گونڈوانا: قبائلی اقتدار، حکم رانی اور خود مختاری کی تاریخ
آئینی حقوق اور صورتِ حال: قبائلی وسائل، محرومیاں اور خود مختاری کا سوال
ہندوستان کی تاریخ محض بادشاہوں، سلطنتوں، جنگوں اور سیاسی اقتدار کی داستان نہیں ہے بلکہ یہ ان بے شمار قوموں اور طبقات کی جدوجہد کی تاریخ بھی ہے جنہوں نے اپنی زمین، جنگلات، تہذیب، شناخت اور آزادی کے تحفظ کے لیے قربانیاں دیں۔ ہندوستان کے قبائلی عوام کی تاریخ بھی ایسی ہی جدوجہد، مزاحمت اور قربانیوں سے عبارت ہے، بد قسمتی سے تاریخ نویسی کے روایتی دھارے میں ان کی قربانیوں اور سیاسی جدوجہد کو وہ مقام نہیں مل سکا جس کے وہ مستحق تھے۔
۱۵ نومبر ہندوستان کے عظیم قبائلی رہنما، مجاہد آزادی اور سماجی مصلح برسا منڈا کا یوم پیدائش ہے، حکومت نے ۲۰۲۱ء سے اس دن کو ’’جن جاتیہ گورو دیوس‘‘ کے طور پر منانا طے کیا، اس دن کو برسا منڈا کی یاد سے منسوب کرنا یقیناً اس تاریخی حقیقت کو تسلیم کرنے کا ایک موقع ہے کہ ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں قبائلی عوام نے بھی غیر معمولی کردار ادا کیا تھا، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا برسا منڈا کو یاد کرنے اور ان کے مجسمے نصب کرنے سے ان کے خوابوں کی تکمیل ہوجائے گی؟ کیا آج کے قبائلی عوام کو وہ زمین، جنگلات، وسائل، عزت، خود مختاری اور سیاسی اختیار حاصل ہے جس کے لیے برسا منڈا نے اپنی زندگی قربان کردی تھی؟
اس سوال کا جواب تلاش کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم برسا منڈا کی زندگی، گونڈوانا کی تاریخی حیثیت اور ہندوستان کے قبائلی عوام کے موجودہ حالات کا جائزہ لیں۔
برسا منڈا: ایک تحریک کا نام
برسا منڈا 15 نومبر 1875ء کو موجودہ جھارکھنڈ کے ضلع کھونٹی کے گاؤں اولیہاتو میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق منڈا قبائلی برادری سے تھا، ان کا بچپن غربت، محرومی اور قبائلی معاشرے پر بڑھتے ہوئے بیرونی دباؤ کے ماحول میں گزرا، انہوں نے اپنے اردگرد قبائلی عوام کی زمینوں پر قبضے، ان کے روایتی حقوق کی پامالی، زمینداروں کے استحصال اور برطانوی حکومت کے جابرانہ نظام کو قریب سے دیکھا، منڈا قبائلی معاشرے میں زمین صرف معاشی اثاثہ نہیں ہوتی، بلکہ ان کی اجتماعی شناخت، تہذیب اور طرز زندگی کا بنیادی حصہمانی جاتی ہے، ان کا روایتی نظام زمین کی اجتماعی ملکیت اور استعمال کے اصولوں پر قائم ہے، قبائلی زبان میں اسے ’’خونٹ کٹی‘‘ کہا جاتا تھا، اس نظام کے تحت کسی خاندان یا قبیلے کی زمین پر اجتماعی اور روایتی حقوق تسلیم کیے جاتے تھے لیکن برطانوی اقتدار کے قیام کے بعد قبائلی علاقوں میں ایسا انتظامی اور معاشی نظام متعارف ہوا جس نے ان روایتی حقوق کو کمزور کر دیا، نئے زمیندار، ٹھیکیدار، ساہوکار اور سرکاری اہلکار قبائلی علاقوں میں اثر و رسوخ حاصل کرنے لگے، قبائلی کسان اپنی ہی زمینوں پر بے اختیار ہوتے گئے، قرض، بے دخلی اور جبری مشقت نے ان کی زندگی کو مزید مشکل بنا دیا۔
