس کے باوجود انہیں طویل عرصے تک وینٹی لیٹر اور دیگر مہنگے طبی آلات پر رکھا جاتا ہے۔ بعض حالات میں ایسا علاج طبی طور پر مناسب ہوسکتا ہے لیکن اگر کوئی معقول طبی فائدہ باقی نہ ہو اور خاندان کو حقیقت سے آگاہ کیے بغیر صرف مالی منفعت کے لیے علاج جاری رکھا جائے تو یہ سنگین اخلاقی مسئلہ بن جاتا ہے۔ ایسے فیصلوں میں مریض کا وقار، تکلیف، علاج کے ممکنہ فوائد اور خاندان کی رضامندی کو ملحوظ رکھنا چاہیے۔
-4 علاج کے اخراجات اور غریب و متوسط طبقے کی معاشی تباہی
بھارت میں صحت کے شعبے کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ بیماری کے ساتھ علاج کا خرچ بھی مستقل مصیبت بن جاتا ہے۔ دل کے امراض، کینسر، گردوں کی بیماریوں اور حادثات کے علاج میں ہسپتال کے اخراجات کے علاوہ ادویات، ٹیسٹ، سفر اور دیکھ بھال پر بھی بڑی رقم خرچ ہوتی ہے۔ ایسے حالات میں خاندان اپنی زمین اور جائیداد فروخت کرنے، خواتین کے زیورات بیچنے، رشتہ داروں سے قرض لینے اور بعض اوقات سود پر قرض حاصل کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ بچوں کی تعلیم اور دیگر بنیادی ضروریات پر خرچ کم کرنا پڑتا ہے۔ بعض خاندان علاج ترک کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں اور سنگین حالت میں مریض کو گھر لے آتے ہیں۔
کسی شخص کو صرف اس وجہ سے علاج سے محروم نہیں ہونا چاہیے کہ اس کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ حقیقی فلاحی معاشرے کی پہچان یہ ہے کہ اس میں کسی غریب انسان کی زندگی اس کی مالی حیثیت کی وجہ سے کم اہم نہ سمجھی جائے۔
-5 طبی تعلیم کی مہنگائی اور پیشے کی اخلاقی بنیادیں
صحت کے شعبے کا ایک اہم مسئلہ طبی تعلیم کی بڑھتی ہوئی لاگت بھی ہے۔ بھارت میں سرکاری میڈیکل کالجوں کے مقابلے میں بہت سے نجی میڈیکل کالجوں کی فیس انتہائی زیادہ ہوتی ہے۔ اس سے غریب اور متوسط طبقے کے ذہین طلبا کے لیے ڈاکٹر بننے کے مواقع محدود ہوجاتے ہیں اور مالی استطاعت داخلے میں اہم کردار ادا کرنے لگتی ہے۔
دوسری طرف، جو طالب علم اپنی طبی تعلیم پر بہت بڑی رقم خرچ کرتا ہے اس پر تعلیم مکمل کرنے کے بعد سرمایہ واپس حاصل کرنے کا معاشی دباؤ پیدا ہوسکتا ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ ایسا ہر ڈاکٹر غیر اخلاقی رویہ اختیار کرے لیکن اگر طبی تعلیم کا نظام ہی بھاری سرمایہ کاری اور اس کی واپسی کے تصور پر استوار ہوجائے تو پیشے کی اخلاقی بنیادیں متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
ڈاکٹر کا اصل مقام ایک قابلِ احترام معالج اور انسانیت کے خدمت گزار کا ہونا چاہیے۔ اس لیے طبی تعلیم کو معیاری بنانے کے ساتھ ساتھ قابلِ استطاعت بنانا، سرکاری میڈیکل کالجوں کی تعداد اور نشستوں میں اضافہ کرنا اور نجی اداروں کی فیس میں شفافیت قائم کرنا ضروری ہے۔
حفظانِ صحت کے بارے میں اسلام کا بنیادی تصور
اسلام میں انسانی جان، صحت اور جسمانی سلامتی کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَلَا تَقْتُلُوا أَنْفُسَكُمْ ۚ إِنَّ اللّٰهَ كَانَ بِكُمْ رَحِيمًا (سورۃ النساء:۲۹)
