اسرائیل میں حکومت سازی کے لیے روایتی سیاسی جوڑ توڑ جاری ہے، لیکن اس دوران فلسطینیوں پر بمباری، تشدد، فصلوں کی تباہی اور قبضے کی کارروائیاں بھی رکنے کا نام نہیں لے رہیں۔ اس ہفتے غزہ کے دو ہسپتال اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنے۔ بدھ 11 نومبر کو جنوبی غزہ کے النصر ہسپتال پر بمباری سے اس کا شعبۂ جراحی (Surgical Unit) تباہ ہو گیا۔ ہسپتال کے ڈاکٹر رزق ابو شاعرہ اور ایک تیرہ سالہ بچے سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوئے۔ بمباری کے نتیجے میں لگنے والی آگ سے چالیس افراد شدید زخمی ہوئے جن کے علاج کے لیے اب کوئی محفوظ ہسپتال باقی نہیں رہا۔ اگلے روز جنوبی غزہ کے الشفا ہسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اس کی پارکنگ میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسی دوران کئی مقامات پر پناہ گزینوں کے خیموں پر حملے ہوئے، جن میں جانی نقصان کے ساتھ سردی کے موسم میں مزید سینکڑوں افراد بے گھر ہو گئے۔
بارش، سیلاب اور بے گھر خاندان
موسم سرما کی بارشوں اور اس کے بعد سردی کی لہر نے اہلِ غزہ کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شدید بارش اور سیلابی پانی نے پناہ گاہوں اور عارضی خیموں میں مقیم خاندانوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ جن لوگوں کے گھر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، ان کے لیے بارش سے بچنے کے لیے محفوظ چھت بھی میسر نہیں۔ یورپی یونین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ امدادی اداروں کو غزہ میں فوری اور بلا رکاوٹ رسائی دے، انسانی امداد اور بحالی کی سرگرمیاں بڑے پیمانے پر جاری رکھنے کی اجازت دے اور غزہ کے تمام سرحدی راستے دوبارہ کھولے۔ حسبِ توقع اسرائیل نے امدادی سامان کی نا کافی ترسیل کے الزامات مسترد کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار حماس کو قرار دیا ہے۔ لیکن بارش میں بھیگتے بچوں، سردی سے ٹھٹھرتے بزرگوں اور بے گھر خاندانوں کو اس وقت بیانات نہیں، محفوظ پناہ گاہیں، خشک کپڑے، گرم بستر، خوراک، ادویات اور فوری امداد درکار ہے۔
غربِ اردن: زیتون خاص نشانہ
غربِ اردن میں بھی تشدد کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مشرقی رملہ کے گاؤں برقا میں زیتون کی فصل کاٹنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی قبضہ گردوں کے حملے میں ایک کسان اور اس کا کمسن بچہ زخمی ہوگئے۔ بیت لحم کے قریب گاؤں بیت فجار میں زیتون کی فصل کاٹنے والے فلسطینیوں پر قبضہ گردوں نے حملہ کیا۔ باغات اجاڑ دیے گئے، گاڑیاں نذرِ آتش کردی گئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ایک اور گاؤں دیر جریر پر بھی حملہ کیا گیا، جس میں کئی افراد زخمی ہوئے اور حملہ آور مویشی بھی لوٹ کر لے گئے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ ان میں سے ایک حملہ سبت (ہفتہ) کے روز کیا گیا، جب یہودی مذہبی روایت کے مطابق چھری سے سبزی کاٹنے کی بھی ممانعت ہے۔ نابلوس کے علاقے سے اسرائیلی فوج کی واپسی کے باوجود پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے اور لوگوں کی آمد و رفت پر پابندیاں بھی برقرار ہیں۔ گزشتہ ہفتے امریکہ سے آنے والے امریکی شہری ابو عواد جب اپنی اہلیہ کے ہمراہ رملہ کے قصبے ترمسعیا میں گھر پہنچے تو اسرائیلی فوجیوں نے انہیں گھیر لیا۔ امریکی پرچم لہراتے ہوئے ابو عواد نے غصے سے کہا ’’ہمارا دیا گیا اسلحہ ہم ہی پر تانتے ہوئے تمہیں شرم نہیں آتی؟‘‘
