ملک چھوڑ‌کر بھاگنے والے اقتصادی مجرمین نے 17900 کروڑ روپے کا فراڈ کیا: مرکز

نئی دہلی: اقتصادی جرم میں ملوث ملک چھوڑ‌کر بھاگنے والے 51 لوگوں نے کل ملاکر 17900 کروڑ روپے کی دھوکہ دھڑی کی ہے۔ مرکزی حکومت نے گزشتہ  منگل کو پارلیامنٹ  میں یہ جانکاری دی۔ وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ جانکاری دی۔

وزیر نے کہا ’’ سی بی آئی نے بتایا ہے کہ اب تک 66 معاملوں میں 51 فرار ملزموں کے ذریعے کل تقریباً 17947.11  کروڑ روپے کی دھوکہ دھڑی کی گئی ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ای ڈی اور سی بی آئی نے اہل عدالتوں میں ان معاملوں سے متعلق  درخواست دائر کی ہے اور تفتیش یا دوسری کارروائیاں جاری ہیں۔ ٹھاکر نے کہا کہ سی بی آئی مجرم قرار دیے گئے فرار لوگوں سے متعلق 51 تحویل والی درخواست پر کام کر رہی ہے جو مختلف مرحلوں میں ہیں۔ ٹھاکر نے کہا ’’ای ڈی نے بھگوڑے اقتصادی مجرم قانون 2018 کے تحت اہل عدالت میں 10 لوگوں کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ آٹھ لوگوں کے لیے ای ڈی  کے ذریعے بھیجی گئی تحویل سے متعلق  درخواست کے بارے میں انٹرپول کے ذریعے ریڈ-کارنر نوٹس بھی شائع کیے گئے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ پچھلے کچھ سالوں میں وجے مالیا، میہل چوکسی اور نیرو مودی جیسے کئی صنعت کاروں نے بینک دھوکہ دھڑی کر کے ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔

(ایجنسیاں)