ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں پر کروڑوں خرچ، بھارت کو کیا حاصل ہوا؟
ہندوستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ایک مخصوص بیانیہ مسلسل پیش کیا جاتا رہا ہے۔ ملک کو عالمی طاقت بنانے، ہندوستان کی بین الاقوامی حیثیت بلند کرنے، عالمی رہنماؤں سے آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرنے اور کسی بھی عالمی طاقت کے دباؤ میں نہ آنے کے دعوے کیے جاتے رہے ہیں۔ وزیراعظم مودی کے دور حکومت میں ہندوستان کو ایک ابھرتی ہوئی عالمی طاقت اور گلوبل ساؤتھ کی قیادت کرنے والے ملک کے طور پر پیش کیا جاتا رہا لیکن حال ہی میں امریکہ سے سامنے آنے والی ایک خبر نے ان دعوؤں کی حقیقت اور ہندوستان کی خارجہ پالیسی کی سمت کے بارے میں کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
خبر یہ ہے کہ ہندوستانی حکومت نے امریکہ میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں سے تعلق رکھنے والی لابنگ کمپنیوں کی خدمات حاصل کیں جنہیں ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے بھاری معاوضہ ادا کیا جا رہا ہے۔ ان کمپنیوں کا کام امریکی انتظامیہ کے اہم عہدیداروں تک ہندوستانی حکومت کی رسائی آسان بنانا اور مختلف پالیسی معاملات میں ہندوستان کے مفادات کی نمائندگی کرنا ہے۔ امریکی حکومت کے سرکاری ریکارڈ میں درج تفصیلات کے مطابق ایک لابنگ فرم نے مئی اور جون 2026 کے دوران ہندوستانی حکومت اور وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان آٹھ فون کالز کا انتظام کیا۔ یہ محض ایک خبر نہیں ہے بلکہ ہندوستان کی سفارتی حکمت عملی، اس کے قومی وقار اور اس کی خارجہ پالیسی کی خودمختاری کے حوالے سے ایک سنجیدہ بحث کا موضوع ہے۔اس معاملے کی تفصیلات امریکی قانون Foreign Agents Registration Act (FARA) کے تحت جمع کرائی گئی دستاویزات سے سامنے آئی ہیں۔ امریکہ میں یہ قانون 1938ء سے نافذ ہے، اس کے تحت بیرونی حکومتوں یا اداروں کی نمائندگی کرنے والے ایجنٹوں اور لابنگ کمپنیوں کو اپنے تعلقات، سرگرمیوں اور مالی معاوضوں کی تفصیلات امریکی محکمہ انصاف کے پاس درج کروانی ہوتی ہیں۔ اس قانون کا بنیادی مقصد امریکی عوام اور حکومت کو یہ بتانا ہے کہ کون سا ادارہ کس غیر ملکی حکومت کے لیے کام کر رہا ہے اور اس کام کے عوض اسے کتنا معاوضہ مل رہا ہے۔
اسی قانون کے تحت امریکی لابنگ کمپنی SHW Partners LLC نے ہندوستانی حکومت کے ساتھ اپنے معاہدے اور سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کی ہیں۔ اس کمپنی کے سربراہ جیسن ملر ہیں جو ڈونالڈ ٹرمپ کے قریبی سیاسی ساتھی اور ان کی انتخابی مہم کے اہم ترجمانوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق ہندوستانی سفارت خانے نے اپریل 2025ء میں اس کمپنی کی خدمات حاصل کی تھیں اور اس کے عوض کمپنی کو ماہانہ ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر ادا کیے جانے کا معاہدہ کیا گیا تھا۔ اس کے دائرہ کار میں امریکی حکومت، کانگریس، ریاستی حکومتوں، تعلیمی اداروں اور تھنک ٹینکس کے ساتھ رابطہ پیدا کرنا اور ہندوستانی مفادات کی نمائندگی شامل تھی۔
کمپنی کی جانب سے جمع کرائی گئی حالیہ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اس نے مئی اور جون 2026ء کے دوران ہندوستانی حکومت اور امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان آٹھ فون کالز کا انتظام کیا تھا، ان عہدیداروں میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ، تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر، ڈپٹی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر مائیکل نیڈہام اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔ یہ وہ عہدیدار ہیں جن کے فیصلے امریکہ کی تجارتی پالیسی، محصولات، اقتصادی پابندیوں اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر اثر انداز ہوتے ہیں، ایسے میں ہندوستانی حکومت کی جانب سے ان تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ایک پرائیویٹ لابنگ کمپنی کی خدمات لینا یقیناً توجہ طلب ہے۔
