فرقہ واریت: بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے ’’جہادیوں‘‘ سے نمٹنے کے لیے ہندوؤں سے تیروں اور کانچ کی بوتلوں سے مسلح ہونے کو کہا

نئی دہلی، اپریل 25: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے اتوار کو ہندوؤں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں میں تیر اور کمان تیار رکھیں کیوں کہ پولیس ’’جہادیوں‘‘ سے نمٹنے میں ان کی مدد نہیں کرے گی۔

لوک سبھا کے رکن اسمبلی نے، جو اکثر متنازعہ تبصرے کرتا رہتا ہے، فیس بک پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ٹوپیاں پہنے ہوئے ایک گروپ لاٹھیوں کے ساتھ سڑک پر مارچ کر رہے ہیں۔

ساکشی نے پوسٹ میں لکھا ’’اگر یہ ہجوم آپ کی گلی محلے یا آپ کے گھر میں اچانک آجائے تو کیا آپ کے پاس اپنے آپ کو بچانے کا کوئی علاج ہے؟ اگر نہیں تو کچھ انتظام کر لیں کیوں کہ پولیس آپ کو بچانے نہیں آئے گی۔ جب یہ لوگ جہاد کر کے واپس لوٹ جائیں گے تب پولیس لاٹھیاں مارنے آئے گی اور کچھ دنوں کے بعد معاملہ تحقیقاتی کمیٹی کے پاس جا کر ختم ہو جائے گا۔‘‘

بی جے پی ایم پی نے مزید کہا کہ ’’ان مہمانوں‘‘ کے لیے ہر گھر میں کولڈ ڈرنک کے ایک یا دو ڈبے (کانچ کی بوتلیں) اور کچھ تیر ہونے چاہئیں۔ اس نے مزید کہا ’’یہ پیغام کسی ایک ریاست کے لیے نہیں ہے بلکہ پورے ملک کے لیے ہے۔ جے شری رام۔‘‘

بی جے پی لیڈر نے، جس کے خلاف 30 سے ​​زیادہ فوجداری مقدمات درج ہیں، پی ٹی آئی کو بتایا کہ وہ اپنے اس بیان پر پوری طرح قائم ہیں۔ ساکشی نے اس بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا ’’کیا ہندو صرف مار کھانے کے لیے ہیں؟‘‘

یہ پیش رفت 16 اپریل کو دہلی کے جہانگیر پوری میں ہونے والے فرقہ وارانہ تصادم کے پس منظر میں ہوئی ہے۔ قومی راجدھانی میں یہ تشدد اس مہینے کے دوران ملک بھر میں پھوٹنے والے درجنوں فرقہ وارانہ فسادات کے بعد ہوا ہے۔

اس سے پہلے ساکشی نے 2014 میں دعویٰ کیا تھا کہ مدارس طلبہ کو دہشت گردی اور ’’لو جہاد‘‘ سکھاتے ہیں۔

اسی سال ساکشی نے گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو محب وطن قرار دیا تھا۔

2015 میں اس نے ہندو خواتین سے کہا تھا کہ وہ کم از کم چار بچے پیدا کرکے اپنے مذہب کی حفاظت کریں۔ اس نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ گائے کو ذبح کرنے اور اسلام اور عیسائیت میں تبدیلی کی سزا جلد ہی سزائے موت ہوگی۔

2017 میں بی جے پی ایم پی نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’چار بیویوں اور 40 بچوں والے ملک میں آبادی کے دھماکے کے ذمہ دار ہیں۔‘‘