ای ڈی نے محبوبہ مفتی کو منی لانڈرنگ کے مبینہ معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے 15 مارچ کو طلب کیا

نئی دہلی، مارچ 6: پی ٹی آئی نے نامعلوم عہدیداروں کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعہ کے روز منی لانڈرنگ کے مبینہ معاملے میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی کو 15 مارچ کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔

اس کیس کے بارے میں ابھی مزید تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔

دہلی میں تفتیشی ایجنسی کے ہیڈکوارٹر میں پیش ہونے کے لیے جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ کو نوٹس دیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ مقدمہ انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔

مفتی کو گذشتہ سال 13 اکتوبر کو ایک سال سے زیادہ عرصے کے بعد نظربندی سے رہا کیا گیا تھا۔ وہ 5 اگست 2019 سے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں تھیں، جس دن مرکز نے ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اسے مرکزی علاقوں میں تقسیم کردیا تھا۔

اپنی رہائی کے بعد مفتی نے فاروق عبد اللہ کی زیرقیادت نیشنل کانفرنس اور دیگر جماعتوں سے گپکار اعلامیہ کے تحت عوامی اتحاد تشکیل دینے کے لیے ہاتھ ملایا۔ اس اتحاد نے دسمبر 2020 میں جموں و کشمیر میں منعقدہ ضلعی ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں 100 سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی واحد سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری۔