معاملہ صرف ایک کمپنی تک محدود نہیں ہے، ہندوستانی حکومت نے امریکہ میں ایک اور لابنگ فرم Mercury Public Affairs کی خدمات بھی حاصل کیں جس کے عوض اس کمپنی کو ماہانہ 75 ہزار امریکی ڈالر ادا کیے جانے کا معاہدہ کیا گیا تھا۔ یہ کمپنی بھی ڈونالڈ ٹرمپ کے سیاسی حلقے سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ساتھ روابط رکھتی ہے، اس کے اہم افراد میں برائن لانزا شامل ہیں، جو ٹرمپ کی عبوری انتظامیہ کی انتخابی و ابلاغی ٹیم کا حصہ تھے، سوسی وائلز بھی ماضی میں اس کمپنی سے وابستہ رہی ہیں جو بعد میں ٹرمپ کی چیف آف اسٹاف بنیں۔
دونوں کمپنیوں کے ماہانہ معاوضوں کو جمع کیا جائے تو یہ رقم 2 لاکھ 25 ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے، جو ہندوستانی روپے میں تقریباً دو کروڑ کے برابر ہے۔
یہاں ایک اہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ہندوستان کو امریکہ میں اپنی بات پہنچانے اور امریکی حکام تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اتنی خطیر رقم خرچ کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ جب کہ ہندوستان کا دنیا کی بڑی معیشتوں میں شمار ہوتا ہے، اس کے پاس ایک وسیع سفارتی نیٹ ورک ہے، ہندوستانی وزارت خارجہ میں انڈین فارن سرویس یعنی آئی ایف ایس کے تربیت یافتہ افسران موجود ہیں، جنہیں بین الاقوامی تعلقات، سفارت کاری، مذاکرات اور عالمی سیاست کا تجربہ ہوتا ہے اور امریکہ میں ہندوستان کا سفارت خانہ بھی کئی دہائیوں سے کام کر رہا ہے۔ اس کے باوجود اگر ہندوستانی حکومت کو امریکی صدر کے قریبی سیاسی ساتھیوں کی خدمات حاصل کرکے وائٹ ہاؤس کے عہدیداروں تک رسائی پیدا کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہمارے سفارتی ادارے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں نا کام ثابت ہو رہے ہیں؟ کیا ہندوستان کے سفارتی تعلقات اب ریاستی اداروں کے بجائے سیاسی شخصیات کے ذاتی روابط پر زیادہ منحصر ہوتے جا رہے ہیں؟
یہاں سوال یہ نہیں ہے کہ لابنگ امریکہ میں قانونی ہے یا غیر قانونی ہے بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہندوستان کی خارجہ پالیسی آزادانہ فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی اور کیا اس کے سفارتی ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا نہیں کر رہے ہیں؟
اس پورے معاملے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ ہندوستان نے جن کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں، ان کا تعلق صدر ٹرمپ کے قریبی سیاسی حلقے سے رہا ہے۔ اس سے یہ تاثر مزید مضبوط ہوتا ہے کہ ہندوستانی حکومت امریکی انتظامیہ کے ساتھ ادارہ جاتی اور اصولی سفارت کاری کے بجائے صدر ٹرمپ کے قریبی سیاسی حلقوں تک رسائی کو زیادہ اہمیت دے رہی ہے۔
