مصنوعی ذہانت کا چیلنج؛ بدلتی ٹیکنالوجی اور روزگار کا مستقبل۔معاشی ترقی کا اصل امتحان؛ محنت کشوں کی آمدنی اور معیارِ زندگی میں بہتری
ملک میں بے روزگاری ایک سنگین مسئلہ ہے۔ حکومت کی جانب سے روزگار سے متعلق اعداد و شمار کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا رہا ہے، لیکن ملک کے موجودہ معاشی حالات میں محض کسی کام کا مل جانا کامیابی کی ابتدا تو ہو سکتا ہے، منزل نہیں۔ ایک ڈیلیوری بوائے، کارخانے میں کام کرنے والا ٹیکنیشن اور ایک سافٹ ویئر انجینئر، تینوں برسرِ روزگار ہیں اور ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں لیکن ان کی پیداواری صلاحیت، آمدنی کے امکانات، قرض حاصل کرنے کی اہلیت اور اثاثے بنانے کی استعداد میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
اس لیے اب روزگار کی پیمائش کے پیمانے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ سوال یہ نہیں کہ کتنے لوگ کام کر رہے ہیں، بلکہ یہ ہے کہ کم پیداواری صلاحیت والے روزگار سے نکل کر کتنے افراد بہتر تنخواہ اور زیادہ پیداواری صلاحیت کے حامل روزگار سے وابستہ ہو رہے ہیں۔ اگر کوئی کام کسی شخص کے لیے آئندہ بہتر ملازمت کے امکانات پیدا نہیں کرتا تو اسے پائیدار معاشی کامیابی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ یہ درست ہے کہ باقاعدہ تنخواہ پانے والے ملازمین کا تناسب بڑھ کر 23.6 فیصد ہو گیا ہے لیکن 56.2 فیصد افرادی قوت اب بھی خود روزگاری سے وابستہ ہے، جب کہ 20.2 فیصد افراد یومیہ اجرت پر کام کرتے ہیں۔ گویا ملک میں روزگار کے مواقع تو پیدا ہو رہے ہیں لیکن ان میں سے بہت سے ایسے نہیں ہیں جو کسی محنت کش یا ملازم کی مالی حالت میں بنیادی تبدیلی لا سکیں۔
پیداوار سے منسلک ترغیبی (PLI) منصوبے الیکٹرانکس، فوڈ پروسیسنگ، آٹوموبائل، ٹیکسٹائل، ادویہ سازی اور سولر ماڈیولز سمیت 14 شعبوں میں نافذ کیے گئے ہیں۔ مارچ 2026ء تک ان منصوبوں کے تحت 2.4 لاکھ کروڑ روپے کی حقیقی سرمایہ کاری متوجہ ہوئی، جب کہ 15.2 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں اور براہِ راست یا بالواسطہ روزگار کے 14.15 لاکھ سے زیادہ مواقع پیدا ہوئے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومتی پالیسیاں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہاؤ کو ایک خاص سمت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ بلاشبہ 14 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع معمولی کامیابی نہیں لیکن 60 کروڑ سے زیادہ محنت کشوں پر مشتمل معیشت کے لیے یہ تعداد ناکافی ہے۔ اس لیے پی ایل آئی منصوبوں کی افادیت اور روزگار پیدا کرنے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ناگزیر ہے۔
ہندوستان کے لیے سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق موجودہ حالات میں دو امور پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے: برآمدات کا فروغ اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنا۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے معاملے میں ہم اب تک مطلوبہ پیش رفت نہیں کر سکے ہیں۔ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کو متوجہ کرنے کے لیے محض درآمدات پر انحصار کرنے کے بجائے مقامی پیداوار اور صنعتی صلاحیت کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔
