لندن: نئے کورونا وائرس کی اطلاعات کے بعد حکومت ہند نے برطانیہ سے آنے والی تمام پروازیں31 دسمبر تک معطل کیں

نئی دہلی، 21 دسمبر: برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی شکل کے پھیلنے کے انکشاف کے بعد ہندوستان نے برطانیہ سے آنے والی تمام پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ وزارت صحت کے مشترکہ مانیٹرنگ گروپ کے ایک اجلاس کے بعد ہوا۔

تحقیق کے مطابق برطانیہ میں پھیلنے والا نیا کورونا وائرس موجودہ وائرس کے مقابلے میں 70 فیصد تیزی سے پھیلتا ہے۔

متعلقہ مرکزی وزارت نے اپنے بیان میں کہا ’’برطانیہ میں موجودہ صورت حال پر غور کرتے ہوئے حکومت ہند نے فیصلہ کیا ہے کہ برطانیہ سے ہندوستان آنے والی تمام پروازیں 31 دسمبر تک معطل رہیں گی۔‘‘

وزارت نے کہا کہ یہ معطلی 22 دسمبر سے شروع ہوگی۔

اس کے نتیجے میں مذکورہ مدت کے دوران ہندوستان سے برطانیہ جانے والی پروازیں بھی عارضی طور پر معطل رہیں گی۔

حکومت نے مزید کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر 22 دسمبر سے پہلے ہندوستان پہنچنے والی پروازوں کے مسافروں کو لازمی طور پر آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔

دریں اثنا وزارت صحت نئے وائرس کی مزید تحقیقات کے بعد اس کے مطابق ہدایات جاری کرے گی۔