امن کی سفارت کاری، اسلامی تصورِ عدل اور عالمِ اسلام کی ذمہ داری
سوڈان کی سرزمین پر جاری جنگ اب اپنے ساڑھے تین برس مکمل کرنے کے قریب ہے، لیکن اس کے خاتمے کے بجائے اس کے دائرے اور تباہ کاریوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اکتوبر اور نومبر کے ابتدائی دنوں میں سامنے آنے والی صورت حال بتاتی ہے کہ یہ تنازع اب محض دو مسلح قوتوں کے درمیان اقتدار کی کشمکش نہیں رہا بلکہ اس نے ملک کے جغرافیے، معیشت، سماجی ڈھانچے اور انسانی بقا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایک طرف دارفور اور کردفان میں جنگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں اور دوسری طرف نیلِ ازرق کے علاقوں میں نئے محاذ کھل رہے ہیں؛ کہیں ڈرون حملے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہے ہیں، کہیں خشک سالی اور بھوک زندگی کا دامن تنگ کر رہی ہے اور کہیں بیرونی طاقتوں کی رقابت اس داخلی بحران کو علاقائی تصادم میں بدلنے کا خطرہ پیدا کر رہی ہے۔
اس المیے کی تازہ ترین تصویر اقوام متحدہ کے اداروں برائے مہاجرین (UNHCR) اور نقل مکانی (IOM) کی 6 نومبر کی مشترکہ رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ اس کے مطابق سوڈان میں ایک کروڑ 54 لاکھ افراد کو ہنگامی پناہ گاہوں اور بنیادی گھریلو اشیا کی فوری ضرورت ہے، لیکن وسائل کی شدید قلت کے باعث امدادی ادارے ان میں سے صرف 10 فیصد تک امداد پہنچانے کی استطاعت رکھتے ہیں۔ اب تک صرف 9 لاکھ 36 ہزار افراد کو یہ سہولت مل سکی ہے۔ ملک کے اندر 86 لاکھ افراد بے گھر ہیں، 46 لاکھ سے زیادہ شہری سرحد پار پناہ لینے پر مجبور ہوئے، جب کہ 52 لاکھ سے زائد افراد اپنے علاقوں کو واپس لوٹے ہیں۔ مگر واپسی کا یہ عمل بھی کسی آسودگی کی نوید نہیں بن سکا ہے، بہت سے لوگ اپنے گھروں کو ملبے، بستیوں کو ویرانی اور بنیادی سہولتوں کو تباہی کی نذر پاتے ہیں۔ مزید یہ کہ 2026 کے انسانی امداد کے منصوبے کے لیے درکار 2.9 ارب ڈالر میں سے اب تک تقریباً 47 فیصد ہی فراہم ہو سکے ہیں۔ گویا جنگ سے بے گھر ہونے والوں کے لیے پناہ کا انتظام بھی اب عالمی امدادی نظام کی مالی تنگ دامانی کا شکار ہے۔
جنگ کے محاذ اور طاقت کا بدلتا توازن
اس جنگ کی جڑیں اپریل 2023 میں اس وقت پیوست ہوئیں جب سوڈانی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان اور نیم فوجی دستے ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے سربراہ محمد حمدان دقلو المعروف حمیدتی کے درمیان اقتدار کی تقسیم اور RSF کو باقاعدہ فوج میں ضم کرنے کے معاملے پر اختلاف مسلح تصادم میں بدل گیا ہے۔ دونوں قوتیں کبھی ایک ہی اقتدار کا حصہ تھیں لیکن اقتدار اور فوجی اختیار کی کشمکش نے پورے ملک کو میدانِ جنگ بنا دیا ہے۔ اس تنازعے میں اصل سوال یہ تھا کہ عبوری سیاسی نظام میں فوجی قوت کا اختیار کس کے پاس ہوگا؛ مگر آج صورت حال یہ ہے کہ اقتدار کے اسی سوال نے ریاستی اداروں، شہری زندگی اور قومی وحدت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران لڑائی کا مرکز شمالی اور جنوبی کردفان اور نیلِ ازرق کے علاقے رہے ہیں۔ اقوام متحدہ نے 16 اکتوبر کو سلامتی کونسل کو بتایا کہ ان علاقوں میں جھڑپیں جاری ہیں اور ڈرون و فضائی حملے شہریوں کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ بے گھر افراد کے ایک کیمپ، تعلیمی اداروں، عدالت، یونیورسٹی ہاسٹل اور دیگر شہری مقامات پر حملوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ اس سے چند روز قبل 10 اکتوبر کو نیلِ ازرق کی ریاست واد الماہی میں بے گھر افراد کی پناہ گاہ کے قریب ڈرون حملے میں کم از کم 31 شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی، جن میں بیشتر خواتین اور بچے تھے۔ شمالی کردفان کے شہر الابیض میں بھی بے گھر افراد کے ایک مرکز پر حملے میں شہریوں کی جانیں گئیں۔
یہ محض جنگی محاذوں کی تبدیلی نہیں بلکہ جنگ کے طریقہ کار میں آنے والی تبدیلی کا بھی اظہار ہے۔ ڈرون اب اس تنازعے میں فیصلہ کن جنگی ہتھیار بنتے جا رہے ہیں۔ ان کی مدد سے محاذِ جنگ سے دور شہری مراکز اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ممکن ہو گیا ہے۔ نتیجتاً جنگ کا خطرہ ان علاقوں تک بھی پھیل رہا ہے جو پہلے نسبتاً محفوظ سمجھے جاتے تھے۔ اقوام متحدہ کے مطابق جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران صرف نیلِ ازرق میں تقریباً 99 ہزار افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے، جب کہ کردفان کی ریاستوں میں اکتوبر 2025 سے اب تک 3 لاکھ 8 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
قحط کا خطرہ: جنگ کے ساتھ موسم کی مار
سوڈان کا انسانی بحران اب صرف گولیوں اور بموں سے پیدا ہونے والی تباہی تک محدود نہیں رہا ہے۔ 12 اکتوبر کو عالمی ادارہ صحت اور غذائی تحفظ کے بین الاقوامی نظام (IPC) نے خبردار کیا کہ دارفور اور کردفان کے بعض علاقوں میں قحط کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ جنگ، بڑے پیمانے پر نقل مکانی، امداد کی قلت اور شدید خشک سالی نے خوراک کی دستیابی کو محدود، قیمتوں کو بلند اور روزگار کے ذرائع کو تباہ کر دیا ہے۔ ایل نینو سے وابستہ خشک سالی ملک کے تقریباً نصف حصے کو متاثر کر رہی ہے۔ کئی علاقوں میں صاف پانی کی قلت ہے، صحت کی سہولتیں یا تو انتہائی محدود ہیں یا بالکل دستیاب نہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اپریل 2023 سے اب تک صحت کے مراکز پر 228 حملوں کی تصدیق ہوئی جن میں 2,055 افراد ہلاک اور 817 زخمی ہوئے جبکہ ملک کی 37 فیصد طبی سہولتیں غیر فعال ہو چکی ہیں۔
یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ جنگ اب انسانی زندگی کے بنیادی وسائل—خوراک، پانی، علاج اور رہائش—کو بھی نگل رہی ہے۔ جب کھیت اجڑ جائیں، بازار غیر محفوظ ہو جائیں، طبی مراکز بند پڑے ہوں اور امدادی قافلوں کی رسائی دشوار ہو تو بھوک محض ایک معاشی مسئلہ نہیں رہتی بلکہ وہ زندگی اور موت کے درمیان حائل دیوار کو بھی گرا دیتی ہے۔ اس صورت حال میں قحط ایک ایسا انسانی المیہ بن چکا ہے جسے بر وقت جنگ بندی اور امدادی رسائی کے ذریعے سے ہی روکا جا سکتا ہے۔
بیرونی مداخلت: داخلی جنگ سے علاقائی تصادم تک
