وژن 2026 کی جانب سے منفردافطارپارٹی ،اوکھلامیں گھروں سےکوڑے اٹھانےوالوں کو دعوت

نئی دہلی ،17 اپریل :۔

رمضان المبارک کے آخری ایام چل رہے ہیں ۔ان دنوں اکثر مختلف تنظیموں اور اداروں کے جانب سے افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے خاص طور پر سیاسی افطار پارٹیاں سرخیوں میں رہتی ہیں ۔لیکن دہلی میں جامعہ نگر کے اوکھلا علاقے میں ایک منفر دافطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا ۔اگر ہم اس افطار پارٹی اور دیگر افطار پارٹیوں کا جائزہ لیں تو معلوم ہوگا کہ واقعی یہ افطار پارٹی خود میں ایک الگ اور منفرد افطار پارٹی ہے جس میں سماج کے ایک ایسے طبقے کو دعوت دی گئی جس کے بارے میں لوگوں کے ذہنوں میں کبھی گمان بھی نہیں آتا ہے اس انوکھی  افطار پارٹی کا اہتمام کیا تھا اوکھلا کے جامعہ نگر میں معروف سماجی تنظیم وژن2026 نے ۔  اوکھلا میں گھروں سے کوڑا اٹھانے والوں کوجامعہ نگر کے  اسکالر اسکول میں افطار کی دعوت دی گئی جس میں تقریباً 60 لوگ شریک ہوئے۔ افطارکی  دعوت کے ساتھ ساتھ انہیں عید کا تحفہ بھی دیا گیا،جس میں کرتا پائجامہ  کے ساتھ ساتھ  صفائی کے لیے ہائی جین کٹ بھی دی گئی۔

واضح رہے کہ اوکھلا کا جامعہ نگر علاقہ مسلم اکثریتی علاقہ ہے ۔جہاں ملک کی مختلف ریاستوں سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ رہتے ہیں۔علاقے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وجہ سے بڑی تعداد میں طلبہ بھی قیام پذیر ہیں ۔اس علاقے میں لوگوں کے گھروں سے کوڑا اٹھانے والے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں ۔زیادہ تر ان کا تعلق بہار ،بنگال اور آسام سے ہے ۔وہ یہاں کے قریب واقع کچی بستیوں میں رہتے ہیں دن بھر گھروں اور گلیوں سے جمع کر کے کوڑے کو  اس کے انجام تک پہنچاتے ہیںاور علاقے میں صفائی ستھرائی میں ان کا کلیدی کردار ہے ۔ایک دو  تین دن یہ علاقے میں نظر نہ آئیں تو گلیوں اور گھروں میں کوڑوں کا انبار لگ جاتا ہے ۔

Ariba Khan Conciliar

وژن 2026 نے رمضان کے اس مبارک مہینے میں ان صفائی کرنے والوں کی دلجوئی اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے لئے علیحدہ اور منفرد افطار پارٹی کا اہتمام کیا ۔ جس میں علاقے کی کونسلر اریبہ خان کے علاوہ  دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی اور اس طرح کے پہل کی ستائش کی اور ساتھ ہی میں انہوں نے صفائی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔

اس موقع پر اوکھلا وارڈ 188 کی کونسلر اریبہ خان نے بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں اور ان  صفائی کرنے والوں کے  ساتھ افطار کیا۔ اریبہ خان نے کہا ہم آپ کے بے حد مشکور ہیں کہ آپ علاقے کو صاف کرنے میں کلیدی رول ادا کر رہے ہیں، آپ کی وجہ سے ہی ہم اپنے گھروں میں سکون سے رہتے ہیں، سماج کے اصل ہیرو آپ ہیں۔اریبہ خان نے اس موقع پر ان صفائی کرنے والوں سے وعدہ کیا کہ وہ مستقبل میں ان کی بہبود کے لئے بھی پرواگرام ترتیب دیں گی۔

وژن 2026 کے ہیلتھ مینجر ڈاکٹر عارف ندوی نے  اس موقع پر کہا کہ ہم آپ کے شکر گزار ہیں کہ آپ ہماری دعوت پر تشریف لائے، یقینا معاشرے میں آپ کی خدمات بہت اہم ہیں، ہماری طرف سے عید کے موقع پر یہ ایک چھوٹا سا تحفہ ہے اسے قبول کیجیے، صفائی کی ملک گیر مہم میں آپ کا کلیدی رول ہے۔اس موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سوشل ورک ڈپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا ملک کی ترقی میں آپ کا رول نمایاں ہے، آپ صفائی کے مشن کی اہم کڑی ہیں، وژن نے اس موقع پر آپ کے ساتھ افطار کا موقع فراہم کیا یہ میرے لیے یقینا یادگار بن گیا ہے۔

واضح رہے کہ ویژن2026 ایک ملک گیر سطح پر سر گرم سماجی تنظیم ہے جو تعلیم اور صحت کے میدان زمینی سطح پر کام کر رہی ہے۔اس کے علاوہ  سماج سے خاص طور پر مسلم سماج سے غربت اور پسماندگی کے خاتمے کے لئے خصوصی مہم چلا رہی ہے ۔یہ تنظیم ملک کی 22 ریاستوں میں تقریباً350 اضلاع میں 6000 سے زائد پروجیکٹوں پر کام کر رہی ہے ۔