اس حکمت عملی کا پس منظر بھی قابل غور ہے۔ اپریل 2025ء میں پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھی، اس کے بعد آپریشن سندور کے دوران اور اس کے خاتمے کے بعد امریکہ کا کردار اور صدر ٹرمپ کے بیانات ہندوستانی حکومت کے لیے سفارتی مشکلات کا باعث بنے۔ ٹرمپ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا سہرا اپنے سر باندھا جس پر ہندوستان میں بھی سوالات اٹھے۔ دوسری جانب امریکہ کی جانب سے ہندوستانی برآمدات پر بھاری محصولات عائد کرنے، روس سے تیل کی خریداری پر دباؤ ڈالنے اور تجارتی معاہدے کے حوالے سے سخت رویہ اختیار کرنے جیسے معاملات بھی سامنے آئے ہیں۔ ایسے ماحول میں ہندوستانی حکومت نے امریکی انتظامیہ تک اپنی رسائی بڑھانے کے لیے لابنگ کمپنیوں کا سہارا لیا ہے۔ یہ صورت حال ایک بنیادی سوال پیدا کرتی ہے کہ اگر ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور مضبوط سفارتی روابط پر قائم ہیں تو پھر ہندوستان کو امریکی صدر کے قریبی ساتھیوں کے ذریعے اپنے مسائل حل کرانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
اس معاملے کا ایک اور دلچسپ پہلو جیسن ملر کی امریکی انتظامیہ میں شمولیت ہے۔ 23 جون 2026ء کو جیسن ملر نے ٹرمپ انتظامیہ میں اسپیشل گورنمنٹ ایمپلائی (Special Government Employee) کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی جس کے بعد SHW Partners کے ساتھ ہندوستان کا معاہدہ ختم کر دیا گیا۔ یہ صورت حال مفادات کے ٹکراؤ (Conflict of Interest) سے متعلق کئی سوالات پیدا کرتی ہے۔ ایک شخص جو امریکی صدر کے سیاسی حلقے سے وابستہ رہا اور جس کی کمپنی ہندوستانی حکومت کے لیے لابنگ کر رہی تھی، بعد میں خود امریکی حکومت کا حصہ بن گیا! یہ معاملہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ایسے معاہدوں میں شفافیت اور مفادات کے ٹکراؤ سے بچاؤ کے لیے مؤثر ضابطوں کی ضرورت ہے۔
یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ جب کسی نجی کمپنی کی اصل اہمیت اس کے سیاسی روابط ہوں تو حکومت کو یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ قومی مفادات کی نمائندگی کر رہی ہے یا کسی مخصوص سیاسی شخصیت سے قربت کی قیمت ادا کر رہی ہے۔
اس خبر کے منظرِ عام پر آنے کے بعد ہندوستانی وزارتِ خارجہ نے اسے گمراہ کن قرار دیا۔ وزارت کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ امریکہ میں لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے اور ہندوستانی سفارت خانہ 1948ء سے ایسی خدمات حاصل کرتا رہا ہے۔ لیکن کسی پالیسی یا طریقہ کار کا کئی دہائیوں سے رائج ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اس پر سوالات نہیں اٹھائے جا سکتے۔ اگر کوئی عمل 1948ء سے جاری ہے تو اس کے موجودہ اخراجات، مقاصد اور نتائج کا جائزہ لینا مزید ضروری ہو جاتا ہے۔ وزارتِ خارجہ کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ ان کمپنیوں کو بھاری رقوم ادا کرنے کے عوض ہندوستان کو کیا ٹھوس سفارتی یا تجارتی فوائد حاصل ہوئے؟ کیا امریکی محصولات کے معاملے میں ہندوستان کو کوئی رعایت ملی؟ کیا روس سے تیل کی خریداری کے معاملے میں امریکی دباؤ کم ہوا یا ہندوستانی برآمدات کے تحفظ اور تجارتی مذاکرات میں کوئی نمایاں پیش رفت ہوئی؟
صرف یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ لابنگ ایک معمول کی سرگرمی ہے۔ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ ان کے ٹیکس کی رقم کہاں اور کس مقصد کے لیے خرچ کی جا رہی ہے۔
