مولانا جلیل احسن ندویؒ کا شمار برصغیر کے ممتاز علمائے دین میں ہوتا ہے۔ قرآن و سنت پر انہیں گہری بصیرت حاصل تھی۔ وہ ایک ادیب، نکتہ سنج اور بڑے محقق بھی تھے۔ وہ ایک واسطے سے علامہ حمید الدین فراہیؒ کے شاگرد تھے، یعنی شیدائے قرآن مولانا اختر احسن اصلاحیؒ (متوفی ۱۹۵۸ء) کے تلمیذِ رشید تھے۔
مولانا کا خاندان راجستھان سے آکر پہلے فیض آباد میں آباد ہوا، اس کے بعد وہاں سے کرمینی میں اقامت گزیں ہوا۔ مولانا کے والد شیخ علیم اللہ اس زمانے میں عام گاؤں والوں کی طرح پڑھے لکھے نہیں تھے۔ وہ کلکتہ کی ایک جوٹ مل میں ملازم ہوگئے اور اسی ملازمت سے ان کے اہل و عیال کا گزر بسر ہوتا تھا۔ مولانا جلیل احسن ابھی مکتب دوم میں تھے کہ ان کے والد کا مرضِ طاعون میں انتقال ہوگیا۔ مولانا کے علاوہ ان کا ایک بھائی اور ایک بہن تھی۔ ان کی والدہ اور تین بچوں کی کفالت کا بظاہر اب کوئی سہارا نہ تھا۔ اس لیے بعض رشتہ داروں کے مشورے سے ان کی والدہ نے شیخ اسماعیل طویٰ سے نکاح کرلیا، لیکن جلد ہی ان کے شوہر کا بھی انتقال ہوگیا۔ پھر ان کی والدہ کی تیسری شادی شیخ عباس مرحوم طویٰ سے ہوئی۔ عباس مرحوم نے اپنی جائیداد ان تین یتیم بچوں کے نام کر دی، جو گویا من جانب اللہ ان کے لیے زندگی گزارنے کا ایک ذریعہ ثابت ہوئی۔
مولانا جلیل احسن ندویؒ ۲۵ جنوری ۱۹۱۳ء مطابق ۱۳۳۲ھ کو چاند پٹی کے قریب موضع کرمینی، اعظم گڑھ میں پیدا ہوئے۔ ۸ جولائی ۱۹۸۱ء کو جامعۃ الفلاح میں ان کا انتقال ہوا۔ مدرسے کے قریب قبرستان میں ایک مہوا کے درخت کے نیچے مولانا مدفون ہیں۔ ان کی قبر پر کوئی کتبہ یا نشانی بھی نہیں ہے۔ ان کی قبر کو بہت کم لوگ جانتے ہوں گے۔
مولانا کی عمر چار سال ہوئی تو ان پر فالج کا حملہ ہوا جس کے نتیجے میں وہ شکستہ پا ہوگئے۔ اس ہمت شکن امتحان سے دوچار ہونے کے باوجود ان کی تعلیم کا سلسلہ جاری رہا۔ ان کے عزیز و رشتہ دار یہی چاہتے تھے اور کوشش بھی کر رہے تھے کہ وہ لکھ پڑھ کر اس لائق ہو جائیں کہ کسی طرح اپنا پیٹ پالنے کے قابل ہوسکیں۔
پہلے گاؤں کے مکتب میں بٹھائے گئے۔ درجہ سوم یا چہارم تک مکتب کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد بلریا گنج کے مڈل اسکول میں داخل کردیے گئے، جہاں اس معذوری کے باوجود روزانہ پیدل آنا جانا ہوتا تھا۔ مولانا حبیب الرحمن اعظمیؒ نے لکھا ہے کہ پیروں کی معذوری کے باوجود وہ گھر سے دس کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے بلریا گنج آتے اور پھر وہاں سے شام کو گھر واپس جاتے۔ اس طرح یومیہ بیس کلومیٹر کی مسافت پیروں کی شکستگی کے باوجود طے کرتے تھے۔ اسی دوران ان کی والدہ طویٰ منتقل ہوگئیں تو کرمینی کی ایک نیک دل خاتون نے انہیں اپنی نگہداشت میں رکھ لیا۔ پھر کچھ دنوں کے بعد وہ بھی کرمینی سے چلے آئے اور مدرسۃ الاصلاح میں پڑھنے لگے، لیکن ان کے اقربا نے معاشی مقاصد کے تحت انہیں مدرسۃ الاصلاح سے اٹھا کر بلریا گنج کے مڈل اسکول میں پھر داخل کر دیا کیوں کہ ان کے پیش نظر یہی تھا کہ مڈل پاس کرلیں گے تو اعظم گڑھ کچہری کے کسی گوشے میں بیٹھ کر اپنی دال روٹی بھر کما لیا کریں گے۔
