ہمارے سماج میں سیاست کے لیے کیچڑ، گندہ نالا اور دلدل جیسے استعارے عام ہیں جو بذاتِ خود ایک تلخ اعتراف ہیں۔ شریف آدمی کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سیاست کی گندگی سے دور رہے۔ یہ محاورے اتفاقی نہیں بلکہ اس حقیقت کی غمازی کرتے ہیں کہ جو میدان عوام کی خدمت، انصاف کے قیام اور اجتماعی بھلائی کے لیے تھا وہ آج فریب، طاقت اور دولت کی ہوس پوری کرنے کا ذریعہ بن چکا ہے۔ یہ کیفیت سیاست کا فطری نتیجہ نہیں تھی بلکہ اس سیاست کا نتیجہ ہے جسے اخلاق اور جواب دہی کے تصور سے الگ کر دیا گیا۔ سوال یہ ہے کہ یہ نوبت کیوں پیش آئی اور اس کا علاج کیا ہے؟
سیاست ایک گندہ نالہ اس لیے بن گئی کہ اسے گندے اخلاق کے حامل پیسے والوں نے یرغمال بنا لیا ہے۔ یہ محض ایک تاثر نہیں ہے بلکہ اعداد وشمار اس کی گواہی دیتے ہیں۔ اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز کے مطابق موجودہ لوک سبھا کے 543 میں سے 251 (یعنی46 فیصد) ارکان پر فوج داری مقدمات ہیں جو اب تک کی بلند ترین شرح ہے؛ اور 170 یعنی 31 فیصد ارکان پر سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں، جن میں قتل، اقدامِ قتل، اغوا اور خواتین کے خلاف جرائم شامل ہیں۔ 2009 کے مقابلے میں آج سنگین مقدمات والے ارکان میں 124 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دوسری طرف 93 فیصد ارکان کروڑ پتی ہیں، جن کے اوسطاً اثاثے تقریباً چھیالیس کروڑ روپے بتائے گئے ہیں۔ ان اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ آج کی سیاست میں دولت اور طاقت ہی اہلیت کی علامت بن گئے ہیں۔ جب الیکشن لڑنا کروڑوں کا کھیل بن جائے، جب جماعتیں کارپوریٹ چندوں پر چلنے لگیں اور جب اقتدار عوام کی خدمت کے بجائے ان کو لوٹنے کا ذریعہ بن جائے، تو سب سے پہلے اخلاق و کردار ہی سیاست کی قربان گاہ پر بھینٹ چڑھائے جاتے ہیں۔
ستم ظریفی یہ ہے کہ اس اخلاقی زوال کی سب سے زیادہ شکار وہ جماعت ہے جو خود کو سب سے الگ اور صاف ستھری ہونے کا ڈھنڈورا پیٹ کر اقتدار میں آئی ہے۔ بی جے پی نے چال، چرتر اور چہرے کی خوبصورتی کو اپنا طرہ امتیاز بنایا تھا۔ مگر اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سنگین فوج داری مقدمات والے ارکان میں خود اس کے لوگ زیادہ ہیں جو خواتین کے خلاف جرائم اور اقدامِ قتل جیسے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ بات بالکل درست ہے کہ یہ گندگی پورے سیاسی نظام میں سرائیت کر گئی ہے اور کوئی بھی جماعت اس سے مکمل پاک نہیں ہے مگر جو جماعت کردار ہی کو اپنا برانڈ بنائے اگر وہی سب سے زیادہ اس میں ملوث ہو تو یہ عین منافقت ہے اور منافقت برائی سے بڑا اخلاقی جرم ہے۔ جب دعوے اور کردار کے درمیان خلیج اتنی گہری ہو جائے تو حکم راں جماعت پر سے بے اعتمادی اور اس کی سیاست سے عوام کا مایوس ہو جانا عین فطرت کے مطابق ہے۔