ان کارروائیوں کے ساتھ حکومتی سر پرستی میں انتہاپسندوں کے اشتعال انگیز اجتماعات اور مظاہرے بھی جاری ہیں۔ گزشتہ ہفتے انتہا پسندوں کے ایک گروہ نے الخلیل (Hebron) کی گلیوں میں ’’فلسطینیو! ہماری مقدس سر زمین سے نکل جاؤ‘‘ کے نعرے لگائے۔ الجزیرہ میں شائع ہونے والی تصویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج ان مظاہرین کو تحفظ فراہم کر رہی تھی۔
نئی کنیسہ، پرانے تعصبات
دوسری طرف اسرائیل میں حکومت سازی کی کوششیں عروج پر ہیں۔ نئی پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نیتن یاہو نے عرب جماعتوں رعم اور جوائنٹ لسٹ پر الزام لگایا کہ وہ ’’یہودی ریاست کی تباہی‘‘ چاہتی ہیں۔ انہوں نے ان جماعتوں کو اسرائیل سے نفرت کرنے والا اور دہشت گردی کا حامی قرار دیتے ہوئے اپنے مخالفین سے سوال کیا کہ کیا وہ ملک کا مستقبل ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں دینا چاہتے ہیں؟ نیتن یاہو نے دونوں عرب جماعتوں کے درمیان فرق بھی مسترد کردیا اور دعویٰ کیا کہ اختلاف صرف اس بات پر ہے کہ یہودی ریاست کے خاتمے کے بعد کس قسم کی ریاست قائم ہونی چاہیے۔ ان کے بقول رعم اسلامی فلسطین جبکہ جوائنٹ لسٹ قوم پرست سیکولر فلسطین چاہتی ہے۔ ایران کے حوالے سے جنگی بیانیہ آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی جوہری خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کا واحد راستہ اسلامی رجیم کا خاتمہ ہے۔ پارلیمنٹ کے باہر بھی انتہا پسندوں نے مظاہرہ کیا۔ حلف برداری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ قومی سلامتی اتمار بن گویر نے کہا کہ ’’آج اسرائیلی تاریخ کا سیاہ ترین دن
ہے۔ ہمارے مقدس ترین کنیسہ میں حماس، حزب اللہ، اخوان اور آیت اللہ کے پالتو ۱۹ دہشت گردوں نے حلف اٹھایا ہے۔‘‘
نفرت کے بیانات اور حمایت کی خفیہ درخواستیں
نیتن یاہو اور ان کے انتہا پسند حامیوں کی عربوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور نعروں کے ساتھ ساتھ عرب جماعتوں کو محبت اور تعاون کے اشارے بھی دیے جا رہے ہیں۔ جوائنٹ لسٹ کے سینئر رہنما احمد طبی نے ۱۴ نومبر کو چینل-۱۲ پر نیتن یاہو کے قریبی ساتھی نیتن عشل (Natan Eshel) کا ایک ٹیکسٹ پیغام دکھایا جس میں حکومت سازی کے لیے حمایت کی درخواست کی گئی تھی۔ احمد طبی کے مطابق نیتن یاہو کی کابینہ کے ایک وزیر نے بھی اس سلسلے میں ان سے رابطہ کیا ہے۔ یوں عوامی جلسوں میں جن عرب نمائندوں کو ریاست کا دشمن قرار دیا جارہا ہے، اقتدار بچانے کے لیے پس پردہ انھیں کی منت سماجت کی جا رہی ہے۔
حکومت سازی کا حساب اور ربائیوں کی شرائط
اسرائیلی حزبِ اختلاف نیتن یاہو سے جان چھڑانا چاہتی ہے لیکن اس مقصد کے لیے عرب اتحاد کی حمایت اسرائیلی سیاست کے ایک بڑے طبقے کو قبول نہیں ہے۔ حکومت سازی کے لیے ۶۱ نشستیں درکار ہیں، جبکہ حزبِ اختلاف کے پاس مجموعی طور پر ۴۸ نشستیں ہیں۔ مطلوبہ اکثریت تک پہنچنے کے لیے عرب جماعتوں سے تعاون کے بغیر راستہ کیسے نکلے؟ سیانوں نے مشورہ دیا کہ ’’دہشت گردوں‘‘ کے سہولت کاروں کے بجائے ربائیوں (یہودی مذہبی پیشواؤں) سے ہاتھ ملا لیا جائے، جن کے پاس ۱۳ نشستیں ہیں۔
