وہ کانگریس لیڈر جو اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکتے ہیں انھیں دوسروں کے لیے راستہ بنانا چاہیے: ملکارجن کھڑگے

نئی دہلی، دسمبر 4: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے اتوار کو کہا کہ پارٹی میں جو لوگ اپنی ذمہ داریاں نبھانے سے قاصر ہیں انھیں دوسروں کے لیے راستہ بنانا چاہیے۔

انھوں نے یہ بیان نئی دہلی میں کانگریس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں دیا۔

کھڑگے نے کہا کہ اگرچہ کانگریس میں کچھ بہت ذمہ دار عہدیدار ہیں جو اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، لیکن کچھ کا خیال ہے کہ ان کی طرف سے ذمہ داری کی کمی کو نظر انداز کیا جائے گا۔

کانگریس صدر نے کہا کہ یہ نہ تو درست ہے اور نہ ہی قابل قبول ہے۔ جو لوگ اپنی ذمہ داری نبھانے سے قاصر ہیں، انھیں اپنے ساتھیوں کے لیے راستہ بنانا ہوگا۔

کھڑگے نے کہا کہ پارٹی اور ملک کے تئیں کانگریس قائدین کی سب سے بڑی ذمہ داری ہر سطح پر تنظیمی جواب دہی تھی۔ پی ٹی آئی کے مطابق انھوں نے کہا ’’اگر کانگریس کی تنظیم مضبوط، جوابدہ ہے، لوگوں کی توقعات پر پورا اترتی ہے، تب ہی ہم انتخابات جیت سکیں گے اور ملک کے لوگوں کی خدمت کر سکیں گے۔‘‘

کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ بھارت جوڑو یاترا راہل گاندھی کی قیادت میں تاریخ لکھ رہی ہے اور یہ ایک قومی تحریک بن چکی ہے۔