جموں وکشمیر: محرم کے جلوس میں ہندوستان مخالف نعرے لگانے کے الزام میں یو اے پی اے کے تحت دو افراد کو گرفتار کیا گیا

نئی دہلی، اگست 27: جموں وکشمیر پولیس نے بدھ کے روز سرینگر کے مضافات میں محرم کے جلوس کے دوران ہندوستان مخالف نعرے لگانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

پولیس نے کہا ’’مزید گرفتاریوں کی توقع ہے۔‘‘

یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے ،جس میں متعدد افراد کو آزادی کی حمایت اور ہندوستان مخالف نعرے لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا ’’پولیس نے تیزی سے کاروائی کی اور اس جگہ کی نشاندہی کی، جو مرکزی سڑک سے 2.5 کلومیٹر دور واقع ہے۔ یہ علاقہ الگ تھلگ ہے اور اس سے قبل یہاں کسی بھی ایسے غیر قانونی اجتماع کے انعقاد کی کوئی تاریخ نہیں ہے۔‘‘

دی ہندو کی اطلاع کے مطابق پولیس نے اس واقعے میں دفعہ 13 یو ایل (پی) اور دفعہ 143، 188، 269 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