ایک نوجوان کاروباری شخصیت کی جدوجہد اور تعلیمی اداروں کے لیے اہم سوالات
بنگلورو کے آزاد بھون میں 7؍ نومبر کو منعقدہ ’’اسٹارٹ اَپ اسپارک 2.0‘‘ میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ایک ایسے سوال کا جواب تلاش کرنے جمع ہوئی تھی جس سے ان کا معاشی مستقبل وابستہ ہوسکتا ہے: اگر ان کے پاس کوئی اچھا کاروباری خیال (Idea) ہو تو اسے عملی شکل دینے کے لیے سرمایہ، رہنمائی اور ضروری وسائل کہاں سے حاصل ہوں گے؟ ہال کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور نوجوانوں کی دلچسپی سے اندازہ ہوتا تھا کہ وہ ملازمت کے روایتی امکانات کے ساتھ کاروبار کے نئے راستے بھی تلاش کرنا چاہتے ہیں۔
ہمارے معاشرے میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد نوجوانوں کی توجہ عموماً ملازمت کے حصول پر مرکوز رہتی ہے۔ اچھی ملازمت اور محفوظ مستقبل کی خواہش بجا ہے لیکن ہر تعلیم یافتہ نوجوان کے لیے ملازمت کے یکساں مواقع موجود نہیں ہیں۔ دوسری طرف ایسے نوجوان بھی ہیں جن کے پاس کاروباری صلاحیت اور نئی سوچ تو ہوتی ہے مگر سرمایہ حاصل کرنے کے ذرائع، سرکاری اسکیموں اور کاروبار شروع کرنے کے عملی مراحل سے وہ پوری طرح واقف نہیں ہوتے۔ اسٹارٹ اَپ اسپارک 2.0 اسی خلا کو پُر کرنے کی ایک کوشش تھی۔
اس پروگرام کا مشترکہ اہتمام سالیڈاریٹی یوتھ موومنٹ، بنگلورو سٹی، حکومتِ کرناٹک کے ڈائریکٹوریٹ آف مائنارٹیز اور رِپل نے کیا تھا۔ سرکاری افسران، کاروباری شخصیات اور ٹیکنالوجی کے ماہرین نے نوجوانوں کو مالی امداد، کاروباری منصوبہ بندی، مارکیٹ کے تقاضوں اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے واقف کروایا۔ پروگرام کی خصوصیت یہ تھی کہ محض کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دینے کے بجائے اس کے عملی پہلوؤں کو سمجھانے پر توجہ دی گئی۔
روایتی کاروبار سے اسٹارٹ اَپ تک: محمد اسماعیل کا تجربہ
پروگرام میں محمد اسماعیل کی شرکت خاص اہمیت رکھتی تھی۔ وہ ایڈوِسٹا لمیٹڈ (Advista Ltd) کے بانی اور کرناٹک حکومت کی ایلیویٹ 2025 اسکیم کے تحت مالی امداد حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو درخواست دینے، اہلیت کی شرائط، انتخاب کے مراحل اور کاروباری منصوبے کی تیاری سے متعلق اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔
بعد میں ہفت روزہ دعوت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے روایتی کاروبار اور اسٹارٹ اَپ کے درمیان ایک اہم فرق واضح کیا۔ ان کے مطابق بہت سے نوجوان اسٹارٹ اَپس کی ظاہری کشش سے متاثر ہوتے ہیں، لیکن انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ اسٹارٹ اَپ کے لیے مخصوص مہارت درکار ہوتی ہے اور اس میں ناکامی کا خطرہ بھی زیادہ ہوتا ہے۔ اس کے مقابلے میں آزمودہ کاروباری شعبوں سے ابتدا کرکے مارکیٹ کو سمجھنا اور کاروبار کے انتظامی نظام کو بہتر بنانا زیادہ عملی راستہ ثابت ہوسکتا ہے۔
ان کا اپنا تجربہ اس کی مثال ہے۔ انہوں نے ابتدا میں ’’دھندا اسٹوڈیو‘‘ کے نام سے ایک اسٹارٹ اَپ شروع کیا جو توقع کے مطابق کامیاب نہیں ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے درآمد و برآمد کے روایتی کاروبار کا رخ کیا۔ اس دوران مختلف کاروباری امور کو زیادہ مؤثر طریقے سے انجام دینے کی ضرورت محسوس ہوئی اور اسی ضرورت سے Vlobel.com کا تصور پیدا ہوا۔
