راہل گاندھی کا وزیر اعظم مودی کو کھلے مباحثے کا چیلنج، مرکزی حکومت پر فون ٹیاپنگ کا الزام
یو پی میں ایس آئی آر پر گھمسان جاری، یوگی کا ہندو ووٹروں کے نام کٹنے کا دعویٰ، خصوصی مہم شروع کرنے کا اعلان
دہلی این سی آر میں فضائی آلودگی سے سانس لینا دشوار، دیوالی کے بعد فضائی معیار مزید خراب
شمالی ہند کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے سیاسی بساط بچھ چکی ہے۔ دلت اور مسلمان سیاسی کھلاڑیوں کے نشانے پر ہیں۔ شطرنج کی اس بساط پر کون کس کی طرف سے کھیل رہا ہے، یہ طے کرنا ابھی مشکل ہے، تاہم سیاست کے اس کھیل میں پیادہ بھی وزیر بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یو پی میں سماجی تبدیلی کا مورچہ!
ریاست میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کے لیے سیاسی صف بندی کا آغاز ہو چکا ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے سربراہ چندرشیکھر آزاد سے ہاتھ ملانے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے لکھنؤ میں سماجی پریورتن مورچہ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے ریاست کی تمام 403 اسمبلی نشستوں پر امیدوار اتارنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اویسی نے وزارتِ اعلیٰ کے عہدے کے لیے چندرشیکھر آزاد کے نام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجلس اور آزاد سماج پارٹی کا یہ اتحاد بی جے پی کو اتر پردیش میں مسلسل تیسری مرتبہ اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے ایک مضبوط متبادل فراہم کرے گا۔ اس مورچے کی ترجیحات میں پسماندہ طبقات، دلتوں، مظلوموں اور محروم طبقوں کے مسائل کا حل شامل ہوگا۔
مورچے کی پہلی ریلی میرٹھ کے نوچندی میدان میں منعقد ہوئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اویسی کی اس دھماکے دار سیاسی انٹری نے سماجوادی پارٹی کے کان کھڑے کر دیے ہیں، تاہم مورچے کی تشکیل پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے نئے اتحاد کا خیرمقدم کیا ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ اس مورچے کی تشکیل سے سب سے زیادہ نقصان پی ڈی اے کو پہنچ سکتا ہے۔ کانگریس کے ترجمان سید عاصم وقار نے بیرسٹر اویسی کے اعلان پر طنز کرتے ہوئے کہا ’’اگر چندرشیکھر آزاد وزیراعلیٰ بنیں گے تو عبدل دری نہیں بچھائے گا، نعرے کا کیا ہوگا؟‘‘ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر داخلہ امت شاہ کے اشارے پر اس مورچے کی تشکیل عمل میں آئی ہے۔
مورچے کی تشکیل کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ نئے اتحاد سے کس کو فائدہ پہنچے گا اور کس کے حصے میں نقصان آئے گا؟ اشوک کمار پانڈے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اس اتحاد سے سب سے زیادہ نقصان چندرشیکھر آزاد کو ہوگا اور اپوزیشن کے طور پر ان پر قائم اعتماد ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔
یو پی کی سیاست میں محمد اعظم خان کا جلوہ اور آزمائش
سماج وادی پارٹی کے قائد محمد اعظم خان جیل میں ہوں یا جیل سے باہر، صوبے کی سیاست میں ان کا جلوہ حسبِ دستور برقرار ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) محمد علی جوہر یونیورسٹی کی تعمیر میں مالی بے ضابطگیوں کے معاملے میں ان سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ عبداللہ اعظم کے دوہرے پین کارڈ کے معاملے میں رام پور جیل سے رہائی کے فوراً بعد ای ڈی نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔
ڈاسنا جیل میں سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر شیو پال سنگھ یادو نے ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جیل میں سلاخوں کے پیچھے سے ان کی ملاقات کرائی گئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ چار مرتبہ ریاستی وزیر اور دو مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہ چکے ایک سینئر سیاسی رہنما کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ کیوں کیا جا رہا ہے؟ انہیں امید ہے کہ عدالت سے محمد اعظم خان کو ضرور انصاف ملے گا۔