روزگار کے مواقع بڑھانے، تنخواہوں کی سطح بہتر بنانے، مقامی سپلائرز کو ترقی دینے اور ملک کے اندر سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے ہندوستان میں موبائل فون سازی کی صنعت کا تجربہ اس بات کی مثال ہے کہ اس سمت میں مزید کیا کچھ کیا جا سکتا ہے۔ اسمارٹ فون اب ہندوستان کی اہم برآمدی مصنوعات میں شامل ہو چکے ہیں۔ اسی طرح ڈیٹا سنٹرز کے لیے درکار ضروری اجزا اور ٹیکنالوجی کے معاملے میں بھی درآمدات پر انحصار کم کرنے کی ضرورت ہے۔ تاہم، محض سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ کافی نہیں ہے بلکہ روزگار کے بہتر مواقع، تنخواہوں میں اضافہ، مقامی سپلائرز کی ترقی اور محنت کشوں کی پیداواری صلاحیت میں بہتری بھی یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا ہندوستان میں تیار ہونے والے اسپیئر پارٹس، ڈیزائننگ اور انجینئرنگ کی سہولتوں کے ساتھ صنعتوں کو مقامی سپلائی نیٹ ورک تک آسان رسائی حاصل ہو رہی ہے؟ کیا اس عمل کے نتیجے میں زیادہ ہنرمند اور بہتر تنخواہ والی ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں؟
ہمارے ملک میں مسئلہ صرف سرمایہ کاری کی کمی کا نہیں بلکہ ان رکاوٹوں کا بھی ہے جو بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کی صلاحیت رکھنے والی کمپنیوں کی ترقی کی راہ میں حائل ہیں۔ کئی ریاستوں میں زمین کا حصول انتہائی دشوار ہے۔ محنت سے متعلق قوانین اور انتظامی ڈھانچہ مرکز اور ریاستوں کے درمیان منقسم ہے جب کہ ان قوانین کے نفاذ کے طریقۂ کار بھی مختلف ریاستوں میں یکساں نہیں ہیں۔ جی ایس ٹی نے معیشت کے ایک بڑے حصے کو یکساں ٹیکس نظام کے دائرے میں لا کر کاروباری سرگرمیوں کو خاصا فروغ دیا ہے لیکن اس سے متعلق کاغذی کارروائی اور انتظامی تقاضوں کی تکمیل چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے ایک بڑا بوجھ بن جاتی ہے۔ اس پر مستزاد بد عنوان افسران کی جانب سے رشوت طلبی اور دیگر غیر قانونی مطالبات ہیں جو ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ اکثر چھوٹی اور غیر منظم صنعتوں کو بڑے اور منظم کاروباری اداروں میں تبدیل ہونے کے مرحلے پر ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں ان کی پیداواری صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ اس صورتِ حال کا مؤثر اور دیرپا حل تلاش کرنا ناگزیر ہے۔
یہ امر پیشِ نظر رہنا چاہیے کہ دنیا کی کامیاب معیشتوں، بالخصوص ایشیا کے ترقی یافتہ ممالک نے صنعت کاری ہی کے ذریعے ترقی کی منازل طے کی ہیں۔ جنوبی کوریا نے اپنے محنت کشوں کو زراعت سے صنعت کی طرف منتقل کیا، جہاں ان کی پیداواری صلاحیت کے ساتھ ساتھ تنخواہوں میں بھی اضافہ ہوا۔ چین نے بھی اسی ماڈل کو بڑے پیمانے پر اپنایا ہے۔ وہاں مینوفیکچرنگ محض برآمدات کا ذریعہ نہیں بنی بلکہ کم ہنر مند مزدوروں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کا ایک مؤثر وسیلہ بھی ثابت ہوئی۔
اس کے برعکس، ہندوستان نے بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ کا مضبوط ڈھانچہ قائم کرنے سے پہلے ہی عالمی مسابقت کے حامل خدمات کے شعبے میں نمایاں ترقی حاصل کر لی، جس سے ملک کو ایک غیر معمولی قوت ضرور حاصل ہوئی۔ آج ہندوستان جدید ترین سافٹ ویئر پلیٹ فارم تیار کرنے، عالمی مالیاتی نظام کو تکنیکی سہولتیں فراہم کرنے اور بین الاقوامی تحقیقی مراکز چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے، لیکن معیشت کی گاڑی محض خدمات کے شعبے کے سہارے نہیں چل سکتی۔ یہ شعبہ ملک کی وسیع آبادی کو اس پیمانے پر روزگار فراہم کرنے سے قاصر ہے جس کی ہندوستان کو ضرورت ہے۔
2023-24ء میں منظم شعبے میں تقریباً دو کروڑ افراد برسرِ روزگار تھے، جب کہ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں توقع کے مطابق ترقی نہیں ہو سکی۔ یہ شعبہ نہ صرف پیداواری سرگرمیوں کا مرکز ہے، بلکہ محنت کشوں کو ہنر اور عملی تربیت فراہم کرنے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم، ملک کی وسیع افرادی قوت کے مقابلے میں اس شعبے میں روزگار کے مواقع کا دائرہ اب بھی انتہائی محدود ہے۔
