سلامتی کونسل اسرائیل کو جنگ بند کرنے پر مجبور کرے:عرب لیگ

ریاض ،04 اپریل :۔

غزہ میں جاری اسرائیل کی کارروائی عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی تمام تر کوششوں کے باوجود بند نہیں ہو رہی ہے۔اسرائیل امریکہ اور برطانیہ کی پشت پناہی میں جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔اقوام متحدہ کی قرار داد بھی نظر انداز کر رہا ہے۔دریں اثنا عرب لیگ کی کونسل نے ایک قرارداد جاری کی جس میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے باب ہفتم کے تحت ایک قرارداد منظور کرے جس میں اسرائیل کو غزہ میں جنگ بند کرنے پر مجبور کیا جائے۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اپنے مندوبین کی سطح کے اجلاس میں عرب لیگ کی کونسل نے رفح میں کسی بھی اسرائیلی فوجی کارروائی سے خبردار کیا۔ یاد رہے رفح میں 15 لاکھ کے لگ بھگ پناہ گزین موجود ہیں۔

کونسل نے اجلاس کے بعد ایک بیان میں اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ رفح پر حملے کو مجموعی طور پر عرب قومی سلامتی پر حملہ تصور کیا جائے گا، ایسا حملہ خطے میں امن کے مواقع کے خاتمے اور تنازعات کے پھیلاؤ کا باعث بنے گا۔ گزشتہ روز دمشق میں ایرانی قونصل خانے کو نشانہ بنائے جانے کے بعد کونسل نے کہا کہ شام کو اپنی سرزمین کے دفاع کا حق حاصل ہے۔

عرب لیگ کونسل کے رکن ممالک کے مندوبین نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کی تعمیر نو میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور 17 ہزار یتیم بچوں کی دیکھ بھال اور پرورش کے لیے ایک بین الاقوامی فنڈ قائم کرے اور اکیلے رہ جانے والے بچوں کو طبی اور نفسیاتی مدد فراہم کرے۔

کونسل نے اسرائیل کے اس حملے کی مذمت بھی کی جس میں وسطی غزہ میں دیر البلح میں ورلڈ سینٹرل کچن آرگنائزیشن کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اس میں امدادی تنظیم کے 7 کارکن ہلاک ہوگئے تھے۔