کورونا وائرس: گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 3.14 لاکھ نئے معاملات سامنے آئے، عالمی سطح پر کسی بھی ملک میں اب تک کا سب سے بڑا یک روزہ اضافہ

نئی دہلی، اپریل 22: سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 3،14،835 نئے واقعات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1،59،30،965 ہوگئی ہے۔ معلوم ہو کہ یہ اب تک عالمی سطح پر کسی بھی ملک میں معاملات کی تعداد میں سب سے بڑا یک روزہ اضافہ ہے۔ اس سے قبل سب سے ایک دن میں سب سے زیادہ معاملات 2 جنوری 2021 کو ریاستہائے متحدہ میں 3،00،310 درج ہوئے تھے۔

ملک میں پہلی بار ایک دن میں 2،104 اموات بھی ریکارڈ کی گئیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1،84،657 تک جا پہنچی ہے۔

ملک میں لگاتار آٹھویں دن روزانہ کورونا وائرس کے 2 لاکھ کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ اب تک 1،34،54،880 مریض اس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا ملک میں پہلی بار فعال معاملات کی تعداد 23 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ملک میں فی الوقت 22,84,411 فعال معاملات ہیں۔

دریں اثنا دارالحکومت میں آکسیجن کی کمی کے مسئلے کو حل نہ کرنے پر دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز مرکز پر شدید تنقید کی۔ عدالت نے رات ساڑھے نو بجے خصوصی سماعت کرتے ہوئے کہا ’’ہم چاہتے ہیں کہ آپ تمام ذرائع سے زیادہ سے زیادہ خریداری کریں۔‘‘

عدالت نے مزید کہا ’’بھیک مانگیں، قرض لیں یا چوری کریں، آپ کو آکسیجن فراہم کرنا ہی ہوگا۔ آپ کے پاس مکمل خودمختار طاقت ہے۔ کوئی صنعت آپ کو نہیں روکے گی۔ آپ کو یہ کرنا ہوگا۔‘‘

عدالت نے زور دے کر کہا کہ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کسی بھی شخص کی موت نہیں ہونی چاہیے۔

وہیں جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دسمبر 2019 میں وبائی امراض پھیلنے کے بعد سے اب تک عالمی سطح پر کورونا وائرس نے 14.18 کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے اور 30.27 لاکھ سے زیادہ افراد کو ہلاک کردیا ہے۔