مغربی بنگال انتخابات: بی جے پی لیڈر کیلاش وجے ورگیہ کا کہنا ہے کہ پارٹی وزارت اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار کا اعلان نہیں کرے گی

مغربی بنگال، جنوری 21: اے این آئی کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کیلاش وجے ورگیہ نے بدھ کے روز کہا کہ پارٹی آئندہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں کسی کو وزیر اعلیٰ کا چہرہ نہیں بنائے گی۔

مغربی بنگال کے لیے بی جے پی کے قومی ترجمان وجے ورگیہ نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ پارٹی کے حاصل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ امیدوار کا انتخاب کیا جائے گا۔

وجے ورگیہ نے کہا ’’کوئی بھی مغربی بنگال انتخابات میں وزیر اعلی کے چہرے کے بارے میں نہیں پوچھ رہا ہے۔ بیشتر ریاستوں میں جہاں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے ہم وزیر اعلی کے امیدواروں کے بغیر انتخابات لڑتے ہیں۔ ہریانہ، اتر پردیش اور آسام اس کی مثال ہیں۔‘‘

وجے ورگیہ نے مزید دعوی کیا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس کے متعدد ارکان بی جے پی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا ’’بہت سے لوگ ہیں جو ممتا جی سے ناخوش ہیں اور ہماری پارٹی میں آنا چاہتے ہیں۔ لیکن ہم ان رہنماؤں کو قبول نہیں کریں گے جو گائے کی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ ہم ترقی کی سیاست اور مودی جی کی قیادت پر یقین رکھنے والوں کو لیں گے۔‘‘

بی جے پی رہنما نے ممتا بنرجی پر مغربی بنگال کو انارکی کی طرف دھکیلنے کا الزام بھی لگایا۔ اے این آئی کے مطابق انھوں نے کہا ’’ممتا بنرجی کی حکومت تشدد کا مترادف ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہمارے کارکن ہلاک اور زخمی ہو رہے ہیں۔ ہم وہاں (مغربی بنگال میں) حکومت بنائیں گے اور رابندر ناتھ ٹیگور، بنکم چندر چٹرجی اور نیتا جی سبھاش چندر بوس کے بنگال کو دوبارہ زندہ کریں گے۔‘‘

توقع ہے کہ مغربی بنگال میں اپریل سے مئی کے درمیان انتخابات ہوں گے۔ یہ بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہوسکتا ہے۔

پیر کے روز ٹی ایم سی چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہونے والے سوویندو ادھیکاری نے کہا تھا کہ وہ نندی گرام اسمبلی نشست سے بنرجی کے خلاف انتخاب لڑنے کے لیے راضی ہیں اور انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ وہ انھیں شکست دیں گے۔ ان کا یہ بیان بنرجی کے اپنے انتخابی حلقہ کا اعلان کرنے کے فورا بعد سامنے آیا ہے۔

دسمبر میں ترنمول کانگریس سے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ادھیکاری نے 2016 کے اسمبلی انتخابات میں یہ نشست حاصل کی تھی۔