غزہ کی سرحد پر اسرائیلی حملہ ناکام،حماس نے ٹینک اور 2 بلڈوزر تباہ کردیے

غزہ ،23اکتوبر:۔

اسرائیل کا غزہ میں فضائیہ حملہ مسلسل جاری ہے ،گزشتہ چوبیس گھنٹے میں متعدد مقامات پر حملے میں چار سو سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔دریں اثنا اسرائیل غزہ میں اب سرحد سے زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔تازہ اطلاع کے مطابق   حماس نے غزہ کی سرحد کے پاس اسرائیلی حملے کو ناکام بنا دیا ہے   جس میں اسرائیلی فوج کے 2 بلڈوزر اور ایک ٹینک تباہ ہوگئے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق  فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکرونگ القسام بریگیڈز اور اسرائیلی فوج کے درمیان خان یونس کے سرحدی علاقے میں زمینی جھڑپ ہوئی جس اسرائیلی فوجیوں کو اپنی گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہونا پڑا۔

دوسری جانب الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حماس کے عسکری ونگ نے اسرائیلی فوج کے غزہ میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی۔ حماس کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ کی سرحد پر خان یونس کے قریب اسرائیلی زمینی حملے کو پسپا کر دیا ہے جبکہ اسرائیل نے بھی ایک فوجی ہلاک اور تین دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

علاوہ ازیں عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ اور تل ابیب کے درمیان آہنی باڑھ کی مرمت کے لیے جانا چاہتی تھی اس دوران اسرائیلی فوج کا ٹینک حماس کے عسکری ونگ کے زد میں آگیا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی کی جانب سے غزہ پر حملے کا  آج 16 واں روز ہے اور اس عرصے میں غزہ کے شہدا کی تعداد 4 ہزار 700 سے تجاوز کرچکی ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کے مطابق شہدا میں 40 فیصد معصوم بچے شامل ہیں اور 16 ہزار افراد زخمی ہیں۔