کسی جمہوریت کے لیے اس سے بڑی شرمندگی اور کیا ہو سکتی ہے کہ اس کے انتخابی عمل کی شفافیت پر خود اقوامِ متحدہ کو انگلی اٹھانی پڑے۔ ایس آئی آر اب محض ایک داخلی انتظامی تنازع نہیں رہی بلکہ اقوامِ متحدہ کے تین خصوصی نمائندوں کی جانب سے حکومتِ ہند کو بھیجی گئی باضابطہ دستاویز کے بعد یہ ایک بین الاقوامی انسانی حقوق کا مسئلہ بن چکی ہے۔ یہ دستاویز اس امر کی سنگینی کو واضح کرتی ہے کہ کروڑوں شہریوں کے ناموں کا فہرستوں سے اخراج محض ایک صفائی مہم نہیں، بلکہ ایک ایسا معاملہ ہے جس کی بازگشت جنیوا تک پہنچ چکی ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر وہ کیا ہوا جس نے ہماری جمہوریت کی ساکھ کو اس مقام تک پہنچا دیا؟
دستورِ ہند کی دفعہ 326 ہر بالغ شہری کو حقِ رائے دہی عطا کرتی ہے اور ایک شخص، ایک ووٹ، ایک قدر ہماری جمہوریت کی اساس ہے۔ ووٹ محض کاغذ کا ایک پرزہ نہیں بلکہ شہری کی خود مختاری اور ریاست میں اس کی شراکت کی علامت ہے۔ جب کسی شہری کا نام فہرست سے خارج کیا جاتا ہے تو فہرست سے صرف اس کا نام حذف نہیں ہوتا بلکہ اس کی شہری حیثیت اور آواز خاموش کر دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ووٹر فہرست کے ساتھ کوئی بھی چھیڑ چھاڑ محض انتظامی معاملہ نہیں رہتی بلکہ جمہوریت کے سب سے حساس حصے پر ضرب ہوتی ہے۔ فہرست کا درست اور صاف ہونا یقیناً ضروری ہے۔ مرئے ہوئے، منتقل شدہ اور دہرے اندراج حذف ہونے چاہئیں۔ مگر اس کی قیمت کسی اہل شہری کی محرومی نہیں ہونی چاہیے۔ اصولی طور پر کسی کو نااہل ثابت کرنے کا بوجھ ریاست پر ہونا چاہیے، نہ کہ شہری پر اپنی اہلیت ثابت کرنے کا! SIR نے اسی بنیادی اصول کو الٹ دیا ہے۔
گزشتہ مہینوں میں اس نظرثانی کے دوران مختلف ریاستوں کے کروڑوں ناموں کے اخراج کی تفصیل عوام کے سامنے آچکی ہے۔ سب سے تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ اخراج کا یہ عمل بلا ترتیب یا اتفاقی نہیں محسوس ہوتا بلکہ اس میں ایک خاص طرز دکھائی دیتا ہے، اور یہی وہ چیز ہے جس کی وجہ سے اسے منصوبہ بند کہا جا رہا ہے۔ جب حذف شدہ ووٹروں کی اپیلوں پر فیصلوں میں برسوں لگ جائیں اور جب فیصل شدہ اپیلوں کی غالب اکثریت میں نام دوبارہ بحال کر دیے جائیں تو یہ تسلیم کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ یہ محض ایک انتظامی غلطی تھی۔
یہی وہ صورت حال ہے جس نے اقوامِ متحدہ کے خصوصی نمائندوں کو تحریک دی۔ اقلیتی امور کے خصوصی نمائندے نکولس لیورا، اظہارِ رائے کی آزادی کی خصوصی نمائندہ عرفان خان اور مذہب یا عقیدے کی آزادی کی خصوصی نمائندہ نازیلا غنیا نےمشترکہ طور پر یکم مئی 2026 کو حکومتِ ہند کو ایک دستاویز ارسال کی۔ اس میں انہوں نے ووٹر فہرستوں سے لاکھوں ناموں کے بڑے پیمانے پر اخراج، بالخصوص اقلیتی طبقات کے ارکان کے متاثر ہونے پر گہری تشویش ظاہر کی۔
