ہندوتوا سیاست اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید۔ آئینی اقدار اور جمہوری اداروں کے تحفظ پر زور
مسلم یوتھ لیگ کی تین روزہ کیرالا ریاستی کانفرنس اتوار 8 نومبر کو کوچی میں ایک بڑے عوامی مظاہرے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس کے آخری دن میرین ڈرائیو پر ہزاروں نوجوانوں اور کارکنوں کا اجتماع محض ایک سیاسی طاقت کا مظاہرہ نہیں تھا بلکہ اس کے ذریعے ہندوتوی سیاست، بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور ملک میں آئینی جمہوریت کو درپیش خطرات کے خلاف بھی آواز بلند کی گئی۔ اس اجتماع نے مسلم لیگ کی سیکولر شناخت اور اس کی نوجوان تنظیم کو درپیش داخلی و تنظیمی چیلنجز کو بھی بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔
’’ناانصافی کے دور میں نوجوانوں کا اصلاحی کردار‘‘ کے عنوان سے 6 تا 8 نومبر منعقدہ اس کانفرنس کے لیے 24 سال بعد شہر ارناکولم کا انتخاب کیا گیا تھا۔ اختتامی ریالی میں سبز پرچم اور پلے کارڈز اٹھائے ہزاروں نوجوان شریک ہوئے۔ اس سے قبل سیاسی سمینار، مندوبین کا اجلاس اور وائٹ گارڈ پریڈ بھی منعقد ہوئی۔ منتظمین نے تقریباً ایک لاکھ افراد کی شرکت کی توقع ظاہر کی تھی۔ کانفرنس میں فرقہ پرستی، وفاقیت، جمہوری اداروں، سماجی انصاف اور موجودہ سیاسی حالات میں نوجوانوں کی ذمہ داریوں جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اختتامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انڈین یونین مسلم لیگ کے ریاستی صدر پنّاکڑ سید صادق علی شہاب تھنگل نے کہا کہ نوجوان ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی ایک طاقتور قوت بن کر ابھرے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے احتجاج اور حکومتوں پر اس کے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ طلبا اور نوجوان کارکن خود بھی ریاستی جبر کا نشانہ بن رہے ہیں۔ ان کے مطابق نئی نسل ملک کی امید ہے اور کوچی کا یہ اجتماع ناانصافی کے خلاف اس کے عزم کا اظہار ہے۔
کیرالا کے چیف منسٹر وی ڈی ستیشن نے بھی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ جمہوری محاذ (UDF) کی اقتدار میں واپسی میں مسلم لیگ کے کردار کو سراہا اور اسے حکم راں اتحاد کی ایک اہم طاقت قرار دیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کانگریس کی قیادت والے محاذ کو مسلم لیگ کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم انہوں نے اس اتحاد کے سیکولر کردار کا دفاع کیا۔ ان کا خطاب کیرالا کی مخلوط سیاست میں مسلم لیگ کی اہمیت اور اس کے ساتھ سیاسی رفاقت پر کانگریس قیادت کے اعتماد کا مظہر تھا۔
کانفرنس میں کرناٹک کے وزیر داخلہ پریانک کھرگے کا خطاب بھی خاصا توجہ طلب رہا۔ ہندوستانی آئین کی تمہید (Preamble) لہراتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں سے ملک کی تاریخ اور آر ایس ایس کے نظریاتی پس منظر کا مطالعہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بی جے پی کو آر ایس ایس کا سیاسی بازو قرار دیتے ہوئے اس رجحان پر تنقید کی کہ اس نظریے سے اختلاف کرنے والوں کو ملک دشمن قرار دے دیا جاتا ہے۔ ان کے خطاب میں آئینی اقدار کے تحفظ کو کانفرنس کے بنیادی سیاسی پیغام کے طور پر پیش کیا گیا۔
7 نومبر کو منعقدہ مندوبین کے اجلاس میں سابق آئی پی ایس افسر سنجیو بھٹ کی پتنی شویتا بھٹ کا خطاب بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل رہا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہندوستان میں سچ بولنا روز بہ روز مشکل ہوتا جارہا ہے اور اقتدار پر فائز لوگوں سے سوال کرنے میں بھی لوگ خوف محسوس کرنے لگے ہیں۔ ان کے مطابق خاموشی اختیار کرنا بہت سے لوگوں کی مجبوری بن چکی ہے اور اگر نا انصافی کے خلاف مزاحمت نہ کی گئی تو بالآخر انسان اپنی آزادی سے بھی دست بردار ہوجائے گا۔
شویتا بھٹ نے اپنے شوہر کی قید اور ان کی طویل قانونی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جیل کی دیواریں بھی ان کے عزم کو توڑ نہیں سکیں۔ انہوں نے 2019 میں سنجیو بھٹ کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد کوزی کوڈ میں مسلم یوتھ لیگ کے احتجاج کو یاد کیا اور اسے سیکولرازم اور بھائی چارے کی ایک مثال قرار دیا۔ ان کے خطاب نے سیاسی قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کی مشکلات کو بھی کانفرنس کے مباحث کا حصہ بنا دیا۔