قول و عمل کا یہ تضاد خواتین کے معاملے میں اور بھی عیاں ہو جاتا ہے۔ بی جے پی ناری شکتی کا پرچم بلند کرتی ہے، خواتین ریزرویشن بل شور مچاتی اور اس پر اپوزیشن کو کوستی ہے مگر جس تنظیم کے اندر سے یہ نعرہ بلند ہو رہا ہے، وہیں خواتین کے خلاف جرائم کے مرتکبین کی موجودگی اس دعوے کی قلعی کھول دیتی ہے۔ ملک نے وہ منظر بھی دیکھا جب خود کھلاڑی خواتین کو ایک برسرِ اقتدار رکنِ پارلیمنٹ کے خلاف جنسی ہراسانی کی شکایت لے کر سڑکوں پر آنا پڑا۔ جب کوئی پارٹی عورت کے وقار کا نعرہ لگائے اور ساتھ ہی اپنے لوگوں کو جواب دہی سے بچائے تو اس کا مطلب یہی ہو گا کہ ناری شکتی کا نعرہ محض ووٹ کے لیے سجایا گیا ایک تماشا ہے۔ عورت کا حقیقی احترام بلوں اور نعروں سے نہیں کیا جاتا بلکہ اسے ظلم سے بچانے اور اس کے مجرموں کی گردن ناپنے سے کیا جاتا ہے۔
ایک سوال اور۔ بی جے پی لیڈروں کی بڑی تعداد آر ایس ایس کی تربیت یافتہ ہوتی ہے۔ آر ایس ایس وہ تنظیم ہے جو خود کو ذہنی، فکری و عملی تربیت کے ایک مضبوط نظام کے طور پر پیش کرتی ہے، اور تربیت یافتہ پرچارکوں کی جماعت تیار کرنے کا دعویٰ کرتی ہے۔ اگر اس کے کارکن برسوں کی تربیت کے بعد بھی اپنی نجی اور عوامی زندگیوں میں اخلاقی گراوٹ کا مظاہرہ کرنے لگیں تو اسے کیا سمجھا جائے؟ آخر ایسے گھناؤنے کردار والی قیادت ملک کو وشو گرو کیسے بنا سکتی ہے؟ گرو ہونے کی پہلی شرط یہ ہے کہ انسان خود اس چیز پر عمل پیرا ہو جس کا وہ دعویٰ کرتا ہو! کوئی قوم دنیا کو دھرم اور اخلاق کا سبق اس وقت تک نہیں دے سکتی جب تک وہ اپنے ہی کردار پر قابو نہ رکھ سکے۔ اخلاقی کھوکھلے پن کی بنیاد پر کھڑا وشو گرو کا دعویٰ خود اپنے تضاد کے بوجھ تلے بیٹھ جاتا ہے۔
سوال یہ ہے کہ آخر کردار سازی کا دعویٰ کرنے والا نظام کیوں ناکام ثابت ہوا ہے؟ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جو اخلاق کسی اعلیٰ و برتر طاقت کے سامنے جواب دہی کے تصور سے کٹ جائے، وہ کمزور اور عارضی ثابت ہوتا ہے۔ جب احتساب کا خوف جماعت، ووٹ یا پکڑے جانے تک ہی محدود ہو تو کیرکٹر محض ایک چال بازی بن جاتا ہے، ایک نقاب جو اقتدار کے لیے عوام میں پہنا اور تنہائی میں اتار دیا جاتا ہے ۔وقتی طور پر نظم و ضبط تو پیدا کر سکتا ہے، کردار کی بلندی کو نہیں پہنچا سکتا۔
