کوزیکوڈ: ایئر انڈیا کا طیارہ حادثے کا شکار، پائلٹوں سمیت کم از کم 20 ہلاک

کیرالہ، اگست 8: جمعہ کے روز بھاری بارش کے دوران دبئی سے ایئر انڈیا ایکسپریس کے طیارے کے کری پور ہوائی اڈے پر رن وے پر پھسل جانے سے دو پائلٹوں سمیت کم از کم 20 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔

طیارے میں سوار افراد کو نکال لیا گیا ہے اور قریب 112 زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا، مجموعی طور پر 174 مسافر اور 10 شیر خوار بچے، دو پائلٹ اور چار کیبن عملے کے ارکان طیارے میں تھے۔

یہ پرواز ’’وندے بھارت‘‘ کے بیڑے کا ایک حصہ تھی جو کورونا وائرس بحران کے بیچ بیرون ملک پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو واپس لانے کا مشن ہے۔

کیرالہ پولیس کے چیف لوک ناتھ بہرہ نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ طیارے کے اندر ابھی بھی کچھ مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ ٹائمز ناؤ کی خبر کے مطابق مسافروں کو کوزیکوڈ میڈیکل کالج اور آس پاس کے دیگر اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے حادثے کے نظاروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رن وے پر طیارہ کا ملبہ بکھڑا پڑا ہے۔

موقع پر نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور میڈیکل ٹیمیں ائیر پورٹ پہنچ گئیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق پرواز کے کپتان نے شدید بارش میں ہوائی جہاز کو لینڈ کرنے کی دو کوششیں کیں، لیکن شام 7 بجکر 45 منٹ پر رن وے پر اتر کر طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