اب مقطع میں سخن گسترانہ بات یہ آن پڑی کہ مذہبی جماعتیں اپنے مدارس کے طلبہ کو لازمی فوجی بھرتی سے استثنیٰ دلوانا چاہتی ہیں، جسے روشن خیال طبقہ غیر ضروری رعایت سمجھتا ہے۔ ان کا موقف ہے کہ اگر یہودی ریاست کا دفاع ہر شہری کا فرض ہے تو حفظِ توریت کے مدارس کو استثنیٰ کیوں دیا جائے؟ خبروں کے مطابق مذاکرات کے دوران نیتن یاہو کے اتحادی متحدہ توریت جماعت (UTJ) اور شاس (Shas) نے عندیہ دیا کہ اگر حزبِ اختلاف لازمی فوجی بھرتی سے استثنیٰ دینے کا وعدہ کرے تو دونوں جماعتیں اس کے ساتھ اتحاد کے لیے تیار ہیں۔ آئزنکوٹ نے ربائیوں کے مطالبات ماننے پر آمادگی ظاہر کی، لیکن مذہبی رہنما اتنے بھولے کہاں! دونوں جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ حزبِ اختلاف کے تمام ۴۸ ارکان انفرادی طور پر دستخط کرکے ضمانت دیں کہ فوجی بھرتی سے استثنیٰ کو قانونی شکل دی جائے گی۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ بائیں بازو کی ڈیموکریٹس جماعت اس مطالبے کو ماننے کے لیے تیار نہیں۔ پارلیمنٹ میں اس کے آٹھ ارکان ہیں۔
عرب تعاون کے خلاف ہلاک فوجیوں کے اہلِ خانہ کا دباؤ
عرب جماعتوں کے تعاون سے حکومت سازی کی کوشش پر آئزنکوٹ کو اپنی ہی جماعت کے اندر سے مزاحمت کا سامنا ہے۔ گزشتہ ہفتے ان کی جماعت کے رکن پارلیمان ایلیسف پیریٹر (Elysaf Peretz) کی والدہ مریم پیریز نے اعلان کیا کہ اگر گادی آئزنکوٹ نے حکومت سازی کے لیے عربوں سے مدد مانگی تو ان کا بیٹا اپنی نشست سے مستعفی ہوجائے گا۔ مریم پیریز کے دو فوجی بیٹے غزہ میں مارے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میرا لختِ جگر اپنے بھائیوں کے قاتلوں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتا۔
لیکوڈ کے معذور رکن پارلیمان کا احتجاجی خیمہ
اسی طرح نیتن یاہو کے حامی بھی ان پر قومی حکومت کے قیام کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ لیکوڈ پارٹی کے رکن پارلیمان الیشا میدان (Elisha Medan) نے پارلیمنٹ کے باہر خیمہ گاڑ دیا ہے۔ خیمے کے باہر نصب پلے کارڈ پر عرب جماعتوں کے خلاف متحد ہونے کا پیغام درج ہے۔ سابق فوجی میدان، غزہ میں اپنے دونوں پیر کھو چکے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ لیکوڈ پارٹی حکومت سازی کے لیے حزبِ اختلاف کا ساتھ دے تاکہ عرب جماعتوں کو اتحاد میں شامل کرنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔
دین رودف: مذہبی حکم یا سیاسی اختلاف کا مہلک نتیجہ؟
عرب سیاسی جماعتوں کی حمایت سے حکومت سازی کی کوشش ایک نئے اور تشویش ناک تنازعے کا سبب بن گئی ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق حیفہ کی سابق ربانی عدالت کے سربراہ ربی گدالیہ ایکسلروڈ (Rabbi Gedalia Axelrod) نے ایک مذہبی حکم جاری کیا ہے جس میں ان یہودی سیاسی رہنماؤں کو بھی ’’دین رودف‘‘ (Din Rodef) کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے جو عرب جماعتوں کی حمایت سے حکومت قائم کرنے میں کردار ادا کریں، خواہ وہ اس مقصد کے لیے ووٹنگ میں غیر حاضر رہیں یا ووٹ دینے سے گریز کریں۔ عبرانی اصطلاح دین رودف کا لفظی مفہوم ’’تعاقب کرنے والے کے خلاف حکم‘‘ ہے۔ یہودی مذہبی قانون (Halacha) میں اس کا تعلق ایسے شخص سے ہے جسے کسی دوسرے انسان کی جان کے لیے فوری اور سنگین خطرہ تصور کیا جائے۔ روایتی فقہی تشریح میں ایسے خطرے کو روکنے کے لیے مہلک طاقت کے استعمال کی اجازت کا تصور بھی موجود ہے۔ یہ اصطلاح اسرائیل کی تاریخ کے ایک المناک واقعے سے بھی وابستہ ہے جب 1995ء میں وزیر اعظم اسحاق رابن کے قاتل یگال امیر نے ان کے قتل کا مذہبی جواز پیش کرنے کے لیے اسی اصطلاح کا حوالہ دیا تھا۔ گویا عرب جماعتوں کے ساتھ سیاسی تعاون