اس سے قبل سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو بھی رام پور جیل میں ان سے ملاقات کر چکے ہیں۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اتر پردیش میں اویسی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے سماجوادی پارٹی چوکس ہو گئی ہے۔ اسے اس بات کا احساس ہونے لگا ہے کہ اعظم خان سے بے رخی اور مسلمانوں کی ناراضگی پارٹی کے لیے مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی بھی محمد اعظم خان کے تعلق سے محتاط رد عمل ظاہر کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ تو اعظم خان کے لیے دعا ہی کر سکتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی رہائی کی راہ میں حائل قانونی رکاوٹوں کو دور فرمائے۔
سیاسی حلقوں میں اس پہلو پر بھی بحث جاری ہے کہ دہلی اور لکھنؤ کے اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے اربابِ اختیار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ جیل میں بند اعظم خان ان کے لیے زیادہ فائدہ مند ہیں یا رہائی کے بعد بھی وہ ان کے سیاسی مفادات کے لیے سود مند ثابت ہو سکتے ہیں؟ جوہر یونیورسٹی کے طلبا بھی اپنے چانسلر کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ طلبا نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محمد اعظم خان کو محض اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ انہوں نے بچوں کے لیے ایک یونیورسٹی قائم کی اور وہ ایک مسلمان ہیں۔
مرکزی حکومت پر فون ٹیاپنگ کا الزام
اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر فون ٹیاپنگ کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو آمنے سامنے بحث کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے سامنے یہ واضح ہونا چاہیے کہ اصل ملک دشمن کون ہے۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم مودی نے سی آر پی ایف کے جوانوں سے خطاب کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ اگرچہ ملک سے نکسل ازم کا خاتمہ ہو چکا ہے، لیکن کئی تنظیموں اور جماعتوں میں ’’اربن نکسل‘‘ ذہنیت سرایت کر گئی ہے جو ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ راہل گاندھی نے اس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مسلسل ملک دشمن قرار دیا جاتا رہا ہے۔ وہ ملک کے سامنے یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اصل میں ملک کا دشمن کون ہے، کون کس کے زیرِ اثر ہے اور کب سے ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر مودی ان سے بحث کرنے آتے ہیں تو ان کا سیاسی کیریئر ختم ہو جائے گا۔ تمام تفصیلات ان کے فون میں موجود ہیں۔
صحافی آویش تیواری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ’’راہل جی کا فون تو ٹیپ کیا ہی جا رہا ہے، ہو سکتا ہے آپ کا واٹس ایپ، انسٹاگرام، ٹیلی گرام اور ڈیٹنگ ایپ بھی ٹیپ کیے جا رہے ہوں۔‘‘ ان کے مطابق، دہلی پولیس نے وزارتِ داخلہ سے ایسے جاسوسی آلے کی مانگ کی ہے جو گوگل، ایپل، میٹا اور ڈیٹنگ ایپس سمیت سو سے زائد کلاؤڈ سروسز تک رسائی حاصل کر سکے۔
2019 میں کئی صحافیوں اور سماجی کارکنوں نے شکایت کی تھی کہ انہیں پیگاسس اسپائی ویئر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تحقیقات میں صحافی سدھارتھ وردراجن اور آنند منگنالے کے فون میں اسپائی ویئر کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی۔ ان واقعات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مرکزی حکومت اپوزیشن لیڈر اور دیگر اہم رہنماؤں کی نجی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کس حد تک جاسکتی ہے۔ کانگریس نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت نے حیدرآباد میں منعقدہ بھارت سمٹ میں شرکت کے لیے آنے والے 115 غیر ملکی مندوبین کو اجازت نہیں دی۔ کانگریس لیڈر ششی تھرور نے اسے افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری جمہوریت اس قدر غیر محفوظ ہو گئی ہے کہ ان آوازوں کو دبانے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے جو حکومت پر تنقید کر سکتی ہیں۔
ایس آئی آر میں ہندو بنام مسلمان کی بحث، تنازع جاری
اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ دعویٰ کر رہے ہیں کہ ایس آئی آر کے دوران ایک کروڑ 27 لاکھ ہندوؤں کے ووٹ کٹ گئے ہیں۔ انہوں نے مسلم ووٹروں کے ناموں میں اضافے اور ہندو ووٹروں کے ناموں میں کمی کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور اپوزیشن لیڈر اکھلیش یادو نے سوال کیا کہ ہندوؤں اور مسلمانوں سے متعلق یہ اعداد و شمار وزیراعلیٰ کے پاس کہاں سے آئے؟ انہیں اس کا جواب دینا چاہیے۔
دوسری طرف، یو پی کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کا کہنا ہے کہ کسی کا ووٹ نہیں کٹا ہے اور نہ ہی کوئی کہیں گیا ہے۔ جن لوگوں کے نام ووٹر فہرست میں شامل نہیں ہیں، ان کے لیے 17 نومبر سے خصوصی مہم شروع کی جا رہی ہے۔ یو پی کے چیف الیکٹورل آفیسر نوین کمار رنوا نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسمبلی اور پنچایتی انتخابات کی ووٹر فہرستوں میں موجود فرق کو باہمی موازنہ کرکے دور کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ کیشو پرساد موریہ کے مطابق بی جے پی کارکن گھر گھر جاکر ووٹر فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے میں الیکشن کمیشن کی مدد کریں گے۔ اب یہ مدد کس نوعیت کی ہوگی، اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔ گزشتہ دنوں متعدد رپورٹوں میں دعویٰ کیا گیا کہ مسلم رائے دہندگان کے ووٹ کٹوانے کے لیے بی جے پی کارکنوں نے اعتراضات داخل کیے تھے۔ پیلی بھیت میں مسلم ووٹروں کے ناموں سے چھیڑ چھاڑ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد کارروائی بھی کی گئی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ نئے ووٹر بنانے کی اس مہم میں کس نوعیت کا کھیل کھیلا جائے گا اور اس کی کیا ضمانت ہے کہ ووٹر فہرستوں کی تیاری میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوگا؟ مسلمانوں کو اپنے حقِ رائے دہی کے تحفظ کے لیے اپنے ووٹوں کی نگہبانی خود کرنی ہوگی۔
رس گلے کے نام پر سُور مار بم کھلانے سے نوجوان کی موت
مدھیہ پردیش کے ضلع ڈنڈوری کے ایک گاؤں میں دیوالی کے موقع پر ایک عجیب و غریب اور افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ پڈریہ چھنٹا گاؤں کے رام بھگت بروتیا نے ایک 35 سالہ نوجوان کو رس گلے کا دھوکا دے کر سُور مار بم کھلا دیا۔ بم منہ میں رکھتے ہی پھٹ گیا، جس سے نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی نوجوان راجندر بروتیا نے اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ دیا۔ پولیس نے رام بھگت کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 105 کے تحت غیر ارادتاً قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ڈنڈوری پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف دھماکہ خیز مادہ قانون کی متعلقہ دفعات بھی عائد کی گئی ہیں۔ پولیس اس بات کی تفتیش کر رہی ہے کہ رام بھگت کے پاس یہ بم کہاں سے آیا تھا۔ اس نوعیت کے بم جنگلی جانوروں کو بھگانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
دیوالی کے موقع پر پورے بھارت میں بڑے پیمانے پر آتش بازی کی جاتی ہے اور آواز پیدا کرنے والے بموں سمیت مختلف اقسام کے پٹاخے داغے جاتے ہیں۔ ہر سال اس کے نتیجے میں سیکڑوں حادثات پیش آتے ہیں جن سے جانی و مالی نقصانات ہوتے ہیں۔ فضائی آلودگی کی صورتِ حال بھی تشویش ناک ہے۔ دیوالی کے بعد پورے شمالی ہند پر دھند کی چادر چھا گئی ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی اور این سی آر میں فضائی آلودگی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ کھلی فضا میں سانس لینا بھی دشوار ہو گیا ہے۔ بالخصوص بزرگوں اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جبکہ حکومت ٹھوس اقدامات کرنے کے بجائے ہر سال کسانوں اور پرالی جلانے کو آلودگی کا سب سے بڑا سبب قرار دیتی ہے اور اس سنگین مسئلے کے مستقل حل کی جانب کوئی خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔
تو صاحبو! یہ تھا شمال کا حال، آئندہ ہفتے پھر ملیں گے کچھ تازہ اور دلچسپ احوال کے ساتھ، تب تک کے لیے اللہ اللہ خیر سلا۔
اویسی کا یو پی میں چندرشیکھر آزاد سے سیاسی اتحاد، تمام 403 نشستوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان

ریاست کی سیاست میں اعظم خان کی آزمائشیں برقرار، جوہر یونیورسٹی معاملے میں ای ڈی کی پوچھ تاچھ، سماج وادی پارٹی کو انصاف کی امید