برسا منڈا نے اس صورت حال کے خلاف آواز بلند کی، انہوں نے محسوس کیا کہ قبائلی عوام کی آزادی صرف برطانوی حکومت سے نجات میں نہیں بلکہ انہیں اپنے معاشرے، زمین اور وسائل پر اختیار حاصل ہونا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے قبائلی معاشرے میں سماجی اور مذہبی اصلاح کی تحریک بھی چلائی، لوگوں کو شراب نوشی، سماجی برائیوں اور باہمی انتشار سے دور رہنے کی تلقین کی، اپنی تہذیب اور شناخت پر فخر کرنے کا جذبہ پیدا کیا اور انہیں اجتماعی طور پر متحد ہونے کی دعوت دی۔ رفتہ رفتہ برسا منڈا ایک مذہبی و سماجی رہنما سے آگے بڑھ کر سیاسی مزاحمت کی علامت بن گئے، قبائلی عوام انہیں ’’دھرتی آبا‘‘ یعنی دھرتی کا باپ کہنے لگے۔
برسا منڈا کی جدوجہد کا سب سے اہم مرحلہ 1899ء اور 1900ء کی تحریک تھی جسے ’’اُلگلان‘‘ کہا جاتا ہے، جس کا مطلب عظیم بغاوت یا زبردست ہلچل ہے۔ یہ محض برطانوی حکومت کے خلاف ایک مسلح بغاوت نہیں تھی بلکہ اس کے پیچھے زمین کے حقوق، قبائلی خود مختاری، استحصالی نظام کے خاتمے اور اپنی تہذیبی شناخت کے تحفظ کا ایک وسیع تصور موجود تھا۔ برسا منڈا نے قبائلی عوام کو یہ احساس دلایا کہ ان کی زمین پر ان کا حق ہے اور کسی بیرونی طاقت، زمیندار یا استحصالی طبقے کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ ان کے روایتی حقوق کو پامال کرے۔
اس تحریک نے برطانوی انتظامیہ کو ہلا کر رکھ دیا۔ حکومت نے فوجی طاقت استعمال کرتے ہوئے تحریک کو کچلنے کی کوشش کی، برسا منڈا کو گرفتار کرلیا گیا اور 9 جون 1900ء کو محض ہچیس سال کی عمر میں رانچی جیل میں ان کی موت ہوگئی۔ ان کی وفات کے باوجود ان کی جدوجہد کے اثرات ختم نہیں ہوئے، ان کی تحریک نے برطانوی حکومت کو قبائلی زمینوں اور ان کے روایتی حقوق کے مسئلے پر توجہ دینے کے لیے مجبور کیا، بعد ازاں 1908ء میں چھوٹا ناگپور ٹیننسی ایکٹ نافذ ہوا جس نے قبائلی زمینوں کی منتقلی پر قانونی پابندیاں عائد کرنے اور ان کے روایتی زمینی حقوق کے تحفظ کی بنیاد فراہم کی۔
یہ اس بات کی مثال ہے کہ ایک نوجوان قبائلی رہنما کی جدوجہد نے کس طرح ایک استحصالی نظام کے خلاف قانونی اور انتظامی تبدیلیوں کی راہ ہموار کی۔ برسا منڈا کی اہمیت صرف اس وجہ سے نہیں کہ انہوں نے انگریزوں کے خلاف بغاوت کی بلکہ اس لیے بھی ہے کہ انہوں نے زمین اور وسائل پر مقامی آبادی کے حق کو آزادی کے تصور کا لازمی حصہ بنایا۔
گونڈوانا: قبائلی اقتدار اور تاریخی خود مختاری کی ایک مثال
برسا منڈا کی جدوجہد کو سمجھنے کے ساتھ ہندوستان کی قبائلی تاریخ کے ایک اور اہم باب، یعنی گونڈوانا، کا تذکرہ بھی ضروری ہے۔ گونڈوانا ہندوستان کے وسطی علاقوں میں پھیلا ہوا ایک وسیع تاریخی خطہ تھا، جہاں گونڈ قبائل کی مختلف ریاستیں اور حکم راں خاندان موجود تھے، اس خطے میں موجودہ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، موجودہ تلنگانہ کا کچھ حصہ اور دیگر علاقوں کے حصے شامل تھے۔
یہاں ایک تاریخی حقیقت جاننا ضروری ہے، بعض روایات میں اورنگ زیب کے عہد میں گونڈ راجہ کے لیے ایک علیحدہ ریاست گونڈوانا تشکیل دیے جانے کا ذکر ملتا ہے۔ تاہم گونڈوانا کے علاقے میں اس سے پہلے بھی گونڈ حکم رانوں کی متعدد ریاستیں قائم تھیں، جن میں گڑھا منڈلا، دیوگڑھ اور چندا کی ریاستیں قابلِ ذکر ہیں۔ ان ریاستوں کے اپنے حکم راں انتظامی ڈھانچے اور علاقائی حدود تھیں، مغل سلطنت کے ساتھ ان کے تعلقات مختلف ادوار میں تبدیل ہوتے رہے، بعض حکم رانوں نے مغل اقتدار کی بالا دستی رسمی طور پر تسلیم کی جبکہ بعض نے اپنی خود مختاری برقرار رکھنے کی کوشش کی۔ خصوصاً دیوگڑھ کی گونڈ ریاست کے حکم راں بخت بلند شاہ کا نام قابل ذکر ہے جو اورنگ زیب کے عہد کے معاصر تھے۔ ان کے دور میں دیوگڑھ کی ریاست نے سیاسی اور علاقائی اہمیت حاصل کی۔ ناگپور کی ترقی اور اس کے ابتدائی شہری انتظام کی تاریخ بھی بخت بلند شاہ سے وابستہ کی جاتی ہے۔