مڈل اسکول کی تعلیم نا مکمل چھوڑ کر انہوں نے ٹانڈہ کے مشہور ادارے کنز العلوم میں داخلہ لیا اور مولانا علیم اللہؒ (تلمیذ حضرت شیخ الہندؒ) کی نگرانی میں چند سال تک تعلیم حاصل کرتے رہے۔ اس کے بعد تعلیم الدین ڈابھیل میں داخل ہوگئے اور پھر دارالعلوم دیوبند پہنچ کر تعلیم مکمل کی۔ دارالعلوم میں شیخ الادب مولانا اعزاز علی کی تعلیم و تربیت سے عربی ادب کا خاص ذوق پیدا ہوا۔ اس کے بعد مزید اس ذوق کو پروان چڑھانے کا موقع ندوۃ العلماء لکھنؤ میں قیام کے دوران ملا، جہاں انہیں مولانا عبدالرحمٰن کاشغری اور مولانا محمد ناظم ندویؒ جیسے جدید عربی ادب کے ماہر اساتذہ سے خصوصی استفادے کا موقع ملا۔ اس وقت ندوہ میں ادب میں داخلے کا کوئی قانون نہیں تھا۔تدریسی و علمی خدمات: مذکورہ تعلیمی مراحل طے کرنے کے بعد وہ کئی جگہوں پر مدرس رہے، مثلاً اشاعت العلوم بریلی، مصباح العلوم بریلی، مدرسۃ الاصلاح سرائے میر، جامعہ دارالہدیٰ کریم نگر، آندھرا پردیش، جامعۃ الرشاد اعظم گڑھ، مرکزی درس گاہ رام پور اور جامعۃ الفلاح بلریا گنج وغیرہ۔ آخر میں وہ جامعۃ الفلاح میں دوبارہ اپنی شرطوں پر آئے۔ ۵ رمضان المبارک ۱۴۰۱ھ مطابق ۸ جولائی ۱۹۸۱ء، کو بعد نمازِ فجر جامعۃ الفلاح میں ان کا انتقال ہوا۔ مولانا امین احسن اصلاحیؒ کی تفسیر ’’تدبرِ قرآن‘‘ کا مطالعہ کر رہے تھے۔ مطالعہ کرتے کرتے تھک گئے تو اپنے خاص انداز میں کسی نکتے پر غور کر رہے تھے کہ تیز تیز سانس چلنے لگی اور اسی دوران روح پرواز کرگئی۔
مولانا ندویؒ سے بے شمار طلبا نے استفادہ کیا۔ چند اہل علم نے ان سے خصوصی استفادہ کیا، جن میں مولانا عنایت اللہ سبحانی اور مولانا نعیم الدین اصلاحی، استاذِ تفسیر جامعۃ الفلاح، وغیرہ شامل ہیں۔ ان کا اندازِ تدریس بڑا دل کش اور جاذب تھا۔ مولانا حبیب الرحمٰن اعظمیؒ نے ان کے اندازِ تدریس کے متعلق لکھا ہے کہ مولانا ندویؒ نحو، ادب اور تفسیر کے زبردست عالم تھے اور اسی کے ساتھ ایک ماہرِ تعلیم بھی تھے۔ ان کا طریقہ درس بڑا جاذب تھا۔ طالب علم کی خفیہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے کا انہیں اچھا سلیقہ تھا۔ وہ طلبا سے کہا کرتے تھے کہ ہمیشہ لفظوں کو پکڑ کر چلو۔ عبارت کے ذریعے مفہوم کی تعیین کی جانی چاہیے، نہ کہ مفہوم کے ذریعے عبارت حل کی جائے!
