یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کے ’’ٹریکٹر پریڈ‘‘ کا انعقاد شہر کے اندر نہیں، بلکہ دہلی کی سرحدوں پر کیا جائے گا: کسان رہنما

نئی دہلی، 14 جنوری: کسان رہنما بلبیر سنگھ راجیوال نے آج کہا کہ متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف 26 جنوری کو مجوزہ ’’ٹریکٹر پریڈ‘‘ دارالحکومت کے اندر نہیں بلکہ دہلی کی سرحدوں پر ہوگی۔

ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر جاری ان قیاس آرائیوں کے درمیان سامنے آیا ہے کہ کسان راج پتھ پر مارچ کریں گے۔

کسانوں کو لکھے گئے خط میں راجیول نے کہا کہ کسانوں کے احتجاج کو بدنام کرنے کے لیے بہت سی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جنھیں رد کرنا ضروری ہے۔

کسانوں کو امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ترغیب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 26 جنوری کی پریڈ کے لیے ایک خاکہ پیش کیا جائے گا اور سب کو ’’اس مسئلے پر غلط بیانات‘‘ جاری کرنے سے پہلے غور کرلے۔

کسان رہنما نے کہا کہ ہم ٹریکٹر پریڈ کریں گے، جس کی تفصیلات 16 جنوری کو طے کی جائیں گی۔

دریں اثنا مرکزی حکومت نے دہلی پولیس کے ذریعے سپریم کورٹ میں اس پریڈ کو روکنے کی درخواست دائر کی ہے اور کہا ہے کہ یوم جمہوریہ کی تقریبات میں کسی بھی طرح رکاوٹ عالمی سطح پر ’’قوم کے لیے شرمندگی کا باعث‘‘ ہوگی۔