نیشنل ٹیلنٹ سرچ اِگزامنیشن (NTSE)

کامیاب طلبا کو پی ایچ ڈی تک کی اسکالر شپ

 

دسویں کلاس کے امتحان میں شریک ہونے والے طلبا کےلیے نیشنل ٹیلنٹ سرچ اِگزام میں شرکت کرنے کا وقت آگیا ہے۔ آگردرجہ دہم کے طلبا چاہتے ہیں کہ مستقبل میں آنے والے تعلیم کے مشکل مراحل کو آسانی ہو ت وانھیں این ٹی ایس ای میں ضرور شرکت کرنی چاہئے۔ اس امتحان کا خاص مقصد ہے کہ ملک بھر سے ذہین ترین طلبا کو تلاش کرکے انھیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ اس امتحان کے ذریعہ طلبا کو مالی امداد کے علاوہ ذہنی ترقی کےلیے بھی بہتر مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس طرز کے امتحانات کے سوالات ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ، بینکنگ اور اسٹاف سلیکشن کےامتحانات میں بھی پوچھے جاتے ہیں۔ اسی طرح یہ امتحان سول سروس کے امتحان کے لیے بھی کافی مفید ثابت ہوتے ہیں۔
امتحان کا طریقہ کار:
یہ امتحان دو مرحلوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ پہلا مرحلہ ریاستی سطح کا ہوتا ہے جبکہ دوسرا مرحلہ قومی سطح کا ہوتا ہے۔ اس اسکالر شپ کو حاصل کرنے کےلیے امتحان کے دونوں مراحل کو پاس کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس امتحان میں ہرسال 12 سے 14 لاکھ طلبا شریک ہوتے ہیں جس میں سے دوسرے مرحلے کےلیے صرف5 ہزار طلبا کو منتخب کیا جاتا ہے جس میں سے صرف دو ہزار طلبا کو ہی اسکالرشپ فراہم کی جاتی ہے۔ ہرمرحلے میں 200 ملٹی پل چوائس یعنی مختصر سوالات پوچھے جاتے ہیں اور ہر مرحلہ کےلیے دو گھنٹے کا وقت دیا جاتا ہے۔ ہر مرحلہ دو حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ پہلہ حصہ (Scholastic Aptitude Test) SAT جبکہ دوسرا حصہ (Mental Ability Test) MAT کہلاتا ہے۔ SAT کے تحت سوشل سائنس ، سائنس اور ریاضیات سے متعلق سوالات پوچھے جاتے ہیں جبکہ MAT کے تحت ریزننگ سے متعلق سوالات پوچھے جاتے ہیں۔
میڈیم:سوالیہ پرچے مراٹھی، ہندی،اردو،گجراتی، کنڑ،سندھی،تیلگو اورانگریزی میں ہوتے ہیں۔ اردو زبان میں تعلیم حاصل کرنے والوں کو یہ مشورہ ہے کہ وہ اردو زبان کا انتخاب کریں ۔ اس طرح انکو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں سوالیہ پرچے دیے جائیں گے۔
فارم بھرنے کی آخری تاریخ:
فارم بھرنے کی آخری تاریخ 25اکتوبر 2020 کو ہے۔ مکمل طور بھرے ہوئے فارم کی پرنٹ آؤٹ ، طلبا کے ناموں کی فہرست، فارم، ریاست کا نام، اسکول کے لیٹر پیڈ کی دو کاپی متعلقہ سینٹر پر جمع کرادیں۔
امتحان کی تاریخ:ریاستی سطح پر پہلے مرحلے کی تاریخ 13 دسمبر 2020 بروز اتوار ہے جبکہ میزورم، میگھالیہ، ناگالینڈ اور انڈومان نیکوبار میں امتحان 12دسمبر 2020 کو ہوگا۔
طلبا مندرجہ ذیل شرائط کی بنا پر امتحان میں شرکت کرسکتےہیں:
1۔ یکم جولائی 2020 تک امیدوار کی عمر18 سال سے کم ہونی چاہئے
2۔ نوکری نہیں کرتے ہیں۔
3۔ امیدوار پہلی بار دسویں کے امتحان میں شریک ہورہا ہے۔