تدبرِ قرآن کا تنقیدی مطالعہ: مولانا ندویؒ نے اس تفسیر کا خصوصی تنقیدی مطالعہ شروع کیا۔ سورۃ البقرہ سے لے کر سورۃ الاعراف کی آیت ۱۴۹ تک بغور تنقیدی مطالعہ کرلیا تھا۔ اس کے بعد زندگی نے وفا نہ کی ورنہ ان کی تنقیدی بصیرت سے اس اہم تفسیر کی بہت سی کمیوں کا ازالہ ہوجاتا۔ انہوں نے اس تفسیر پر بے لاگ تبصرہ کیا ہے، البتہ اس تبصرے میں کہیں کہیں ان پر جذباتیت بھی غالب آگئی ہے، جو بہرحال مناسب نہیں معلوم ہوتی کیوں کہ علمی دنیا میں دلائل کی کاٹ دلائل ہوتے ہیں، نہ کہ جذباتیت! اس کی ایک مثال درج ذیل ہے:
مولانا موصوف نے صاحبِ کشاف کی تاویل اختیار کی ہے اور ادعائی انداز میں اپنی مختار تاویل پیش کی ہے، نیز اپنی تاویل سے مختلف تاویل اختیار کرنے والوں کی تخطیہ کی ہے۔ سوال یہ ہے کہ الفاظِ قرآن سے امینی تاویل کہاں وضاحت سے نکلتی ہے؟ اور کیسے معلوم ہوا کہ دوسروں نے جو تاویل پیش کی ہے، انہوں نے معنی حقیقی سے انحراف کیا ہے؟ اور آپ نے جو معنی لیے ہیں، وہ حقیقی معنی ہیں؟
مولانا ندویؒ کے یہ تنقیدی مضامین پہلے ماہنامہ ’’زندگی‘‘ رام پور میں ۱۷ قسطوں میں ’’نظرات‘‘ کے عنوان سے شائع ہوئے تھے۔ پہلی قسط نومبر ۱۹۸۲ء اور آخری اگست ۱۹۸۴ء میں شائع ہوئی تھی۔ اسی طرح سورہ انعام اور سورۃ اعراف کے نظرات جامعۃ الفلاح کے ماہنامہ ترجمان ’’حیاتِ نو‘‘ میں تین قسطوں میں شائع ہوئے۔ یہ مضامین ستمبر ۱۹۸۷ء تا نومبر ۱۹۸۷ء شائع ہوئے تھے۔
مولانا ندویؒ کے انہی مضامین کا مجموعہ ’’تدبرِ قرآن پر ایک نظر‘‘ کے نام سے ادارہ علمیہ، جامعۃ الفلاح نے ۲۰۰۶ء میں شائع کیا۔ یہ کتاب کل ۱۷۰ صفحات پر مشتمل ہے۔ اس کے مرتب مولانا نعیم الدین اصلاحی، استاذِ تفسیر جامعۃ الفلاح ہیں۔ اس کا جدید ایڈیشن ۲۰۲۴ء میں شائع ہوا ہے۔ اس نئے ایڈیشن میں جو اضافے ہوئے ہیں، ان کی وضاحت درج ذیل ہے:
-۱ زیرِ بحث آیات کو مکمل نقل کیا گیا ہے۔
-۲ تنقید کا جو حصہ چھوٹ گیا تھا اسے بھی شامل کرلیا گیا ہے۔
-۳ مولانا کے بعض ایسے دروس کو اس کتاب میں بطورِ اقتباس شامل کیا گیا ہے، جو متعلقہ آیات پر مشتمل تھے۔
-۴معانیِ الفاظ کی فہرست بھی دے دی گئی ہے۔
-۵مولانا امین احسن اصلاحیؒ کا وہ خط جو انہوں نے تدبرِ قرآن پر نظرِ ثانی کے سلسلے میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کو لکھا تھا، اسے نقل کیا گیا ہے۔
مولانا ندویؒ کی قرآن و حدیث پر بڑی گہری نگاہ تھی۔ مولانا مقبول فلاحیؒ نے مذکورہ کتاب میں حرفِ آغاز کے طور پر لکھا ہے کہ مولانا ندوی مرحوم قرآن اور عربی ادب کے بلند پایہ عالم گزرے ہیں۔ مرحوم کی پوری زندگی اور زندگی کی ساری توانائیاں قرآن مجید پر تدبر و تفکر اور علوم القرآن پڑھنے پڑھانے میں گزریں، مگر افسوس کہ مولانا کے گراں قدر علمی مباحث اور قرآنی تحقیقات اب تک جمع کرکے افادہ عام کے لیے پیش نہیں کیے جا سکے۔ ’’تدبرِ قرآن پر ایک نظر‘‘ کے ذریعے مولانا کی صرف چند آیات کی توضیحات منظرِ عام پر آسکی ہیں۔ ممکن ہے کہ آئندہ کسی بندہ خدا کو توفیق ملے اور وہ محنت کرکے ان منتشر قرآنی مباحث اور حاصلِ مطالعہ کو یکجا کرکے زیورِ طبع سے آراستہ کرسکے۔
