کمل ہاسن نے وزیر اعظم مودی سے ایسے حالات میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی ضرورت کی وضاحت کرنے کو کہا، جب آدھا ہندوستان بھوکا ہے

چنئی، 13 دسمبر: ایم این ایم کے سربراہ کمل ہاسن نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو تقریباً 1،000 ایک ہزار کروڑ روپیے میں تعمیر کرنے کی عقلی وجہ بتائیں، جب کہ ’’آدھا ہندوستان بھوکا ہے کورونا وائرس کے بحران نے زندگیوں کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔‘‘

صدیوں پرانی چین کی عظیم دیوار کی تعمیر سے اس پروجیکٹ کو تشبیہ دیتے ہوئے کمل ہاسن نے کہا کہ اس کی تعمیر کے دوران ’’ہزاروں افراد ہلاک ہوگئے‘‘ لیکن ڈریگن قومی حکمرانوں نے کہا تھا کہ یہ دیوار لوگوں کی حفاظت کرے گی

ایم این ایم لیڈر نے ایک ٹویٹ میں پوچھا ’’ایک ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے پارلیمنٹ کی ایک نئی عمارت کس کی حفاظت کے لیے بن رہی ہے جب کہ نصف ہندوستان بھوکا ہے۔ معزز منتخب وزیر اعظم جواب دو۔‘‘

انھوں نے جنوبی تمل ناڈو کے مدورائی سے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہم کے پہلے مرحلے کی شروعات سے چند گھنٹے قبل یہ ٹویٹ کیا۔

واضح رہے کہ تمل ناڈو میں اپریل سے مئی 2021 کے دوران اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہاسن نے یہ بھی الزام لگایا کہ حکام نے ایم این ایم کو شہری علاقوں میں انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی تھی، اگرچہ انھیں ’’بہت سے مقامات‘‘ پر آگے بڑھنے کی منظوری مل گئی ہے۔