علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) اور جمہوریہ چیک کی وی ایس بی ٹیکنیکل یونیورسٹی آف اوستراوا کے درمیان اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق اور تکنیکی اختراع کے فروغ کے لیے پانچ سالہ یادداشتِ مفاہمت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ معاہدہ گزشتہ 3 اگست کو وائس چانسلر دفتر میں طے پایا۔
اس معاہدے کے تحت دونوں جامعات کے درمیان طلبا اور اساتذہ کے تبادلہ پروگرام، مشترکہ تحقیقی منصوبے، علمی دورے، انٹرن شپ، مشترکہ اشاعتی سرگرمیاں اور دیگر تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اے ایم یو کی جانب سے رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر جبکہ چیک یونیورسٹی کے وفد نے معاہدے پر دستخط کیے۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اسے اے ایم یو کے عالمی تعلیمی روابط کو مستحکم کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اشتراک سے تحقیق، اختراع اور علمی تبادلوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ چیک وفد نے بھی اے ایم یو کی علمی روایت کو سراہتے ہوئے اس شراکت داری کو طویل مدتی تعاون کی بنیاد قرار دیا۔
اے ایم یو اور چیک یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی تعاون کا معاہدہ

طلبا و اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیق اور اختراع کے فروغ کے لیے یادداشت تفاہم پر دستخط