سوڈان کے بحران کا ایک نہایت تشویش ناک پہلو بیرونی طاقتوں کی مداخلت ہے۔ اقوام متحدہ کے تحقیقاتی مشن نے 3 ستمبر کی رپورٹ میں بتایا تھا کہ بین الاقوامی نیٹ ورک غیر ملکی جنگجوؤں کی بھرتی، تربیت، اسلحے، گولہ بارود، فوجی ٹیکنالوجی اور رسدی معاونت کے ذریعے جنگ کو طول دے رہے ہیں۔ رپورٹ میں RSF کی مدد کے لیے غیر ملکی اہلکاروں کی بھرتی اور کولمبیا کے سابق فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کا ذکر بھی کیا گیا۔ اسی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ سوڈانی فوج نے ایسے ڈرونز استعمال کیے جن کی بیرونِ ملک سے فراہمی کے شواہد موجود ہیں۔ اس طرح بیرونی معاونت کا دائرہ کسی ایک فریق تک محدود نہیں رہتا؛ دونوں جانب جنگی صلاحیت میں اضافے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
نومبر کے پہلے ہفتے میں اس مداخلت کے علاقائی اثرات بھی نمایاں ہوئے، جب سوڈان اور ایتھوپیا نے ایک دوسرے کے سرحدی علاقوں میں قونصل خانے بند کر دیے۔ سوڈان نے ایتھوپیا پر RSF کو اپنی سرزمین استعمال کرتے ہوئے ڈرون حملوں کی سہولت دینے کا الزام لگایا، جب کہ ایتھوپیا نے سوڈان، مصر اور اریٹیریا پر ٹگرائے باغیوں کی حمایت کے الزامات عائد کیے۔ دونوں جانب سے الزامات کی تردید کی گئی ہے، لیکن سفارتی کشیدگی نے اس خدشے کو بڑھا دیا ہے کہ سوڈان کی خانہ جنگی قرنِ افریقہ کے دوسرے تنازعات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
یہ صورت حال اس حقیقت کو آشکار کرتی ہے کہ داخلی انتشار جب بیرونی طاقتوں کے مفادات سے جڑ جائے تو جنگ کا خاتمہ مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔ علاقائی ممالک اور عالمی قوتوں کے لیے سوڈان محض ایک بحران زدہ ملک نہیں بلکہ جغرافیائی اثر و رسوخ، سرحدی سلامتی، بحیرۂ احمر تک رسائی اور خطے میں سیاسی برتری کے حصول کا میدان بھی بن سکتا ہے۔ ایسے میں جنگ کے فریقوں کو اسلحہ اور مالی مدد فراہم کرنے والے عناصر دراصل امن کی کوششوں کو کمزور کرتے اور انسانی تباہی کو طول دیتے ہیں۔
عالمِ اسلام کی ذمہ داری
سوڈان میں قیامِ امن اور سویلین اقتدار کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں لیکن تاحال کوئی فیصلہ کن پیش رفت سامنے نہیں آسکی ہے۔ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی پیکا ہاویستو نے 2 نومبر کو بتایا کہ مختلف سیاسی و عسکری حلقوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی زیرِ قیادت پانچ فریقی سفارتی کوشش (Quintet) کے تحت فوج کے حامی حلقوں اور جنگ مخالف سیاسی اتحاد سے بات چیت کے بعد RSF سے وابستہ سیاسی گروہوں سے بھی کرسمس سے قبل مذاکرات کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔ امریکہ نے بھی یہ موقف اختیار کیا ہے کہ سوڈان کے مستقبل کی قیادت دونوں جنگی جرنیلوں کے ہاتھ میں نہیں ہونی چاہیے۔ تاہم پائیدار امن کی راہ محض مذاکرات کے انعقاد سے ہموار نہیں ہوگی بلکہ اس کے لیے جنگ بندی، بیرونی عسکری معاونت کا خاتمہ، شہریوں کا تحفظ اور ایک جامع سیاسی سمجھوتا بھی ضروری ہے۔ اور اس سمجھوتے کی بنیاد بھی محض دو مسلح قوتوں کے درمیان اقتدار کی تقسیم نہیں بلکہ عوام کی آزادانہ مرضی اور حقیقی سیاسی شرکت ہونی چاہیے۔ سوڈان کے دیرینہ مسائل—جمہوری انتقالِ اقتدار میں رکاوٹیں، ریاستی اداروں کی کمزوریاں، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور دارفور، کردفان و نیلِ ازرق جیسے علاقوں کی تاریخی محرومیوں کو نظر انداز کرکے قومی مفاہمت ممکن نہیں ہو سکتی۔ ضرورت ایسے سیاسی بندوبست کی ہے جو تمام طبقات کو نمائندگی دے، ریاستی اداروں کو جواب دہ بنائے اور اقتدار کو عوام کی امانت تسلیم کرے۔