ان کی کمپنی Advista Ltd کا تیار کردہ یہ سافٹ ویئر بین الاقوامی تجارت میں مختلف داخلی اور خارجی فریقوں کے درمیان رابطے اور تعاون کو آسان بنانے کے لیے ہے۔ اس میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے تجارتی دستاویزات اور متعلقہ ضابطوں کی پابندی کی جانچ کی سہولت بھی شامل ہے۔ یہ سافٹ ویئر فی الحال باقاعدہ اجرا سے پہلے آزمائشی مرحلے میں ہے اور کاروباری اداروں و متعلقہ شعبوں کے افراد کے تعاون سے اس کی جانچ جاری ہے۔ اسی تکنیکی منصوبے کو ایک مستقل اسٹارٹ اَپ کی شکل دینے کے لیے انہیں سرکاری گرانٹ حاصل ہوئی۔ اسماعیل کے نزدیک سرمایہ کاروبار کی رفتار تیز کرسکتا ہے لیکن بنیادی تیاری اور عملی محنت کا متبادل نہیں۔ انہوں نے مطلوبہ مہارت رکھنے والے باصلاحیت افراد کی کمی کو بھی ایک بڑا مسئلہ قرار دیا۔ ان کے تجربے سے ایک اہم سبق سامنے آتا ہے کہ ہر نوجوان کو ابتدا ہی سے کسی منفرد اسٹارٹ اَپ کے پیچھے دوڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔ روایتی کاروبار کے دوران سامنے آنے والے حقیقی مسائل کا مؤثر حل بھی آگے چل کر ایک نئے اسٹارٹ اَپ کی بنیاد بن سکتا ہے۔
کرناٹک حکومت کی ایلیویٹ مائنارٹیز اسکیم کے تحت اہل اسٹارٹ اَپس کو 50 لاکھ روپے تک کی مالی امداد مل سکتی ہے۔ اس کے ساتھ نئے کاروبار کو ابتدائی مراحل میں ماہرین کی رہنمائی، تکنیکی تعاون اور ضروری سہولتیں بھی فراہم کی جاسکتی ہیں۔ مالی امداد کا حصول کاروباری منصوبے کی افادیت اور مقررہ انتخابی شرائط سے مشروط ہے۔
کاروباری مہارت، مارکیٹ اور مصنوعی ذہانت
منتخ ٹیکنالوجیز کے بانی اور ایکو کریو کے شریک بانی محمد خضر جمیل نے نئے کاروبار کے ابتدائی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ اچھا کاروباری خیال کامیابی کی ضمانت نہیں۔ مارکیٹ کی ضروریات کو سمجھنا، ناکامیوں سے سیکھنا اور حالات کے مطابق اپنے منصوبے میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔
پروگرام میں تین منتخب اسٹارٹ اَپ ٹیموں نے اپنے منصوبے ماہرین کے سامنے پیش کیے۔ امادیوس لیبز کے اعجاز محمد مدار، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ماہر شکیل بادل اور ساہی اے آئی کی سبرینا سید نے ان کا جائزہ لے کر عملی تجاویز دیں۔ اس مشق سے نوجوانوں کو کاروباری منصوبوں کی جانچ اور انہیں بہتر بنانے کے طریقوں سے واقفیت حاصل ہوئی۔
مصنوعی ذہانت پر منعقدہ ورکشاپ میں ظہور احمد قاضی نے مختلف اے آئی ٹولز کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ نئی ٹیکنالوجی کاروباری منصوبہ بندی، انتظامی امور اور اختراعات میں کس طرح مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف مائنارٹیز کی ڈائریکٹر یاسمین بیگم جی والیکار نے نوجوانوں کو کاروباری میدان میں قدم رکھنے اور نئے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر منصور باشا بھی شریک تھے۔ پروگرام کے بعد نوجوانوں کو ماہرین سے انفرادی مشورے حاصل کرنے کا موقع ملا، جسے شرکاء نے خاص طور پر مفید قرار دیا۔
سالیڈاریٹی کی کوششیں اور سرکاری تعاون
اس پروگرام کا ایک اہم پس منظر سالیڈاریٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک کی وہ کوششیں ہیں جو سالیڈارٹی کرناٹکا نے اقلیتی نوجوانوں کے لیے سرکاری سطح پر کاروباری مواقع پیدا کرنے کی غرض سے کیں۔ گزشتہ سال سالیڈارٹی نے حکومتِ کرناٹک سے اقلیتی نوجوانوں کے لیے اسٹارٹ اَپ اسکیم کی ضرورت پیش کی تھی۔ ابتدائی طور پر محدود بجٹ مختص کیے جانے کے بعد تنظیم نے اس میں اضافے کا بھی مطالبہ کیا۔
اس اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 30 اسٹارٹ اَپس کو مالی امداد حاصل ہوئی، جن میں 23 مسلم نوجوانوں کے کاروباری منصوبے شامل تھے۔ سالیڈاریٹی کی جانب سے اسکیم کے لیے نمائندگی اور زیادہ وسائل کی فراہمی کا مطالبہ اس پیش رفت کا ایک قابلِ ذکر پہلو ہے۔ نوجوانوں کی تنظیموں کا کردار صرف اجتماعات اور تربیتی سرگرمیوں تک محدود نہ رہ کر انہیں سرکاری اسکیموں، کاروباری ماہرین اور معاشی مواقع سے جوڑنے تک وسیع ہو تو اس کے عملی نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