اس مرض کا علاج صرف کچھ بہتر قوانین یا چند صاف ستھرے کردار والے امیدوار نہیں بلکہ ایک ایسی سیاست ہے جس کی بنیاد میں خدا خوفی اور آخری جواب دہی کا تصور پیوست ہو۔ اور یہی اسلام کی سب سے نمایاں خصوصیت ہے۔ یہ یقین کہ کوئی بھی عمل اللہ کے حضور حساب سے نہیں بچ سکتا، اقتدار اللہ کی امانت ہے جس کے بارے میں ضرور سوال ہوگا اور یہ کہ حکم راں خدا اور اس کی مخلوق دونوں کے سامنے جواب دہ ہیں، یہ تصورِ حیات امانت و دیانت کو دکھاوے کے بجائے کردار میں پیوست کر دیتا ہے، وہ تنہائی میں بھی اسی طرح قائم رہتی ہے جس طرح مجمع میں۔ یہ کوئی فرقہ وارانہ دعویٰ نہیں بلکہ ایک آفاقی اصول ہے۔ ایک اعلیٰ اقتدار کے سامنے جواب دہ اور اقدار پر مبنی سیاست ہی اس مرض کا واحد اور پائیدار علاج ہے۔ اور یہ پیغام ہر اس شخص کے لیے ہے جو اس زمین پر رہتا ہو۔ ہر اس با ضمیر انسان کے لیے ہے جو صاف ستھری اور منصفانہ سیاست کا خواہاں ہو، خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔
اس پوری صورت حال میں مسلمان محض تماشائی بن کر نہیں رہ سکتے؛ ان کا فریضہ ہے کہ وہ اپنے قول و عمل سے ذمہ داری و جواب دہی کا نمونہ پیش کریں۔ یہ تنگ فرقہ وارانہ مفاد سے اوپر اٹھ کر مشترکہ بھلائی، خدمتِ خلق، سب کے لیے انصاف اور دیانت کا راستہ ہے جسے کوئی خرید نہیں سکتا۔ اسلامی تحریکات کو بھی با کردار قیادت پروان چڑھانی چاہیے تاکہ وہ عوامی زندگی میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔ تمام طبقات کے با ضمیر لوگوں کے ساتھ وسیع اشتراک کے ذریعے یہ ثابت کرنا چاہیے کہ ایمان باللہ پر مبنی اخلاق ہی عوامی اخلاقیات کی تجدید کر سکتا ہے۔ ان کی کامیابی کا پیمانہ یہ نہیں کہ انہوں نے کتنی نشستیں جیتیں، بلکہ یہ ہے کہ انہوں نے سیاست کو گندگی سے کتنا پاک کیا۔ مسلمانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی سیاست کو بھی ان بیماریوں، دولت، خاندانی اجارہ داری اور موقع پرستی وغیرہ سے بچائیں، ورنہ وہ اصلاح کا حق کھو دیں گے۔
سیاست کا اخلاقی زوال ایک حقیقت بھی ہے اور ایک حقیقی خطرہ بھی؛ مگر اس کے باوجود مایوسی کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ اس گندگی کو صرف وہی لوگ پاک کر سکتے ہیں جو خود اس سے دور رہیں، جو عوامی زندگی میں بھی خدا کے سامنے جواب دہی اور انسانیت کی خدمت پر مبنی کردار کے حامل ہوں۔ ملتِ اسلامیہ ہند، تحریکاتِ اسلامی اور مسلم خواتین کے لیے یہ ایک ذمہ داری بھی ہے اور ایک موقع بھی کہ وہ قوم کے سامنے سیاست کے گندے نالے کے مقابلے میں خدا ترسی پر مبنی سیاست کی صاف ستھری نہر نکال کر دکھائیں۔ جو قوم وشو گرو بننے کی خواہش مند ہو، اسے بلند نعروں کی نہیں بلکہ سچے کردار کی ضرورت ہوتی ہے؛ اور کردار کی یہ تجدید ہر اس آدمی کا فریضہ ہے جو ایمان اور ضمیر رکھتا ہو۔ سیاست کی اصل قدر اس میں نہیں کہ وہ کتنی طاقت یا دولت جمع کرتی ہے بلکہ اس میں ہے کہ وہ کتنی وفاداری اور اخلاص سے انسانوں کی خدمت کرتی ہے اور یہ جانتے ہوئے کرتی ہے کہ اسے بالآخر اپنے پروردگار کے حضور جواب دینا ہے۔