یہی وہ مقام ہے جہاں سوڈان کا بحران مسلم دنیا کے اجتماعی شعور اور تصورِ اخوت کا امتحان بن جاتا ہے۔ اسلام میں اقتدار غلبے اور تسلط کا وسیلہ نہیں بلکہ امانت اور جواب دہی کی ذمہ داری ہے۔ قرآن مجید کا حکم ہے کہ امانتیں ان کے اہل لوگوں تک پہنچائی جائیں اور لوگوں کے درمیان عدل کے ساتھ فیصلے کیے جائیں (النساء: 58)۔ اسی طرح کسی قوم کی دشمنی بھی انصاف سے انحراف کا جواز نہیں بن سکتی (المائدہ: 8)۔ ان اصولوں کا تقاضا ہے کہ سوڈان کے کسی بھی فریق کو اس کی سیاسی وابستگی یا عسکری حیثیت کی بنا پر ظلم اور شہریوں کے خلاف جرائم سے بری الذمہ نہ سمجھا جائے۔ دونوں جانب سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی غیر جانب دارانہ تحقیقات اور احتساب ہونا چاہیے۔
مسلم اخوت کا قرآنی تصور بھی محض جذباتی وابستگی یا رسمی بیانات تک محدود نہیں ہے؛ قرآن اہلِ ایمان کو آپس میں بھائی بھائی قرار دے کر ان کے درمیان اصلاح کا حکم دیتا ہے (الحجرات: 10) اس اخوت کا عملی تقاضا ہے کہ مسلم ممالک اپنی سفارتی، سیاسی اور معاشی قوت کو جنگ بندی، اسلحے کی ترسیل روکنے، انسانی امداد کی بلارکاوٹ فراہمی اور جامع سیاسی تصفیے کے لیے استعمال کریں۔ جو ممالک یا نیٹ ورک کسی بھی جنگجو فریق کو عسکری و مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں، ان پر مؤثر دباؤ ڈالا جائے۔ محض امدادی رقوم جاری کر دینا اور مذمتی قراردادیں پاس کر دینا کافی نہیں ہے بلکہ جنگ کو طول دینے والے اسباب کا سدباب بھی ضروری ہے۔
سوڈان کا المیہ اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ جب ریاستی قوتیں عوام کی خدمت کے بجائے اقتدار کے حصول کو اپنا مقصد بنا لیں، سیاسی اختلاف مکالمے کے بجائے اسلحے سے حل ہونے لگے اور بیرونی طاقتیں داخلی کمزوریوں کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کریں تو اس کی قیمت پورا معاشرہ ادا کرتا ہے۔ اقتدار کی کشمکش میں حکم رانوں کے منصب شاید محفوظ رہیں، لیکن عوام کے گھر، روزگار، مستقبل اور امیدیں ملبے میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔
چنانچہ عالمِ اسلام کے سامنے سوال صرف یہ نہیں کہ وہ سوڈان کے مظلوم عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ کیا وہ اپنی اجتماعی قوت کو جنگ روکنے اور انسانی جانیں بچانے کے لیے بروئے کار لانے کی صلاحیت اور عزم رکھتا ہے؟ کیا مسلم ممالک اپنے وسائل کو امداد، اپنے سفارتی اثر و رسوخ کو جنگ بندی اور اپنی سیاسی قوت کو بیرونی مداخلت کے انسداد کے لیے استعمال کریں گے؟ قرآن اہلِ ایمان کو عدل پر مضبوطی سے قائم رہنے کا حکم دیتا ہے، خواہ یہ خود ان کے اپنے خلاف ہی کیوں نہ ہو (النساء: 135)۔ یہی اصول سوڈان کے معاملے میں بھی رہنما ہونا چاہیے۔ وہاں کسی ایک جرنیل کی فتح نہیں بلکہ انسانی حرمت کا تحفظ، عوام کی آزادانہ مرضی پر مبنی سیاسی نظام اور عدل و انصاف کے قیام کو کامیابی کا معیار بننا چاہیے۔ عالمِ اسلام کی اخوت کا حقیقی ثبوت بھی یہی ہوگا کہ وہ محض تماشائی بننے کے بجائے جنگ کے خاتمے، مظلوموں کی داد رسی اور ایک منصفانہ سیاسی مستقبل کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کرے۔