اس تاریخی پس منظر سے ایک اہم حقیقت سامنے آتی ہے: ہندوستان کے قبائلی عوام کی تاریخ صرف جنگلوں میں رہنے والے محروم طبقات کی تاریخ نہیں ہے بلکہ یہ باقاعدہ سیاسی اقتدار، ریاستی انتظام، علاقائی حکم رانی اور خود مختاری کی بھی تاریخ ہے۔ گونڈوانا کی ریاستوں اور ان کے حکم رانوں کا تذکرہ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس سے قبائلی معاشرے کے سیاسی اور تہذیبی تشخص کا اندازہ ہوتا ہے، قبائلی عوام ہمیشہ سے محض کسی مرکزی اقتدار کے تابع رہنے والے گروہ نہیں تھے بلکہ ان کے اپنے سیاسی نظام، روایات، اجتماعی فیصلے اور حکم رانی کے طریقے موجود تھے، مگر وقت کے ساتھ مغل، مراٹھا اور پھر برطانوی اقتدار کے پھیلاؤ نے ان ریاستوں کی خود مختاری کو کمزور کر دیا، اور نو آبادیاتی نظام نے ان کے قدرتی وسائل اور زمینوں پر اپنے کنٹرول کو مضبوط کرنے کی کوشش کی، اس کے خلاف مختلف علاقوں میں قبائلی مزاحمت کی تحریکیں اٹھتی رہیں۔ یہی وجہ ہے کہ برسا منڈا کی تحریک کو ہندوستان کی وسیع تر قبائلی مزاحمت اور خود مختاری کی تاریخی روایت سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔
آزادی کے بعد قبائلی عوام: آئینی حقوق اور زمینی حقیقت
1947ء میں ہندوستان آزاد ہوا تو قبائلی عوام کو امید تھی کہ اب انہیں اپنی زمین، جنگلات، پانی اور قدرتی وسائل پر حقیقی اختیار حاصل ہوگا، آئین میں ان کے تحفظ کے لیے خصوصی دفعات شامل کی گئیں، پانچویں اور چھٹی شیڈول کے ذریعے قبائلی علاقوں کے انتظام اور خود مختاری کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے، ان کے لیے تعلیمی، معاشی اور سیاسی نمائندگی کے مواقع بھی فراہم کیے گئے، بعد کے برسوں میں قبائلی حقوق کے تحفظ کے لیے کئی اہم قوانین بنائے گئے، ان میں دو قوانین خاص اہمیت رکھتے ہیں۔
پیسہ ایکٹ 1996: اس قانون کے تحت شیڈولڈ علاقوں میں گرام سبھا کو مقامی وسائل، روایات اور اجتماعی فیصلوں کے سلسلے میں اہم اختیارات دیے گئے، اس ایکٹ کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ قبائلی علاقوں کے فیصلے ان پر مسلط کرنے کے بجائے مقامی عوام کی رضامندی اور شرکت سے کیے جائیں۔
فاریسٹ رائٹس ایکٹ 2006 یعنی ایف آر اے: اس قانون کے ذریعے جنگلات میں رہنے والے قبائلیوں اور دیگر روایتی جنگلاتی باشندوں کے ان حقوق کو تسلیم کیا گیا جنہیں نوآبادیاتی دور میں مناسب قانونی تحفظ نہیں مل سکا تھا، اس قانون میں انفرادی اور اجتماعی جنگلاتی حقوق کے ساتھ جنگلات کے تحفظ اور انتظام میں گرام سبھا کے کردار کو بھی تسلیم کیا گیا۔
