شہریت ترمیمی بل آئین کے خلاف: مایاوتی

لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے مرکزی کابینہ کی جانب سے منظور کیے گئے شہریت ترمیمی بل کوغیر آئینی اور شہریوں میں مذہب کے نام پر تفریق کرنے والا قرار دیا۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمعرات کے روز بی ایس پی صدر نے بل کو شہریوں میں مذہب کے نام پر تفریق کرنے اور مذہب کے نام پر شہریت دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کرایا گیا یہ بل بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے انسانیت نواز اور سیکولر آئین کے بنیادی ڈھانچے کے عین خلاف ہے۔

بل سے عدم اتفاق ظاہر کرتے ہوئے اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی حکومت کو کوئی بھی فیصلہ کسی ذات، مذہب، فرقہ اور علاقے کے خلاف ہرگزنہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی فیصلے سے کسی قسم کی جانبدارای جھلکنی چاہیےکیونکہ حکومت کا ایسا قدم آئینی اقدار کے خلاف ایک جرم سمجھا جائے گا۔

(ایجنسیاں)