مولانا ندیم احمد انصاری آزمائش اس دنیا کا لازمہ ہے ۔ اس لیے کہ یہ عمل کی جگہ ہے اور آخرت بدلے کی۔ جو انسان جس قدر اللہ تعالیٰ سے محبت کا دعوے دار ہوگا، اسے اسی قدر ابتلاء و آزمائش سے گزرنا ہوگا۔ مؤمن کو آزمائش و ابتلاء کا سامنا کسی گناہ کے سبب نہیں، بلکہ گناہوں سے معافی اور درجات کی بلندی کے سبب ہوتا ہے۔ شرط یہ ہے کہ صبر کا دامن تھامے ہوئے اس مرحلے سے گزرا جائے۔ یہ باتیں رحمۃ للعالمین و خاتم النبیین ﷺ نے اپنے ارشادات میں بہت واضح طور پر بیان فرمائی ہیں۔ اس وقت امتِ مسلمہ نازک دور سے گزر رہی ہے، اس لیے مناسب معلوم ہوا کہ اس سلسلے کی بعض احادیث پیش کی جائیں۔ مؤمن اور منافق کی مثال حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مؤمن کی مثال کھیتی کی مانند ہے کہ ہوا اسے ہمیشہ جھکاتی رہتی ہے، کبھی دائیں کبھی بائیں۔ مؤمن ہمیشہ آزمائش میں رہتا ہے۔ منافق کی مثال صنوبر کے درخت کی سی ہے کہ کبھی نہیں ہلتا، یہاں تک کہ جڑ سے کاٹ دیا جائے۔(ترمذی) گناہوں سے پاکی کا سبب حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مؤمن مرد اور عورت پر ہمیشہ آزمائش طاری رہتی ہے کبھی اس کی ذات میں، کبھی اولاد میں اور کبھی مال میں، یہاں تک کہ وہ جب اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرتا ہے تو گناہوں سے پاک ہوتا ہے۔(ترمذی) درجات کی بلندی کا سبب ابراہیم سلمی اپنے والد سے اور وہ اپنے دادا سے بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا کہ بے شک بندے کا مقام و مرتبہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اعلیٰ لکھا جاتا ہے، مگر انسان اپنے اعمال سے اس تک نہیں پہنچ پاتا تو اللہ تعالیٰ اس بندے کو اس کے جسم ،مال یا اولاد کی وجہ سے آزمائش میں مبتلا کرتے ہیں۔(ابن نفیل نے یہ الفاظ مزید بیان کیے ) پھر وہ اس پر صبر کرتا ہے (اس بات میں وہ دونوں متفق ہیں) یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ اس بندے کو اس مقام پر پہنچاتے ہیں جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے لکھا جا چکا ہوتا ہے۔(سنن کبریٰ بیہقی) آزمائش پر بے انتہا ثواب حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: قیامت کے دن جب آزمائش والوں کو ان مصیبتوں کا بدلہ دیا جائے گا تو اہلِ عافیت تمنا کریں گے کاش ان کی کھالیں دنیا میں قینچیوں سے کاٹ دی جاتیں تاکہ انھیں بھی اسی طرح اجر ملتا۔(ترمذی) گناہوں کا کفارہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب یہ آیت (ترجمہ) جو بھی برا عمل کرے گا، اس کی سزا پائے گا، اور اللہ کے سوا اسے اپنا کوئی یار و مددگار نہیں ملے گا۔ (النساء) نازل ہوئی تو مسلمانوں پر شاق گزرا۔ چنانچہ انہوں نے حضرت نبی کریم ﷺ سے اس کا اظہار کیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: تمام امور میں افراط و تفریط سے بچو اور استقامت کی دعا کرو۔ مؤمن کی ہر آزمائش میں اس کے گناہوں کا کفارہ ہے، یہاں تک کہ اگر اسے کوئی کانٹا چبھ جائے یا کوئی مشکل پیش آجائے (اس پر بھی اس کے گناہ معاف ہوتے ہیں) دل برداشتہ نہ ہوں حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں حضرت نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ آپ کو شدید بخار تھا۔ میں نے اپنا ہاتھ آپ پر رکھا تو چادر کے اوپر بھی حرارت محسوس ہو رہی تھی۔ میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول آپ کو اتنا شدید بخار ہے؟ آپ نے فرمایا: ہمارے ساتھ ایسا ہی ہوتا ہے۔ آزمائش بھی دُگنی ہوتی ہے اور ثواب بھی دگنا ملتا ہے۔ میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! لوگوں میں سب سے زیادہ سخت آزمائش کن پر ہوتی ہے؟ آپ نے فرمایا: انبیاے کرام علیہم السلام پر۔ میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! ان کے بعد؟ آپ نے فرمایا :ان کے بعد نیک لوگوں پر۔ بعض نیک لوگوں پر فقر کی ایسی آزمائش آتی ہے کہ اوڑھے ہوئے کمبل کے علاوہ ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہوتا، اور نیک لوگ آزمائش سے ایسے خوش ہوتے ہیں جیسے تم لوگ وسعت اور فراخی سے۔(ابن ماجہ) اپنے آپ کو ذلیل نہ کرے اس لیے ہمیں بھی نیکوکاروں کی روش اپنانی چاہیے، البتہ از خود کوئی مصیبت مول لینے کی کوشش نہ کرے ۔حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، رسول اللہﷺ نے فرمایا: مؤمن کے لیے مناسب نہیں ہے کہ اپنے آپ کو ذلیل کرے۔ ہم نے عرض کیا: اپنے آپ کو ذلیل کرنے سے کیا مراد ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: اپنے آپ کو ذلیل کرنا یہ ہے کہ آدمی جس آزمائش کو برداشت نہیں کرسکتا خود اس کے درپے ہو۔(ابن ماجہ) آزمائش سے حفاظت کی ایک دعا آزمائش کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ ہم کسی اور کو مصیبت میں مبتلا دیکھنے پر بھی خدا سے رجوع نہیں کرتے۔ اگر ہم اُس وقت بھی خدا سے رجوع کر لیں تو امید ہے کہ ہم تک وہ مصیبت نہ پہنچے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی کو مصیبت و آزمائش میں مبتلا دیکھ کر (آہستہ سے ) یہ کلمات کہے: الْحَمْدُ لِلَّہِ الَّذِی عَافَانِی مِمَّا ابْتَلَاکَ بِہِ وَفَضَّلَنِی عَلَی کَثِیرٍ مِمَّنْ خَلَقَ تَفْضِیلًا۔ تمام تعریفیں اسی ذات کے لیے ہیں جس نے مجھے اس مصیبت سے نجات دی جس میں تجھے مبتلا کیا اور مجھے اپنی بہت سی مخلوق پر فضیلت دی تو وہ شخص جب تک زندہ رہے گا اس مصیبت میں مبتلا نہیں ہوگا۔(ترمذی) (مضمون نگار الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیاکے ڈائرکٹر ہیں)