’’اور اپنی جانوں کو ہلاکت میں نہ ڈالو، بے شک اللہ تم پر بہت مہربان ہے۔‘‘
ایک اور مقام پر ارشاد ہے:
وَلَا تُلْقُوا بِأَيْدِيكُمْ إِلَى التَّهْلُكَةِ (سورۃ البقرہ:۱۹۵)
’’اور اپنے آپ کو اپنے ہاتھوں ہلاکت میں نہ ڈالو۔‘‘
ان آیات کی روشنی میں صحت کی حفاظت، بیماریوں سے بچاؤ اور بروقت علاج کی کوشش اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ ہے۔ مقاصدِ شریعت میں انسانی جان کا تحفظ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ امام غزالیؒ اور دیگر علماء نے دین، جان، عقل، نسل اور مال کی حفاظت کو انسانی زندگی کی بنیادی ضروریات میں شمار کیا ہے۔
1- انسانی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے:
اللہ تعالیٰ سورۃ المائدہ میں فرماتا ہے:
مَنْ قَتَلَ نَفْسًا بِغَيْرِ نَفْسٍ أَوْ فَسَادٍ فِي الْأَرْضِ فَكَأَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِيعًا وَمَنْ أَحْيَاهَا فَكَأَنَّمَا أَحْيَا النَّاسَ جَمِيعًا (سورۃ المائدہ:۳۲)
’’جس نے کسی انسان کو قتل کیا، بغیر اس کے کہ اس نے کسی کو قتل کیا ہو یا زمین میں فساد برپا کیا ہو، تو گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کردیا اور جس نے کسی ایک انسان کی جان بچائی، اس نے گویا تمام انسانوں کی جان بچائی۔‘‘
اس آیت میں انسانی جان کی حرمت اور اس کے تحفظ کی عظمت واضح کی گئی ہے۔ اگر کوئی ڈاکٹر اپنی مہارت سے مریض کی جان بچاتا ہے، کوئی نرس بیمار کی خدمت کرتی ہے یا کوئی صاحبِ ثروت شخص ضرورت مند کے علاج کے اخراجات برداشت کرتا ہے تو وہ سب انسانی جان کی حفاظت کے عظیم کام میں شریک ہیں۔ یہ پیغام صرف ڈاکٹروں کے لیے نہیں بلکہ حکومت، ہسپتالوں کے منتظمین اور پورے معاشرے کے لیے ہے کہ انسانی زندگی کو ہر حال میں اہمیت دی جائے۔
2- علاج کروانا بھی اسلامی تعلیم ہے:
بعض لوگوں میں یہ تصور پایا جاتا ہے کہ بیماری اللہ کی طرف سے ہے، اس لیے علاج کے بجائے صرف دعا پر اکتفا کرنا چاہیے۔ حالانکہ رسول اللہ ﷺ نے خود علاج کی ترغیب دی ہے۔
آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ نے کوئی بیماری ایسی نازل نہیں کی جس کے لیے اس نے شفا بھی نازل نہ کی ہو۔‘‘
ایک دوسری حدیث میں فرمایا: ’’اے اللہ کے بندو! علاج کراو، کیونکہ اللہ نے کوئی بیماری ایسی نہیں رکھی جس کی دوا نہ رکھی ہو۔‘‘
ان احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ علاج کروانا توکل کے خلاف نہیں بلکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق ہے۔ شفا اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے، لیکن دوا اور علاج اس کے عطا کردہ اسباب ہیں۔
اس تعلیم کا ایک اہم تقاضا یہ بھی ہے کہ طب، میڈیکل سائنس اور طبی تحقیق کو فروغ دیا جائے۔ بیماریوں کی تشخیص، نئی ادویات کی تحقیق اور ویکسین کی تیاری کو انسانیت کی خدمت سمجھا جائے۔
3- ڈاکٹر کا پیشہ ایک امانت اور اخلاقی ذمہ داری ہے:
اسلام میں امانت داری اور دیانت داری بنیادی اخلاقی اصول ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
إِنَّ اللّٰهَ يَأْمُرُكُمْ أَنْ تُؤَدُّوا الْأَمَانَاتِ إِلَىٰ أَهْلِهَا (سورۃ النساء:۵۸)
