مختصر مختصر: سی پی آئی نے رام مندر کی سنگِ بنیاد کی دور درشن کے ذریعے نشریات کی مخالفت کی، بنگلہ دیش نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر دونووں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو بگاڑ سکتی ہے، دیگر اہم خبریں

  1. سی پی آئی کے رکن پارلیمنٹ بنوئے وشوم نے وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ قومی نشریاتی ادارے دوردرشن کے ذریعے 5 اگست کو ایودھیا میں رام مندر کی سنگ بنیاد کی تقریب کا براہ راست ٹیلی کاسٹ ’’قومی سالمیت کے منظور شدہ اصولوں کے منافی ہے۔‘‘
  2. ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے موقع پر بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے کے عبد المومن نے اتوار کے روز کہا کہ بھارت کو ایسے اقدامات کو روکنا چاہیے جو پڑوس کے ملک کے ساتھ ان کے تاریخی تعلقات کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں۔ بنگلہ دیش کے مبصرین کے مطابق اگست میں ایودھیا مندر کی تعمیر کا آغاز وزیر اعظم شیخ حسینہ کے مخالفین کو ایک نیا سیاسی موقع فراہم کرسکتا ہے۔
  3. بابری مسجد ایکشن کمیٹی (بی ایم اے سی) اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل) کا کہنا ہے کہ ایودھیا میں آئندہ 5 اگست کو کوئی مذہبی تقریب نہیں ہے۔ انھوں نے کہا ’’یہ تقریب مندر کی تعمیر کے لیے نہیں ہے۔ اس کا بنیادی مقصد بہار، مغربی بنگال اور اترپردیش جیسی ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشرے کو فرقہ وارانہ خطوط کے ساتھ پولرائز کرنا ہے۔
  4. آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد نے 1992 میں بابری مسجد کو منہدم کرنے کی مجرمانہ سازش کے 32 ملزموں میں سے ایک لال کرشن اڈوانی سے وزیر داخلہ امت شاہ کی ملاقات پر سوال اٹھائے ہیں۔
  5. 5 اگست کو ایودھیا میں رام مندر کے سنگِ بنیاد کی تقریب کے آس پاس ہی شہر کے دھنّی پور گاؤں میں ایک مسجد کی تعمیر کے لیے ایک ٹرسٹ کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ یو پی سنی سنٹرل وقف بورڈ کے چیئرمین ظفر فاروقی نے کہا کہ ’’ٹرسٹ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس میں 15 کے قریب ممبر ہوں گے۔ ہم ایک ہفتے کے اندر باضابطہ طور پر اس کے بارے میں آگاہ کریں گے۔‘‘
  6. کانگریس نے تلنگانہ سکریٹریٹ کے احاطے میں عبادت گاہوں کو مسمار کرنے کے خلاف ہائی کورٹ میں ایک پی آئی ایل درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پارٹی کے ضلعی اقلیتی سیل چیئرپرسن کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ان کے دائرۂ اختیار کے تھانوں میں شکایات درج کریں، جس کے تحت 2 مساجد اور ایک مندر کو توڑنے کے خلاف کارروائی کی جائے۔
  7. متعدد اطلاعات کے مطابق ہندوستانی حکومت نے پیر کو کہا کہ اس نے مزید 47 ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کر دی ہے جو ان چینی ایپ کے کلون ہیں جن پر 29 جون کو پابندی عائد کی گئی تھی۔