’’وبائی مرض انسانی حقوق کو کچلنے کا بہانہ نہیں ہو سکتا‘‘، راہل گاندھی نے مزدوروں کے قوانین میں تبدیلی پر کی تنقید

نئی دہلی، مئی 11: کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے آج ریاستی حکومتوں پر مزدوروں کے قوانین کو کمزور کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس وبائی بیماری کو کارکنوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے بہانے کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

گاندھی نے ہندی میں ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’بہت سے ریاستوں کے ذریعے مزدور قوانین میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ ہم مل کر کورونا وائرس کے خلاف لڑ رہے ہیں لیکن یہ انسانی حقوق کو کچلنے، غیر محفوظ کام کرنے کی جگہوں، کارکنوں کا استحصال کرنے اور ان کی آوازوں کو دبانے کا بہانہ نہیں ہوسکتا۔ ہم اپنے بنیادی اصولوں سے سمجھوتا نہیں کرسکتے ہیں۔‘‘

اس دوران کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے بھی حکومت کو مزدور قوانین کو پامال کرنے کے خطرناک نتائج سے خبردار کیا۔ انھوں نے ٹویٹر پر لکھا ’’معاشی بحالی اور حرکت کے نام پر مزدوری، زمین اور ماحولیاتی قوانین اور ضوابط میں بدلاؤ خطرناک اور تباہ کن ہوگا ، جس کا کہ مودی حکومت منصوبہ بنا رہی ہے۔ پہلے قدم اٹھائے جا چکے ہیں۔ یہ نوٹ بندی کی طرح ہے۔‘‘

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے اترپردیش حکومت نے کورونا وائرس سے متاثرہ سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے کاروباروں کو اگلے تین سالوں کے لیے چار مزدور قوانین کے دائرہ کار سے چھوٹ دے دی۔ وہ چار قوانین جو اب بھی کاروبار پر لاگو ہوں گے وہ ہیں عمارت اور دیگر تعمیراتی ورکرز ایکٹ، ادائیگی کی اجرت کے ایکٹ کی دفعہ 5، ورک مین معاوضہ ایکٹ اور بانڈڈ لیبر ایکٹ۔

دریں اثنا مدھیہ پردیش نے فرموں کو محکمۂ لیبر کے معائنے اور رجسٹروں کی دیکھ بھال سے مستثنیٰ قرار دیا ہے، جب کہ کارکنوں کی شفٹ میں توسیع کرنے میں بھی لچک دی ہے۔

کم از کم سات ریاستوں نے ہفتے میں زیادہ سے زیادہ اوقات کار کو 48 سے 72 تک بڑھا دیا ہے۔ اب ہندوستان میں فیکٹری ورکرز کو دن میں 12 گھنٹے کام کرنے کی ضرورت ہوگی، جس میں چھ گھنٹے کی شفٹ 13 گھنٹے تک طویل ہے۔ پنجاب، مدھیہ پردیش اور ہریانہ فیکٹری ایکٹ 1948 کی دفعہ 59 کے تحت مخصوص اوور ٹائم نرخ ادا کریں گے، جب کہ گجرات اور ہماچل پردیش نے کہا ہے کہ وہ صرف باقاعدہ اجرت ادا کریں گے۔ راجستھان کارکنوں کو اوور ٹائم ادائیگی کے موضوع پر خاموش رہا۔

مزدور تنظیموں اور ماہرین نے بھی ان قوانین میں تبدیلی کے اقدام پر کڑی تنقید کی ہے جو مزدوروں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتے ہیں، جو پہلے ہی ملک گیر تعطل کے درمیان زندہ رہنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انھوں نے کارکنوں کے استحصال کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور انھیں یقین ہے کہ اس اقدام کو قانونی طور پر چیلنج کیا جانا چاہیے۔