مختصر مختصر: مغربی بنگال حکومت مرکز سے ریاستوں کو مفت ویکسین دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ پہنچی، ملک میں پہلی مرتبہ ایک دن میں 4 ہزار سے زیادہ اموات، دیگر اہم خبریں

  1. ہندوستان میں گذشتہ ایک دن میں 4،01،078 نئے کورونا وائرس کے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں، جس کے بعد اب ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2،18،92،676 ہوگئی ہے۔ یکم مئی کے بعد یہ چوتھا موقع ہے جب ایک دن میں 4 لاکھ سے زیادہ کسیز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ وہیں پہلی مرتبہ ایک دن میں ریکارڈ 4،187 ہلاکتوں کے ساتھ ملک میں اموات کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2،38،270 تک جاپہنچی ہے۔
  2. تمل ناڈو حکومت نے کوویڈ 19 کے معاملات میں اضافے کے درمیان 10 مئی سے دو ہفتوں کے لیے ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔
  3. مغربی بنگال حکومت نے کورونا وائرس ویکسینیشن ڈرائیو کے موجودہ مرحلے میں متفرق قیمتوں کا تعین کرنے والے طریقہ کار کو ختم کرکے یکساں ویکسینیشن پالیسی کے لیے سپریم کورٹ میں رجوع کیا ہے۔
  4. کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے 10 مئی کی صبح 6 بجے سے 24 مئی کی صبح 6 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اس سے قبل جنتا کرفیو کامیاب نہیں ہوسکا ہے کیوں کہ ریاست میں کورونا وائرس کے معاملات بڑھ رہے ہیں۔
  5. دہلی پولیس نے دارالحکومت کے متعدد مقامات پر چھاپوں کے دوران 450 سے زیادہ آکسیجن concentrators ضبط کیے۔ غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف یہ کریک ڈاؤن طبی سامان کی شدید قلت کے درمیان ہوا ہے، جو کوویڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
  6. سپریم کورٹ نے متنبہ کیا ہے کہ اگر حکومت شہر کے کوویڈ 19 کے مریضوں کے علاج معالجے کے مطالبات پورے کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے روزانہ دہلی کو 700 میٹرک ٹن میڈیکل آکسیجن فراہم نہیں کرتے ہیں تو عدالت مرکزی حکومت کے خلاف کارروائی کرنے پر مجبور ہوگی۔ سپریم کورٹ نے کرناٹک ہائی کورٹ کے اس فیصلے میں بھی مداخلت کرنے سے انکار کردیا جس میں مرکز کو ریاست کے لیے یومیہ مختص میڈیکل آکسیجن کی مقدار 965 میٹرک ٹن سے بڑھا کر 1200 کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
  7. نیوز 18 کی خبر کے مطابق مرکزی حکومت کے پرنسپل سائنسی مشیر پروفیسر کے وجے راگھون نے کہا تھا کہ اگر ہم مضبوط اقدامات اٹھاتے ہیں تو کوویڈ 19 کی تیسری لہر نہیں واقع ہوسکتی ہے۔ اس کے دو دن بعد ہی انھوں نے خبردار کیا ہے کہ وبائی بیماری کی ایک تیسری لہر ناگزیر ہے۔
  8. کانگریس نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ہندوستان کے کوویڈ 19 بحران کو روکنے کے لیے ریاستوں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو سنے۔ تمام کانگریس ممبران پارلیمنٹ کی ایک میٹنگ میں پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے بھی بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص اس مرکزی حکومت کی ’’بے حسی اور نااہلی‘‘ کا بوجھ ڈھو رہا ہے۔ دریں اثنا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھتے ہوئے ہندوستان میں کورونا وائرس کے مزید دہشت ناک امکانات کے خلاف ان کو متنبہ کرتے ہوئے خبردار کیا۔
  9. جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دسمبر 2019 میں وبائی امراض پھیلنے کے بعد سے کورونا وائرس نے اب تک پوری دنیا میں 15.64 کروڑ افراد کو متاثر کیا ہے اور 32.65 لاکھ سے زیادہ افراد کی جانیں لی ہیں۔