اس مجموعے میں سورۃ البقرہ، سورہ آل عمران، سورہ النساء، سورۃ المائدہ، سورہ الانعام، سورہ الاعراف اور سور الفتح (آیت: ۲۹) تک کے مباحث ہی شامل ہیں۔ بقیہ سورتوں پر انہیں تنقیدی نظر ڈالنے کا موقع نہ مل سکا ورنہ یہ ایک عظیم قرآنی خدمت ہوتی۔ یہ کام انہوں نے مولانا اصلاحیؒ کے ایما پر کیا تھا جیسا کہ خود وضاحت کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
’’میں ’تدبرِ قرآن‘ پر نظرات نہ لکھتا، اگر انہوں نے بلا طلب اجازت نہ دی ہوتی۔ جس طرح دوسری تفسیروں پر اب تک کوئی گفتگو نہیں کی ہے۔۔۔ ہر تفسیر کی خصوصیات جدا ہوتی ہیں۔ سب میں طالب کو کچھ نہ کچھ مل جاتا ہے۔ غلطیوں اور تسامحات کو بشری کمزوری جاننا چاہیے۔‘‘
اس ضمن میں مولانا امین احسن اصلاحیؒ کا درج ذیل خط ملاحظہ کریں، جس میں مولانا جلیل احسن ندویؒ کی علمی شخصیت کا اعتراف بھی ہے اور مولانا اصلاحیؒ کی ذرہ نوازی و حوصلہ افزائی بھی۔ اس طرح مولانا جلیل احسن ندویؒ کا شمار ایسے اہل علم میں ہوتا ہے جو اکابر علما کے بڑے عقیدت کیش بھی تھے اور ناقد بھی۔ افسوس کہ اب یہ زمانہ لد گیا۔ آج اگر کسی ممتاز عالم یا اہل دانش پر آپ نے نقد کردیا تو آپ کی شامت آ جائے گی، حالاں کہ علمی اختلاف، اختلافِ عمر و مراتب کے بغیر، علمی دنیا کی ایک مضبوط روایت رہی ہے۔ اسی سیاق میں مولانا اصلاحیؒ کا خط ملاحظہ کریں:
ماہنامہ ’’میثاق‘‘
رحمان پورہ، اچھرہ، لاہور
مکرمی و محبی زاد لطفہ!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
آپ کے دو عنایت نامے یکے بعد دیگرے موصول ہوئے۔ میں ایک ہفتے کے لیے باہر چلا گیا تھا، اس وجہ سے جواب میں تاخیر ہوئی۔
آپ نے تفسیر کی جن غلطیوں کی طرف توجہ دلائی ہے، ان کے لیے دل سے شکر گزار ہوں۔ اگست کا پرچہ تو چھپ چکا، اب ستمبر کے پرچے میں ان کی تصحیح ہو سکے گی۔ میں ممنون ہوں گا، اگر آپ اس قسم کی چیزوں پر نگاہ رکھیں اور مجھے ان سے مطلع کرتے رہیں۔
والسلام
امین احسن اصلاحی
۲ اگست ۱۹۶۱ء
مولانا ندویؒ نے مدیرِ ’’زندگی‘‘ مولانا عروج قادریؒ کے نام جو خط لکھا تھا، اس میں انہوں نے یہ اعتراف کیا ہے کہ ’’تدبرِ قرآن‘‘ پر انہوں نے جو تنقیدیں کی ہیں، ان میں ان کی اپنی رائے کا کم دخل ہے، زیادہ تر مولانا اختر احسن اصلاحیؒ کی آرا ہیں۔ اسی ضمن میں مولانا سید عروج قادریؒ نے لکھا تھا:
’’انہوں نے اپنے ایک گرامی نامے میں ایک بات لکھی تھی، اب اس کے اظہار میں کوئی مضائقہ معلوم نہیں ہوتا۔ انہوں نے لکھا تھا:
’میری اپنی رائے کا حصہ بہت کم ہے۔ مولانا اختر احسنؒ کا فیضان زیادہ ہے، مگر میں نے ان نظرات میں ان کا حوالہ نہیں دیا ہے تاکہ ’’صاحبِ تدبر‘‘ اس عاجز طالب علم کی پیش کردہ رائے پر غور کریں۔‘‘
