کورونا وبا سے جوجھنے والے ممالک کی فہرست میں بھارت تیسرے نمبر پر

ریاستی حکومتوں کے ڈیٹا کے مطابق اتوار کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر چھ لاکھ نوے ہزار سے زیادہ کیس ہوچکے ہیں

کورونا وبا سے جوجھنے والے ممالک کی فہرست میں بھارت تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔

ریاستی حکومتوں کے ڈیٹا کے مطابق اتوار کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر چھ لاکھ نوے ہزار سے زیادہ کیس ہوچکے ہیں۔ کورونا وبا میں بھارت نے روس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جہاں کل شام تک چھ لاکھ اسی ہزار معاملے درج کیے گئے تھے۔ اب بھارت سے آگے صرف برازیل اور امریکہ ہیں جہاں بالترتیب 15 لاکھ اور 28 لاکھ کیس درج کیے گئے ہیں۔

کل شام بھارت میں ریکارڈ تعداد میں کیس درج ہوئے۔ وزارت صحت نے 25000 سے کچھ کم نئے کیس اور 613 اموات کی اطلاع دی۔ یہ اب تک کے ایک دن میں ہونے والے سب سے زیادہ کیس ہیں۔

اب تک کورونا سے 19628 اموات ہوچکی ہیں۔ انفیکشن بڑھنے کی ایک وجہ مغربی و جنوبی بھارت میں مانسون کی آمد کو بھی بتایا جارہا ہے۔

حکومت نے بھارت میں بنائے جارہے دو ٹیکوں، کویکسن اور زائیکوو ڈی، کی طبی آزمائش کی منظوری دے دی ہے۔ عالمی سطح پر اب تک کورونا وائرس سے ایک کروڑ 12 لاکھ افراد متاثر اور 5 لاکھ 30 ہزار لقمہ اجل بن چکے ہیں۔