لیکن قانون بن جانا اور اس پر عمل درآمد ہونا دو الگ الگ چیزیں ہیں، آج بھی قبائلی علاقوں میں زمینوں سے بے دخلی، جنگلاتی حقوق کے تنازعات، معدنی وسائل پر قبضے اور ترقیاتی منصوبوں کے نام پر نقل مکانی جیسے مسائل موجود ہیں۔ ہندوستان کے قبائلی علاقوں میں کوئلہ، لوہا، باکسائٹ اور دیگر معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، ان وسائل کی وجہ سے یہ علاقے صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں، لیکن ایک بنیادی سوال یہ ہے کہ ان قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والی دولت کا کتنا حصہ ان علاقوں میں رہنے والے قبائلی عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے پر خرچ ہوتا ہے؟
جب کسی علاقے میں کان کنی، ڈیم یا صنعتی منصوبہ قائم ہوتا ہے تو اس کے لیے زمین درکار ہوتی ہے۔ اکثر اس زمین پر صدیوں سے قبائلی آبادی آباد ہوتی ہے، ان کی زندگی جنگلات، کھیتی باڑی، پانی اور قدرتی وسائل سے وابستہ ہوتی ہے، اگر انہیں ان کے ماحول سے الگ کر دیا جائے تو ان کی معاشی زندگی کے ساتھ ان کی تہذیبی اور سماجی شناخت بھی متاثر ہوتی ہے۔ ترقی کے نام پر سڑکیں، کارخانے اور بڑے منصوبے بنانا بذات خود غلط نہیں ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اس ترقی کا فائدہ کس کو پہنچ رہا ہے؟ اگر کسی منصوبے سے کارپوریٹ کمپنیوں کو منافع حاصل ہوتا ہے، لیکن اس کی قیمت مقامی آبادی کو اپنی زمین اور روزگار کھو کر ادا کرنی پڑتی ہے تو یہ ترقی حقیقت میں کوئی ترقی ہی نہیں ہے۔
قبائلی عوام کے موجودہ حالات کا جائزہ لینے کے لیے سرکاری اعداد و شمار پر نظر ڈالنے سے حقیقت حال معلوم ہوتی ہے۔ 2011ء کی مردم شماری کے مطابق ہندوستان میں شیڈولڈ ٹرائبس کی آبادی تقریباً 10.45 کروڑ تھی، جو ملک کی مجموعی آبادی کا 8.6 فیصد بنتی ہے، یہ کوئی معمولی آبادی نہیں ہے بلکہ ملک کی ایک بڑی اور اہم سماجی اکائی ہے، اس کے باوجود تعلیم، صحت، اناج اور معاشی ترقی کے میدان میں قبائلی آبادی کو کئی طرح کی محرومیوں کا سامنا ہے۔ وزارت صحت کے نیشنل فیملی ہیلتھ سروے 21-2019 کے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں پانچ سال سے کم عمر بچوں میں عمر کے لحاظ سے قد کا کم ہونا مجموعی آبادی میں 35.5 فیصد تھا، جبکہ شیڈولڈ ٹرائبس کے بچوں میں یہ شرح 40.9 فیصد تھی، اس کا مطلب ہے کہ قبائلی بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما کے مسائل قومی اوسط سے بھی زیادہ ہیں۔
تلنگانہ میں بھی یہ فرق موجود ہے، اس سروے کے مطابق پانچ سال سے کم عمر قبائلی بچوں میں اسٹنٹنگ کی شرح 33.4 فیصد تھی، جبکہ ریاست کی مجموعی آبادی میں یہ 33.1 فیصد تھی، یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ قبائلی علاقوں میں صحت اور غذائیت کے مسائل پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ تعلیم کے میدان میں بھی صورت حال یکساں نہیں ہے، دور دراز قبائلی علاقوں میں اسکولوں کی کمی، اساتذہ کی عدم دستیابی، مادری زبان میں تعلیم کا فقدان اور معاشی مشکلات بچوں کی تعلیمی ترقی میں رکاوٹ بنتی ہیں، بہت سے بچے ابتدائی تعلیم کے بعد ہی اسکول چھوڑنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ یہ مسئلہ محض اسکولوں کی عمارتیں تعمیر کرنے سے حل نہیں ہوگا، قبائلی زبانوں، تہذیبوں اور مقامی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیمی نظام تشکیل دینا ہوگا، اگر ایک بچہ اپنی مادری زبان سے ناواقف تعلیمی ماحول میں داخل ہوتا ہے تو اس کے لیے تعلیم کا حصول مزید دشوار ہوجاتا ہے۔
