لدھیانہ:فلسطین کی حمایت اور اسرائیلی ظلم کے خلاف لاکھوں مسلمانوں کا کینڈل مارچ  

پنجاب کے شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے اسپتالوں پر اسرائیل کی بمباری  کو شرمناک قرار دیا

لدھیانہ،نئی دہلی،23 اکتوبر:۔

غزہ میں جاری اسرائیلی ظلم و بر بریت کے خلاف وطن عزیز کی  متعدد ریاستوں میں مسلمان آواز اٹھا رہے ہیں ۔اگر چہ حکومتی سطح پر فلسطین کی حمایت کرنے اور فلسطین کے سپورٹ میں متعدد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج  کی گئی ہیں ، اس کے باوجود مسلمان  متعدد مقامات پر ریلیوں کا انعقاد کر کے اسرائیلی ظلم کے خلاف مارچ کر رہے ہیں۔پنجاب کے لدھیانہ میں بھی گزشتہ روز لاکھوں مسلمانوں نے سڑکوں پر نکل کی فلسطینیوں کی حمایت میں کینڈل مارچ نکالا اور اسرائیلی ظلم کے خلاف نعرے بازی کی ۔ اطلاع کے مطابق شہر کی تاریخی جامع مسجد کے سامنے پنجاب کے شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی کی قیادت میں ایک لاکھ سے زائد مسلمانوں نے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں ایک  بڑے پیمانے پرکینڈل مارچ نکالا۔ لدھیانہ کی مختلف مساجد کے ذمہ داران، پردھان  اور سماجی کارکنان اپنے ساتھیوں کے ساتھ اس مارچ میں شامل ہوئے ۔

یہ کینڈل مارچ فیلڈ گنج چوک جامع مسجد سے شروع ہوا، جیل روڈ کوچہ نمبر 16 سے ہوتا ہوا واپس جامع مسجد پہنچا جہاں لوگوں نے  فلسطینیوں کے حقوق کے لیے احتجاج کیااور اسرائیلی ظلم کے خلاف نعرے بازی کی۔ مارچ کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔

اس موقع پر مجلس احرار اسلام ہند کے قومی صدر اور پنجاب کے شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے لئے آواز اٹھانے والے  فلسطین کے عوام  کو دہشت گرد کہنا  شرم کی بات ہے۔  انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے دہشت گردانہ اقدامات سراسر غلط ہیں، وہ بچوں اور شہریوں کو قتل کر رہے ہیں اور مسلسل انسانیت کا قتل کر رہے ہیں، جس کی عالمی برادری کو مخالفت کرنی چاہیے۔شاہی امام نے کہا کہ  کسی کے طاقت ور ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اس کی تمام کارروائیوں کو درسٹ قرار دیا جائے اور ان کے ظلم و بربریت کو جواز فراہم کیا جائے ۔شاہی امام نے کہا کہ مسئلہ فلسطین بالکل وہی ہے جو ایسٹ انڈیا کمپنی کا ہے جس نے ایک سازش کے تحت ہمارے ملک پر قبضہ کیا اور مظالم جاری رکھے۔شاہی امام مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے کہا  کہ ہم تمام مذاہب کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں اور بے بس فلسطینیوں کی حمایت کریں۔