کرنے والے رہنماؤں کو اس مذہبی اصطلاح کے تحت جان کے لیے خطرہ قرار دینے کا راستہ کھولا جا رہا ہے۔
نیتن یاہو اور آئزنکوٹ کی مشترکہ حکومت؟
حکومت سازی کے حوالے سے اب آئزنکوٹ اور نیتن یاہو کی مشترکہ حکومت کی خبریں بھی گرم ہیں۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق نیتن یاہو نے اپنے حریف آئزنکوٹ کی قیادت میں حکومت سازی پر اصولی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ حکومتی مدت دونوں جماعتوں کے درمیان تقسیم کر دی جائے۔ آئزنکوٹ باری باری حکومت کرنے پر تو راضی ہیں، لیکن ان کی ترجیح ہے کہ لیکوڈ کی باری آنے پر نیتن یاہو کے بجائے ان کی جماعت کا کوئی دوسرا رہنما وزیر اعظم بنے۔ دوسری طرف لیکوڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ با اختیار وزیرِ دفاع اور نائب وزیر اعظم بننے کی صورت میں نیتن یاہو وزارتِ عظمیٰ سے دستبردار ہونے پر رضا مند ہوسکتے ہیں۔
سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے ایران سے جنگ ؟
اسرائیل کے سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے ایران کے ساتھ جنگ کو بھی ایک ممکنہ راستہ تصور کیا جا رہا ہے۔ امریکی آن لائن خبر رساں ادارے Axios کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم، صدر ٹرمپ پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ جنوری میں امریکی کانگریس کے نئے ارکان کی حلف برداری سے پہلے ایران پر حملہ کر دیں۔ اس طرح نیتن یاہو کو مزید ہنگامی اختیارات مل سکتے ہیں اور جنگی ماحول میں حزبِ اختلاف کے لیے حکومت سازی کی کوششیں مشکل ہوسکتی ہیں۔ دوسری طرف صدر ٹرمپ بھی ایسی ہنگامی صورتِ حال سے سیاسی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس سلسلے میں نیتن یاہو کا خصوصی پیغام لے کر موساد کے سربراہ رومن گفمن واشنگٹن پہنچ چکے ہیں۔
اسرائیل کی موجودہ صورتِ حال کا تضاد خاصا نمایاں ہے۔ ایک طرف فلسطینیوں کے خلاف فوجی کارروائیاں، غربِ اردن میں قبضہ گردوں کے حملے اور غزہ کی انسانی تباہی جاری ہے، دوسری طرف اسرائیلی سیاست میں اقتدار کی جنگ نے عرب شہریوں کے منتخب نمائندوں کو بھی سیاسی کشمکش کا مرکز بنا دیا ہے۔ جن جماعتوں کو عوامی سطح پر دہشت گردی کا حامی کہا جارہا ہے، انہی سے پسِ پردہ حکومت سازی کے لیے تعاون مانگا جارہا ہے۔ مذہبی جماعتوں کے مطالبات، فوجی بھرتی سے استثنیٰ کی کشمکش اور سیاسی مخالفین کو مذہبی فتووں کے ذریعے دباؤ میں لانے کی کوششیں اس بحران کی سنگینی کو مزید بڑھا رہی ہیں۔ ایسے میں ایران کے ساتھ ایک نئی جنگ کا امکان محض علاقائی سلامتی کا سوال نہیں بلکہ اسرائیل کی داخلی سیاست سے جڑا اہم نکتہ بن گیا ہے۔ اصل تشویش یہ ہے کہ اقتدار کی اس بساط پر سیاسی مفادات کی قیمت کہیں فلسطینی عوام اور پورے خطے کو ایک نئی تباہ کن جنگ کی صورت میں نہ چکانا پڑے۔
(مسعود ابدالی سینئر کالم نگار ہیں۔ عالم اسلام اور بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورت حال کا تجزیہ آپ کا خصوصی میدان ہے)
masood_abdali@hotmail.com
***
اقتدار کی بساط اورفلسطینیوں کا لہو۔اسرائیلی سیاست اقتدار کے گرداب میں

حکومت سازی کی پیچیدہ کشمکش، عرب جماعتوں سے پسِ پردہ رابطے اور ایران سے نئی جنگ کا خدشہ