اس رپورٹ کے بعض نکات خاص طور پر چشم کشا ہیں۔ نمائندوں کے مطابق SIR کے عمل سے مسلم ووٹر غیر متناسب طور پر متاثر ہوئے۔ انہوں نے بنگالی النسل افراد اور دیگر اقلیتوں کے بارے میں بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔ دستاویز میں نندی گرام حلقے کا حوالہ دیاگیا ہے، جہاں مبینہ طور پر حذف شدہ ووٹروں میں 95 فیصد مسلمان تھے، حالانکہ وہاں مسلم ووٹروں کا تناسب محض 25 فیصد ہے۔ دوسرا نکتہ مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال سے متعلق ہے۔ نمائندوں نے ان AI نظاموں پر تشویش ظاہر کی جو ووٹر ڈیٹا میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرتے ہیں، اور خبردار کیا کہ ان میں شفافیت کے فقدان، غلطیوں اور تعصب کا خطرہ ہے جو جائز ووٹروں کو حقِ رائے دہی سے محروم کر سکتا ہے۔ تیسرا، انہوں نے اعلیٰ قیادت، بشمول مرکزی وزیرِ داخلہ کے ان بیانات پر گرفت کی جن میں اس عمل کو غیر قانونی بنگلہ دیشی تارکینِ وطن کے خلاف کارروائی کے طور پر پیش کیا گیا؛ نمائندوں کے مطابق یہ بیانیہ بھارتی مسلمان شہریوں کے لیے نہایت ہی نقصان دہ ہے۔ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے بلکہ انہی اداروں نے 2018 میں NRC کے حوالے سے بھی اسی نوعیت کے خدشات ظاہر کیے تھے۔ یوں یہ خط ایک تسلسل کی کڑی ہے جو اقلیتوں کی شہری حیثیت کو مشکوک بنانے کے ایک بڑے بیانیے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
اس دستاویز نے بھارت کی عالمی شبیہ کے لیے ایک نازک صورتحال پیدا کر دی ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ ہماری سب سے بڑی طاقت رہا ہے۔ مگر جب اقوامِ متحدہ کے نمائندے انتخابی فہرستوں میں مذہبی بنیاد پر امتیاز کا خدشہ ظاہر کریں تو یہ دعویٰ مجروح ہوتا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے ضابطے کے مطابق حکومت کا جواب ،یا جواب نہ دینے کی صورت میں خود دستاویز کو ساٹھ دن بعد عام کر دیا جاتا ہے اور اطلاعات کے مطابق حکومتِ ہند نے تاحال کوئی تفصیلی سرکاری جواب نہیں دیا ہے۔
دوسری جانب حکومت اور الیکشن کمیشن ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں، SIR کو ایک شفاف و قانونی عمل قرار دیتے ہیں، اور ماضی میں اقوامِ متحدہ کے نمائندوں کی جانب سے اس طرح کی مداخلتوں کو بھارت کے داخلی معاملات میں مداخلت کہہ کر رد کرتے رہے ہیں۔ یہ بھی درست ہے کہ خصوصی نمائندوں کی جانب سے ارسال کردہ یہ دستاویز کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہے بلکہ وضاحت طلبی اور تشویش کا اظہار ہے۔ مگر اس تکنیکی وضاحت سے اصل مسئلے کی سنگینی کم نہیں ہوتی۔ جب ملک کے اندر کے شواہد اور باہر کی آزاد آوازیں ایک ہی سمت اشارہ کریں تو محض داخلی معاملہ کہہ کر دامن نہیں چھڑایا جا سکتا۔
