کرائسٹ چرچ میں مسجد پر فائرنگ کرنے والے دہشت گرد کو نیوزی لینڈ کی عدات نے بغیر کسی پیرول کے عمر قید کی سزا سنائی

نیوزی لینڈ، اگست 27: خبر رساں ادارے ریوٹرز کے مطابق نیوزی لینڈ کی ایک عدالت نے گذشتہ سال ایک مسجد میں 51 مسلم نمازیوں کو ہلاک کرنے والے شخص کو بغیر کسی پیرول کے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

29 سالہ آسٹریلیائی شخص برنٹن ٹیرنٹ کو قتل کے 51 الزامات قتل کی 40 کوششوں اور دہشت گردی ایک مقدمے میں مجرم مانا گیا۔

واضح رہے کہ پچھلے سال پندرہ مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ٹیرنٹ نے دو مساجد پر حملہ کیا تھا جس میں 51 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حملے کا ایک حصہ فیس بک پر براہ راست نشر بھی کیا گیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ اس نے گرفتاری سے قبل ہی ایک اور مسجد اشبرٹن مسجد کو بھی نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

بغیر کسی پیرول کی عمر قید کا مطلب ہے کہ ٹیرنٹ کی موت تک کبھی انھیں رہا نہیں کیا جاسکتا۔

نیوزی لینڈ ہیرالڈ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب ملک میں اس طرح کی سزا دی گئی ہے۔