کامیاب ہونے والے طلبا کو بارہویں جماعت تک ہرماہ 1250 روپئے اسکالرشپ جبکہ گریجوئشن کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو ہر ماہ 2000 روپئے کی اسکالرشپ دی جائے گی ۔ اگر طلبا پی ایچ ڈی تک اپنی تعلیم جاری رکھتے ہیں تو یونیورسٹی کی فیس کے مناسبت سے اسکالرشپ دی جائے گی۔ اس امتحان میں حکومت ہند کی جانب سے طے کردہ ریزرویشن پالیسی کو نافذ کیا جاتا ہے۔ اسکول کے اساتذہ، ہیڈ ماسٹرس، گارجین اور سرپرستوں سے گزارش ہے طلبا کو اس امتحان میں شریک ہونے کےلیے ترغیب دیں۔ مزید تفصیلات کےلیے طلبا اپنے اسکول انتظامیہ سے رابطہ کریں اور NCERT کی ویب سائٹ سے بھی جانکاری حاصل کریں۔
نوجوان صحافیوں کے لیے ٹو سرکل ڈاٹ نیٹ میں اپرنٹس شپ کرنے کا موقع
ایک ایسے وقت میں جب کہ اصل دھارے کے میڈیا میں عام لوگوں کی آواز کمزور ہو چکی ہے اور ملک کے اصل مسائل سے لوگوں کی توجہ بھٹکانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے، یہ ضروری ہے کہ عوام کی آواز کو طاقت ملے اور ملک کے اصل مسائل کو میڈیا کے ذریعہ حکومت اور عوام تک پہنچایا جائے۔ اسی ضمن میں کچھ صحافتی ادارے بے غرض ہو کر کام کر رہے ہیں جن میں ایک نام ٹو سرکلس ڈاٹ نیٹ کا بھی ہے۔ اگر آپ کو صحافت میں دلچسپی ہے اور آپ اس شعبہ میں اپنا ایک الگ مقام بنانا چاہتے ہیں تو آپ اس اپرنٹس شپ کے لیے عرضی دے سکتے ہیں۔ ٹو سرکلس ڈاٹ نیٹ کی جانب سے TCN-SEED اپرنٹس شپ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت نوجوان و کم تجربہ کار صحافیوں کو پیشہ وارانہ ٹریننگ دی جائے گی تاکہ وہ میڈیا کے مختلف پلیٹ فاموں کے ذریعے عوام کے مسائل کو اٹھا سکیں۔ اس اپرنٹس شپ کا مقصد صحافیوں کو پسماندہ طبقات سے جڑی خبروں سے متعلق حساس بنانا اور صحافت کی جدید ٹکنالوجی سکھانا ہے تاکہ فیلڈ اور نیوز روم دونوں جگہ یہ نوجوان اپنے کام کو بہتر طریقے سے انجام دے سکیں۔ ٹی سی این نے اس سے پہلے بھی کئی نوجوانوں کو ٹریننگ فراہم کی ہے جو کئی معروف میڈیا ہاؤسز میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ٹو سرکلس ڈاٹ نیٹ (TCN) ایک غیر منافع بخش صحافتی ادارے کے طور پر طویل عرصے سے پسماندہ طبقات بالخصوص اقلیتوں کے لیے آواز آٹھانے کا کام کر رہا ہے۔ وہیں سپورٹ فار ایجوکیشن اینڈ اکنامک ڈیولپمنٹ (SEED) سماجی بہبود کے لیے کام کرنے والا ادارہ ہے جو ہندوستان میں کمزور اور پسماندہ طبقات کو مدد فراہم کرتا ہے۔
اپرنٹس شپ کی میعاد: جنوری 2021 تا دسمبر 2021
داخلہ کے لیے شرائط: جرنلزم کے ساتھ گریجویشن یا پھر مساوی ڈگری، انگریزی اور ہندی میں لکھنے کی صلاحیت ضروری ہے۔
نوٹ : صحافتی میدان میں ایک سال کا تجربہ رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔
عرضی کی آخری تاریخ: 31 اکتوبر 2020 ہے۔
عرضی داخل کرنے کے لیے [email protected] پر اپنا بائیو ڈاٹا ارسال کریں۔ آپ یہ اپرنٹس شپ کیوں کرنا چاہتے ہیں اور آپ کے مقاصد کیا ہیں اس عنوان پر اپنی ایک تحریر جو 750 الفاظ پر مشتمل ہو، ارسال کریں۔ اس کے علاوہ اپنی پسند کے کسی ایک عنوان پر اپنی تحریر کا کوئی نمونہ بھی بھیج سکتے ہیں۔

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 18-24 اکتوبر، 2020