الیکشن کمیشن نے کہا کہ وہ کوویڈ 19 پروٹوکول کی پیروی نہ کرنے والے سیاسی لیڈروں کی ریلیوں پر پابندی عائد کرے گا، پارٹیوں کو انتباہ جاری کیا

نئی دہلی، اپریل 10: الیکشن کمیشن نے جمعہ کے روز سیاسی جماعتوں کو متنبہ کیا ہے کہ اگر کوویڈ 19 کے حفاظتی پروٹوکول پر عمل نہ کیا گیا تو وہ انتخابی جلسوں اور مہموں پر پابندی عائد کر سکتی ہے۔

الیکشن کمیشن کا یہ نوٹس پولنگ باڈی کا نوٹس مغربی بنگال میں چوتھے مرحلے کے انتخابات سے ایک دن پہلے آیا ہے۔ تاہم ملک میں کورونا وائرس کے معاملات میں بڑے پیمانے پر اضافے کے درمیان تین ریاستوں اور ایک مرکزی علاقے میں انتخابات اس ہفتے کے شروع میں ہی اختتام پذیر ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے کہا ’’انتخابی اجلاس/مہموں کی ایسی مثالیں کمیشن کے علم میں آئیں، جہاں معاشرتی دوری، ماسک پہننے وغیرہ کے اصولوں کو پامال کیا گیا ہے۔‘‘

الیکشن کمیشن نے نوٹ کیا کہ اسٹار پرچارکوں سمیت سیاسی رہنما کوویڈ 19 پروٹوکول پر عمل نہیں کر رہے ہیں اور ایسا کرکے وہ خود کو بھی اور ایسے اجلاس میں شرکت کرنے والے دوسرے افراد کو بھی سنگین خطرے سے دوچار کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ اس نے ایسے واقعات کا بھی مشاہدہ کیا ہے کہ سیاسی رہنما ریلیوں میں یا انتخابی مہموں کے دوران اسٹیج پر بغیر ماسک پہنے پائے گئے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ ’’کمیشن اس کی خلاف ورزی کی صورت میں پہلے سے طے شدہ امیدواروں/ اسٹار پچارکوں / سیاسی رہنماؤں کے عوامی جلسوں، ریلیوں وغیرہ پر پابندی لگانے میں ذرا بھی نہیں ہچکچائے گا۔‘‘

معلوم ہو کہ گذشتہ چند ہفتوں میں ملک میں کورونا وائرس کے معاملات میں نہایت تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ مرکزی حکومت نے اس نئی لہر پر قابو پانے کے لیے ملک گیر لاک ڈاؤن لگانے کے خلاف فیصلہ کیا ہے لیکن انھوں نے ریاستوں سے مقامی پابندیاں عائد کرنے کے بارے میں فیصلہ کرنے کو کہا ہے۔