جب بھی ملک کی کسی پالیسی پر عالمی سطح سے تنقید ہوتی ہے تو حکم راں حلقے اسے ملک کی شبیہ خراب کرنے کی سازش قرار دے دیتے ہیں۔ مگر سچائی یہ ہے کہ ملک کی شبیہ تنقید کرنے والوں سے نہیں، بلکہ ان پالیسیوں سے خراب ہوتی ہے جو تنقید کو جنم دیتی ہیں۔ جو جماعت اپنے سیاسی مفادات کے لیے لاکھوں شہریوں کی شہری حیثیت کو داؤ پر لگائے، اقلیتوں کو دراندازی کے بیانیے سے جوڑے اور انتخابی فہرستوں کو ایک آلے کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کرے، دراصل وہی ملک کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ بی جے پی اپنے انتخابی فائدے کے لیے ایک ایسا راستہ اختیار کر رہی ہے جس کی قیمت پورا ملک اپنی عالمی ساکھ کی صورت میں ادا کر رہا ہے۔ قوم کی ساکھ اور برسرِ اقتدار جماعت کے مفاد میں فرق کرنا ضروری ہے۔ ملک کا وقار شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں ہے، نہ کہ تنقید کو دبانے میں۔
اس نازک موڑ پر خاموشی اختیار کرنا جمہوریت کے مستقبل کے لیے مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔ اس بحران سے نکلنے کے لیے درج ذیل عملی اور آئینی اقدامات ناگزیر ہیں۔اولاً، انتخابی کمیشن کو چاہیے کہ وہ آئینی ذمہ داری نبھاتے ہوئے حذف کیے گئے تمام ناموں کی مکمل تفصیلات اور وجوہات عوامی سطح پر شائع کرے اور جن اہل شہریوں کے نام غیر منصفانہ طور پر خارج ہوئے ہیں ان کی فوری اور سہل بحالی کو یقینی بنائے۔ثانیاً، ملک کی اعلیٰ عدلیہ کو ازخود یا دائر عرضیوں کے ذریعے ایس آئی آر کے طریقہ کار کا آئینی جائزہ لینا چاہیے تاکہ کسی بھی شہری کو محض دستاویزات کی پیچیدگی یا انتظامی تعصب کی بنیاد پر حقِ رائے دہی سے محروم نہ کیا جا سکے۔ ثالثاً،تمام جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی کو محض بیانات تک محدود رہنے کے بجائے زمینی سطح پر منظم مہم چلانی ہوگی اور قانونی و جمہوری ذرائع سے اس ناانصافی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
مگر سب سے بڑی ذمہ داری خود شہریوں کی ہے۔ جمہوریت حکم رانوں کی نہیں بلکہ عوام کی امانت ہے۔ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ اپنا اور اپنے اہلِ خانہ کا نام فہرست میں باقاعدگی سے جانچے، اخراج کے خلاف بروقت اپیل کرے اور اپنے پڑوسیوں، بالخصوص کمزور اور ناخواندہ طبقات، کی اس ضمن میں مدد کرے۔ سول سوسائٹی، سماجی تنظیموں اور باشعور افراد کو چاہیے کہ وہ ووٹر فہرستوں کی نگرانی کو ایک اجتماعی تحریک بنائیں۔ ملتِ اسلامیہ اور دیگر متاثرہ طبقات کو خاموش تماشائی بننے کے بجائے قانونی، جمہوری اور منظم انداز میں اپنے حقِ رائے دہی کے تحفظ کے لیے سرگرم ہونا ہوگا۔ یاد رہے کہ جو ووٹ آج خاموشی سے مٹایا جا رہا ہے، اسے بچانے کی جدوجہد ہی کل کی جمہوریت کی ضمانت ہے۔
آخری بات یہ کہ اقوامِ متحدہ کی یہ رپورٹ ہمارے لیے شرمندگی کا نہیں بلکہ خود احتسابی کا موقع ہے۔ ایک پختہ جمہوریت وہی ہے جو اپنے ہر شہری کے ووٹ کی یکساں حفاظت کرے، خواہ اس کا مذہب، زبان یا طبقہ کچھ بھی ہو۔ جس دن ہمارا سب سے کمزور شہری بھی اپنے ووٹ کے بارے میں مطمئن ہو جائے، اسی دن ہم حقیقی معنوں میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے کے مستحق ہوں گے۔