چند معروف کتابیں: مولانا مرحوم نے چند اہم علمی کتابیں لکھی ہیں:
-۱ راہِ عمل (۱۴۳۲ھ): احادیث پر مشتمل ہے۔
-۲ سفینہ نجات (۱۴۳۸ھ): احادیث کا مجموعہ۔
-۳زادِ راہ (۱۴۵۰ھ): احادیث پر مشتمل ہے۔[11]
-۴تدبرِ قرآن پر ایک نظر۔
-۵ نقوشِ راہ: مرتبہ ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی۔ اس میں ان کے متعدد دروسِ قرآن کو جمع کیا گیا ہے۔
-۶ نقوش و تأثرات: یہ ان کے چند مضامین کا مجموعہ ہے۔
-۷ جمہرة اشعار العرب پر مختصر حواشی (قلمی)۔
-۸لغاتِ قرآن (عربی): ’الف‘ سے ’ت‘ تک ہی کام ہوسکا تھا، وغیرہ۔
مولانا مرحوم نے مولانا مودودیؒ کی چند مشہور کتابوں کا عربی ترجمہ ’’دارالعروبۃ‘‘ پٹھان کوٹ میں ڈیڑھ دو سالہ قیام کے دوران کیا تھا۔ ان کتابوں میں ’’قرآن کی چار بنیادی اصطلاحیں‘‘، ’’اسلام کا نظامِ حیات‘‘ اور ’’اسلامی اقتصادی نظام‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔
استاذِ محترم مولانا حبیب الرحمن اعظمیؒ نے ’’تذکرہ علمائے اعظم گڑھ‘‘ (ص ۴۷۸) میں ان کے متعلق بجا لکھا ہے کہ جس پایے کے وہ عالم تھے، اس اعتبار سے انہیں کام کے مواقع میسر نہ آسکے۔[14]
رابطہ برائے مضمون نگار:islahi1980@gmail.com
حواشی و حوالہ جات
[1] مولانا حبیب الرحمٰن اعظمی، تذکرہ علمائے اعظم گڑھ، مرکز دعوت و تحقیق، دیوبند، ۲۰۱۲ء، ص ۴۶۸۔۴۶۹۔
[2] حوالہ سابق، ص ۴۶۹۔
[3] حوالہ سابق، ص ۴۷۳۔۴۷۴۔
[4] حوالہ سابق، ص ۴۷۷۔
[5] مولانا نعیم الدین اصلاحی، تدبرِ قرآن پر ایک نظر، ادارہ علمیہ، جامعۃ الفلاح، ۲۰۰۶ء، ص ۱۶۷۔
[6] تدبرِ قرآن پر ایک نظر، جدید ایڈیشن، دیباچہ، ص ۱۴۔
[7] حوالہ سابق، ص ۱۰۔۱۱۔
[8] حوالہ سابق، ص ۱۸۔
[9] میثاق کا یہ شمارہ اگر مل جاتا تو معلوم ہو جاتا کہ مولانا اصلاحی نے کیا تصحیحات کی تھیں۔ تلاشِ بسیار کے باوجود یہ شمارہ نہیں مل سکا۔ خود مرتبِ کتاب نے ڈاکٹر رضوان فلاحی، لندن، کے حوالے سے لکھا ہے کہ لاہور میں بھی میثاق کے دفتر سے معلوم کیا گیا تو وہاں بھی یہ شمارہ محفوظ نہیں ہے۔
[10] حوالہ سابق، ص ۱۹۔۲۰۔
[11] مولانا ندویؒ کے پیش نظر اس طریقے میں جو بھی مصلحت رہی ہو، اس سے بحث نہیں لیکن اصل حوالہ دینا مناسب تھا تاکہ اگر اصل مراجع سامنے ہوں تو اہل علم کی توجہ ان علمی مباحث کی طرف مزید مبذول ہوتی۔ (فضل الرحمن اصلاحی)
[12] حوالہ سابق، ص ۸۔
[13] یہ تینوں مجموعے احادیث بہترین ترجمے اور عمدہ تشریح کی بنا پر بہت مقبول ہوئے۔ یہ اصلاح و تربیت سے متعلق ہیں۔ مرکزی مکتبہ اسلامی، دہلی اور ذکریٰ، رام پور سے شائع ہوئے ہیں۔
[14] یہ مجموعہ ادارہ علمیہ، جامعۃ الفلاح، بلریا گنج، اعظم گڑھ سے شائع ہوا ہے۔
[15] مولانا مودودیؒ کی دعوت پر وہ ’’دارالعروبۃ‘‘ سے منسلک ہوگئے تھے۔ اس وقت اس ادارے کے ذمہ دار مولانا مسعود عالم ندویؒ تھے۔
[16] مولانا حبیب الرحمن اعظمیؒ، تذکرہ علمائے اعظم گڑھ، ص ۴۷۸۔