’’بے شک اللہ تمہیں حکم دیتا ہے کہ امانتیں ان کے اہل لوگوں کے سپرد کرو۔‘‘
ڈاکٹر کے پاس مریض کی زندگی، صحت اور علاج کے فیصلے امانت کے درجے میں ہوتے ہیں۔ مریض اپنے طبی معاملات میں ڈاکٹر کے علم اور تجربے پر اعتماد کرتا ہے۔ اس اعتماد کا تقاضا ہے کہ ڈاکٹر:
• درست تشخیص کرے اور صرف ضروری ٹیسٹ تجویز کرے۔
• علاج کے ممکنہ طریقوں، فوائد اور نقصانات سے مریض کو آگاہ کرے۔
• مریض کی مالی حیثیت اور مجبوری کو ملحوظ رکھے۔
• اپنی مہارت اور قابلیت سے بڑھ کر دعوے نہ کرے۔
• مریض کی اجازت اور طبی جواز کے بغیر غیر ضروری علاج نہ کرے۔
• مریض کی نجی معلومات کو محفوظ رکھے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جس نے ہمیں دھوکا دیا وہ ہم میں سے نہیں ہے‘‘
اگر کوئی ڈاکٹر جان بوجھ کر غلط معلومات دے، غیر ضروری ٹیسٹ یا آپریشن تجویز کرے یا مریض کے خوف اور اعتماد کو مالی فائدے کے لیے استعمال کرے تو یہ امانت و دیانت کے اصولوں کے خلاف ہے۔
تاہم یہ بات بھی واضح رہنی چاہیے کہ ڈاکٹر کو اپنی مہارت، وقت اور خدمات کا مناسب معاوضہ حاصل کرنے کا پورا حق ہے۔ اسلام جائز تجارت اور منافع سے منع نہیں کرتا۔ اعتراض اس وقت ہے جب منافع کے حصول میں دھوکا، استحصال یا انسانی مجبوری سے ناجائز فائدہ اٹھایا جائے۔
4- مریض کی مجبوری سے ناجائز فائدہ اٹھانا حرام ہے:
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَلَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُمْ بَيْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ (سورۃ البقرہ: ۱۸۸)
’’اور آپس میں ایک دوسرے کے مال ناحق طریقے سے نہ کھاؤ۔‘‘
ایک اور مقام پر ارشاد ہے:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَأْكُلُوا أَمْوَالَكُمْ بَيْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ إِلَّا أَنْ تَكُونَ تِجَارَةً عَنْ تَرَاضٍ مِنْكُمْ (سورۃ النساء:۲۹)
’’اے ایمان والو! آپس میں ایک دوسرے کے مال ناحق طریقے سے نہ کھاؤ، مگر یہ کہ تمہاری باہمی رضامندی سے تجارت ہو۔‘‘
ان آیات کی روشنی میں جائز کاروبار اور ناجائز مالی استحصال میں فرق واضح ہو جاتا ہے۔ ہسپتال اگر معیاری خدمات فراہم کرکے مناسب معاوضہ وصول کرتا ہے تو یہ جائز کاروبار ہے۔ لیکن مریض کی لاعلمی، خوف یا مجبوری سے فائدہ اٹھا کر غیر ضروری ٹیسٹ، آپریشن یا مہنگا علاج تجویز کرنا قابلِ گرفت عمل ہے۔
بالخصوص کسی غریب مریض کو محض اس وجہ سے علاج سے محروم کردینا کہ وہ اخراجات برداشت نہیں کرسکتا، انسانی ہمدردی اور اسلامی معاشرتی ذمہ داری کے منافی ہے۔
5- مریض کے ساتھ نرمی اور ہمدردی:
بیمار انسان جسمانی تکلیف کے ساتھ ذہنی پریشانی اور خوف میں بھی مبتلا ہوتا ہے۔ ایسے وقت میں ڈاکٹر اور طبی عملے کا حسنِ سلوک اس کے لیے بڑی تسلی کا باعث بن سکتا ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جو رحم نہیں کرتا، اس پر رحم نہیں کیا جاتا۔‘‘
یہ تعلیم طبی عملے کے لیے بھی اہم ہے۔ مریض کے ساتھ احترام، نرمی اور ہمدردی کا برتاؤ ہونا چاہیے۔ اس کے سوالات کا جواب دینا، مالی مشکلات کو سمجھنا اور خاندان کو مناسب رہنمائی فراہم کرنا بھی طبی خدمت کا حصہ ہے۔