یہاں آ کر معاملہ محض چند لابنگ کمپنیوں کو ادا کیے جانے والے معاوضے سے آگے بڑھ جاتا ہے۔ یہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی کے بنیادی تصور اور اس کے سیاسی دعوؤں سے متعلق ایک اہم سوال بن جاتا ہے۔ 2014ء کے بعد سے قوم پرستی، قومی وقار اور عالمی سطح پر ہندوستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو حکومت کے سیاسی بیانیے کا اہم حصہ بنایا گیا۔ وزیر اعظم مودی کے بارے میں یہ تاثر قائم کیا گیا کہ وہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ برابری کی سطح پر بات چیت کرتے ہیں اور ہندوستان کو کسی بھی طاقت کے سامنے جھکنے نہیں دیتے۔ لیکن دوسری طرف حالت یہ ہے کہ امریکی صدر ہندوستانی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرتے ہیں، ہندوستان کو روس سے تیل خریدنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں اور تجارتی مذاکرات میں امریکی شرائط نمایاں ہوتی ہیں تو ہندوستانی حکومت کو اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے انہی لابنگ کمپنیوں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ اس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا عالمی طاقت بننے کا دعویٰ صرف سیاسی تقاریر اور تشہیری مہمات تک محدود ہے؟ کیا ہندوستان کی سفارتی طاقت واقعی اتنی مضبوط ہے کہ وہ اپنے قومی مفادات کا تحفظ خود کر سکے؟
ہندوستان کی خارجہ پالیسی کی ایک اہم روایت جواہر لال نہرو کے دور سے غیر وابستہ تحریک (Non-Aligned Movement) اور اسٹریٹجک خود مختاری کے تصور سے جڑی رہی ہے۔ بعد کے ادوار میں مختلف حکومتوں نے اپنے اپنے انداز میں اس روایت کو آگے بڑھایا۔ اٹل بہاری واجپائی کے دور میں بھی امریکہ کے ساتھ تعلقات میں پیش رفت کے باوجود ہندوستان نے اپنے قومی مفادات اور اسٹریٹجک خود مختاری کو اہمیت دی۔ اسٹریٹجک خود مختاری کا مطلب یہ نہیں کہ کسی ملک سے تعلقات نہ رکھے جائیں یا عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات سے گریز کیا جائے بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات قومی مفادات کی بنیاد پر قائم ہوں، نہ کہ کسی دوسرے ملک کے سیاسی حلقوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے! آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہندوستان اپنی سفارتی طاقت کو شخصی روابط اور سیاسی قربت کے بجائے مضبوط اداروں، واضح پالیسیوں اور اصولی مذاکرات کی بنیاد پر استوار کرے۔
امریکہ میں لابنگ کا نظام اپنی جگہ، اور ہندوستان کو بھی اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے وہاں مؤثر سفارتی حکمتِ عملی اختیار کرنے کا پورا حق ہے، لیکن اس حکمتِ عملی کا مقصد کیا ہے، اس پر کتنا عوامی سرمایہ خرچ ہو رہا ہے اور اس کے نتائج کیا ہیں؟ ان سوالات کے جوابات حکومت کو دینے ہوں گے۔ اگر کسی ملک کی خارجہ پالیسی اس کے اپنے سفارت کاروں، اداروں اور قومی ترجیحات کے بجائے دوسرے ملک کے حکم رانوں کے قریبی افراد کے سیاسی اثر و رسوخ پر منحصر ہونے لگے تو یہ سفارتی طاقت کی علامت نہیں بلکہ کمزوری کی نشانی ہے۔
ہندوستان کو یہ طے کرنا ہوگا کہ وہ عالمی سطح پر اپنے قومی مفادات کی نمائندگی خود کرے گا یا اس کام کے لیے بیرونی سیاسی حلقوں میں اثر و رسوخ رکھنے والے افراد کو بھاری معاوضے پر مقرر کرتا رہے گا۔ ملکی مفاد کا تقاضا یہ نہیں کہ ملک کے اندر قومی وقار کے نعرے لگائے جائیں بلکہ یہ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کے مفادات کا تحفظ کسی کی خوشنودی یا سیاسی قربت کا محتاج نہ ہو۔
اگر ہندوستان واقعی عالمی طاقت بننے کی راہ پر گامزن ہے اور اس کی خارجہ پالیسی پوری طرح خود مختار ہے تو اسے واشنگٹن میں اپنے مفادات کی نمائندگی کے لیے ٹرمپ کے قریبی سیاسی ساتھیوں کی خدمات پر اتنا انحصار کیوں کرنا پڑ رہا ہے؟ کیا یہی وہ مضبوط اور خود مختار ہندوستان ہے جس کا خواب عوام کو دکھایا گیا تھا یا پھر عالمی سیاست میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی طاقت کا دعویٰ اور اس کی سفارتی حقیقت دو مختلف کہانیاں ہیں؟