کانگریس پارٹی صدر کا انتخاب کرنے والے ارکان کی فہرست شیئر کرنے پر راضی

نئی دہلی، ستمبر 11: کانگریس پارٹی نے ہفتہ کے روز ریاستی یونٹ کے ان مندوبین کی فہرست شیئر کرنے پر اتفاق کیا جو اس کے صدر کے عہدے کے لیے آئندہ انتخابات میں نامزدگی کا عمل شروع ہونے سے پہلے الیکٹورل کالج بناتے ہیں۔

یہ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے پارٹی کے ذریعے داخلی الیکشن باڈی کے سربراہ مدھوسودن مستری کو خط لکھنے کے پانچ دن بعد سامنے آیا ہے، جس میں صدر کے عہدے کے لیے آئندہ انتخابات میں شفافیت اور اس کے منصفانہ ہونے کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

6 ستمبر کو لکھے گئے خط میں کانگریس کے ممبران لوک سبھا ششی تھرور، منیش تیواری، کارتی چدمبرم، پرادیوت بوردولوئی اور عبدالخالق نے مطالبہ کیا تھا کہ ریاستی یونٹ کے ان مندوبین کی فہرست دستیاب کرائی جائے تاکہ یہ تصدیق ہو سکے کہ کون امیدوار نامزد کرنے کا حق دار ہے اور کون ووٹ دینے کا حق دار ہے۔

مستری نے پہلے کہا تھا کہ اس فہرست کو عوامی ڈومین میں نہیں رکھا جا سکتا کیوں کہ صدارتی انتخاب پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اور انتخابی فہرست کا پارٹی کے حریف غلط استعمال کر سکتے ہیں۔

کانگریس 17 اکتوبر کو اپنے اگلے پارٹی سربراہ کے انتخاب کے لیے الیکشن کرائے گی اور نتیجے دو دن بعد اعلان کیا جائے گا۔ نامزدگی کا عمل 24 ستمبر سے 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔

ہفتہ کے روز مستری نے کہا کہ کانگریس صدر کے انتخاب کے لیے نامزدگی داخل کرنے والا کوئی بھی شخص اپنی ریاستوں کے مندوبین کے نام اپنی متعلقہ ریاستوں میں پارٹی کے مرکزی دفتر میں دیکھ سکتا ہے۔

انھوں نے تھرور کے نام ایک خط میں لکھا ’’نام اور سیریل نمبر ریاستی فہرست میں دستیاب ہیں۔ نامزدگی کی درستگی کے لیے 10 حامیوں [ مندوبین] کے ذریعے دستخط شدہ نامزدگی کافی ہوگی۔

انھوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی امیدوار جو مختلف ریاستوں سے ریاستی یونٹ کے مندوبین کا خواہاں ہے وہ 20 ستمبر اور 24 ستمبر کے درمیان نئی دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر میں واقع ان کے دفتر میں تمام مندوبین، 9,000 سے زیادہ، کی فہرست دیکھ سکتا ہے۔

مستری نے کہا ’’اس سے کسی کی بھی نمائندوں کے نام جانے بغیر اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے عمل کے بارے میں تشویش دور ہوجانا چاہیے۔‘‘

مستری کے خط کے جواب میں تھرور نے کہا کہ وہ انتخابی عمل کے حوالے سے پارٹی کی طرف سے اٹھائے گئے اس قدم سے مطمئن ہیں۔

چدمبرم نے بھی یہ کہا کہ وہ مستری کے جواب سے خوش ہیں۔