قبائلی حقوق کے معاملے میں فاریسٹ رائٹس ایکٹ 2006ء کا جائزہ انتہائی اہم ہے۔ وزارت قبائلی امور کے 31 مئی 2025ء تک کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس قانون کے تحت گرام سبھا کی سطح پر مجموعی طور پر 51,23,104 دعوے داخل کیے گئے تھے، ان میں سے 25,11,375 دعووں کے تحت انفرادی اور اجتماعی حقوق کے عنوانات تقسیم کیے گئے، جبکہ 18,62,056 دعوے مسترد کر دیے گئے۔ یہ اعداد و شمار کئی سوالات پیدا کرتے ہیں۔
اگر لاکھوں قبائلی خاندان اپنی زمین اور جنگلات پر روایتی حقوق کے لیے درخواستیں دے رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ان کے حقوق کی قانونی شناخت کا مسئلہ اب بھی بڑی تعداد میں موجود ہے۔ دعوؤں کے مسترد ہونے کی وجوہات میں مطلوبہ ثبوتوں کی عدم دستیابی، زمین پر قبضے کی مقررہ تاریخ سے متعلق شرائط اور دستاویزی مسائل شامل ہیں، لیکن قبائلی معاشرے میں زمین اور جنگلات کے ساتھ تعلق ہمیشہ جدید سرکاری دستاویزات کی شکل میں محفوظ نہیں رہا، کئی نسلوں سے ایک ہی علاقے میں رہنے والے خاندانوں کے پاس ضروری کاغذات نہ ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں، ایسے میں حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ قبائلی عوام کو قانونی دستاویزات حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے، نہ کہ محض دستاویزات کی کمی کو ان کے حقوق سے محرومی کا سبب بنادے!
قبائلی عوام کا مسئلہ صرف غربت اور پسماندگی تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کا ایک اہم پہلو ان کی تہذیبی شناخت، زبان، مذہبی روایات اور سیاسی نمائندگی بھی ہے۔ ہندوستان میں مختلف قبائلی برادریوں کی اپنی زبانیں، رسم و رواج، سماجی ادارے اور قدرت کے ساتھ تعلق کے منفرد تصورات ہیں، ان کے لیے جنگلات محض لکڑی یا معدنیات کا ذخیرہ نہیں بلکہ ان کی تہذیب، معاشرت اور زندگی کا بنیادی حصہ ہیں، لیکن جدید ترقی کے نام پر ان کی تہذیبی شناخت کو ختم کیا جا رہا ہے۔ کئی علاقوں میں قبائلی زبانیں معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں، نئی نسل اپنی مادری زبان سے دور ہوتی جارہی ہے اور روایتی معاشرتی ڈھانچے میں تبدیلیاں آ رہی ہیں۔
اس کے ساتھ سیاسی نمائندگی کا مسئلہ بھی اہم ہے، پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں قبائلی نشستوں کے لیے ریزرویشن موجود ہے لیکن محض نمائندوں کا منتخب ہوجانا کافی نہیں ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ان نمائندوں کو اپنے علاقوں کے وسائل، زمین، جنگلات اور مقامی عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع مل رہا ہے؟ کیا گرام سبھا کے فیصلوں کو حقیقی اہمیت دی جارہی ہے؟ کیا قبائلی عوام سے متعلق منصوبوں میں ان کی رضامندی اور شرکت کو یقینی بنایا جا رہا ہے؟ یہ وہ سوالات ہیں جن کا جواب حکومتی پالیسیوں اور ان کے عملی نفاذ میں تلاش کرنا ہوگا۔