6- عوامی صحت اور بیماریوں سے بچاؤ:
اسلام صرف بیماری کے بعد علاج کی تعلیم نہیں دیتا بلکہ صفائی، پاکیزگی اور بیماریوں سے بچاؤ کو بھی اہمیت دیتا ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’پاکیزگی نصف ایمان ہے۔‘‘
اسی طرح وبائی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آپ نے طاعون کے متعلق ہدایت دی کہ جس علاقے میں طاعون پھیل جائے، وہاں داخل نہ ہو اور جو شخص اس علاقے میں موجود ہو، وہ وہاں سے فرار کی نیت سے باہر نہ نکلے۔
یہ ہدایت عوامی صحت اور اجتماعی احتیاط کی اہمیت واضح کرتی ہے۔ آج کے دور میں اس اصول کا اطلاق قرنطینہ، وبائی بیماریوں کی نگرانی اور ان کے پھیلاؤ کو روکنے کے سائنسی طریقوں پر کیا جاسکتا ہے۔
لہٰذا صاف پانی، صفائی، نکاسی آب، غذائیت، حفاظتی ٹیکوں، ماں اور بچے کی صحت اور صحتِ عامہ کی تعلیم کے لیے مناسب انتظامات ضروری ہیں۔
اسلامی ریاست اور حکومت کی ذمہ داریاں
اسلام کا تصورِ حکومت صرف امن و امان قائم کرنے اور سرحدوں کی حفاظت تک محدود نہیں بلکہ عوام کی بنیادی ضروریات اور معاشرتی فلاح و بہبود بھی حکومت کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تم میں سے ہر شخص نگہبان ہے اور ہر شخص سے اس کی رعیت کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔‘‘
اس حدیث کی روشنی میں حکم رانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی بنیادی ضروریات اور حقوق کی حفاظت کریں۔ اسی اصول کا تقاضا ہے کہ صحت کا ایسا نظام قائم کیا جائے جس میں کسی شہری کو غربت کی وجہ سے ضروری علاج سے محروم نہ ہونا پڑے۔
1- تمام شہریوں کے لیے بنیادی طبی سہولتیں:
ہر گاؤں اور شہری علاقے میں معیاری بنیادی طبی مراکز قائم کیے جائیں۔ ہر ضلع میں جدید سہولتوں سے آراستہ سرکاری ہسپتال موجود ہو۔ سرکاری ہسپتالوں میں ضروری ادویات، زچگی، بچوں کی صحت اور ہنگامی طبی خدمات مفت یا قابلِ استطاعت قیمت پر فراہم کی جائیں۔
کینسر، دل، گردوں اور دیگر سنگین بیماریوں کے مستحق مریضوں کے لیے سرکاری خرچ پر علاج کا خصوصی انتظام ہو۔ دیہی اور قبائلی علاقوں میں ڈاکٹروں اور نرسوں کی تعیناتی اور ایمبولینس کی سہولت کو یقینی بنایا جائے۔
2- غریب مریضوں کے لیے بیت المال اور سماجی فنڈ:
اسلامی معاشرے میں بیت المال کا ایک اہم مقصد مستحق افراد کی ضروریات پوری کرنا ہے۔ زکوٰۃ، صدقات، عطیات اور اوقاف کے ذریعے غریب مریضوں کے علاج کا مستقل نظام قائم کیا جاسکتا ہے۔
قرآن مجید میں زکوٰۃ کے مستحقین میں فقراء اور مساکین کو شامل کیا گیا ہے (سورۃ التوبہ:۶۰)۔ فقہی اصولوں کے مطابق مستحق مریضوں کی مالی مدد زکوٰۃ کے ذریعے کی جاسکتی ہے، بشرطیکہ اس کے شرعی تقاضے پورے ہوں۔
اس مقصد کے لیے کینسر، ڈائیلاسس، دل کی سرجری اور دیگر مہنگے علاج کے لیے مستقل امدادی فنڈ قائم کیے جائیں۔ مساجد اور فلاحی ادارے مقامی سطح پر مریضوں کی مدد کریں اور صاحبِ ثروت افراد ہسپتالوں اور طبی مراکز کے لیے اوقاف قائم کریں۔ زکوٰۃ اور صدقات کی تقسیم میں شفافیت اور مستحقین تک بروقت رسائی کو یقینی بنایا جائے۔