کیرالا کے سابق وزیر اور مسلم لیگ کے سینئر رہنما ایم کے منیر نے وزیر اعظم نریندر مودی اور الیکشن کمیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے انتخابی عمل کی شفافیت کو درپیش سنگین خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے نوجوانوں سے جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کی اپیل کی۔ مندوبین کے اجلاس کی صدارت کرنے والے مسلم یوتھ لیگ کے ریاستی صدر سید منور علی شهاب تھنگل نے انصاف کے لیے تنظیم کی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ مسلم لیگ کے قومی سکریٹری ٹی اے احمد کبیر نے نوجوان تنظیم کو اس کے بنیادی مقاصد سے انحراف نہ کرنے کی تلقین کی، جبکہ ریاستی جنرل سکریٹری پی ایم اے سلام نے جنوبی کیرالا میں پارٹی کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا ذکر کیا۔
اس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ کی سیکولر شناخت پر بھی سیاسی سوالات اٹھائے گئے۔ سی پی آئی (ایم) سے وابستہ سابق وزیر اور رکن اسمبلی کے ٹی جلیل نے پرچم کشائی کی تقریب کے بعد دعا کے اہتمام پر اعتراض کرتے ہوئے مسلم لیگ پر مذہب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے لیگ کو چیلنج کیا کہ وہ مسلم اکثریتی حلقوں سے اپنے انتخابی نشان پر کسی ہندو یا عیسائی امیدوار کو میدان میں اتار کر اپنی سیکولر شناخت ثابت کرے۔ ان کا سوال تھا کہ کیا پارٹی کے عملی سیاسی رویے اس کے سیکولر ہونے کے دعوؤں سے مطابقت رکھتے ہیں؟ کے ٹی جلیل کی یہ تنقید مسلم لیگ کے ترجمان اخبار ’چندریکا‘ کے اس اداریے کے بعد سامنے آئی جس میں ان کے سابقہ بیان پر سخت اعتراض کیا گیا تھا۔
کے ٹی جلیل کے اعتراضات دراصل کیرالا کے مسلم ووٹروں کی نمائندگی کے معاملے پر مسلم لیگ اور بائیں بازو کے درمیان جاری سیاسی کشمکش کی عکاسی کرتے ہیں۔ مسلم لیگ کا موقف ہے کہ اس کی مذہبی شناخت سیکولر جمہوری سیاست سے متصادم نہیں، لیکن کے ٹی جلیل نے سیاسی سرگرمیوں میں مذہبی رسوم و روایات کی شمولیت پر سوال اٹھائے۔ یوں یہ بحث اس کانفرنس کا ایک اہم پہلو بن گئی جس میں بار بار آئینی اقدار اور فرقہ پرستی کی مخالفت پر زور دیا گیا تھا۔
دوسری جانب 6 نومبر کو میڈیا ون میں شائع ہونے والے ایک تجزیے میں مسلم یوتھ لیگ کی تنظیمی صورت حال پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ صحافی ایم کے شکور نے اپنے تجزیے میں کہا کہ تنظیم کے اندر دھڑے بندیوں کا اثر اب بھی برقرار ہے، اگرچہ عوامی سطح پر اتحاد اور یکجہتی کا تاثر پیش کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق مختلف گروہ تنظیمی عہدوں پر اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھے ہوئے ہیں جبکہ کسی دھڑے کی پشت پناہی نہ رکھنے والے کارکنوں کو تنظیمی ذمہ داریاں حاصل کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس تجزیے میں تنظیم کے اندر جمہوری طرز عمل اور نوجوان کارکنوں کو آگے بڑھنے کے مواقع پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ یہ سوالات اس لیے بھی اہم ہیں کہ کانفرنس کا بنیادی مقصد یوتھ لیگ کو نئی نسل کی ایک مؤثر آواز کے طور پر پیش کرنا تھا۔ ہزاروں افراد کو جمع کرنے کی صلاحیت اپنی جگہ لیکن تنظیم کا مستقبل اس بات پر بھی منحصر ہے کہ اس کی مقامی کمیٹیاں کتنی مضبوط ہیں، قیادت کس حد تک اہل ہے اور تنظیم اپنی داخلی کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے کتنی سنجیدہ ہے۔
اختتامی ریالی کے دوران ٹریفک کی شدید بد نظمی نے ایک الگ تنازع بھی کھڑا کر دیا۔ کوچی پولیس نے مسلم یوتھ لیگ کے ریاستی صدر منور علی شہاب تھنگل، جنرل سکریٹری پی کے فیروز اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس کے مطابق ریالی کے انعقاد کی اجازت دی گئی تھی اور ٹریفک میں خلل سے بچنے کے لیے دی گئی ہدایات کے باوجود جلوس آگے بڑھایا گیا۔ شہر میں ٹریفک کی بدترین صورت حال پر سوشل میڈیا میں بھی تنقید ہوئی اور بڑے سیاسی اجتماعات کے انتظامات پر سوالات اٹھائے گئے۔
کوچی کی یہ کانفرنس ایسے وقت میں منعقد ہوئی ہے جب ملک میں آئینی حقوق، انتخابی شفافیت اور اکثریتی سیاست کے خلاف مزاحمت قومی سیاسی مباحث کے اہم موضوعات بنے ہوئے ہیں۔ مسلم یوتھ لیگ نے ناانصافی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے، لیکن اس کی سیکولر شناخت اور داخلی تنظیمی ڈھانچے پر اٹھنے والے سوالات بھی اپنی جگہ اہم ہیں۔ کانفرنس نے یہ ضرور ثابت کیا کہ تنظیم نوجوانوں کی بڑی تعداد کو سڑکوں پر متحرک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاہم اصل امتحان اس طاقت کو مستقل عوامی جدوجہد، مضبوط نچلی سطح کی تنظیم اور نئی نسل کی بامعنی سیاسی شرکت میں تبدیل کرنے کا ہے۔