سی آئی او کے مربیوں کا دو روزہ ورکشاپ۔ تربیت، نفسیات، اخلاق، آرٹ اور کھیلوں کے مختلف پہلوؤں پر رہنمائی
چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (سی آئی او) کے مربیوں کے لیے دو روزہ تربیتی پروگرام 10 اور 11 نومبر کو مرکز جماعت اسلامی ہند، نئی دہلی کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام کا مقصد مربیوں کی تربیتی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں بچوں کی علمی، روحانی، اخلاقی اور جذباتی نشوونما کے مؤثر طریقوں سے روشناس کرانا تھا۔
جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر اور نگراں شعبہ اطفال جناب ایس امین الحسن نے قرآن مجید اور سنت رسول ﷺ کی روشنی میں بچوں کی تربیت اور ان کی نشوونما کے مختلف مراحل پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تربیت ایک طویل مدتی ذمہ داری ہے، جس کے لیے محبت، حکمت، صبر اور مستقل مزاجی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شرکاء کو توجہ دلائی کہ دو روزہ پروگرام میں حاصل ہونے والے علم اور تجربات کو عملی زندگی میں بروئے کار لانا ہی اس تربیت کی حقیقی کامیابی ہے، کیوں کہ سماج میں مؤثر تبدیلی محض معلومات سے نہیں بلکہ عملی جدوجہد سے آتی ہے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر آفاق ندیم خان نے ’’اخلاق کو شخصیت کا حصہ بنانے‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اخلاقی اقدار محض نصیحت سے پیدا نہیں ہوتیں، بلکہ انہیں عملی زندگی اور اچھے نمونوں کے ذریعے شخصیت کا حصہ بنانا ضروری ہے۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر زیبا تبسم نے بچوں کی ذہنی، جذباتی اور سماجی نشوونما کے مراحل اور نفسیات کے بنیادی تصورات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عمر کے ساتھ بچوں کی سوچ، احساسات اور فہم کی صلاحیت میں تبدیلی آتی ہے، اس لیے مربی کے لیے ضروری ہے کہ وہ بچے کی عمر اور ذہنی سطح کو سمجھتے ہوئے اپنا اندازِ تربیت اختیار کرے۔
ڈاکٹر خان مبشر فردوس نے ’’ٹیم کی تشکیل اور ٹیم ورک: بنیادی تصورات اور عملی طریقے‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے مشترکہ مقصد، باہمی اعتماد، ذمہ داریوں کی تقسیم اور تعاون کو کامیاب ٹیم کی بنیادی خصوصیات قرار دیا۔ ان کے مطابق بچوں کو اجتماعی سرگرمیوں میں شامل کرنے سے ان میں دوسروں کی بات سننے، اختلاف کو مثبت انداز میں حل کرنے اور اجتماعی کامیابی کے لیے کام کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے ’’مثالی مربی: اوصاف، کردار اور ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے بھی رہنمائی کی اور علم، صبر، شفقت، خوش اخلاقی، بچوں کی نفسیات سے واقفیت اور عملی نمونہ بننے کو ایک اچھے مربی کے لیے ضروری قرار دیا۔
جماعت اسلامی ہند کے امیر حلقہ دہلی جناب سلیم اللہ خان نے آرٹ اور کلچر کے ذریعے بچوں کی نشوونما کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے مولانا مودودیؒ کے حوالے سے ادب کی اصلاحی قوت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فن اور ادبی صلاحیتوں کا استعمال انسانیت کی صحیح رہنمائی کے لیے ہونا چاہیے، کیوں کہ ادب دلوں پر اثر انداز ہونے کی غیر معمولی قوت رکھتا ہے۔ انہوں نے جدید مشینی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے زور دیا کہ ٹیکنالوجی اپنی جگہ اہم ہے، لیکن بچوں کی حقیقی تربیت کے لیے انسانی محبت، شفقت اور احساسِ ذمہ داری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
تعلیم القرآن کے ڈائریکٹر مولانا سراج الدین ندوی نے بچوں کی علمی و روحانی نشوونما پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علم بچوں کے ذہن کو روشنی اور روحانی تربیت ان کے دل کو صحیح سمت عطا کرتی ہے۔ تعلیم کا مقصد محض معلومات فراہم کرنا نہیں بلکہ ایسی متوازن شخصیت تیار کرنا ہے جس کے ذہن میں غور و فکر کی صلاحیت، دل میں ایمان اور کردار میں انسانیت کی جھلک ہو۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کی فیکلٹی ڈاکٹر عائشہ نے آرٹ اینڈ کرافٹ، بالخصوص کاغذ سے مختلف فن پارے تیار کرنے کی عملی مشق کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ رنگوں اور تخلیقی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کی صلاحیتوں اور شخصیت کو سمجھنے اور سنوارنے میں کس طرح مدد مل سکتی ہے۔
جناب عتیق الرحمٰن نے کھیلوں، جسمانی سرگرمیوں اور اسپورٹس کلب کے قیام و انتظام کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ دنیا کے نامور کھلاڑیوں کی زندگیوں اور سماج پر ان کے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کھیل بچوں میں جسمانی صحت کے ساتھ نظم و ضبط، ٹیم اسپرٹ، برداشت اور مقابلے کا مثبت جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے اسپورٹس کلب کو بچوں کی ہمہ جہت تربیت کا مؤثر ذریعہ بنانے پر زور دیا۔ اسی طرح ’’بچوں میں قائدانہ صلاحیت کیسے پروان چڑھائیں‘‘ کے موضوع پر تربیت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کو ذمہ داریاں دینے، فیصلوں میں شریک کرنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے سے ان میں قائدانہ صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں۔
پروگرام میں مختلف حلقوں کے شرکاء نے سی آئی او کے تحت انجام دی جانے والی سرگرمیوں کی رپورٹ اور جھلکیاں بھی پیش کیں۔ مولانا سراج الدین ندوی نے ان سرگرمیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تنظیمی اور تربیتی سرگرمیوں کا مقصد ان میں اعتماد، نظم و ضبط، تعاون اور احساسِ ذمہ داری پیدا کرنا ہونا چاہیے۔
تربیتی پروگرام کے آخری سیشن میں شرکا نے اپنے تاثرات پیش کیے، جس کے بعد اوپن سیشن منعقد ہوا۔ دعا کے ساتھ دو روزہ تربیتی پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