سیرت سے مریضوں کی خدمت کی عملی مثالیں
رسول اللہ ﷺ بیماروں کی عیادت فرمایا کرتے تھے اور ان کے لیے دعا کرتے تھے۔ آپ نے مسلمان کے مسلمان پر حقوق بیان کرتے ہوئے بیمار کی عیادت کو بھی اہم حق قرار دیا۔
حدیث میں آتا ہے: ’’جب وہ بیمار ہو تو اس کی عیادت کرو۔‘‘
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ بیمار انسان کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے بلکہ اس کی جسمانی اور جذباتی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے۔
نبی ﷺ کی علاج کی ترغیب سے یہ اصول بھی اخذ ہوتا ہے کہ بیماری کا علاج علم، تجربے اور تحقیق کی بنیاد پر ہونا چاہیے، نہ کہ توہمات اور غیر سائنسی تصورات پر۔ اسی طرح طاعون کے بارے میں آپ کی ہدایت اجتماعی احتیاط اور بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کی اہمیت واضح کرتی ہے۔
آپ نے حکم راں کو عوام کا نگہبان اور ان کے حقوق کا ذمہ دار قرار دیا۔ اسی طرزِ فکر کو حضرت عمرؓ کے دورِ خلافت میں بھی دیکھا جاسکتا ہے، جہاں بیت المال کے ذریعے ضرورت مندوں کی کفالت اور عوامی فلاح کے انتظامات کیے گئے تھے۔
علماء کی ذمہ داری ہے کہ عوام میں صحت، صفائی، احتیاطی تدابیر اور علاج سے متعلق اسلامی تعلیمات عام کریں اور مستحق مریضوں کی مدد کے لیے منظم نظام قائم کریں۔ عام شہریوں کو بھی اپنی صحت کا خیال رکھنا، غیر سائنسی علاج اور توہمات سے بچنا اور مستند ڈاکٹروں سے رجوع کرنا چاہیے۔
بھارت میں طبی شعبے کے لیے ضروری اصلاحات
1- صحت کے شعبے کے بجٹ میں اضافہ: صحت پر سرکاری اخراجات میں اضافہ کرکے نیشنل ہیلتھ پالیسی کے تحت GDP کے 2.5 فیصد کے ہدف کو حاصل کیا جائے۔
2- نجی ہسپتالوں کے لیے مؤثر ضابطہ بندی: نجی ہسپتالوں کو مناسب منافع لینے کرنے کا حق ہے لیکن ان پر سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں۔ حکومت کو طبی خدمات کے نرخوں میں شفافیت یقینی بنانی چاہیے۔ ٹیسٹوں، آپریشنز، بستروں اور دیگر خدمات کے اخراجات واضح طور پر ظاہر کیے جائیں اور مریض کو علاج شروع ہونے سے پہلے متوقع اخراجات سے آگاہ کیا جائے۔
3- طبی آڈٹ اور آزاد احتسابی ادارہ: سرکاری اور نجی دونوں ہسپتالوں کی نگرانی کے لیے ایک مؤثر اور آزاد ادارہ قائم ہونا چاہیے۔ اس کے ذریعے علاج کے معیار، طبی غفلت، غیر ضروری ٹیسٹوں اور سرجریز، مالی معاملات اور مریضوں کی شکایات کا جائزہ لیا جائے۔
4- طبی تعلیم کو قابلِ رسائی بنانا: سرکاری میڈیکل کالجوں کی تعداد اور نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔ غریب اور مستحق طلبا کے لیے وظائف فراہم کیے جائیں اور نجی میڈیکل کالجوں کی فیس میں شفافیت اور مناسب ضابطہ بندی کی جائے۔
5- زچگی کے علاج میں طبی ضرورت کو ترجیح: سیزیرین آپریشن کا فیصلہ ماں اور بچے کی صحت کو سامنے رکھ کر کیا جائے، نہ کہ ہسپتال کی آمدنی یا سہولت کو! نارمل ڈیلیوری ممکن ہونے کی صورت میں غیر ضروری آپریشن سے گریز کیا جائے، جبکہ طبی ضرورت کے وقت سیزیرین میں تاخیر بھی نہ ہو۔