برسا منڈا کے یوم پیدائش کو جن جاتیہ گورو دیوس کے طور پر منانے کا فیصلہ ایک تاریخی شناخت فراہم کرتا ہے، حکومت کی جانب سے قبائلی مجاہدین آزادی کے نام پر عجائب گھر قائم کرنا، ان کی تاریخ کو اجاگر کرنا اور ان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا بھی اہم اقدامات ہیں لیکن تاریخ کو یاد کرنا اور تاریخ کے اسباق پر عمل کرنا دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ اگر ایک طرف برسا منڈا کے مجسمے پر پھول چڑھائے جائیں اور دوسری طرف قبائلی عوام کو اپنی زمین اور جنگلات کے حقوق کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پڑیں تو یہ ایک بڑا تضاد ہوگا۔
اگر ان کی تصویر سرکاری تقریبات میں نمایاں ہو لیکن ان کے نظریے کے بنیادی مطالبات، یعنی زمین، خود مختاری، عزت اور اجتماعی حقوق کو نظر انداز کیا جائے تو یہ تقریبات سے ان کے مشن کی تکمیل نہیں ہوسکتیں، اس تناظر میں حکومتوں کو چند بنیادی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے:
اول، فاریسٹ رائٹس ایکٹ 2006ء اور پیسہ ایکٹ 1996ء پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد کیا جائے، گرام سبھا کو حقیقی اختیارات دیے جائیں اور قبائلی علاقوں کے قدرتی وسائل سے متعلق فیصلوں میں مقامی آبادی کی شرکت یقینی بنائی جائے۔
دوم، زمین سے بے دخلی اور نقل مکانی کے معاملات میں قبائلی حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے، ترقیاتی منصوبوں کے لیے زمین حاصل کرتے وقت قانونی تقاضوں، رضامندی، مناسب معاوضے اور بازآبادکاری کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے۔
سوم، قبائلی بچوں کے لیے مادری زبان میں ابتدائی تعلیم، معیاری اسکول، اساتذہ اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
چہارم، صحت اور غذائیت کے مسائل کو ترجیح دی جائے، دور دراز قبائلی علاقوں میں ہسپتالوں، بنیادی صحت کے مراکز، ڈاکٹروں اور غذائی پروگراموں کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
پنجم، قبائلی نوجوانوں کے لیے روزگار، ہنرمندی، مقامی صنعتوں اور جنگلاتی پیداوار کی بنیاد پر معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے تاکہ وہ اپنی زمین اور تہذیب سے محروم ہوئے بغیر باعزت زندگی گزار سکیں۔
برسا منڈا کی زندگی کا سب سے بڑا سبق یہ ہے کہ کسی قوم کی آزادی صرف سیاسی اقتدار کی تبدیلی کا نام نہیں ہوتی، حقیقی آزادی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب لوگوں کو اپنی زمین، وسائل، تہذیب، شناخت اور اجتماعی زندگی کے بارے میں فیصلے کرنے کا اختیار حاصل ہو۔ گونڈوانا کی تاریخ بھی ہمیں یہی بتاتی ہے کہ قبائلی معاشرے ہندوستان کی تہذیبی اور سیاسی تاریخ کے محض خاموش کردار نہیں رہے بلکہ انہوں نے اپنی ریاستیں قائم کیں، حکم رانی کی اور اپنی خود مختاری کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی۔ آج ہندوستان کے قبائلی عوام کے سامنے بھی وہی بنیادی سوالات موجود ہیں جو برسا منڈا کے زمانے میں تھے، زمین کس کی ہے؟ جنگلات کے وسائل پر اختیار کس کا ہے؟ ترقی کے فیصلے کون کرے گا؟ اور اس ترقی کے ثمرات کس تک پہنچیں گے؟
جن جاتیہ گورو دیوس: برسا منڈا کے خواب آج بھی ادھورے کیوں؟

اُلگلان سے قبائلی خود مختاری تک: برسا منڈا کی جدوجہد اور تاریخی وراثت

