مہاراشٹر: کانگریس قائدین نے بقرعید کے لیے جاری حکومت کے رہنما خطوط پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کیا، کہا کہ اس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں

ممبئی، جولائی 27: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق مہاراشٹر میں کانگریس رہنماؤں کے ایک حصے نے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے بحران کے درمیان بقرعید کی تقریبات کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے جاری رہنما اصولوں پر نظرثانی کریں۔

گذشتہ ہفتے حکومت کی طرف سے جاری رہنما اصولوں کے مطابق لوگوں سے قربانی کے بکروں کو آن لائن خریدنے اور فروخت کرنے کو کہا گیا ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ لوگ بقرعید کا ایک ’’علامتی جشن‘‘ منائیں۔

رہنما خطوط کے مطابق لوگوں کو مساجد کے بجائے گھر پر ہی نماز ادا کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

کانگریس کے رہنما نسیم خان نے کہا کہ اس تہوار کے لیے کوئی علامتی جشن نہیں ہوسکتا ہے اور بکریوں کی آن لائن خریداری ممکن نہیں ہے۔

انھوں نے وزیر اعلی کو خط لکھا ہے کہ رہنما اصولوں پر نظرثانی کے لیے وزراء کا ایک فوری اجلاس طلب کریں۔

خان نے کہا ’’ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اس پر غور کرے اور ایک فوری اجلاس طلب کرے۔ اس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔‘‘

لوگوں نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ ہدایات واضح نہیں ہیں۔ ممبئی کے رہائشی ضمیر شیخ نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ’’حکومت کا کہنا ہے کہ ہمیں بکروں کو آن لائن خریدنا ہے لیکن اس میں کہیں بھی کسی پورٹل کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ ہدایات الجھا رہی ہیں۔ انھیں اسے واضح کرنا چاہیے۔‘‘

واضح رہے کہ عام طور پر مببئی کے رہائشی علاقے کی دیونار مارکیٹ سے بکرا خریدتے ہیں۔ تاہم کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے مارکیٹ بند کردی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں بکروں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق ممبئی میں بکروں کی قیمت پہلے 20،000 سے بڑھ کر اب 30،000 روپے ہوگئی ہے۔