کانگریس اور ٹی ایم سی نے پارلیمانی کمیٹیوں کی صدارت کھو دی، 6 کلیدی پارلیمانی پینل اب بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کے تحت
نئی دہلی، اکتوبر 5: مرکز نے منگل کو کلیدی پارلیمانی پینلز کے چیئرپرسن کے عہدوں میں ردوبدل کیا۔ نئی تبدیلیوں کے ساتھ کانگریس اور ترنمول کانگریس کے پاس اب کسی بھی بڑے پینل کی ذمہ داری نہیں ہے۔
فی الحال چھ بڑی پارلیمانی کمیٹیوں، ہوم، آئی ٹی، دفاع، خارجی امور، مالیات اور صحت کے سربراہان کا تعلق بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں سے ہے۔
کانگریس کو سائنس اور ٹیکنالوجی، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پینل کا چارج دیا گیا تھا۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک منو سنگھوی کی جگہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج لال کو امور داخلہ کی پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کا چیئرپرسن بنایا گیا ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور، جو پارٹی کے صدارتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، کی جگہ شیوسینا کے ایکناتھ شندے دھڑے کے رکن پارلیمنٹ پرتاپ راؤ جادھو کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق پارلیمانی پینل کا سربراہ بنایا گیا ہے۔
ترنمول کانگریس، جو خوراک اور صارفین کے امور سے متعلق پارلیمانی پینل کی سربراہی کرتی تھی، کو کسی بھی کمیٹی کی سربراہی نہیں ملی۔
کانگریس اور ترنمول کانگریس کے لیڈروں نے مرکزی پینل میں عہدے تقسیم نہ کرنے پر بی جے پی زیرقیادت مرکز کی سرزنش کی۔
انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے اسے ایک سخت قدم قرار دیا۔ انھوں نے کہا ’’ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم مودی چین کی واحد پارٹی کی حکمرانی اور روسی اولیگاری ماڈل سے متوجہ ہیں۔‘‘
ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا ایم پی ڈیرک اوبرائن اس بات پر حیران رہ گئے کہ ان کی پارٹی کی اپوزیشن میں دوسری سب سے بڑی موجودگی کے باوجود کسی ایک پینل کی بھی سربراہی نہیں کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’’سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی [کانگریس] اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی دو اہم چیئرمین شپ سے محروم ہو گئی۔ یہ نیو انڈیا کی تلخ حقیقت ہے۔‘‘
دریں اثنا بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن بھونیشور کلیتا کو سماج وادی پارٹی کے رہنما رام گوپال یادو کی جگہ صحت اور خاندانی بہبود سے متعلق پارلیمانی پینل کا چیئرپرسن بنا دیا گیا۔
کھانے سے متعلق پینل کی سربراہی بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ لوکیت چٹرجی کریں گے اور تعلیم، خواتین، بچوں، نوجوانوں اور کھیلوں کے پینل کی سربراہی ان کی پارٹی کے ساتھی وویک ٹھاکر کریں گے۔
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ جگدمبیکا پال، جو ہاؤسنگ اور شہری امور کے پارلیمانی پینل کی سربراہی کر رہے تھے، کی جگہ جنتا دل (یونائیٹڈ) کے راجیو رنجن لالن سنگھ نے لے لی ہے۔ پال اب توانائی سے متعلق کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔
بیجو جنتا دل کے بھرتوہری مہتاب لیبر، ٹیکسٹائل اور اسکل ڈیولپمنٹ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
ڈی ایم کے صنعت سے متعلق پارلیمانی پینل کی سربراہی کرے گی۔