تعلیمی ادارے نوجوانوں کو کاروبار کے لیے کتنا تیار کر رہے ہیں؟
آزاد بھون کا بھرا ہوا ہال حوصلہ افزا تھا، لیکن اس کے ساتھ ایک سوال بھی سامنے آتا ہے کہ کیا مسلم معاشرہ ایسے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے نوجوانوں کو مناسب طور پر تیار کر رہا ہے؟ کیا والدین اور تعلیمی ادارے نوجوانوں کو ملازمت کے ساتھ کاروبار کے امکانات پر غور کرنے کی بھی ترغیب دیتے ہیں؟
اس سلسلے میں بی بی اے (BBA) بی بی ایم (BBM) ایم بی اے (MBA) اور کامرس کے دیگر کورسز چلانے والے کالجوں کا کردار خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ان اداروں میں کاروباری انتظام، مارکیٹنگ اور مالیات کی تعلیم دی جاتی ہے، لیکن طلبہ کو سرکاری اسٹارٹ اَپ اسکیموں، مالی امداد کے حصول اور کاروباری منصوبوں کی عملی تیاری سے بھی واقف کرانا چاہیے۔ اسٹارٹ اَپ اسپارک جیسے پروگراموں کو ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا حصہ بناکر طلبہ کو کامیاب کاروباری شخصیات، سرکاری افسران اور صنعت و ٹیکنالوجی کے ماہرین سے براہِ راست جوڑا جاسکتا ہے۔
محمد اسماعیل کی جانب سے باصلاحیت افراد کی کمی کی نشاندہی بھی توجہ طلب ہے۔ اگر کاروباری اداروں کو مطلوبہ مہارت رکھنے والے نوجوان نہیں مل رہے ہیں تو تعلیمی اداروں کو یہ جائزہ لینا چاہیے کہ ان کی تدریس اور صنعت کی عملی ضروریات میں کہاں فاصلہ باقی رہ گیا ہے۔ محض ڈگری حاصل کرنا کافی نہیں ہے بلکہ طلبا کو مسائل حل کرنے، جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے اور حقیقی کاروباری حالات میں کام کرنے کی صلاحیت بھی حاصل ہونی چاہیے۔
یہاں ملازمت اور کاروبار کو ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کرنا بھی درست نہیں ہے۔ ہر نوجوان کے لیے کاروبار موزوں نہیں ہوتا لیکن جن میں اس کی صلاحیت اور دلچسپی موجود ہو تو انہیں صرف معلومات، رہنمائی یا مواقع کی کمی کے سبب پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔
بنگلورو سے آگے بڑھنے کی ضرورت
کرناٹک میں ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اَپس کے بیشتر مواقع بنگلورو میں مرتکز ہیں، لیکن کاروباری صلاحیت صرف اسی شہر تک محدود نہیں ہے۔ بیدر، کلبرگی، وجئے پورہ، ہبلی، دھارواڑ، منگلورو، بھٹکل اور دوسرے شہروں و قصبوں میں بھی نوجوانوں کو ایسی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ اس لیے اسٹارٹ اَپ اسپارک جیسے پروگرام ضلعی سطح پر بھی منعقد ہونے چاہئیں، خصوصاً کنڑا، اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں، تاکہ انگریزی سے محدود واقفیت کاروباری معلومات تک رسائی میں رکاوٹ نہ بنے۔
ایک روزہ پروگرام کے بعد بھی نوجوانوں سے رابطہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔ جن کے پاس قابلِ عمل منصوبے ہوں انہیں درخواست کی تیاری، ماہرین سے مشورے اور کاروبار کے ابتدائی مراحل میں رہنمائی ملنی چاہیے۔ اس سے ایسے پروگراموں کے حقیقی نتائج کا اندازہ بھی ہوسکے گا۔
اسٹارٹ اَپ اسپارک 2.0 میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت نے ظاہر کیا کہ کاروبار کے نئے امکانات میں دلچسپی موجود ہے۔ محمد اسماعیل کا تجربہ یہ بھی بتاتا ہے کہ کاروبار کی راہ ہمیشہ سیدھی نہیں ہوتی بلکہ کبھی ایک ناکام کوشش ہی نئے اور بہتر منصوبے کی بنیاد بن جاتی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا ہماری تنظیمیں، تعلیمی ادارے اور کاروباری شخصیات اس دلچسپی کو مستقل رہنمائی اور عملی تعاون میں بدل سکیں گی؟ ایسے پروگراموں کی اصل کامیابی کا فیصلہ بھرے ہوئے ہال نہیں بلکہ ان نوجوانوں کے قائم کردہ کاروبار کریں گے جو یہاں سے کچھ سیکھ کر واپس لوٹے ہیں۔
***