برسوں بعد پہلی بار اسرائیل کی سیاست میں بنیامن نیتن یاہو کی گرفت ڈھیلی پڑتی نظر آ رہی ہے۔ 27؍ اکتوبر 2026ء کے انتخابات کے بعد صدر اسحاق ہرزوگ نے حکومت سازی کی پہلی دعوت نیتن یاہو کو نہیں، بلکہ ان کے حریف اور سابق فوجی سربراہ گادی ایزنکوٹ کو دی ہے۔ یہ بلاشبہ ایک تاریخی موڑ ہے۔ مگر اصل سوال یہ ہے کہ کیا یہ تبدیلی محض ایک چہرے کی تبدیلی ہوگی یا پالیسی، احتساب اور خطے کے امن کی سطح پر کوئی حقیقی تبدیلی بھی لائے گی؟
ایک سو بیس رکنی کنیسہ کے لیے ہونے والے ان انتخابات میں کسی ایک بلاک کو حکومت سازی کے لیے درکار 61 نشستیں حاصل نہ ہو سکیں۔ نیتن یاہو کے دائیں بازو اور مذہبی اتحاد نے 53 ایزنکوٹ کے اپوزیشن بلاک نے 48 اور عرب پارٹیوں نے ریکارڈ 19 نشستیں حاصل کیں، جو پچھلی بار کے مقابلے میں تقریباً دوگنی ہیں۔ ایزنکوٹ کی اپنی جماعت یاشار 21 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی واحد جماعت بن کر ابھری۔ 7؍ نومبر کو صدر ہرزوگ نے 67 ارکان کی سفارش کی بنیاد پر ایزنکوٹ کو 28 دن (مزید 14 دن کی توسیع کے امکان کے ساتھ) کے اندر حکومت تشکیل دینے کا مینڈیٹ دے دیا، جب کہ نیتن یاہو کو صرف 46 ارکان کی تائید حاصل تھی۔
مگر مینڈیٹ ملنا اور حکومت بنا لینا دو الگ باتیں ہیں۔ ایزنکوٹ کے بلاک (48) اور عرب پارٹیوں (19) کو ملا کر اکثریت تو بن جاتی ہے لیکن یہ راستہ کانٹوں سے بھرا ہے۔ ایزنکوٹ نے عرب پارٹیوں کو کابینہ میں شامل کرنے سے انکار کیا ہے اور ان کے ممکنہ اتحادی اویگدور لیبرمین نے کسی ایسی حکومت کی حمایت سے صاف انکار کر دیا ہے جو عرب پارٹیوں کے سہارے کھڑی ہو۔ چنانچہ سب سے ممکنہ صورت یہی ہے کہ ایزنکوٹ ایک اقلیتی حکومت بنائیں جسے عرب پارٹیاں باہر سے حمایت دیں، بالکل اسی طرح جس طرح 2021 میں بینیٹ-لاپیڈ حکومت بنی تھی۔ فی الحال ایزنکوٹ کے پاس مینڈیٹ تو ہے مگر حکومت نہیں؛ اور اگر وہ ناکام رہے تو ملک ایک اور انتخاب کی طرف بھی جا سکتا ہے۔
یہاں اصل سوال یہ ہے کہ کیا اسرائیل کی بنیادی پالیسی پر نظر ثانی ممکن ہے؟ یہ وہ بنیادی بات ہے جسے سمجھے بغیر اس تبدیلی کا صحیح اندازہ ممکن نہیں ہے۔ ایزنکوٹ خود اسرائیلی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہیں، وہ فوج کے سابق سربراہ رہ چکے ہیں۔ ان کی انتخابی مہم کا محور بنیادی طور پر داخلی اور احتسابی امور تھے۔ انہوں نے بدعنوانی کے خلاف اصلاحات، تمام شہریوں پر لازمی فوجی خدمت اور اختیارات کی تقسیم کی مضبوطی جیسے مسائل پر اپنی مہم چلائی۔ فلسطینیوں کے سلسلے میں انہوں نے کوئی بنیادی تبدیلی پیش نہیں کی۔ وہ قریب اور درمیانی مدت میں دو ریاستی حل کے مخالف ہیں؛ مغربی کنارے میں وہ ایک ایسے علیحدگی کے ماڈل کے حامی ہیں جہاں ایک اصلاح شدہ فلسطینی اتھارٹی کو کچھ خود مختاری ملے مگر سکیوریٹی کنٹرول اسرائیل کے پاس رہے۔ لبنان پر ان کا مؤقف نیتن یاہو جیسا ہی ہے؛ جبکہ غزہ کے بارے میں ان کا اپنا کوئی واضح منصوبہ نہیں ہے، البتہ وہ ٹرمپ کے جنگ بندی منصوبے کو نیتن یاہو کی طرح رکاوٹ ڈالے بغیر آگے بڑھانے پر آمادہ دکھائی دیتے ہیں، مگر ساتھ ہی اٹھارہ ماہ میں حماس کی حکم رانی ختم کرنے کا عزم بھی رکھتے ہیں۔ گویا اسرائیل کا وسیع سیکیورٹی اجماع اور دائیں بازو کے اتحادی کسی بھی نئے وزیرِ اعظم کے لیے بنیادی پالیسی پر نظرِ ثانی کو انتہائی محدود کر دیتے ہیں۔ یوں یہ تبدیلی حکمتِ عملی، اہلیت اور احتساب کی سطح پر تو ممکن ہے مگر خطے میں بنیادی سمت کی سطح پر نہیں ہے۔
ایک اور سوال یہ بھی ہے کہ کیا نیتن یاہو کو ان کے جرائم کی سزا ملے گی یا انہیں نظر انداز کر دیا جائے گا؟ ستّاسی سالہ نیتن یاہو اسرائیل کے سب سے طویل مدت تک برسرِاقتدار رہنے والے وزیرِ اعظم ہیں، وہ 2020ء سے بد عنوانی کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں؛ اس کے علاوہ وہ غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کے تحت بین الاقوامی فوجداری عدالت کو بھی مطلوب ہیں۔ اپوزیشن نے صراحت کے ساتھ 7؍ اکتوبر کی سیکیورٹی ناکامی اور اسی زیرِ التوا مقدمے کو نیتن یاہو کے ساتھ حکومت نہ بنانے کی وجہ قرار دیا۔ ایک ایسی حکومت جس کا سب سے بڑا نعرہ ہی احتساب ہو، اسی سے توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ نہ صرف اس مقدمے کو اپنے فطری انجام تک پہنچنے دے گی بلکہ اس سرکاری تحقیقاتی کمیشن کا راستہ بھی کھولے گی جسے نیتن یاہو مسلسل روکتے رہے ہیں۔
ان انتخابات کا سب سے نمایاں پہلو عرب پارٹیوں کی ریکارڈ 19 نشستیں ہیں جن میں مختلف جماعتیں شامل ہیں۔ یہ جماعتیں اب عملاً بادشاہ گر بن چکی ہیں؛ انہی کی سفارش نے مینڈیٹ کا پلڑا ایزنکوٹ کے حق میں جھکایا ہے اور باہر سے دی جانے والی ان کی حمایت ہی کسی غیر لیکوڈ پارٹی حکومت کی بقا کی ضامن ہے۔ اس تائید کے بدلے وہ اسرائیل کے تقریباً بیس لاکھ فلسطینی شہریوں کے لیے ٹھوس مراعات حاصل کر سکتی ہیں، مثلاً ترقیاتی بجٹ، عرب بستیوں میں بڑھتے ہوئے جرائم کے خلاف اقدامات، رہائش و منصوبہ بندی کے حقوق، غیر تسلیم شدہ دیہاتوں کو تسلیم کرنا اور امتیازی قوانین میں نرمی برتنا ہے۔ ساتھ ہی وہ غزہ جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور مغربی کنارے کے الحاق کو روکنے کے لیے بھی دباؤ ڈال سکتی ہیں۔
مگر اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ایک مسئلہ بھی ہے۔ وہ یہ کہ ایزنکوٹ انہیں کابینہ میں شامل کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، اور ان کی شرائط میں "اسرائیل کو یہودی ریاست تسلیم کرنا" اور "حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا" شامل ہیں جنہیں بعض عرب جماعتیں قبول نہیں کرتیں۔ مزید یہ کہ اسرائیلی سیاست میں جو عرب مخالف نسل پرستی موجود ہے وہ ان کے راست اثر کو محدود کر دیتی ہے۔ یوں یہ ایک ایسی کامیابی ہے جس کے گرد ایک سخت دیوار کھڑی ہے۔ یہاں عرب ایسے بادشاہ گر ہیں جنہیں بادشاہ کے تخت سے بہت دور بٹھایا گیا ہے۔ تاہم اس کے باوجود ملنے والی حمایت بھی اگر حقیقی مراعات دلوا سکے تو غنیمت ہے، اس کے علاوہ اسرائیل کے اقتدار کا توازن اگر وہاں کے عربوں کے ہاتھ میں ہو تو یہ بذاتِ خود ایک خوش آئند علامت ہے۔
جہاں تک خطے کے امن کا تعلق ہے، ایک محتاط امید اور ایک بڑی حقیقت دونوں کو ساتھ رکھنا ضروری ہے۔ غزہ میں قائم نازک جنگ بندی کو ایزنکوٹ حکومت نیتن یاہو کے برعکس رکاوٹ ڈالنے کے بجائے آگے بڑھانے کی طرف مائل ہوگی۔ اس سے وقتی طور پر تو استحکام مل سکتا ہے اور اسرائیل کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی تنہائی میں بھی کچھ کمی ہو سکتی ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ حقیقی اور پائیدار امن کے لیے فلسطینیوں کے لیے سیاسی افق، ان کے جائز حقوق اور ناجائز قبضے کے خاتمے کی ضرورت ہے جو کہ دونوں میں سے کوئی بھی بلاک پیش نہیں کرتا۔ ایزنکوٹ خود قریبی مدت میں دو ریاستی حل کے مخالف اور سیکیورٹی کنٹرول برقرار رکھنے کے حامی رہے ہیں۔ چنانچہ خطے کا استحکام بحران کے جزوی حل اور جنگ بندی کے نفاذ کی سطح پر تو ممکن ہے مگر مسئلے کی اصل جڑ، یعنی فلسطینی حقِ خودارادیت سے انکار بدستور اپنی جگہ قائم رہے گی۔ یہ محض ایک انتظام کی تبدیلی ہے، ورنہ حقیقت میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔ مزید یہ کہ اقلیتی حمایت جیسے غیر مستحکم اتحاد پر کھڑی یہ امکانی حکومت شاید زیادہ دیر پا بھی ثابت نہ ہو، جس کے سبب کسی جرأت مندانہ اقدام کی گنجائش مزید کم ہو جاتی ہے۔
بہر حال نیتن یاہو کے طویل دور کا ممکنہ خاتمہ اور انتہائی دائیں بازو کا اقتدار سے باہر ہو جانا بلاشبہ ایک اہم پیش رفت ہے اور اسرائیل کے فلسطینی شہریوں کے لیے عرب پارٹیوں کی تاریخی کامیابی کچھ ٹھوس فائدے بھی لا سکتی ہے مگر یہ سب حقیقی امکانات ہی ہیں اس کے مضمرات کو خوش فہمی کے بغیر پڑھنا ضروری ہے۔ اسرائیلی سیکیورٹی اجماع اور فلسطینی ریاست کی مخالفت پر پوری اسرائیلی سیاست کا اتفاق، عرب پارٹیوں کا اقتدار سے دور رہنا اور نئی حکومت کی ممکنہ کمزوری، ان سب سے واضح ہوتا ہے کہ یہ سمت کی تبدیلی سے زیادہ محض ایک چہرے کی تبدیلی ہے۔ خطے میں حقیقی اور پائیدار امن تل ابیب میں کسی رد و بدل سے نہیں آئے گا بلکہ اس وقت آئے گا جب فلسطینی عوام کے جائز حقوق، عزت، آزادی اور ریاست کو تسلیم کیا جائے گا۔ انصاف کے طلب گاروں کا کام یہی ہے کہ وہ فلسطین کے سوال کو سب سے اوپر رکھیں، خواہ وزیرِ اعظم کی کرسی پر کوئی بھی بیٹھے۔
اداریــــہ

چہرے کی تبدیلی٬ سمت وہی! اسرائیلی انتخابات: امکانات و مضمرات