ہندوستان میں مینوفیکچرنگ کے شعبے کو وسعت دینے کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے گئے ہیں، لیکن اس کی روزگار پیدا کرنے کی صلاحیت میں مزید اضافہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ بین الاقوامی ادارۂ محنت (آئی ایل او) کی رپورٹ کے مطابق طویل عرصے سے مینوفیکچرنگ میں روزگار کا تناسب تقریباً 12 سے 14 فیصد کے درمیان رہا ہے جب کہ تعمیرات اور خدمات کے شعبوں نے غیر زرعی روزگار کا بڑا حصہ اپنے اندر سمویا ہے۔ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو سرمایہ، جدید مشینری، بجلی، سستے قرضوں اور منڈیوں تک رسائی جیسی بنیادی سہولتوں کی کمی کا سامنا رہتا ہے۔ جب چھوٹی صنعتیں ترقی نہیں کر پاتیں تو بڑے پیمانے پر مستقل اور بہتر تنخواہ والی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا نہیں ہوتے۔
آج مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے روزگار کی نوعیت کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں جہاں روزگار کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، وہیں متعدد روایتی ملازمتیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ ہمارے تعلیمی اداروں میں نظریاتی تعلیم پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے، جب کہ عملی تربیت، تکنیکی مہارتوں، تحقیق، اختراع اور صنعتی تجربے کے مواقع محدود ہیں۔ اس صورتِ حال کا تقاضا ہے کہ کالجوں میں پیشہ ورانہ تعلیم، انٹرن شپ اور عملی تربیت کو خصوصی اہمیت دی جائے اور انہیں تعلیمی نظام کا لازمی حصہ بنایا جائے۔ درحقیقت ملک کو محض روزگار کے مواقع کی کمی کا سامنا نہیں بلکہ ایسے روزگار کی بھی قلت ہے جو محنت کشوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی پیداواری استعداد بڑھانے کا ذریعہ بن سکیں۔
ایک اندازے کے مطابق شعبہ زراعت میں روزگار کا تناسب 2024ء کے 44.8 فیصد سے گھٹ کر 2025ء میں 43 فیصد رہ گیا ہے جب کہ تعمیرات کے شعبے میں یہ تناسب 12 فیصد پر برقرار رہا۔ زراعت، باغبانی اور ماہی گیری کا مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں حصہ تقریباً 18 فیصد تھا۔ یہ اعداد و شمار اس حقیقت کی نشان دہی کرتے ہیں کہ ہندوستان میں مینوفیکچرنگ کا شعبہ اب بھی مطلوبہ وسعت اور قوت حاصل نہیں کر سکا ہے۔ اس کے نتیجے میں ایک طرف زراعت کے شعبے میں بڑی تعداد میں افرادی قوت کے مصروفِ کار ہونے کے باوجود قومی پیداوار میں اس کا حصہ نسبتاً کم ہے، تو دوسری طرف مینوفیکچرنگ کے شعبے میں نسبتاً کم افرادی قوت کے ذریعے زیادہ قدر و قیمت کی حامل پیداوار حاصل کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
روزگار سے متعلق درست پالیسی وہ نہیں جو محض زیادہ سے زیادہ ملازمتیں پیدا کرنے پر توجہ دے بلکہ وہ ہے جو محنت کشوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے ساتھ ان کے معیارِ زندگی کو بھی بلند کرے۔ مصنوعی ذہانت (AI) کے موجودہ دور میں اس پہلو کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ مصنوعی ذہانت بعض شعبوں میں درمیانی آمدنی والی نئی ملازمتیں پیدا کیے بغیر بھی پیداوار میں اضافہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس لیے یہ سمجھنا بھی درست نہیں کہ جی ڈی پی کی بلند شرحِ نمو خودبخود روزگار کے ایسے مواقع فراہم کر دے گی جو ماضی کے تکنیکی انقلابات کے نتیجے میں پیدا ہوئے تھے۔
چنانچہ ہندوستان کو ایک ایسے اہم اشاریے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے جسے عموماً معاشی اعداد و شمار میں وہ اہمیت نہیں دی جاتی جس کا وہ مستحق ہے: ہر سال کتنے محنت کش کم پیداواری صلاحیت والے روزگار سے نکل کر زیادہ پیداواری صلاحیت اور بہتر تنخواہ والے روزگار کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں؟ یہی وہ حقیقی پیمانہ ہوگا جس سے اندازہ لگایا جا سکے گا کہ ملک کی معاشی ترقی واقعی عوام کی خوشحالی میں ڈھل رہی ہے یا محض اعداد و شمار کی حد تک ترقی کا تاثر پیدا کر رہی ہے۔
***
روزگار ہے، مگر باوقارنہیں ہے۔ملازمتوں کی تعداد نہیں، معیار اور آمدنی بھی اہم

پی ایل آئی منصوبے: سرمایہ کاری میں اضافہ، روزگار کے مواقع اب بھی ناکافی۔صنعتی ترقی کی راہ میں سرخ فیتہ، پیچیدہ قوانین اور انتظامی رکاوٹیں

