بی جے پی بلڈوزر کے ذریعے کشمیر کو افغانستان بنا رہی ہے: محبوبہ مفتی

نئی دہلی، فروری 6: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے پیر کو الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے غریب شہریوں کے گھروں کو مسمار کرنے کے لیے بلڈوزر استعمال کرکے کشمیر کو افغانستان میں تبدیل کردیا ہے۔

سابق جموں و کشمیر نے یہ تبصرے انسداد تجاوزات مہم کے تناظر میں کیے جو جنوری کے اوائل سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں چلائی جا رہی ہے۔ انڈین ایکسپریس نے پیر کو اطلاع دی کہ انتظامیہ نے مہم شروع کرنے کے بعد سے 1.87 لاکھ ایکڑ اراضی کو بازیافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

مفتی نے الزام لگایا کہ بی جے پی کشمیر کے ساتھ ساتھ باقی ہندوستان میں ’’ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح برتاؤ‘‘ کر رہی ہے۔

پی ڈی پی کے سربراہ نے اپوزیشن لیڈروں ممتا بنرجی، ایم کے اسٹالن اور نتیش کمار پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں جاری انہدامی مہم پر اپنی خاموشی توڑ دیں۔ انھوں نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ اپنی اکثریت کو ’’آئین کو ختم کرنے‘‘ کا ہتھیار بنا رہی ہے۔

مفتی نے الزام لگایا کہ بی جے پی کشمیر میں ایسے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے جو فلسطین میں اسرائیل کے ذریعے استعمال شدہ ہتھکنڈوں سے بھی بدتر ہیں۔

وہیں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے مطالبہ کیا کہ گرائی جانے والی جائیدادوں کی فہرستیں عام کی جائیں تاکہ شہری جواب میں اپنے دعوے پیش کر سکیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے کی حمایت نہیں کرتے۔ ’’لیکن ایک طریقہ ہوتا ہے جس کے مطابق بے دخلی کی جانی چاہیے۔‘‘

عبداللہ نے کہا کہ بلڈوزر کا استعمال آخری حربہ ہونا چاہیے۔