مرکز کا کہنا ہے کہ تارکین وطن مزدوروں کے لیے بین ریاستی سفر کی اجازت نہیں، انھیں مقامی ملازمتوں کے لیے اندراج کرنا ہوگا

نئی دہلی، اپریل 19: وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران پناہ گزیں اور امدادی کیمپوں میں مقیم تارکین وطن مزدوروں کو مختلف ملازمتوں کے لیے اپنی اہلیت معلوم کرنے کے لیے مقامی حکام سے رجسٹریشن کروانا ہوگا۔ یہ بات 20 اپریل کو غیر ہاٹ سپاٹ مقامات پر بعض معاشی سرگرمیوں پر پابندیوں کے خاتمے سے پہلے سامنے آئی ہے۔ وزارت نے مزید کہا کہ تارکین وطن کارکنوں کے بین ریاستی سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

وزارت داخلہ نے پھنسے ہوئے مزدوروں کی نقل و حرکت کے لیے ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو معیاری انتظامی طریقۂ کار جاری کیا۔ ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو جاری اپنے مشورے میں وزارت داخلہ نے کہا ’’چوں کہ کنٹینٹمنٹ زون سے باہر اضافی نئی سرگرمیوں کو 20 اپریل سے مستحکم ترمیم شدہ رہنما خطوط میں اجازت دی گئی ہے، لہذا یہ کارکن صنعتی، مینوفیکچرنگ، تعمیرات، کاشتکاری اور منریگا کے کاموں میں مصروف ہوسکتے ہیں۔‘‘

حکومت نے کہا کہ مقامی حکام کو مزدوروں کی اہلیت کو جانچنا ہوگا، تاکہ وہ طے کریں کہ وہ کس قسم کی ملازمت کے لیے موزوں ہیں۔

حکومت نے کہا کہ تارکین وطن مزدور، جو ریاست کے اندر اپنے کام کے مقامات پر واپس جانا چاہتے ہیں ان کی کوویڈ 19 اسکریننگ کرنی ہوگی۔ وزارت داخلہ نے کہا ’’جو لوگ غیر متاثر ہیں، انھیں ان کے متعلقہ کام کے مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔‘‘ وزارت نے مزید کہا کہ مزدوروں کو سفر کے دوران کھانا اور پانی دیا جانا چاہیے اور معاشرتی فاصلوں پر سختی سے عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔

اس مشاورتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے باہرمزدوروں کی نقل و حرکت نہیں ہوگی۔‘‘

واضح رہے کہ حکومت نے 20 اپریل سے غیر ہاٹ سپاٹ علاقوں میں کچھ معاشی سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