تاریخ انسانی میں بعض شخصیات ایسی ہوئی ہیں جن کا اثر محض اپنے عہد تک محدود نہیں رہا، بلکہ ان کی فکر، کردار اور تعلیمات صدیوں کے فاصلے طے کرتے ہوئے انسانی معاشروں کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ بھی ایسی ہی تاریخ ساز شخصیت ہیں، جنہوں نے محض ایک نظامِ زندگی پیش نہیں کیا بلکہ انسان کے فکر و شعور، اخلاق و کردار اور اجتماعی رویوں میں ایسی ہمہ گیر تبدیلی برپا کی جس نے ایک منتشر معاشرے کو عدل، اخوت، انسانی وقار اور ذمہ داری کے اصولوں پر استوار کردیا۔ اسی پیغام کی معنویت کو عصرِ حاضر کے وسیع تر سماج تک پہنچانے کے مقصد سے جماعت اسلامی ہند، کرناٹک نے اپنی سالانہ روایت کو جاری رکھتے ہوئے ’’انقلاب کے علمبردار—پیغمبر محمد ﷺ‘‘ کے عنوان سے 11 روزہ ریاست گیر سیرت مہم کا آغاز کیا ہے۔
مہم کا بنیادی مقصد پیغمبرِ اسلام کی حیاتِ طیبہ اور آپؐ کی تعلیمات کو مسلم معاشرے تک محدود رکھنے کے بجائے برادرانِ وطن اور سماج کے مختلف طبقات تک پہنچانا ہے۔ جماعت نے اس مہم کے ذریعے ریاست کرناٹک میں تقریباً ایک کروڑ افراد تک رسائی کا ہدف مقرر کیا ہے۔ مہم کے تحت امن، عدل، رحمت، انسانی مساوات اور اخوت جیسی اقدار کو اجاگر کرنے کے ساتھ مختلف مذاہب اور طبقات کے درمیان مکالمے، باہمی اعتماد اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد سعد بلگامی، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے کہا کہ پیغمبرِ اسلام کا برپا کردہ انقلاب محض سیاسی یا سماجی ڈھانچوں کی تبدیلی کا نام نہیں تھا، بلکہ اس کی اصل بنیاد انسان کے دل، فکر اور کردار کی تبدیلی تھی۔ آپؐ نے انسان کے اندر اخلاقی شعور بیدار کیا اور اسی کے نتیجے میں ایک ایسا معاشرہ وجود میں آیا جس میں عدل، رحمت، مساوات اور انسانی وقار کو مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج انسانیت عدم مساوات، تشدد، استحصال، نفرت اور مختلف نوعیت کے تنازعات جیسے مسائل سے دوچار ہے؛ ایسے ماحول میں پیغمبرِ اسلام کی تعلیمات کی معنویت پہلے سے کہیں زیادہ نمایاں ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہم کا ہدف محض ایک عدد تک پہنچنا نہیں بلکہ ایک کروڑ انسانوں تک پیغمبرِ اسلام کے پیغام کا تعارف پہنچانا ہے۔ کوشش کی جائے گی کہ سیرتِ نبوی کو اسلامی عقیدے کے دائرے میں محض مذہبی موضوع کے طور پر نہیں بلکہ عدل، رحم، انسانی عزت، سماجی ذمہ داری اور پرامن بقائے باہمی کے آفاقی اصولوں کے حوالے سے بھی پیش کیا جائے۔
معروف کنڑ ادیب یوگیش ماسٹر نے اس موقع پر اپنی نئی کتاب ’’محمد ﷺ: انسانی ذہن کے کاشتکار، دلوں کے مالک‘‘ کا تعارف پیش کیا، جس کا باقاعدہ اجرا بھی عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی شناختوں کو انسانوں کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کا ذریعہ بنانے کے بجائے ان اقدار اور مسائل پر گفتگو ہونی چاہیے جو پوری انسانیت کے لیے مشترک ہیں۔ ان کی کتاب میں پیغمبرِ اسلام کی تعلیمات کو انسانی ذہن، جذبات اور شخصیت کے تناظر میں سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ جدید نفسیات اور ہندوستانی فلسفیانہ روایت کے حوالے سے بھی ان پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
محمد کنّہی، سکریٹری جماعت اسلامی ہند کرناٹک اور مہم کے کنوینر نے مہم کے پروگراموں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے اہلِ فکر، دانش وروں اور سماج کے بااثر طبقات تک براہِ راست روابط کے ذریعے رسائی مہم کا اہم حصہ ہوگی۔ اس سلسلے میں اساتذہ، سرکاری افسران، پیشہ ور افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ریاست کے مختلف علاقوں میں مکالمے، سیمینار، خطابات، عوامی اجتماعات اور دیگر پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
محمد یوسف کنّی، سیکریٹری جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے کہا کہ پیغمبرِ اسلام کی حیاتِ مبارکہ اور آپؐ کے پیغام کو غیر مسلم دوستوں اور برادرانِ وطن تک پہنچانا پوری مسلم ملت کی اجتماعی ذمہ داری بننی چاہیے۔ انہوں نے بالخصوص مساجد سے اپیل کی کہ ربیع الاول کے دوران اپنے بجٹ کا ایک حصہ سیرت کے تعارف کے لیے مختص کریں، تاکہ معیاری سیرت لٹریچر شخصی روابط کے ذریعے غیر مسلم برادرانِ وطن تک پہنچایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند، کرناٹک ہر سال پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ کی سیرت اور تعلیمات پر کنڑ زبان میں کتابیں شائع کرتی ہے، تاکہ ریاست کے وسیع تر سماج کو سیرتِ نبوی سے متعارف کرایا جاسکے۔ اس سال بھی عصرِ حاضر کے سماجی تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے دو اہم کنڑ کتابیں شائع کی گئی ہیں۔ انہوں نے مساجد، اسلامی اداروں اور افراد سے اپیل کی کہ ان کتابوں کو صرف مسلم معاشرے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ برادرانِ وطن تک پہنچایا جائے، تاکہ یہ کتابیں مکالمے، باہمی تفہیم اور مختلف طبقات کے درمیان بہتر تعلقات کا ذریعہ بن سکیں۔
پریس کانفرنس کے دوران دو کنڑ کتابوں کا باقاعدہ اجرا بھی عمل میں آیا۔ ان میں یوگیش ماسٹر کی ’’محمد ﷺ: انسانی ذہن کے کاشتکار، دلوں کے مالک‘‘ اور اے۔ ایس۔ پُتّگے کی ’’جامع انقلاب کی مشعل روشن کرنے والے پیغمبر محمد ﷺ‘‘ شامل ہیں۔
مقررین نے امید ظاہر کی کہ 11 روزہ ریاست گیر مہم پیغمبرِ اسلام اور اسلام کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کے ازالے، مختلف طبقات کے درمیان باہمی اعتماد کے فروغ اور امن، عدل، رحمت اور انسانی اخوت پر مبنی پیغمبرانہ پیغام کو وسیع تر سماج تک پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔
لبید شافی، میڈیا سکریٹری جماعت اسلامی ہند کرناٹک نے پریس کانفرنس کی نظامت کی۔